Tag: PML Q

  • چوہدری وجاہت نے پرویز الہٰی گروپ کو خیر باد کہہ دیا

    چوہدری وجاہت نے پرویز الہٰی گروپ کو خیر باد کہہ دیا

    لاہور : چوہدری وجاہت حسین نے چوہدری پرویزالہٰی گروپ کو خیر باد کہہ دیا، انہوں نے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات میں نو مئی کے واقعات کی پرزور الفاظ میں مذمت کی۔

    اپنے بھائی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد چوہدری وجاہت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ قائد اعظم کے صدر چوہدری شجاعت حسین ہی ہیں، اس جماعت سے میری راہیں کبھی جدا نہیں ہونگی۔

    چوہدری وجاہت حسین کا کہنا تھا کہ پرویزالہٰی کو مشورہ دوں گا کہ گھر واپس آجائیں سب اکٹھے ہوکر ساتھ چلیں گے، میرا بیٹا حسین الہیٰ بھی مسلم لیگ قائد اعظم کے ٹکٹ پر جیت کر ایم این اے بنا، خواہش ہے آنے والے وقتوں میں آپ پورے خاندان کو اکٹھا دیکھ سکیں، میرا مونس الہٰی سے کافی عرصے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تاہم پرویزالہٰی سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان 9مئی کے واقعے کی پرزور مذمت کررہا ہے، فوجی اور سول تنصیبات پر جو حملے ہوئے ان کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، 9مئی کے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، وقت نے ثابت کیا جو فیصلے کیے گئے وہ غلط تھے۔

    چوہدری وجاہت کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے چوہدری شجاعت واپس آنے والوں کو خوش آمدید ضرور کرینگے، مقدمات فرضی بنیاد پر ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، ایسا نہیں ہے کہ ہماری کوئی آپس میں سودے بازی ہوئی ہے، مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کریں گے۔

    آج سے میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق یا واسطہ نہیں رہا، ہوسکتا ہے کہ جنہوں نے دراڑیں ڈالی ہیں وہی اسے ٹھیک کررہے ہوں۔

    پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگنی چاہپیے، چوہدری شافع حسین

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگنی چاہپیے، تاہم 9مئی کے واقعات میں لوگ جو براہ راست ملوث ہیں ان کو سزا ملنی چاہیے، پاکستان میں سیاست روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہورہی ہے۔

    شافع حسین نے کہا کہ خاندان کو اکٹھے چلنا چاہئے تھا، جب لوگوں میں انا آجائے تو دراڑیں پڑنا شروع ہوجاتی ہیں، جس طرح مونس الہیٰ نے کہا کہ سیاست اپنی اپنی تو پھر ٹھیک ہے، ہمیں پرویز الہی اور مونس الہی پر کیسز کا علم نہیں تھا، کچھ عرصہ پہلے پتہ چلا، جو بھی کیسز ہوں میرٹ پر ہونے چاہئیں۔

    ایک سوال کے جواب میں شافع حسین کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا منصوبہ ہے۔

  • "چوہدری شجاعت حسین نے عام انتخابات کی تجویز دے دی”

    "چوہدری شجاعت حسین نے عام انتخابات کی تجویز دے دی”

    اسلام آباد : مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین نے ملک بھر میں عام انتخابات کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے ملک بھر میں عام انتخابات کی تجویز دے دی ہے ، چوہدری شجاعت نے وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کو اس تجویز سے آگاہ کردیا ہے۔

    چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین نے بتایا کہ اس حوالے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر سے مشترکہ امیدوار ہوں گے اور مسلم لیگ ق پیپلزپارٹی یا ن لیگ میں ضم نہیں ہوگی۔

    قبل ازیں ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دو صوبوں کے بجائے ملک بھر میں ایک ساتھ عام انتخابات کے حوالے سے پس پردہ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی یہ فارمولا خاصا زیر بحث رہا تھا کہ پی ٹی آئی اور حکمراں اتحاد بات چیت کے ذریعے عام انتخابات کی کسی ایک تاریخ پر متفق ہوجائیں۔ اس کے لئے مختلف آپشنز سوچے گئے تھے۔

