Tag: PMLN

  • ہماری جماعت کو عادی لوٹوں کی ضرورت نہیں، مریم اورنگزیب

    ہماری جماعت کو عادی لوٹوں کی ضرورت نہیں، مریم اورنگزیب

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کو عادی لوٹوں کی ضرورت نہیں ہے، چند عادی لوٹے ہوا کے رخ پر اپنی وفاداری تبدیل کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے والوں کا ن لیگ سے کوئی تعلق تھا ہی نہیں اور نہ ہی ن لیگ کو ان عادی لوٹوں کی ضرورت ہے، یہ جاننا ہوگا کہ ان عادی لوٹوں کو کون خواب دکھا رہا ہے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاداریاں بدلنے والے اپنی عادت سے مجبور ہیں، آج ان عادی لوٹوں کی لوٹ سیل لگی جو ہوا کا رخ دیکھ کر اپنی وفاداری تبدیل کرتے ہیں، ان لوگوں کو اپنے مفادات کے سوا کسی سے غرض نہیں۔

    وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے ساڑھے چار سال تک ایسی کوئی آواز نہیں اٹھائی، ان لوگوں نے ترقیاتی فنڈز لینے کے باوجود اپنے حلقوں میں کوئی کام نہیں کیا ہے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا جنوبی پنجاب میں کام سب سے بہتر ہے اور پاکستان میں نواز شریف کا کام دکھائی دے گا، نواز شریف ووٹ کے تقدس اور عزت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ن لیگ کا حال ایم کیو ایم سے مختلف نہیں، کئی لیگی رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں: فواد چوہدری

    ن لیگ کا حال ایم کیو ایم سے مختلف نہیں، کئی لیگی رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا حال ایم کیو ایم سے مختلف نہیں، ن لیگ سے اتنے لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں کہ ان کے لیے جگہ بنانا مشکل ہو رہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ روزانہ مسلم لیگ ن سے لوگ ٹوٹ رہے ہیں، پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑے گا، ن لیگ کے بیانیے کی اپنی ہی جماعت میں کوئی مقبولیت نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ نے سنجیدہ معاملہ اٹھا دیا ہے، جنوبی پنجاب سے 8 قانون سازوں نے نواز گروپ کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے، نون لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اسی طرح لوگ انہیں چھوڑ کر اپنی راہیں جدا کر لیں گے۔

    ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو اگر الزام تراشیاں کرنی ہیں تو پہلے استعفیٰ دیں، پی ٹی آئی کسی آزاد امیدوار یا جماعت کی حمایت نہیں کرے گی، تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت ہے الیکشن میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے۔

    عمران خان آپ کی طرح ڈاکو نہیں، ن لیگ تقسیم ہوچکی ہے: فواد چوہدری کی دھواں دار پریس کانفرنس

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر میں سمجھتا ہوں کہ نئے صوبے بننے چاہئیں، ملک کو گورننس ماڈل بنانے کیلئے نئے صوبے ضروری ہیں، ملکی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر سوچنا چاہیے، لیگی حکومت کی جانب سے فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے میں تاخیر کی گئی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے صاف پانی کا سوموٹو نوٹس لیا، ازخود نوٹس کا معلوم ہوا تو سابق افسران کے اوپر اینٹی کرپشن کا کیس بنا دیا اور 56 کمپنیاں بھی بنا دی گئیں، ایک کمپنی دوسری کو ٹھیکے دیتی رہتی ہے، 4 ارب میں جب شوکت خانم تعمیر ہو سکتا ہے تو 70 ارب میں کیا نہیں ہوسکتا۔

    عدالت نے نواز شریف کو مافیا قرار دیتے ہوئے نا اہل کیا ہے: جہانگیر ترین اور فواد چوہدری کا ردعمل

