Tag: PMLN

  • آصف زرداری مردِ آہن ہیں، نعیم الحق

    آصف زرداری مردِ آہن ہیں، نعیم الحق

    لاہور: تحریک انصاف کےترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری پی پی کے مرد آہن ہیں ، وطن واپسی اُن کا حق ہے۔

    ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے آصف زرداری کو پیپلز پارٹی کا مرد آہن قراردید دیتے ہوئے کہا ہے کہ  وطن واپسی زرداری کا حق ہے ، وہ جہاں رہیں پارٹی پر اُن کا ہی کنٹرول ہے۔

    پڑھیں: ’’ آصف زرداری کی واپسی پر خوشی ہے، وزیراعظم ‘‘

    خیال رہے گزشتہ روز سابق صدر 18 ماہ کی خود ساختہ جلاوطنی کاٹ کر وطن واپس پہنچے ہیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے اُن کی وطن واپسی کو جمہوریت کے لیے مثبت اقدام قرار دیا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے سابق صدر کی واپسی پر نیک خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پارٹی کی کمان سنبھالنے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔

    مزید پڑھیں: ’’ سیاسی اداکاروں کے ذہن میں فتور ہے کہ میں بھاگ گیا ہوں، آصف علی زرداری ‘‘

    سابق صدر نے گزشتہ روز کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میری واپسی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ہے، میں ملک کے لیے نئی امیدیں لے کر آیا ہوں اور ہم ملک کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے‘‘۔

  • غریب کسانوں کا قطری شہزادوں کے خلاف احتجاج

    غریب کسانوں کا قطری شہزادوں کے خلاف احتجاج

    بھکر: تلور کا شکار کرنے پر کسانوں نے قطری شہزادے جاسم کی خیمہ بستی کے باہر پرامن احتجاج شروع کیا تو انتظامیہ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو طلب کرلیا جس کے بعد پولیس نے کسانوں پر شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا اور انہیں منتشر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھکر میں تلور کا شکار کرنے پر لوگ شہزادہ جاسم کی خیمہ بستی  پہنچے توپولیس مشتعل مظاہرین پر ٹوٹ پڑی اور ڈنڈے برسائے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔

    پولیس کی جانب سے کسانوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی،مقامی کسان جو  تلور کے شکار کے باعث فصلوں کی تباہی کا حساب لینے آئے تھے  وہ قطری شہزادے کے خیمے کے پاس سے ہٹ گیے۔


    یہ بھی پڑھیں: قطری شہزادے سو تلورشکارکرسکیں گے


    مظاہرین کا کہنا تھا کہ قطری شاہی خاندان کے بارہ افراد تلور کے شکار کے لیے اُن کی زمینوں پر موجود ہیں جس کے باعث ان کی فصلیں تباہ ہورہی ہیں‘ حکومت فوری طور پر شکار کا یہ عمل روکے۔

     قطری شہزادوں کے شکار کے خلاف آنے والے کسانوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھیاں برسائیں اور شیلنگ کی جس کے باعث کئی کسان زخمی ہوگئے۔

  • اسلام آباد میں فائرنگ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما جاں بحق

    اسلام آباد میں فائرنگ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما جاں بحق

    اسلام آباد: ستارہ مارکیٹ میں نامعلوم کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے مقامی رہنماء چوہدری نثار علی خان شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    نمائندہ اے آر وائی ذوالقرنین حیدر کے مطابق اسلام آباد تھانہ آبپارہ کی حدود میں واقع ستارہ مارکیٹ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کے مقامی رہنماء  شدید زخمی ہوئے۔

    فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے چوہدری نثار کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، اسپتال انتظامیہ نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کو چار گولیاں لگی تھیں۔

    تحریک انصاف کے رہنماء کی ہلاکت کے بعد ستارہ مارکیٹ کے تاجروں نے قریبی سڑک پر شدید احتجاج کیا اور سڑک پر ٹائر جلائے اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ تاجر کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

    فائرنگ کے بعد تھانہ آبپارہ کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ وہاں سے ملنے والے خول اور مقتول کا موبائل فون قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    پولیس نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جلد قاتلوں کو گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، دوسری جانب تاجر برادری نے واقعے کے خلاف مارکیٹ کی تمام دکانوں کو بند کردیا ہے۔

