اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن ختم کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وکیل عبدالواحد ایڈوکیٹ نے مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن ختم کرنے کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف نااہلی کے بعد بطور پارٹی سربراہ کسی بھی اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف کو پارٹی اجلاسوں کی صدارت سے روکا جائے اور الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی نوازشریف کا نام ہٹانے کی ہدایت جاری کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کوٹ میں دائر ہونے والی درخواست کا متن ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیا جانے والا کوئی بھی شخص کسی بھی پارٹی کی سربراہی نہیں کرسکتا لہذا الیکشن کمیشن کو ن لیگ کا نام منسوخ کرنے کی ہدایت دی جائے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے مطابق نااہل شخص کے نام پر سیاسی جماعت قائم نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی ایسا کوئی شخص کسی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کا اہل ہے، سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم کے لیے منتخب کیا جو ایک غیر آئینی کام ہے۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ حکومت اور الیکشن کمیشن کو پاناما فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دے۔
پشاور: مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کا کہنا ہے کہ عائشہ گلالئی سے کوئی ملاقات نہیں کی‘ الزام لگانے والوں کو پچاس کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجوں گا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا میرے پاس پیسہ بنانے کی مشین ہے کیا جو پچاس کروڑ روپے دے کر عمران کے خلاف مہم چلاؤں۔
امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پچاس فیصد قیادت خود ان کے خلاف ہے مجھے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاست میں اتنی گندی زبان نہیں دیکھی جو عمران خان نے شروع کی، آپ نے لوگوں کو بدنام کرنے کا کونسا ٹھیکا لیا ہوا ہے۔
امیر مقام نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ کو کیا ہوگیا ہے‘ کبھی کہتے ہیں فضل الرحمان تیار ہوجاؤ میں آپ کے پیچھے آرہا ہوں، کبھی کہتے ہیں زرداری تیار ہوجاؤ میں آرہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں سازش پر یقین نہیں رکھتا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا، میرا قائد کہے تو عمران خان کی حکومت ایک ہفتے میں فارغ کردوں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کرپشن خیبر پختونخوا میں ہورہی ہے وہ تو سب نے دیکھی ہے تحریک انصاف کے اپنے ارکان کہہ رہے ہیں کہ کرپشن ہورہی ہے، مسلم لیگ ن مضبوط قلعے کی طرح ہے ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔
اسلام آباد: نوازشریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ ن نے شہبازشریف کو وزیراعظم بنانےکا فیصلہ کرلیا، شہباز شریف صوبائی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے کر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے انتخابات لڑیں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس کل طلب کیا گیا ہے جس میں نئے وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی جائے گی، اگلے وزیراعظم کو منتخب کرنے کے لیے پارٹی اراکین نے نوازشریف کو اختیار دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے شہبازشریف کواگلاوزیراعظم بنانےکی تجویز دی ہے تاہم کل طلب کیے جانے والے اجلاس میں پارلیمانی رہنماؤں کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نوازشریف نے وزیراعظم ہاؤس چھوڑنےکی تیاری مکمل کرلی اور وہ اب سے کچھ دیر بعد پنجاب ہاؤس منتقل ہوجائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی بطور رکن قومی اسمبلی نامزدگی تک مسلم لیگ ن کل کے اجلاس میں 45 دن کے لیے عبوری وزیراعظم کے انتخاب کے لیے مختلف ناموں پر غور بھی کرے گی۔
پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس
قبل ازیں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد وزیراعظم کی زیر صدار ت مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سیاسی صورتحال اور نئےقائد ایوان کیلئےمختلف ناموں پرغور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جس حلقے سے نوازشریف کو نااہل قرار دیا گیا ہے شہباز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے الیکشن لڑ کر قومی اسمبلی کی رکنیت حاصل کریں گے اورانہیں نئے وزیراعظم کے طور پر منتخب کیا جائے گا۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے،اسلام آباد میں موجود یورپی ممالک کے سفارت خانوں نے بابر نواز کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بابر خان جو کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین بھی ہیں،ان پر سفارت خانوں نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے مختلف وفود کی صورت میں لوگوں کو یورپی ممالک بھجوانے میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
یورپی سفارتخانوں کے ساتھ ساتھ کئی دیگر بڑے سفارتخانوں کو بھی بابر نواز کی مشکوک سرگرمیوں سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرتگال کے سفارتخانے کا راجہ نوید نامی ایک مقامی ملازم ا س سلسلے میں باضابطہ طور پر سہولت کارکے طور پر خدمات سرانجام دیتا رہا ہے۔
باخبر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ راجہ نوید نامی ملازم نہ صرف مذکورہ ایم ان اے کا سہولت کار ہے بلکہ سفارخانے میں ویزا کے اجراء میں براہ راست ملوث ہونے کے باعث کئی غیرقانونی ٹریول ایجنٹس کوویزے کا بندوبست کراکے دیتا ہے۔
واضح رہے کہ پرتگال کا پاکستان میں واحد سفارت خانہ ہے جس میں سفیر براہ راست ویزوں کا اجرا اپنے دستخط سے کرتے ہیں جبکہ بقیہ تمام سفارت خانوں میں یہ عمل نچلے درجے کے عملے کا کام ہوتا ہے، عام طور پرسفرا کسی صورت ویزا کے اجرا کے کسی عمل میں براہ راست ملوث نہیں ہوتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی اس خط کے اجرا کی اطلاع ملنے پر واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
امکان ہے کہ رکن اسمبلی سے اس معاملے میں آئندہ چند دنوں میں باضابطہ تفتیش کی جائے گی اور راجا نوید نامی شخص کو بھی حراست میں لیا جاسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بابر نواز خان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں وزارتِ داخلہ کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث این جی اوز اور شخصیات کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
چوہدری نثار علی خان نے ہدایت کی تھی کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی سیل تشکیل دیا جائے اور اُن کے خلاف ہر صورت کارروائی عمل میں لائی جائے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی فورس میں نادرا، امیگریشن حکام اور ایف بھی آر کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس گھناؤنے کام میں ملوث افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے اور اُن کی گرفتاری کے لیے نیم فوجی دستوں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد لینے کی ہدایت جاری کی تھی۔
واضح رہے بابر نواز 2015 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ سے خیبرپختونخواہ کے حلقے این اے 19 ہری پور سے منتخب ہوکر اسمبلی رکن بنے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔
اسلام آباد: تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ بار کے کنونشن پر حملہ لیگی وکیلوں نے کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ بار کے کنونشن پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کنونشن پر لیگی وکلا نے نصیر بٹ کی قیادت میں حملہ کیا‘‘۔
Strongly condemn attack by PMLN lawyers, led by Naseer Bhutta, on Lawyers Convention hosted by LHCBA & locking up Pres SCBA Rizvi in library
انہوں نے کہا کہ لیگی وکلاء نے پریس سیکریٹری کو لائبریری میں قید کیا جس ن لیگ کی پرانے کردار کی عکاسی کرتا ہے، ماضی میں بھی ن لیگ کے وکلاء عدالت میں غنڈہ گردی کر چکے ہیں۔
Same PMLN tactics of hooliganism that led to attack on SC used again. Using goons for violence ag opponents/institutions hallmark of PMLN https://t.co/FJO4NSxAg2
عمران خان نے مزید کہا کہ مخالفین اداروں پر تشدد اور غنڈہ گردی ن لیگ کی پرانی پہچان ہے، پاکستان تحریک انصاف متاثرہ وکلاء اور اُن کی تحریک کے ساتھ کھڑے ہیں۔
PTI stands firmly with the lawyers and their movement.