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کے بچوں نے ملک کو ماڈل کرپشن اسٹیٹ بنایا، انہی کی کرپشن کی وجہ سے ملک کو بحران کا سامنا ہے، لگ نہیں رہا ن لیگ جولائی تک بھی اپنی مدت پوری کر سکے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ن لیگ کا بحران شدت اختیار کرگیا، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے آٹھ ارکان مستعفی

    ن لیگ کا بحران شدت اختیار کرگیا، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے آٹھ ارکان مستعفی

    لاہور: حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے چھ ارکان قومی اسمبلی اور دو ارکان صوبائی اسمبلی نے پارٹی چھوڑ کر ’جنوبی پنجاب صوبہ محاذ‘ بنانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن سے چند ماہ قبل مسلم لیگ ن میں‌ توڑ پھوڑ کا عمل شدت اختیار کر گیا، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے حکمران جماعت کے ناراض اراکین اسمبلی نے ایک پریس کانفرنس میں‌ پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا.

    [bs-quote quote=”منحرف ارکان نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کیا ہے، جس کی سبراہی سابق وزیراعظم بلخ شیرمزاری کریں گے” style=”style-2″ align=”left”][/bs-quote]

    پارٹی چھوڑنے والے ارکان میں‌ مخدوم خسرو بختیار، عالم ڈار لالیکا ، باسط بخاری، سید اصغر علی شاہ اور رانا قاسم نون شامل ہیں۔

    منحرف ارکان نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کیا، جس کی سبراہی سابق وزیراعظم بلخ شیرمزاری کریں گے. منحرف ارکان کا موقف تھا کہ پنجاب میں ترقی ہوئی، مگر جنوبی پنجاب میں ترقی نہیں‌ ہوئی، محرومیاں بڑھ رہی ہیں۔

    اس موقع پر سابق وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ہم ایک ہی سیاسی نظریاتی ایجنڈے پر اکھٹے ہیں، ہمارا مقصد نئے صوبے جنوبی پنجاب کا قیام ہے. انھوں نے دعویٰ کیا کہ انھیں 10 سے زائد ارکان پنجاب اسمبلی اور 5 سے زائد ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، نئے صوبے کا مطالبہ وفاق مضبوط کرنے کے لئے ہے.

    اس موقع پر رانا قاسم نون نے کہا کہ ہماری حمایت کے بغیر کوئی الیکشن نہیں جیت سکے گا، جب محرومیاں بڑھ جاتی ہیں، تو مایوسی میں اضافہ ہوتا ہے، یہ حساس مسئلہ ہے، نیا صوبہ بننے سے وفاق مضبوط ہوگا۔

    اس موقع پر طاہربشیر چیمہ نےکہا کہ نئے انتظامی یونٹ کا مقصد لسانیت کوفروغ دینا نہیں، اس سے ہمارامستقبل وابستہ ہے. طاہراقبال چوہدری نے جنوبی پنجاب کےمسائل کاحل نیاصوبہ کو قرار دے اور تحریک کی کامیابی کی امید ظاہر کی۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق چھ اراکین قومی اوردو اراکین صوبائی اسمبلی کا ن لیگ سے الگ ہونا ایک بہت بڑا جھٹکا ہے. بلخ شیر مزاری کا سیاست میں‌ متحرک ہونے بھی اہمیت کا حامل ہے۔


    ن لیگ میں‌ توڑ پھوڑ، ڈاکٹر رامیش کمار نے پارٹی چھوڑ دی، پی ٹی آئی میں‌ شامل


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آئندہ الیکشن کے بعد پی ٹی آئی کی سیاست دفن کردیں گے، شہباز شریف