  • پنجاب میں ڈاکوراج، لیگی رکن اسمبلی لٹ گئے

    پنجاب میں ڈاکوراج، لیگی رکن اسمبلی لٹ گئے

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں ڈاکو راج اپنے عروج پر ہے، مسلح ملزمان نے مال روڈ پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنےمسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی پنجاب اکرام اللہ نیازی کو بھی لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں دندناتے ڈاکوؤں نے جہاں شہریوں کی ناک میں دم کر رکھا ہے وہیں اب ان سے حکومتی شخصیات بھی محفوظ نہیں ہیں، مال روڈ پر ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں رکن اسمبلی کو لوٹ لیا گیا۔

    مسلم لیگ ن کے ایم اپی اے کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر اُس وقت لوٹا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں واپس جارہے تھے۔ اکرام اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ ’’دورانِ سفر گاڑی ٹریفک سگنل پر رکی تو مسلح موٹر سائیکل سوار گاڑی کے پاس آئے اور موبائل فون نقدی چھین کر فرار ہوگئے‘‘۔


    پڑھیں: ’’ لاہور، سرِ عام لوگوں کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار ‘‘


    ڈکیتی کی واردات کے بعد لیگی ایم پی اے ایسے خوف زدہ ہوئے کہ میڈیا کو جواب بھی نہ دے سکے، بھکر سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ مسلح افراد موبائل اور 15 ہزار روپے لے کر فرار ہوگئے۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی لاہور نے ڈکیتی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائن کو فوری ملزمان کی گرفتاری کے احکامات دیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔


    مزید پڑھیں: ’’ لاہور: ٹارگٹ کلنگ اوراسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ‘‘


    خیال رہے کہ لاہور میں گزشتہ کئی دنوں سے ڈاکو راج کے باعث کئی افراد نقدی، موبائل فونز اور قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے ہیں۔

    دریں اثنا ڈکیتی کے معاملے میں پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی کو بھی نہیں بخشا اور چوری کی درخواست لکھ کر دستخط کرالیے۔

    انعام اللہ نیازی نے بتایا کہ میرے ساتھ گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی واردات ہوئی، 2 موٹر سائیکل سواروں نے گن پوائنٹ پر نقدی اور موبائل چھینا اور فرار ہوگئے،میری ڈکیتی کی درخواست پولیس نے لکھی جس پر میں نے اعتبار کرتے ہوئے دستخط کر دئیے۔

    انہوں نے  ایس پی کو ٹیلی فونک کیا اور گلہ کیا کہ ایس ایچ او زیادہ ہوشیار بن رہا ہے،شوکاز نوٹس سے بچنے کے لیے پولیس ڈکیتی کے بجائے چھینا جھپٹی کی ایف آئی آر دے دیتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر میرے ساتھ انصاف نہ ہوا تو پنجاب اسمبلی میں  تحریک استحقاق جمع کراؤں گا۔

  • پاناما سماعت ، کترینہ کیف کی دھوم

    پاناما سماعت ، کترینہ کیف کی دھوم

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے سماعت کے بعد کسی بھی قسم کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اداکارہ کترینہ کیف سے ملاقات کیے ہوئے بہت دن ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں سماعت کے بعد تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری سے عدالتی کارروائی اور دلائل کے حوالے سے سوالات کرنے شروع کیے تو انہوں نے کسی بھی قسم کا جواب دینے سے صاف انکار کردیا۔

    بعد ازاں صحافی نے تحریک انصاف کے وکیل سے  کہا کہ قطری شہزادے نہیں تو بھارتی اداکارہ کے کترینہ کیف کے حوالے سے بات کرلیں، صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں نعیم بخاری نے کہا کہ ’’بہت دن ہوگئے کترینہ سے ملاقات نہیں ہوئی‘‘۔


    پڑھیں: ’’ سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت6دسمبرتک ملتوی ‘‘


    نعیم بخاری کے جواب پر صحافی نے استفسار کیا کہ کہیں قطری شہزادے کے بعد کترینہ کیف کا خط تو نہیں آجائے گا؟ اس پر تحریک انصاف کے وکیل نے کہا ’’میرے جواب کی کوئی بھی تدبیر نکال لیں تاہم عدالتی کارروائی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کروں گا‘‘۔