یاد رہے آج لاہور ہائی کورٹ بار میں ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں نوازشریف کے استعفیٰ دینے کے معاملے پر وکیلوں میں تلخ کلامی ہوئی اور تقریب بدنظمی کا شکار ہوئی۔
پشاور: سابق صدر و شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان پر اس وقت مغل بادشاہ حکومت کر رہا ہے، جسے کچھ پتہ نہیں کہ کیا کرنا ہے اور کیسے کرنا ہے۔ ایک ہفتے میں انتخابی اصلاحات نہ ہوئیں تو عدالت جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پشاور پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے 3 بارڈر نہیں سنبھالے جا رہے ہیں۔ ن لیگ کی سوچ بھی مارشل لا سے ملتی جلتی ہے۔ غیر جمہوری قوتوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ قطر سے مہنگی گیس خریدی جا رہی ہے۔ حکومت قرضے پہ قرضہ لے کر نسلوں کو گروی رکھ رہی ہے۔ ہر چیز 3 گنا قیمت پر بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اس وقت مغل بادشاہ حکومت کر رہا ہے، اس کا بادشاہ سلامت سے حساب لیں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ الیکشن میں صرف 8 سے 9 ماہ رہ گئے ہیں۔ غیر جانبدار اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔ الیکشن ہم نے جیتنا ہے۔ ایک ہفتے میں انتخابی اصلاحات نہ ہوئیں تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
سکھر:ایئرپورٹ پرگورنرسندھ کی زیرصدارت لیگی عہدیداروں کااجلاس ہوا جس میں محمد زبیر نے سکھر اور لاڑکانہ کے عہدیداران کو انتخابات کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے اچھے امیدوار کی تلاش کا ٹاسک دے دیا، خورشید شاہ نے کہا کہ اگر گورنر کو سیاسی کاموں کا شوق ہے تو وہ عہدے سے استعفیٰ دے کر ن لیگ سندھ کے صدر بن جائیں۔
سکھر ائیرپورٹ پر لیگی عہدیداران سے ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے لاڑکانہ اور سکھر کے انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت انتخابات کے حوالے سے ہر ممکن تعاون پیش کرے گی۔گورنر سندھ نے عہدیداران کو اچھے امیدوار کی تلاش کے لیے کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے گورنر سندھ کی جانب سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمد زبیر شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کررہے ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ گورنر کا منصب سیاسی نہیں ہوتا اگر انہیں سیاسی جلسے منتعقد کرنے اور عہدیداران سے مٹینگز کرنے کا شوق ہے تو وہ عہدے سے استعفیٰ دے کر ن لیگ سندھ کے صدر بن جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ گورنر سندھ کی سیاسی مٹینگز اور بیانات کا نوٹس لیں کیونکہ اب محمد زبیر ریاست کے آئین کو چلینج کررہے ہیں۔
اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنی کرپشن بچانے کے لیے پیپلز پارٹی سے ڈیل کی، یہی وجہ ہے کہ کرپشن کیس میں ڈاکٹر عاصم کو ضمانت مل گئی اور شرجیل میمن بھی واپس آگئے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس کے فیصلے سے قبل نوازلیگ اور پیپلز پارٹی میں ڈبیلو ڈبیلو ایف سے بہتر نورا کشتی شروع ہوگئی، نواز شریف کو سندھ یاد آیا تو آصف زرداری پنجاب آکر بیٹھ گئے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنوں کو دونوں جماعتوں نے جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دے کر اتحاد کیا اور ایک دوسرے کی چوریاں چھپائیں، دھرنے کے دوران آصف علی زرداری کو رائے ونڈ بلا کر مک مکا کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ جب میں نے الیکشن میں دھاندلی کی بات کی تو پیپلزپارٹی ن لیگ کی اتحادی تھی مگر اب آصف علی زرداری خود کہہ رہے ہیں کہ 2013 کے اتنخابات میں مسلم لیگ ن نے دھاندلی کی۔