    آئندہ الیکشن کے بعد پی ٹی آئی کی سیاست دفن کردیں گے، شہباز شریف

    کمالیہ: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹ اور بغاوت کی سیاست کرتے ہیں، آئندہ الیکشن کے بعد پی ٹی آئی کی سیاست دفن کردیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمالیہ میں جلسے خطاب کرتے ہوئے کیا، شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے 2014 دھرنے میں ہمارے نہیں عوام کے خلاف سازش کی، دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہوگیا تھا، دھرنے کی وجہ سے بجلی کے منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کے بجائے غربت کا خاتمہ کرنا ہوگا، نوجوان بلاول کہتا ہے عمران خان نے سینیٹ میں ہمیں ووت دیا، اگلے الیکشن میں ایسی سیاست کا خاتمہ کردیں گے، ہم پر وہ تنقید کررہے ہیں جنہوں نے اپنے اپنے صوبے کے عوام سے ہاتھ ملانا پسند نہیں کیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کی خدمت کی ہے، ن لیگ کی اگلی حکومت آئی تو فیصل آباد میں میٹرو بس بنائیں گے، کھاد کی قیمتیں کم کیں، نئے ٹیوب ویل لگائے، پنجاب میں بغیر سود کے کسانوں کو اربوں روپے کے قرضے دئیے، 70 سال میں ایسے ترقیاتی منصوبے کسی حکومت نے نہیں لگائے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پکی سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے، 5 سالوں میں پنجاب کی بھرپور خدمت کی ہے، پاکستان کی تاریخ میں اتنے شاندار کام کبھی نہیں ہوئے، ملک میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوئی، بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔

    کشمیری میں جاری بھارتی جارحیت پر شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر میں ہماری بیٹیاں اور بیٹے خون کے نذرانے پیش کررہے ہیں، کشمیر بنے گا پاکستان۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ن لیگ میں‌ توڑ پھوڑ، ڈاکٹر رامیش کمار نے پارٹی چھوڑ دی، پی ٹی آئی میں‌ شامل

    ن لیگ میں‌ توڑ پھوڑ، ڈاکٹر رامیش کمار نے پارٹی چھوڑ دی، پی ٹی آئی میں‌ شامل

    لاہور: الیکشن سےچند ماہ قبل حکمران جماعت مسلم لیگ ن ٹوٹ پھوٹ اوردھڑے بندوں کاشکار ہوگئی، سندھ سے اقلیتی ایم این اے ڈاکٹررمیش کمارنے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا.

    تفصیلات کے مطابق جوں‌ جوں‌ الیکشن قریب آرہے ہیں، ن لیگ کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ڈاکٹر رامیش کمار نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے. توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ وہ جلد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیں گے۔

    ڈاکٹررمیش کمار کا موقف ہے کہ ن لیگی قیادت اقلیتی برادری کےمسائل حل کرنےمیں ناکام رہی، اس لیے پارٹی چھوڑ رہا ہوں. ذرایع کے مطابق جلد وہ عمران خان کے ساتھ پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔

    دوسری جانب ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ن لیگ کے چند ارکان پارٹی سے ناراض ہیں اور انھوں نے شہباز شریف کے حالیہ دورے کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے.

    واضح رہے کہ 8 اپریل کو صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دورے کا اعلان کیا تھا، البتہ وہاں کے مقامی عہدے داروں نے دورے کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، اطلاعات کے مطابق حمزہ شہباز نے ناراض ارکارن کو منانے کی کوشش کی ہے، مگر انھیں اس ضمن میں کامیابی نہیں ہوئی۔

    ناراض ارکان میں ایم این اے جنید انور، ایم پی اے ایوب گادھی، نذیر راحیلہ، ایم پی اے قدیر انور، میاں رفیق اور امجد جاوید شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ گذشہ دونوں مسلم لیگ ن کے دو سابق وفاقی وزرا اور ایک رکن اسمبلی نے پارٹی کو الوداع کہتے ہوئے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔


    بلوچستان کے 3 اراکین قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن چھوڑ دی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ن لیگ کی حکومت ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے خود کو بچانا چاہتی ہے، بلاول بھٹو

    ن لیگ کی حکومت ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے خود کو بچانا چاہتی ہے، بلاول بھٹو