    ان میں سے ایک یہ بھی تھا کہ حکومت مقررہ وقت اکتوبر میں عام انتخابات کرانے کے مؤقف سے پیچھے ہٹ کر دوماہ پہلے کی تاریخ پر راضی ہوجائے، اسی طرح پی ٹی آئی بھی فوری الیکشن کے اپنے مطالبے کو ترک کرکے اس فارمولے سے اتفاق کرلے لیکن یہ تجاویز ہوا میں ہی رہیں اور فریقین اس معاملے پر ٹیبل پر نہ بیٹھ سکے۔

  • پرویزالہٰی بیٹے اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل

    پرویزالہٰی بیٹے اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل

    لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے اپنے بیٹے مونس الہٰی اور دیگر ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

    اس حوالے سے زمان پارک لاہور میں چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی اس موقع پر فواد چوہدری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پرویزالہٰی نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی لیڈر شپ کا احترام ہے، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہرمشکل گھڑی میں ہم نے عمران خان اور پارٹی قیادت کا بھرپور ساتھ دیا ہے، ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں اور رہیں گے اور عمران خان کی بھرپور مدد کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک و قوم کو فائدہ ہوگا، ایسا کوئی کام نہیں ہوگا جس سے ملک یا پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے۔

    پرویزالٰہی تحریک انصاف کے صدر ہوں گے، فواد چوہدری

    قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے پرویزالہٰی کی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرویزالٰہی اور ان کے ساتھی اب پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ چوہدری پرویزالٰہی پاکستان تحریک انصاف کے صدر ہوں گے، ان کو پارٹی صدر بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ محمد خان بھٹی کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں ہے کہ وہ کہاں پر ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی اور ان کے دیگر ساتھی ایم پی ایز پر بہت دباؤ ڈالا گیا لیکن وہ پھر بھی پی ٹی آئی کے ساتھ رہے، ان کے ساتھ ہمارا سفر نہایت شاندار رہےگا۔

    انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی اور ق لیگ کے کردار کو پی ٹی آئی سراہتی ہے، ان سب نے پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا رہنے کیلئے قربانیاں دی ہیں، جس طرح پرویزالٰہی اور ان کے ساتھیوں نے ہمارا ساتھ دیا ہم بھی ساتھ دیں گے۔

  • مونس الٰہی کے کزن کو گجرات سے اٹھا لیا گیا

    مونس الٰہی کے کزن کو گجرات سے اٹھا لیا گیا

    لاہور : مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ میرے کزن کو راستے سے اٹھالیا گیا ہے، ان کے بارے میں ایف آئی اے اور قومی احتساب بیورو بھی کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما اور چوہدری پرویزالہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ میرے کزن ضیغم گوندل کو گجرات سے منڈی بہاءالدین جاتے ہوئے راستے سے اٹھالیا گیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ ضیغم گوندل کے ساتھ ان کی گاڑی بھی غائب ہے جبکہ ضیغم کے بارے میں ایف آئی اے اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے بھی لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : مونس الہٰی کے گمشدہ قریبی دوست گھر پہنچ گئے

    اس سے قبل گزشتہ ماہ جنوری کو مونس الہٰی کے قریبی دوست احمد فاران خان گارڈن ٹاؤن سے گمشدہ ہوئے تھے جس کے بعد ہائی کورٹ نے واقعے کا نوٹس لے کر سی سی پی او کو بازیابی کا حکم دیا تھا۔

    بعد ازاں11فروری کو احمد فاران خان کو رات گئے گھر کے باہر چھوڑ دیا گیا تھا، ان کی واپسی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔

     

  • مونس الہیٰ کا قریبی ساتھی بازیاب، عدالت میں پیش

    مونس الہیٰ کا قریبی ساتھی بازیاب، عدالت میں پیش

    لاہور ہائی کورٹ نے مونس الہٰی کے قریبی ساتھی کی بازیابی کا کیس نمٹا دیا، سی سی پی او لاہور نے احمد فاران خان کو لاہور ہائیکورٹ میں پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے مونس الہٰی کے قریبی ساتھی احمد فاران خان کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی۔

    سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے فاران خان کو عدالت کے روبرو پیش کر دیا، عدالت نے فاران خان کے بازیاب ہونے پر ان کی بھائی سلیمان ظہیر کی جانب سے درخواست مؤثر ہونے پر نمٹا دی۔

    مونس الٰہی کے قریبی دوست کی بازیابی کا کیس،احمد فاران کو لاہور ہائیکورٹ ..