خرابیوں کی نشاندہی کی تو دونوں جماعتیں متحد ہوگئیں
تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جب میں نے خرابیوں کی نشاندہی کی تو اُن باتوں کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دے کر دونوں جماعتیں متحد ہوگئیں اور آج نوراکشتی شروع کردی کیونکہ نوازشریف اور آصف زرداری کے مفادات ایک ہی ہیں۔
پاناما کیس کے فیصلے پر عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا ن لیگ سے بڑا میچ چل رہا ہے جبکہ پی پی نے ایک بار پھر حکومت سے ڈیل کر کے اپنے کرپٹ لوگوں کو بچالیا، اس لیے ڈاکٹر عاصم کو ضمانت ملی اور 5 ارب روپے کی کرپشن کرنے والے شرجیل میمن بھی وطن واپس آکر آزادانہ گھوم رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد دیکھ کر دونوں جماعتیں ایک ہوجاتی ہیں، دعا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے تاکہ ملک کو کرپٹ لوگوں سے نجات مل سکے۔
اسلام آباد: وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تعلیم کے بغیرمعاشرے کی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کواقتصادی طور پرکامیاب بنانےکیلئے تعلیم پرتوجہ دے رہے ہیں.
تفصیلات کے مطابق وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے بزنس ایجوکیشن کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ حصول علم سماجی اورذہنی نشوونما کا باعث بنتا ہے ، تعلیم کے بغیرمعاشرے کی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے ہیں،ماضی میں تعلیم پرمناسب سرمایہ کاری نہیں کی گئی نہ ہی ملک کی پیداواری ضروریات پرتوجہ نہیں دی گئی ، انہوں نے کہا کہ ملک کواقتصادی طور پرکامیاب بنانےکیلئے تعلیم پرتوجہ دے رہے ہیں.
بزنس ایجوکیشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 1999میں وزیراعظم نوازشریف نےتعلیمی اصلاحات پیش کیں، تاہم پی ایم ایل این کے بعد آنے والی حکومتوں نے اس جانب توجہ ہی نہیں دی ، انہوں نے کہا کہ 2013 تک ماضی کی حکومتوں نےملکی برآمدات پر بھی توجہ نہیں دی، توانائی کاشعبہ یکسرنظراندازکیا گیا، جس سے صنعتیں بند ہوگئیں اور ملک اندھیروں میں ڈوب گیا۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ اور قومی اسمبلی کی لڑائی سوشل میڈیا تک جا پہنچی، عابد شیرعلی نے ٹویٹرپرعمران خان اور شاہ محمودقریشی کودھمکی دے ڈالی.
تفصیلات کے مطابق عابد شیر علی نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ پر شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں آپ اورعمران خان میرے ریڈارپرہوں گے، انہوں نے سوشل میڈیا کہ ذریعے پی ٹی آئی کو کمربستہ رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے شیروں کا مقابلہ کرنے کو تیار ہوجاؤ.
You and Imran would be on my radar in NA session. Get ready to face PML-N Lions !!! https://t.co/5ko8QmK5VX
دوسری جانب تحریک انصاف نے عابد شیر علی کے ٹویٹ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ردعمل کا اظہار کیا کہ عابد شیرعلی کی جانب سے جاری بیان کی مذمت کرتے ہیں، مسلم لیگ ن کا تشدد اور بدتمیزی پر اتر آنا شرمناک ہے.
ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس نے مسلم لیگ ن کی کرپشن ہی نہیں بلکہ ان کے اندر چھپے سفاک آمرکو بھی بے نقاب کردیا ہے،مسلم لیگ ن نے ہرجگہ انصاف کے دروازے بند کردیئے ہیں ، انہوں نے عابد شیر علی کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان لوگوں کے مقابلے کے لئے تیار ہیں.
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہےعمران خان اپنے سپاہیوں کے ساتھ میدان میں کھڑےہیں ،انہوں نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمان کو آلائشوں سے پاک کرکے دم لیں گے.