    گھوٹکی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے خود کو بچانا چاہتی ہے، عمران خان یو ٹرن، مفافقت اور جھوٹ کی سیاست کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام 2018 کے الیکشن میں بھی ہمارا ساتھ دیں گے، پیپلزپارٹی واحد نظریاتی جماعت اور عوام کی سیاست کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان پسماندہ علاقے ہیں، پاکستان کے عوام نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں، جمہوریت بہت کمزور ہے چاہتے ہیں مضبوط ہو، پیپلزپارٹی کا کسی جماعت سے اتحاد کا ارادہ نہیں ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ عوام نے مخالفین کو بتادیا کہ ووٹ صرف بینظیر بھٹو کا ہے، عوام نے مخالفین کو بتادیا ہے کہ وہ تیر کے ساتھ ہیں، عوام کو آزادانہ ووٹ کا موقع ملتا ہے تو وہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیتے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی اداروں کی نجکاری کی سیاست کررہے ہیں، پاکستان کے عوام ملک میں مارشل لا نہیں لگنے دیں گے، پاکستان کے عوام باشعور ہیں میاں صاحب اپنے مشن میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میاں صاحب چاہتے ہیں کچھ بھی ہوجائے وہ بچ جائیں، میاں صاحب نہیں بچے تو ان کی پارٹی بھی نہیں بچے گی، ن لیگ کا نعرہ تھا لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کریں گے، سرد موسم میں ن لیگ کہتی تھی ہم نے لوڈ شیڈنگ کا خاتم کرنے کا وعدہ پورا کردیا، جیسے ہی سورج نکلا ہے ن لیگ کے پول کھل گئے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، سندھ میں 18،18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہے، سندھ حکومت اپنے وسائل سے بجلی پیدا کررہی ہے، کے پی کے حکومت نے اب تک ایک میگا واٹ بجلی پیدا نہیں کی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں خوف، نفرت اور تشدد کی سیاست کے پیچھے کون تھے سب جانتے ہیں، ایم کیو ایم کے لوگ آپس کی لڑائی میں لگے ہیں خود کچھ کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں، کراچی سندھ کا کوہ نور ہے، مراد علی شاہ نے کراچی کو اونر شپ دی، پیپلزپارٹی کراچی کی قسمت بدل سکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • عدلیہ مخالف بیانات، چیف جسٹس کی لیگی رہنما صدیق الفاروق کو وارننگ

    عدلیہ مخالف بیانات، چیف جسٹس کی لیگی رہنما صدیق الفاروق کو وارننگ

    اسلام آباد: چیف جسٹس میان ثاقب نثار نے مسلسل عدلیہ مخالف بیانات دینے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما صدیق الفاروق کو توہین عدالت لگانے کی وارننگ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک اور ن لیگی رہنما کے سر پر توہین عدالت کی تلوار منڈلانے لگی ایک کیس کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ صدیق الفاروق مسلسل عدالت کی توہین کر رہا ہے، یہ سلسلہ جاری رہا تو توہین عدالت لگا دیں گے۔

    انہوں نے موقف اختیار کیا کہ صدیق الفاروق کی کیا قابلیت تھی جو متروکہ وقف املاک بورڈ کا چیئرمین لگایا گیا؟ نامناسب شخص کو چیئرمین لگایا گیا، وہ عدالت کے خلاف بول رہے ہیں باز نہ آئے تو توہین عدالت لگا دیں گے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ساری زندگی ن لیگ کے پریس روم میں تراشے کاٹنے والا عدالت کے خلاف بول رہا ہے، مسلم لیگ (ن) کے دفتر میں بیٹھ کر زندگی گزار دی آج ان کا نمائندہ بن کر عدالت کے خلاف بول رہا ہے۔