    فاران خان اپنے وکلاء کے ساتھ کمرہ عدالت سے باہر آئے تو صحافیوں نے اُن سے مختلف سوالات کیے، احمد فاران کا کہنا تھا کہ میں رات کو خیریت گھر پہنچ گیا تھا۔

    صحافی نے احمد فاران سے سوال کیا کہ آپ کے سر پر زخم کے نشان کیسے ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ابھی آتے ہوئے گاڑی کا دروازہ لگا ہے جس کی وجہ سے زخم آیا۔

    چند روز قبل مونس الٰہی نے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ لاہورمیں ان کے ایک دوست کو 2  کالی ویگو میں سوار افراد نے اٹھا لیا۔ ایف آئی اے والے قسمیں کھا رہے ہیں کہ انہوں نے نہیں اٹھایا۔

    فاران خان سے ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ وہ اتنے دن کہاں غائب تھے؟ جس پر فاران خان نے مختصر سا جواب دیا کہ وہ یہیں پر اپنی فیملی کے ساتھ ہی تھے۔

    واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں مونس الٰہی کے قریبی دوست کی مبینہ غیر قانونی حراست کے خلاف سماعت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ احمد فاران خان  کو ایف آئی اے نے گرفتار نہیں کیا نہ ہی ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے۔

    عدالت نے ایف آئی اے سمیت دیگر فریقین سے احمد فاران خان کی مبینہ طور پر غیر قانونی حراست سے متعلق جواب طلب کیا تھا۔

  • پولیٹیکل سیٹلمنٹ اسٹیبلشمنٹ ہی کراسکتی ہے، مونس الہٰی

    پولیٹیکل سیٹلمنٹ اسٹیبلشمنٹ ہی کراسکتی ہے، مونس الہٰی

    لاہور : ق لیگ کے مرکزی رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے مونس الہٰی نے کہا ہے کہ ہم اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے تیار ہیں، پولیٹیکل سیٹلمنٹ اسٹیبلشمنٹ کراسکتی ہے۔

    یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے ہم اعتماد کا ووٹ کب لیں گے یہ فیصلہ عمران خان ہی کریں گے، ہوسکتا ہے کہ 11 جنوری سے پہلے ہی اعتماد کا ووٹ لے لیں۔

    مونس الہٰی نے کہا کہ چیف سیکریٹری کو کس نے ڈی نوٹیفائی کے نوٹیفکیشن پر دستخط کیلئے راضی کیا؟ اس کی تحقیقات کررہے ہیں، ن لیگ نے جو کچھ کیا وہ ان کو الٹا پڑا ہے، گورنر پنجاب نے اپنے نجی وکیلوں سے رائے لے کر فیصلہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے بندے توڑنے کیلئے منڈی تو ن لیگ نے لگانی ہے، پہلے سندھ ہاؤس اور اسلام آباد میں جو منڈی لگی اس کا تو سب کو معلوم ہے۔

    ماموں کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا ہے میرا نہیں : 

    مونس الٰہی کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ماموں کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا ہے میرا نہیں ہوا، شجاعت حسین کے بچوں نے انہیں مس گائیڈ کیا۔

    جب سے سیاست میں آیا ہوں شجاعت حسین اور پرویز الٰہی مجھے بتاتے رہے کہ شریفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا، عمران خان کا ساتھ دینے سے متعلق حسین الٰہی نے اپنے والد اور میں نے اپنےوالد کو رضامند کیا تھا

     : ہمارے نمبرز  پورے ہیں 

    ق لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ کوئی پاگل ایم پی اے ہی ہوگا جو اس صورتحال میں غائب ہوجائے گا، پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت عارف علوی سے بھی بات چیت کررہے تھے اس وجہ سے بھی 6دن لئے، ہم نے اپنی رائے دی، عمران خان نے اپنا فیصلہ بتایا، چیف سیکریٹری کو کس نے راضی کیا اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔

     : سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر تفصیلی بات نہیں ہوئی 

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے نمبر پر ابھی تک پی ٹی آئی سے تفصیلی بات چیت نہیں ہوئی، تاہم عمران خان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہوئی ہے۔

    مونس الہٰی نے کہا کہ سال 2018میں کئی نشستوں پر ہمیں الیکشن لڑنے نہیں دیا گیا لیکن اس وقت سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کیلئے بات کررہے ہیں۔

    2018انہوں نے کہا کہ میں جب الیکشن لڑنے نہیں دیا گیا تو میں نے کہا یہ تو ہمارےخاندان کی سیٹ ہے، 2018میں مجھے کہا گیا کہ آپ ضمنی الیکشن لڑ لیجئے گا۔مجھے علیم خان اور جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ یہ آپ کی نہیں پی ٹی آئی کی سیٹ ہے، 2018میں سیٹ پر بات کرنے کے اگلے دن میرا نیب کا نوٹس نکل آیا۔

    ابھی تک ہمیں کوئی ہدایت نہیں دی گئی : 

    رہنما ق لیگ مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ 2018کے الیکشن کے بعد بھی جو ہوتا رہا وہ سب کے سامنے ہے، ابھی تک ہمیں کوئی ہدایت نہیں دی گئی، عمران خان کو جب سے ہٹایا گیا ہر معاملے میں اللہ نے انہیں سرخرو کیا، اب پاکستان تبدیل ہوچکا ہے۔

  • ’’قوم کو عمران خان جیسا لیڈر ملنے پر شکر گزار ہونا چاہیے‘‘

    ’’قوم کو عمران خان جیسا لیڈر ملنے پر شکر گزار ہونا چاہیے‘‘

    جہانیاں : وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ قوم کو قائد اعظمؒ کے بعد عمران خان جیسا بہادر لیڈر ملنے پر شکر گزار ہونا چاہیے، آئندہ انتخابات میں شکست ن لیگ کا مقدر ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے پنجاب کے شہر جہانیاں میں یاک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس سے قبل انہوں نے18کلومیٹر طویل تعمیر توسیع روڈ کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بہت جلد حلقہ پی پی209کے کچی آبادی کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دئیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر کو150بیڈز پر اپ گریڈیشن اور بنیادی مرکز صحت میں ایک ایک ایمبولینس سروس فراہم کی جائیگی۔

    پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ 12ایکڑ سے کم زمین والے تمام کسانوں کو ایک ایک سولر پینل فراہم کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کا سب کیمپس جہانیاں میں بنانے کا بھی اعلان کیا۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کو قائد اعظمؒ کے بعد عمران خان جیسا لیڈر ملنے پر شکر گزار اور عمران خان کی صحت اور لمبی عمر کی دعائیں کرنی چاہیے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بہت جلد عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل تیزی سے طے کرے گا، آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن شکست سے دوچار ہوگی۔

  • ق لیگ برطانیہ کے صدر سمیت تمام عہدے دار مستعفی

    ق لیگ برطانیہ کے صدر سمیت تمام عہدے دار مستعفی

    لندن: ق لیگ برطانیہ کے صدر سمیت تمام عہدے داروں نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری احسن گھرال مسلم لیگ ق برطانیہ کی صدرات سے مستعفی ہو گئے، احسن گھرال سمیت مسلم لیگ ق برطانیہ کی پوری ٹیم نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    ویمن ونگ برطانیہ کی صدر عابدہ بتول شاہ بھی عہدے سے مستعفی ہو گئی ہیں، مسلم لیگ ق لندن کے صدر نعیم عباس نے بھی عہدے سے استفی دے دیا۔

    مستعفی صدر چوہدری احسن گھرال کا کہنا تھا کہ اس پارٹی کو سپورٹ نہیں کر سکتا جو کرپٹ ٹولے کو سپورٹ کرے، ملک کی بدقسمتی ہے جو ایسے حکمران مسلط کر دیے گئے۔

    انھوں نے کہا موجودہ حکمرانوں کو عوام کی اور نہ ہی پاکستان کی فکر ہے، مستقبل کا فیصلہ پرویز الہیٰ اور چوہدری وجاہت کی قیادت میں کریں گے، وہ جو ہمیں حکم صادر کریں گے اس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