    مزید پڑھیں: ’’ پی ٹی آئی پاناما کیس سیاسی طور پر جیت چکی ہے، عمران خان ‘‘


    خیال رہے افتخار محمد چوہدری کو دوہزار سات میں کھلا خط لکھ کر شہرت پانے والے نعیم بخاری اٹھارہ جون دوہزار سولہ کو پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی، حامد خان کی جانب سے پاناما کیس کی پیروی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے نعیم بخاری کو بطور وکیل منتخب کیا ہے۔

  • راحیل شریف کی حمایت، بھوک ہڑتال پر بیٹھا شخص انتقال کرگیا

    راحیل شریف کی حمایت، بھوک ہڑتال پر بیٹھا شخص انتقال کرگیا

    کراچی: سابق آرمی چیف راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے خلاف پریس کلب کے باہر تادم مرگ بھوک ہڑتال کرنے والے لطف امین شبلی آغا خان اسپتال میں انتقال کرگئے، اہل خانہ نے نمازِ جنازہ کل بعد نماز ظہر پریس کلب کے باہر ادا کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آرمی چیف سے اپنی محبت کا اظہار کرنے والے اور راحیل شریف کی مدتِ ملازمت کا مطالبہ کرنے والے کراچی کے رہائشی عمیم شبلی  گزشتہ  3 ہفتے سے پریس کلب کے تادمِ مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے تھے۔

    عمیم شبلی کا مطالبہ تھا کہ ’’سابق آرمی چیف راحیل شریف نے ملک کو کئی بحرانوں سے نکالا اور کرپشن کے خلاف اقدامات کیے اگر ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہیں کی گئی تو میں زندہ نہیں رہوں گا‘‘۔


    پڑھیں: ’’ قمرباجوہ آرمی چیف، زبیر حیات چیئرمین جوائنٹ چیفس مقرر ‘‘


     نمائندہ اے آر وائی ارباب چانڈیو کے مطابق جس روز نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا اعلان کیا گیا، اس دن مزدور رہنما لطف امین شبلی کی حالت بہت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    تین روز اسپتال میں داخل رہنے کے باوجود مزدور رہنماء کے اہل خانہ پریس کلب پر آکر اُن کے مشن کو جاری رکھے ہوئے تھے، اس دوران اُن کے 8 سالہ بچے نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ بڑا ہوکر راحیل شریف بننا چاہتا ہے اور اگر اُن کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ کی گئی اور میرے والد کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

    ameem-1

    دوسری جانب اہل خانہ نے مزدور رہنماء کے انتقال کی تصدیق کردی ہے جبکہ اُن کے بیٹے نے اعلان کیا ہے کہ کل بعد نماز ظہر لطف امین شبلی کا نماز جنازہ پریس کلب کے باہر ہی ادا کیا جائے گا۔

  • پنجاب کابینہ میں توسیع، 11 نئے وزرا شامل

    پنجاب کابینہ میں توسیع، 11 نئے وزرا شامل

    لاہور : پنجاب حکومت نے کابینہ میں ساڑھے تین سال بعد توسیع کرتے ہوئے 11 نئے وزرا کو شامل کرلیا گیا، کابینہ کا حصہ بننے والے نئے وزرا پیر کو اپنے نئے قلمدانوں کا حلف اٹھائیں گے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 11 افراد کو وزارتیں دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے حکومت میں دو معاونین خصوصی  اور 3 مشیروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی کابینہ میں خواجہ سلمان رفیق، شیخ علاؤالدین، منشاء اللہ بٹ، مہر اعجاز احمد، زعیم حسین قادری، نعیم خان بھابھہ، جہانگیر خانزادہ، نغمہ مشتار ، امان اللہ خان ، سید رضا گیلانی اور ملک احمد یار کو بطور وزیر شامل کیا گیا۔

    علاوہ ازیں ملک محمد احمد اور رانا محمد ارشد کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا معاونین خصوصی جبکہ خواجہ عمران نذیر ، رانا مقبول اور عزم الحق کو وزیر اعلیٰ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے کابینہ میں توسیع کا  نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے تاہم صوبائی حکومت نے وزراء کے قلمدانوں کی تفصیلات کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا۔