    دانیال عزیزکے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی

    میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا اربوں کھربوں کے معاملے میں سیاسی بنیاد پر تقرری کردی جاتی ہے، اب بھی کسی چہیتے کو  متروکہ وقف املاک بورڈ کا چیئرمین لگا دیں،کسی ن لیگ کے پولیٹیکل سیکریٹری کو بھی چیئرمین لگایا جاسکتا ہے۔

    چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ کا چیئرمین قابلیت کی بنیاد پر ہوناچاہیے، جوائنٹ سیکرٹری نے عدالت کو ایک سے ڈیڑھ ماہ میں نئے چیئرمین کی تعیناتی کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    نواز شریف سمیت 16ن لیگی رہنماؤں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کو سماعت کیلئے فل بنچ بھجوا دیا

    خیال رہے کہ عدلیہ مخلاف بیانات دینے پر مسلم لیگ ن کے متعدد رہنماؤں کو توہین عدالت کا سامنا ہے جن میں مرکزی رہنما طلال چوہدری اور دانیال عزیر بھی شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کے عوام کوئی بھیڑ بکریاں نہیں، ووٹ کی طاقت کو ماننا پڑے گا: احسن اقبال

    پاکستان کے عوام کوئی بھیڑ بکریاں نہیں، ووٹ کی طاقت کو ماننا پڑے گا: احسن اقبال

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں سی پیک کی صورت میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے، ملک کے عوام کوئی بھیڑ بکریاں نہیں، ووٹ کی طاقت کو ماننا پڑے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال کے نواحی گاؤں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں کون اندر ہو گا اور کون باہر یہ فیصلہ 20 کروڑ عوام عام انتخابات میں کریں گے، ہمارے ملک کے عوام ہندوستان اور بنگلادیش کے ووٹرز سےکم سمجھدار نہیں۔

    نگراں سیٹ اپ پیپلزپارٹی اور اپوزیشن کا بہت بڑا امتحان ہے: احسن اقبال

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے فیصلے کو قبول کیا جائے تب ہی ملک ترقی کرسکتا ہے، ہم ملک کے لیے نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں، مجھے کامیابی اللہ نے تعلیم سے دی، میرا سیاست کا مقصد صرف عوام کی خدمت کرنا ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کو ایک سیاسی سمجھ بوجھ رکھنے والا شخص ہی چلا سکتا ہے اور وہ نوازشریف ہی ہیں جو ملک چلا سکتے ہیں، آئندہ 5 سال بھی مسلم لیگ کو ملے تو ترقی میں بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔

    جمہوریت سے خائف الیکشن سے پہلے احتساب کا نعرہ لگاتے ہیں، احسن اقبال

    احسن اقبال نے کہا کہ بیس کروڑ عوام کے وزیر اعظم کو اپیل کا کوئی حق نہیں ملا، انہیں نا اہل کر دیا گیا، ملک کو اناڑی اور کھلاڑی دنوں نہیں چلا سکتے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں ملک میں دہشت گردی کا راج تھا، ہر روز لاشیں گرتی تھیں، وفاقی حکومت نے فورسز کے ساتھ مل کر امن قائم کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نگراں سیٹ اپ پیپلزپارٹی اور اپوزیشن کا بہت بڑا امتحان ہے: احسن اقبال

    نگراں سیٹ اپ پیپلزپارٹی اور اپوزیشن کا بہت بڑا امتحان ہے: احسن اقبال

    نارووال: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نگراں سیٹ اپ پیپلزپارٹی اور اپوزیشن کا بہت بڑا امتحان ہے.

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اپوزیشن کو بڑا امتحان درپیش ہے. اپوزیشن ناکام ہوئی، تو لوگ سمجھیں گے کسی اور کا کھیل کھیل رہی ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جمہوری عمل پریقین رکھتی ہے، تو مل کر نگراں سیٹ اپ لائے، امید ہے کہ خورشید شاہ اور وزیراعظم کا نگراں سیٹ اپ پر اتفاق ہوجائے گا.