    صدر مسلم لیگ ق لندن نعیم عباسی نے کہا کہ مستقبل کا فیصلہ احسن گھرال کی قیادت میں کریں گے، ہم ان کے شانہ بشانہ مل کر کام کریں گے۔

  • لانگ مارچ کی تاریخ : مسلم لیگ ق کا تحریک انصاف کو مشورہ

    لانگ مارچ کی تاریخ : مسلم لیگ ق کا تحریک انصاف کو مشورہ

    لاہور : مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کو لانگ مارچ کی تاریخ فوری نہ دینے کا مشورہ دے دیا اور کہا ضروری بھی ہو تو ایک ماہ کے بعد کی تاریخ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی مسلم لیگ ق کے رہنماؤں سے ملاقات کا احوال سامنے آگیا ، ذرائع نے کہا ہے کہ ق لیگ نے شاہ محمود قریشی کو لانگ مارچ کی تاریخ فوری نہ دینے کا مشورہ دے دیا۔

    ذرائع چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ ابھی کچھ روز کے لیے لانگ مارچ نہ کریں اور ضروری بھی ہو تو ایک ماہ کے بعد کی تاریخ دیں ، جولائی میں ضمنی انتخاب کےبعد لانگ مارچ بہتر ہوگا۔

    جس پر ذرائع شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خان صاحب تو فوری لانگ مارچ کرنا چاہتےہیں، آپ کی تجویز پر عمران خان،پارٹی رہنماؤں سےمشاورت کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہی سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت لانگ مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    بعد ازاں شاہ محمودقریشی کی زیرصدارت پنجاب پارٹی تنظیم کااجلاس ہوا تھا ، جس میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا تھا کہ 25 مئی پاکستان اور پنجاب کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، کارکنوں کے گھروں پر چھاپے اور خواتین کو ہراساں کیا گیا،اتنی پولیس گردی آمریت کےدورمیں نہیں ہوئی۔

    شاہ محمودقریشی نے ہدایت کی کہ لانگ مارچ کی تیاریاں تیز کریں، ضمنی الیکشن ہونے جارہے ہیں، پی ٹی آئی بھرپورحصہ لے گی۔

  • مسلم لیگ ق کا ایک بار پھر  آصف زرداری سے رابطہ،  پرویز الٰہی کی حمایت کی درخواست

    مسلم لیگ ق کا ایک بار پھر آصف زرداری سے رابطہ، پرویز الٰہی کی حمایت کی درخواست

    لاہور : مسلم لیگ ق کے وفد نے آصف زرداری کو چوہدری شجاعت ،پرویزالٰہی کا پیغام پہنچایا اور پرویز الٰہی کی حمایت کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لئے ق لیگ نے ایک بار پھر آصف زرداری سے رابطہ کیا ، ذرائع نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ اور سالک حسین کی آصف زرداری سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں طارق بشیر نے آصف زرداری کو چوہدری شجاعت ،پرویزالٰہی کا پیغام بھی پہنچایا اور پرویز الٰہی کی حمایت کی درخواست کردی۔

    ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے ق لیگی رہنماؤں کی بات مسکراکرٹال دی اور مثبت جواب نہ دیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ لیگی رہنماؤں نے پیپلزپارٹی ارکان پنجاب اسمبلی سے انفرادی رابطے بھی کئے، جس میں پی پی ارکان نے فیصلے کو آصف زرداری کی منظوری سے مشروط کردیا۔

    ق لیگ وفد آصف زرداری کو عدم اعتماد کی کامیابی کی مبارکباد دے کر رخصت ہوا۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پی پی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کاق لیگ سےکوئی رابطہ نہیں ہوا اور رابطوں کو آصف زرداری کی منظوری سے مشروط نہیں کیا گیا۔

    حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ فیصلے پارٹی قیادت کرتی ہے ،کارکن نہیں، سیاست میں ساکھ کی اہمیت ہوتی ہےفیصلے روزانہ تبدیل نہیں ہوتے، اصولی سیاست کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو کافی تکالیف برداشت کرنا پڑیں۔