Tag: PMLN

  • سنجیدگی اور خلوص سے متفقہ صدارتی امیدوار لانے کی کوشش کررہے ہیں: احسن اقبال

    سنجیدگی اور خلوص سے متفقہ صدارتی امیدوار لانے کی کوشش کررہے ہیں: احسن اقبال

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ سنجیدگی اور خلوص سے متفقہ صدارتی امیدوار لانے کی کوشش کر رہے ہیں، امید ہے پی پی قیادت اس اہمیت کو سمجھے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد مضبوط بنانے کے لیے متفقہ امیدوار لانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفد کو تجاویز دی ہیں، ہم چاہتے ہیں ایسا صدارتی امیدوار ہو جس پر کسی کو تحفظات نہ ہوں، اپوزیشن میں ن لیگ کی سب سے زیادہ نشستیں ہیں۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امید ہے صدارتی امید وار کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی قیادت اہمیت کو سمجھے گی، مشترکہ امیدوار آنا اپوزیشن اتحاد کے لیے اہم ہے۔

    مشترکہ صدارتی امیدوار کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی فریق ایک مؤقف پر اڑا رہا تو نتیجہ نہیں نکلے گا، خاموش ڈپلومیسی سے کام لے رہے ہیں، جلد فیصلے نظر آجائیں گے۔

    خیال رہے کہ مشترکہ صدارتی امیدوار کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا ہے، آصف زرداری کے فیصلے سے پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو آگاہ کردیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عارف علوی کو اور پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف جلد اپوزیشن کے امیدوار کا اعلان کریں گے۔

  • متفقہ صدارتی امیدوار: اعتزاز احسن کے نام پر ڈیڈ لاک برقرار

    متفقہ صدارتی امیدوار: اعتزاز احسن کے نام پر ڈیڈ لاک برقرار

    کراچی: اپوزیشن پارٹیوں نے متفقہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے، البتہ اعتزاز احسن کے نام پر ڈیڈلاک برقرار ہے.

    تفصیلات کے مطابق متفقہ صدارتی امیدوار لانے کی اپوزیشن جماعتوں‌ کی کوششوں‌ میں پیپلزپارٹی کا پیش کردہ سینئر سیاست داں اعتراز احسن کا نام رکاوٹ بن گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام "سوال یہ ہے” میں سابق وفاقی وزیر شیری رحمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا.

    اعتزازاحسن پرانے سیاست داں ہیں: شیری رحمان

    شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو متحد رکھنا جمہوریت میں احسن طریقہ ہے، اپوزیشن جماعتوں کو پیپلز پارٹی ایک نام دے چکی ہے، اعتزازاحسن بہت پرانے سیاست دان اور معروف شخصیت ہیں.

    انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی صدارتی امیدوارکے لئے مشاورت کررہی ہے، پوری کوشش ہے کہ متفقہ صدارتی امیدوارسامنے لائیں، اپوزیشن جماعتوں کومتحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے.

    اعتزاز احسن کے نام پراعتراض ہے: محمد زبیر

    اس موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کواعتزازاحسن کے نام پراعتراض ہے، اعتزازاحسن کا پاناماکیس کے حوالے سے مؤقف رہا ہے.

    انھوں‌ نے کہا کہ ن لیگ نےاعتزازاحسن کے نام سے متعلق پیپلزپارٹی کو آگاہ کردیا، پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے اپوزیشن کا متفقہ امیدوار ہو.

    محمد زبیر نے وزیراعظم کے انتخاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کےحوالےسے پیپلزپارٹی کو ایشوز تھے، اعتزاز احسن کے حوالے سے ہمارے تحفظات ہیں.

    انھوں‌ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کامیاب ہوتی ہے تو انھیں مبارک باد دیں گے، اپوزیشن صدارتی انتخاب میں کامیاب ہوتی ہے، تو ہمیں مبارک بادی جائے.