    ان کا کہنا تھا کہ نگراں سیٹ اپ پر اتفاق نہ ہونا بدقسمتی ہوگی، اگر خورشید شاہ اور شاہد خاقان عباسی اتفاق نہ کر پائے تو لوگ سمجھیں گے، اپوزیشن کوکسی نے اشارہ کیا.

    اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پانی کا بحران ایک سنگین مسئلہ ہے، البتہ ہم پاکستان کو بنجر نہیں ہونے دیں گے، اتفاق کے ساتھ چلتے رہے تو پانی کا مسئلہ حل کر لیں گے.

    انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں عالمی سطح‌ پر جامع منصوبہ بندی کے ساتھ بھارت کا مقابلہ کرنا ہوگا. اس ضمن میں‌ اتفاق رائے ضروری ہے.

    یاد رہے کہ آج لاہور میں نادرا پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا تھا کہ جمہوریت سے خائف افراد الیکشن سے پہلے احتساب کا نعرہ لگاتے ہیں، ایک جماعت کے خلاف کارروائیوں کا مقصدالیکشن پراثراندازہونا ہے۔


    جمہوریت سے خائف الیکشن سے پہلے احتساب کا نعرہ لگاتے ہیں، احسن اقبال


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پنجاب میں بچی سے مبینہ زیادتی، لیگی ایم پی اے پر ملزمان کی حمایت کا الزام

    پنجاب میں بچی سے مبینہ زیادتی، لیگی ایم پی اے پر ملزمان کی حمایت کا الزام

    لاہور: پنجاب میں حوا کی ایک اور بیٹی کو درندگی کا نشانہ بنا دیا گیا، بھکر میں اغوا کے بعد بچی سے نو دن تک مسلسل زیادتی کی گئی جس میں لیگی ایم پی اے کا مبینہ طور پر ملزمان کا ساتھ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھکر کے علاقے وِگ میں ’پروین‘ نامی بچی کو ملزمان نے شادی کی تقریب سے اغوا کیا بعد ازاں ننھی کلی کے ساتھ نو دن تک مسلسل زیادتی کی گئی تاہم زیادتی ثابت ہونے کے باوجود پولیس ابتدائی طور پر کارروائی سے گریز کرتی رہی۔

    زیادتی کے بعد مقامی ایم پی اے کے دباؤ پر پہلےتو پولیس مقدمہ درج کرنے سے انکارکرتی ہی پھر ایف آئی آر کاٹ کر لڑکی کو ڈھونڈے سے انکار کر دیا تاہم بیٹی کی بازیابی کے لئے والدین ن لیگی ایم پی اے غضنفر عباس چھینہ کے پاس پہنچے تو ایم پی اے نے فیصلہ پنچائیت سے کرانے کی تجویزدی۔

    بورے والا میں 13 سالہ لڑکا زیادتی کے بعد قتل ، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

    بعد ازاں پنچائیت نے بھی روایتی بےحسی کا مظاہرہ کیا اور مظلوم خاندان کے خلاف فیصلہ دے دیا جس میں کہا گیا کہ اگر متاثرہ خاندان نے عدالت سے رجوع کیا تو دس لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا جس کے بعد پولیس نے بھی پنچائیتی فیصلےکو بنیاد بنا کر جعل سازی کے مقدمہ بھی خارج کردیا۔

    پنجاب میں دو بچوں سے مبینہ زیادتی، پولیس اہلکارسمیت چارگرفتار

    خیال رہے کہ فیصلے کے بعد بچی بازیاب ہوئی تو مجسٹریٹ کےحکم پر طبی معائنہ کرایا گیا جس میں زیادتی ثابت ہوگئی، مظلوم والدین رپورٹ لے کر تھانے پہنچےاور ملزمان کیخلاف کارروائی کی درخواست کی پولیس نے جواب دیامقدمہ تو خارج ہوچکا اب کارروائی نہیں ہوسکی البتہ متاثرہ خاندان نےچیف جسٹس اور وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف دلانے کی اپیل کی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