Tag: PML Q

  • عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ  یا حکومت کی حمایت، مسلم لیگ ق آج فیصلہ کرے گی

    عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ یا حکومت کی حمایت، مسلم لیگ ق آج فیصلہ کرے گی

    لاہور : مسلم لیگ ق کے پارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس آج طلب کرلیا گیا ، جس میں عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے یا حکومت کی حمایت جاری رکھنی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے یا حکومت کی حمایت جاری رکھنے سے متعلق فیصلے کے لیے مسلم لیگ ق کےپارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا۔

    اجلاس کی صدارت مرکزی سیکریٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کریں گے ،ا جلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی بھی شریک ہوں گے۔

    وفاقی وزیر مونس الٰہی، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین ،حسین الٰہی ، سینیٹ، قومی اسمبلی، پنجاب،کےپی اسمبلی کےتمام ق لیگ کے ارکان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    ق لیگ کے مشاورتی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

    گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہٰی کو پنجاب میں اہم عہدے کی پیشکش کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ق لیگ کو پیغام مشترکہ سیاسی دوستوں کےذریعے پہنچایاگیا، پیغام میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دیں اور آگے بھی ملکرچلیں گے۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ ن لیگ کی پیشکش پر چوہدری پرویزالہیٰ نے ابتک کوئی جواب نہیں دیا۔

  • "وزیراعظم پی ٹی آئی والوں کو کہہ دیں، گھبرانا نہیں”

    "وزیراعظم پی ٹی آئی والوں کو کہہ دیں، گھبرانا نہیں”

    اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان بائیس سال بعد ہونے والی سیاسی رابطے نے ہلچل مچادی ہے، ایسے میں وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے حکمران جماعت کو بڑا پیغام دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے منعقدہ عالمی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے وزیراعظم کی موجودگی میں کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں ، ہمارے سیاسی تعلقات ہیں، لوگوں سے ملنا ہمارا کام ہے جو ہمارے گھر آئے انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

    وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الہی نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آپ سے ایک تعلق ہے اور وہ نبھانے کے لئے ہے، ایک بارپی ٹی آئی والوں کو تگڑے طریقےسےکہہ دیں ‘گھبرانا نہیں’۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مونس الہیٰ نے اعلان کیا کہ بہت جلد کالا باغ ڈیم کا پروپوزل لےکر کابینہ میں جائیں گے۔

    بعد ازاں اپنے ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے لکھا کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے، موجودہ ڈیموں کی سلٹنگ کی وجہ سے پانی جمع کرنے کی صلاحیت میں شدید کمی ہے، جو کالاباغ ڈیم کم سے کم وقت میں بن کر پورا کرے گا، اس معاملے پر سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

  • جو لوگ گھبرائے ہوئے ہیں انہیں چوہدری شجاعت کی صحت یاد آگئی، وزیراعظم خان

    جو لوگ گھبرائے ہوئے ہیں انہیں چوہدری شجاعت کی صحت یاد آگئی، وزیراعظم خان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ق لیگ اور چوہدری برادران پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھبرائےہوئے لوگ بیس بیس سال پرانی فوتگی کی دعا کیلئےجارہے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے 25 سالہ جدوجہد میں ایسے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں کہ ہمارے کارکن اور قیادت بالکل بھی نہیں گھبرارہے ، البتہ جو لوگ گھبرا رہے ہیں انہیں چوہدری شجاعت حسین کی طبعیت خرابی کا خیال آگیا ہے اور وہ عیادت کے بہانے سیاسی رابطے کر رہے ہیں ، لیکن میں چوہدری برادران پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں لانگ ٹرم پلاننگ نہ ہونے کے باعث مسائل کا انبار موجود ہے ، چین اس لئے ترقی کر رہا ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کا سوچ رہا ہے ، ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہمیں صرف اپنے اقتدار کے پانچوں سالوں میں کام کرنا ہوتا ہے ، ہماری سیاسی جماعتیں ایسے کسی کام کو چھیڑتی ہی نہیں کو پانچ سال میں مکمل ہوتا نظر نہ آتا ہو ، ہم اپنی قوم کیلئے نہیں بلکہ آئندہ الیکشن کیلئے کام کرتے ہیں ۔

    تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کی آبادی جس قدر تیزی سے بڑھ رہی ہے ہمیں پانی ذخیرہ کرنے کی اتنی ہی ضرورت ہے ،ہماری تھر ، بلوچستان سمیت مختلف مقامات پر زمین بنجر پڑی ہے جسے پانی کی ضرورت ہے ، اگر ان علاقوں میں پانی ہو تو ہماری برآمدت بڑھ جائے ، ہم جو دس ڈیمز بنانے جا رہے ہیں ان سے دس سال میں ہماری پانی ذخیرہ کرنے کی استطاعت دوگنا ہو جائے گی۔

    وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کالا باغ ڈیم کی بات میں ، اس میں کوئی شک نہیں کہ کالا باغ ڈیم آئیڈیل منصوبہ ہے ، لیکن ہمیں سندھ کے بھائیوں کو یقین دلانا ہوگا کہ ان کا پانی چوری نہیں ہو رہا بلکہ یہ ان کی بنجر زمینوں کو زرخیز کرے گا، جب تک ہمیں سندھ کے بھائیوں کو یقین نہیں دلاتے ، پاکستان مخالف قوتیں انہیں یہ باور کراتی رہیں گی کہ ان کا پانی چوری ہو رہا ہے ، انہیں انتشار پھیلانے کے مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا رہے گا ، ہم مرکز ہیں ، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ تمام قوم اور صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں۔

  • ‘پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر ق لیگ سے معاملات طے پاگئے’

    ‘پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر ق لیگ سے معاملات طے پاگئے’

    لاہور: پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر ق لیگ سے معاملات طے پاگئے ، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ 11میٹرو پولیٹن کارپوریشنزاور 35 ڈسٹرکٹ کونسلز ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر ق لیگ سے معاملات طے پاگئے، اوپر کی سطح پر صرف 46 لوکل گورنمنٹ ہوں گی، ان میں 11میٹرو پولیٹن کارپوریشنز ،35اضلاع میں ڈسٹرکٹ کونسلز ہوں گی، 11 میٹرو پولیٹن کارپوریشنز میں 9 ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز گجرات ، سیالکوٹ شامل ہیں جبکہ نچلی سطح پر پہلے سے طے ولیج ،نیبر ہڈ کونسل ہوں گی۔

    گذشتہ روز پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام سے متعلق پی ٹی آئی اور ق لیگ سمیت دیگر اتحادیوں کے درمیان ہونے والے ڈیڈ لاک میں بڑا بریک تھرو سامنے آیا تھا اور دونوں جماعتوں نے مشاورت کے بعد بلدیاتی سیٹ اپ پر اتفاق کیا اور بات چیت کے جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔

  • مسلم لیگ ق کا وزیر اعظم کے ظہرانے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

    مسلم لیگ ق کا وزیر اعظم کے ظہرانے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : مسلم لیگ ق نے وزیر اعظم کے ظہرانے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ، پرویزالہٰی اور طارق بشیر چیمہ آج ظہرانے میں شرکت نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اتحادیوں کے اعزاز میں آج ظہرانے کا اہتمام کیا جارہا ہے، مسلم لیگ ق کا وزیر اعظم کے ظہرانے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزالہٰی اور طارق بشیر چیمہ آج ظہرانے میں شرکت نہیں کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق ظہرانے میں ایم کیوایم،جی ڈی اے اوربلوچستان عوامی پارٹی کےنمائندے شریک ہوں گے، جس میں وزیراعظم اتحادی جماعتوں کوسیاسی صورتحال پراعتمادمیں لیں گے اور اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے کیلئے مشاورت ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشیدبھی ظہرانےمیں شریک ہوں گے ، وفاقی وزیرامین الحق ایم کیوایم ، فہمیدہ مرزا جی ڈی اےکی نمائندگی کریں گی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کا وفد زبیدہ جلال کی سربراہی میں شریک ہوگا۔

  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ،حکومتی اتحادی جماعت  نے بڑا مطالبہ کردیا

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ،حکومتی اتحادی جماعت نے بڑا مطالبہ کردیا

    لاہور : حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کردیا ہے اور کہا عوام کی تکالیف کم کریں اور پٹرولیم مصنوعات پر بھر پور ریلیف دیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری مونس الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تیل کی عالمی قیمتوں میں 30 فیصد تک کمی ہوئی ہے ، حکومت بھی مہنگائی میں گھری عوام کےلیےتیل کی قیمتیں کم کرے۔

    مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ پیٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں واجبی نہیں نمایاں کمی کرنی چاہیے ، عوام کی تکالیف کم کریں اور پٹرولیم مصنوعات پر بھر پور ریلیف دیں۔

    خیال رہے خام تیل کی قیمت میں ایک دن میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ، خام تیل قیمت میں 29 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ، امریکی خام تیل کی قیمت 32 ڈالر 74 سینٹ فی بیرل جبکہ ببرینٹ خام تیل کی قیمت میں 36 ڈالر 39 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔

    خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ اوپیک اورروس کےدرمیان پیداوارسےمتعلق معاہدہ نہ ہونا ہے جبکہ  سعودیہ عرب نے ایشیائی، یورپی  اورامریکی خریداروں کیلئےخام تیل کی برآمدای قیمتوں میں دس فیصدکمی کردی۔

    سعودیہ عرب کےاس عمل کےبعدسعودی اور روس کےدرمیان قیمتوں پرتجارتی جنگ کاخدشہ ہے۔

  • پنجاب میں فارورڈ بلاک کی باتیں حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہیں، ترجمان

    پنجاب میں فارورڈ بلاک کی باتیں حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہیں، ترجمان

    لاہور : ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ فارورڈ بلاک کی باتیں بےبنیاد اور حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہیں، گورنر وزیراعلیٰ، پی ٹی آئی اور ق لیگ اراکین ایک صفحے پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے ترجمان نے اپنبے بیان میں وضاحت کی ہے کہ تحریک انصاف کے بعض اراکین نے کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنایا، گورنر وزیراعلیٰ، پی ٹی آئی اور ق لیگ اراکین ایک صفحے پر ہیں۔

    ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ فارورڈ بلاک کی باتیں بےبنیاد اور حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہیں، تحریک انصاف اور ق لیگ عثمان بزدار کی قیادت پراعتماد رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں،اس کے علاوہ پنجاب حکومت اسٹیک ہولڈرز میں بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج فاروڈ بلاک کے ارکان سے ملاقات کریں گے

    ترجمان نے وضاحت کی کہ اختلاف کی افواہیں پھیلانے والے خوشحالی کاسفر روکنے کی سازش کر رہے ہیں، صوبہ پنجاب کی قیادت، پی ٹی آئی، اتحادی اور گورنر پنجاب میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔

  • بینک آف پنجاب کی سربراہی کس کو ملے گی، پی ٹی آئی اور ق لیگ میں رسہ کشی

    بینک آف پنجاب کی سربراہی کس کو ملے گی، پی ٹی آئی اور ق لیگ میں رسہ کشی

    لاہور : چئیرمین بینک آف پنجاب کی تعیناتی کے معاملہ پر پی ٹی آئی اور ق لیگ میں رسہ کشی کے باعث بیورو کریسی کو مشکل میں پڑگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین بینک آف پنجاب کی تعیناتی کے معاملہ پر پی ٹی آئی اور ق لیگ اپنے اپنے امیدوار کیلئے سرگرم ہیں دونوں جماعتوں میں سے کون اپنے امیداور کو چئیرمین بناسکے گا۔

    اس سلسلے میں رسہ کشی جاری ہے۔ جوس کی وجہ سے بیورو کریسی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، وزیر اعلی پنجاب اپنے امیدوارکو چئیرمین کی کرسی پر بٹھانے کے خواہش مند ہیں تو دوسری جانب ق لیگ اپنے امیدوارکے نام پر بضد ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک آف پنجاب کےچیئرمین کی تعیناتی کے لیے کمیٹی نے آٹھ امیدواروں کےانٹرویوز کیے، وزیراعلیٰ آفس سے ساتویں نمبر کے امیدوار کو پہلے نمبر پر لانے کیلئے دباؤ کا انکشاف ہوا ہے جبکہ مسلم لیگ ق آٹھویں پوزیشن کے امیدوارکو چئیرمین بنانے کے لیے بضد ہے۔

    تعیناتی کمیٹی وزیراعلیٰ کے پسندیدہ امیدوار کو بی کیٹگری کا امیدوارقرار دے چکی ہے چوتھی پوزیشنز کے امیدوار نامعلوم وجوہات کے باعث چیئرمین شپ کی دوڑ سے الگ ہوگئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ آفس کی خواہش پوری نہ ہونے پر وزیر قانون پنجاب کی زیرصدارت نئی کمیٹی نے پانچویں سے آٹھویں نمبر کے امیدواروں کو طلب کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے سیکریٹری خزانہ اوربیوروکریٹس کی جانب سے کمیٹی سے الگ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

  • جہانگیر ترین اور اتحادیوں کی گفتگو، وزیراعظم کا نوٹس، اجلاس بلانے پر غور

    جہانگیر ترین اور اتحادیوں کی گفتگو، وزیراعظم کا نوٹس، اجلاس بلانے پر غور

    لاہور:‌ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے  مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے اراکین کی گفتگو کا نوٹس لے لیا.

    پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے جہانگیر ترین اور اتحادی جماعت کی سامنے آنے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے اتحادی جماعتوں اورپی ٹی آئی اراکین کا اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے.

    پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان لاہور میں قیام بڑھانے پر غور کر رہے ہیں، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ دونوں فریق کو بٹھا کر تحفظات دور کریں گے.

    واضح رہے کہ آج اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور پنجاب کے وزیر معدنیات حافظ عمار کی ملاقات ہوئی.

    اس ملاقات میں سینیٹ انتخابات سے متعلق بات چیت کی گئی، جس کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی، جس میں‌ گورنر پنجاب پر کچھ تحفظات کا اظہار کیا گیا.

    مزید پڑھیں: ایک تاثرتھا وزیراعلیٰ بادشاہ ہوتا ہے، جسے عثمان بزدار نے ختم کیا، وزیراعظم

     اب وزیر اعظم عمران خان نے اس ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے، امکان ہے کہ وہ اس ضمن میں اجلاس طلب کریں گے.

    فیاض الحسن چوہان کا موقف


    وڈیو لیک پر وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو ایڈیٹنگ کرکے چلائی گئی، سنسنی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے.

    فیاض‌ چوہان نے کہا کہ گورنراوراسپیکرکی اپنی ڈومین ہے، ایک دوسرے کے محکموں میں مداخلت نہیں کرتی.

    سربراہ بھی گھرمیں نہ ہوتو چھوٹی موٹی نوک جھونک ہوجاتی ہے.

  • گالیوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے والے ججوں پر آفرین ہے، چودھری شجاعت حسین

    گالیوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے والے ججوں پر آفرین ہے، چودھری شجاعت حسین

    سرائے عالمگیر : مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ گالی گلوچ پر بھی تحمل کا مظاہرہ کرنے والے ججوں پر آفرین ہے، فاضل جج چاہیں تو توہین عدالت کے مجرموں کو جیل بھیج سکتے ہیں،مجھے عام انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل سرائے عالمگیر راجہ محمد اسلام ذمہ واریا کے کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    چوھدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی 45 سالہ سیاسی زندگی میں فوجی دور بھی دیکھے اور سویلین بھی، اپوزیشن میں رہا اور حکومت میں بھی لیکن ایسا گندا دور نہیں دیکھا جس میں جمہوریت کے نام پر جمہوریت کی مٹی پلید کی جا رہی ہو۔

    عدلیہ کو گالیاں نکالی جا رہی ہیں لیکن آفرین ہے ان ججوں پر جو ابھی تک صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ فاضل جج چاہیں تو سوٹ پہن کرآنے والے توہین عدالت کے مجرموں کو6،6ماہ کیلئے مچھ جیل بھیج سکتے ہیں تاکہ وہاں سوٹوں میں اگلا موسم انجوائے کریں۔

    چوھدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو کرپشن میں سزا ہوئی تو اس کے حق میں کسی نے بھی ہڑتالیں اور ہنگامے نہیں کیے۔

    ایک سوال کے جواب میں چوھدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ مجھے2018 میں الیکشن ہوتے نظر تو نہیں آ رہے ہیں کیونکہ حلقہ بندیوں میں کافی گڑبڑ ہوئی ہے اگرالیکشن ہوئے بھی تو کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد ہو یا نہ ہو ہم پوری قوم کے ساتھ لڑیں گے۔

     رہنماق لیگ نے مزید کہا کہ ہم کوئی اور بات کرنے کے بجائے پہلے پاکستان کی بات کرتے ہیں کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ پر افسوس ہے، ملک انتشارکا متحمل نہیں ہوسکتا، تحمل اور رواداری میں ہی کامیابی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