  • اپوزیشن جماعتوں کا متفقہ صدارتی امیدوارلانے کا فیصلہ، اعلان آج کیا جائے گا

    اپوزیشن جماعتوں کا متفقہ صدارتی امیدوارلانے کا فیصلہ، اعلان آج کیا جائے گا

    مری:  مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متفقہ صدارتی امیدوار کے لیے ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے آل پارٹی کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پیپلزپارٹی، ایم ایم اے اور دیگر جماعتوں‌ کے نمائندے بھی موجود تھے.

    احسن اقبال نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں‌ اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ صدارتی امیدوارلانے کا فیصلہ کیا ہے.

    انھوں‌ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے متفقہ صدارتی امیدوارکی ضمن میں مشاورت کے لئے وقت لیا ہے. تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں متفقہ امیدوار ہی لائیں گی، نام کا اعلان آج کیاجائے گا، پیپلزپارٹی نے اپنی قیادت سےمشاورت کے لئے رات تک کا وقت لیا ہے، شہبازشریف آج نام کااعلان کریں گے.


    شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس


    اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ووٹنگ کا استعمال عجلت میں کیا گیا، الیکشن کمیشن کےاس اقدام سے تحفظات ہیں.

    انھوں‌ نے مزید کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کوملنے والی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے، اےاین پی رہنماؤں کوشدیددھمکیاں دی جارہی ہیں، حکومت انتقامی ایجنڈےپرکام کررہی ہے.

  • متفقہ صدارتی امیدوار لانے کے لیے اپوزیشن نے کوششیں تیز کر دیں

    متفقہ صدارتی امیدوار لانے کے لیے اپوزیشن نے کوششیں تیز کر دیں

    لاہور: مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے لیے اپوزیشن نے کوششیں تیز کر دیں، لاہور میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے وفد کی اہم ملاقات ہوئی.

    تفصیلات کے مطابق خورشیدشاہ اوررضاربانی نے ماڈل ٹاؤن میں شہبازشریف سے ملاقات کی.

    دونوں جماعتوں‌ کے رہنماؤں نے صدارتی انتخابات سے متعلق مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا. ملاقات میں احسن اقبال،ایازصادق اوررانا تنویر نے بھی شرکت کی.

    واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے چوہدری اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا، مگر مسلم لیگ ن کو پیپلز پارٹی کے امیدوار پر شدید تحفظات تھے.

    اپوزیشن چاہتی ہےصدارتی انتخاب کے لئےمتفقہ امیدوارلایاجائے:‌احسن اقبال

    بعد ازاں رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن صدارتی انتخاب کے لئے متفقہ امیدوار لانا چاہتی ہے۔

    سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوگا، توقع ہے کہ مثبت نتیجہ سامنے آئے گا۔

    انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابربھی کہہ چکے ہیں کہ اعتزاز احسن حتمی امیدوارنہیں۔

    صدارتی امیدوارکےحوالےسےقیاس آرائیوں سےگریز کیا جائے، اپوزیشن اگریکجا نہ ہوئی توحکمران جماعت کوفائدہ ہوگا.

    یاد رہے کہ حکمران جماعت کی جانب سے عارف علوی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

  • ن لیگ کا پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ

    ن لیگ کا پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: اپوزیشن میں دوریاں بڑھنے لگیں، ن لیگ نے پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوارکی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے اپنا صدارتی امیدوار لانے پرغورشروع کر دیا ہے. ن لیگ نے موقف اختیار کیا ہے کہ بڑی پارلیمانی جماعت ہیں امیدوار لانا ہمارا حق ہے.

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے گذشتہ روز سینیٹر اعتزاز احسن کو صدارتی انتخاب کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔

    آصف زرداری نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دیتے ہوئے خورشید شاہ، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ کو مسلم لیگ ن سمیت دیگر اتحادی جماعتوں سے رابطے کرنے کا ٹاسک دیا تھا.

    البتہ ن لیگ نے پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوارکی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، توقع کی جارہی ہے کہ ن لیگ اپنا صدارتی امیدوار لائے گی.

    مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا

    یاد رہے کہ وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر اپوزیشن میں خلیج پیدا ہوئی تھی، جب پیپلزپارٹی نے ن لیگ کے امیدوار شہباز شریف کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا تھا.

    بعد ازاں پیپلزپارٹی وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے موقع پر بھی لاتعلق رہی تھی. دونوں ہی مراحل میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا تھا۔

  • پنجاب اسمبلی کا اسپیکر کون؟ فیصلہ آج ہوجائے گا

    پنجاب اسمبلی کا اسپیکر کون؟ فیصلہ آج ہوجائے گا

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا فیصلہ آج ہوجائے گا، تحریک انصاف اور ق لیگ کے امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ اور ن لیگ کے چوہدری اقبال مد مقابل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے لیے اہم فیصلہ آج ہونے جارہا ہے، چوہدری پرویز الہیٰ تحریک انصاف اور ق لیگ کے امیدوار ہوں گے جبکہ ن لیگ کے چوہدری اقبال میدان میں اتریں گے۔

    تحریک انصاف کی جانب سے چوہدری پرویز الہی اسپیکر جبکہ دوست محمد مزاری ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری اقبال گجر سپیکر کے امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔

    پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 175، مسلم لیگ ق کی 10 ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد پنجاب اسمبلی میں 162، پیپلز پارٹی کی 10 ہے۔


    وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا، شیڈول جاری


    علاوہ ازیں راہ حق پارٹی کا ایک رکن جبکہ 3 آزاد ارکان ہیں جبکہ 3 حلقوں میں نتیجہ زیر التوا اور 3 میں الیکشن روکے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی کی 7 سیٹیں ارکان کے قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے باعث خالی ہوئی ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا، قومی اسمبلی کے اراکین17اگست کو نئے وزیر اعظم کا انتخاب کریں گے، اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے17اگست کو ہونے والے اجلاس کے دوران قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، جس کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

  • نواز شریف کے ساتھ غیر مہذب سلوک فوراً بند کیا جائے: شہبازشریف

    نواز شریف کے ساتھ غیر مہذب سلوک فوراً بند کیا جائے: شہبازشریف

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ غیر مہذب سلوک بند کیا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگراں وزیر اعظم ناصرالمک کو لکھے گئے اپنے خط میں کیا، خط میں شہباز شریف نے نواز شریف کی بکتر بند گاڑی میں عدالت منتقلی پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے، ان پر کرپشن کا الزام نہیں، ایک سیاسی قیدی ہیں۔

    نگراں وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا تھا کہ امید ہے حکومت ایسے نازیبا سلوک کا سنجیدگی سے نوٹس لے گی۔

    خیال رہے کہ احتساب عدالت نے سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی ہے۔


    نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 15 اگست تک ملتوی


    واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز 13 جولائی کو جب لندن سے وطن واپس لوٹے تو دونوں کولاہور ایئرپورٹ پرطیارے سے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

    علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی جانب سے اڈیالہ جیل انتظامیہ سے متعلق بھی تحٖفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، بہتر سہولیات نہ ہونے کی بھی شکاتیں سامنے آئی ہیں۔

  • مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا، عابد شیرعلی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا، عابد شیرعلی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    اسلام آباد: لاہور ہائی کورٹ نے این اے 108 میں مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیرعلی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی.

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا،  عابد شیر علی کی گنتی کی درخواست مسترد ہوگئی.

    لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد این اے 108 سے پی ٹی آئی کے امیدوار فرخ حبیب کامیاب قرار پائے.

    یاد رہے کہ لیگی رہنما نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفیکشن روکنے کا حکم دیا۔


    این اے 108: عابد شیرعلی کا ہار ماننے سے انکار، دوبارہ گنتی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست


    عابد شیر علی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کی رات پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے وقت باہر نکال دیا گیا اور مخالف امیدوار کو جتوانے کے لئے جعلی فارم 45 بنائے گئے۔

    عابد شیر علی نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے اور عدالتی فیصلے تک فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا بھی حکم دے، جسے منظور کیا گیا۔

    البتہ لاہور ہائی کورٹ نے این اے 108 میں عابد شیرعلی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

  • فارورڈ بلاک کی بازگشت: کیا ن لیگ میں‌ دراڑ پڑ گئی؟

    فارورڈ بلاک کی بازگشت: کیا ن لیگ میں‌ دراڑ پڑ گئی؟

    لاہور: سابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن میں‌ ٹوٹ پھوٹ شروع ہوچکی ہے، فارورڈ بلاک کی بازگشت سنائی دینے لگی.

    تفصیلات کے مطابق شکست کے بعد ن لیگ کی مشکلات مزید بڑھ گئیں. پارٹی میں فارورڈ بلاک کے قیام کے لئے ارکان متحرک ہوگئے.

    ذرایع کے مطابق ن لیگ کے 15 ناراض ارکان فارورڈبلاک سے متعلق ایک اجلاس معنقد کر چکے ہیں.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق ن لیگ کافارورڈبلاک قانون سازی میں تحریک انصاف کی معاونت کرے گا.

    واضح رہے کہ ن لیگ دعووں کے باوجود تاحال حکومت سازی کے لئے کوئی  عملی قدم نہیں اٹھا سکی،  پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق ابہام پایا جاتا ہے.


    عمران خان کے حلف اٹھاتے ہی ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن جائے گا: شیخ رشید

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کے حلف اٹھاتے ہی ن لیگ میں‌ فارورڈ بلاک سامنے آجائے گا.

    واضح رہے کہ آج مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ کا طویل اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف کو وزیر اعظم کا متففہ امیدوار نامزد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے سامنے دھاندلی کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا گیا.

  • وزیراعلیٰ پنجاب کسے ہونا چاہیے؟ عوام نے اپنا فیصلہ سنادیا

    وزیراعلیٰ پنجاب کسے ہونا چاہیے؟ عوام نے اپنا فیصلہ سنادیا

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف الیکشن 2018 میں واضح اکثریت اور آزاد امیدواروں سمیت کچھ جماعتوں کی حمایت کے بعد وفاق، خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

    پنجاب کو ملکی سیاست میں اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے ، سابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن کو یہاں سے ماضی میں واضح اکثریت بھی ملتی رہی ہے تاہم کپتان کے نئے پاکستان کے نعرے اور پاناما کے خلاف شروع ہونے والی جدوجہد کے بعد زندہ دلانِ پنجاب نے اپنا فیصلہ رواں انتخابات تبدیل کر کے سب کو حیران کردیا۔

    عام انتخابات 2018 میں تحریک انصاف نے پنجاب سے 122 نشستیں حاصل کیں اور پھر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے عمران خان کی ہدایت پر آزاد امیداروں سے رابطے کیے اور ان سے حکومت بنانے کے لیے مدد مانگی جبکہ مسلم لیگ ق نے بھی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    پنجاب سے 28 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جن میں سے 25 نے تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی، اس تمام تر صورتحال کے پیش نظر یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں حکومت بنانے جارہی ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین نے انتخابات میں واضح اکثریت ملنے اور ممکنہ حکومت بنانے کی پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اہم کھلاڑیوں کو وفاق اور صوبائی حکومتوں میں اہم عہدے تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عوام سے رائے طلب کی کہ وہ تحریک انصاف کے کس امیدوار کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر دیکھنا چاہتے ہیں؟ اس ضمن میں پی ٹی آئی کے تین (علیم خان، ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہد محمود قریشی) اور مسلم لیگ ق کے چوہدری شجاعت کے نام عوام کے سامنے رکھے گئے۔

    عوامی سروے میں 2346 افراد نے حصہ لیا جس میں 65 فیصد افراد نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیراعلیٰ پنجاب سے کے لیے سب سے بہترین امیدوار قرار دیا جبکہ دوسرے نمبر پر علیم خان تیسرے پر شاہ محمود اور 5 فیصد نے چوہدری شجاعت کے حق میں ووٹ دیا۔