  • نئے آرمی چیف کی تقرری، سیاسی رہنماؤں کا خیرمقدم

    نئے آرمی چیف کی تقرری، سیاسی رہنماؤں کا خیرمقدم

    کراچی: سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے قمر باجوہ کو آرمی چیف بننے پر مبارک باد دی جبکہ سینیٹر مشاہد اللہ اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے جنرل راحیل شریف کی کارکردگی کو سراہا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دونوں افسران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نئے آرمی چیف کی تقرری کے اعلان کے بعد مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے خیرمقدمی بیانات سامنے آئے۔ سابق آرمی چیف اور صدر جنرل (ر) پرویزمشرف نے جنرل قمر باجوہ کو آرمی کی کمان سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہےکہ جنرل راحیل شریف کا دور بحیثیت سپہ سالا سنہری دور تھا اور یقین ہے کہ پاک فوج ان ہی پالیسیوں کے تسلسل کو برقرار رکھے گی جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشیدہ شاہ نے کہا کہ چند ہی آرمی چیف ہیں جنہوں نے توسیع نہیں لی۔

    اپوزیشن لیڈر نے اے آر وائی کے پروگرام سوال یہ ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راحیل شریف کی الگ ہی مثال ہے، راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے اپنی مدت ملازمت بہت اچھے طریقے سے  گزاری اور امید ہے کہ نئے آرمی چیف بھی اپنےدور کو بطریق احسن گزاریں گے۔


    * ’’ قمرباجوہ آرمی چیف، زبیر حیات چیئرمین جوائنٹ چیفس مقرر‘‘

     


    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نومنتخب آرمی چیف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ  وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے کہا کہ جنرل باجوہ انتہائی تجربہ کار اور شاندار شخصیت کے مالک ہیں ساتھ ہی انہوں نے زبیر محمود حیات کو بھی مبارک باد پیش کی۔

     مزید پڑھیں: ’’ نئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی خدمات ‘‘


    پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر تقرری کی مبارک بادپیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’نئے آرمی چیف کے پاس وسیع تجربہ اور اہلیت ہے، جو پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں مددگار ثابت ہو گا۔

    اسی سے متعلق : ’’ وزیراعظم سےجنرلز قمر باجوہ اور زبیر حیات کی ملاقات ‘‘


    مصطفیٰ کمال نے جنرل زبیر محمود حیات کو  چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے عہدے پر تقرری کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا، ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک سرزمین پارٹی اور پوری قوم ہر کڑے اور مشکل وقت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے نئی عسکری قیادت کے ناموں کا اعلان سامنے آنے کے بعد نومنتخب آرمی چیف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ مذہبی انتہاء پسندوں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں گے۔

  • عمران خان کے پاس ثبوت نہیں، وہ قوم کو سچ بتائیں ، لیگی رہنما

    عمران خان کے پاس ثبوت نہیں، وہ قوم کو سچ بتائیں ، لیگی رہنما

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان الزامات کی سیاست چھوڑ کر شواہد کی سیاست پر آجائیں پی ٹی آئی وکیل نے سپریم کورٹ میں تسلیم کیا کہ ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں۔

    اسلام آباد میں دانیال عزیر اور محسن رانجھا کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے نجکاری کاکہنا تھا کہ عمران خان جواب دیں کہ انھوں نے 23 سال تک اپنی آف شور کمپنی اور فلیٹ کو چھپا کر کیوں رکھا ۔

    انھوں نے کہاکہ عمران خان کی جانب سے حضرت عمر فاروق کی مثالیں دی جاتی ہیں مگر حضرت عمر فاروق نے آف شور کمپنی چھپا کر نہیں رکھی تھی انھوں نے کہاکہ عمران خان سے آف شور کمپنی کا پوچھا جاتا ہے مگر وہ بتاتے ہیں کہ وہ کرکٹ کھیلتے تھے عمران خان اپنی مالی بے ضابطگیوں کی وضاحت کریں۔


    پڑھیں:  پاناما لیکس: سپریم کورٹ کاتمام فریقین کو15نومبرتک دستاویزات جمع کرنے کا حکم


    محمد زبیر نے کہاکہ تحریک انصاف کے وکیل نے سپریم کورٹ میں خود تسلیم کیا کہ اُن کے پاس پاناما لیکس اور کرپشن کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں ہیں۔ اب  عمران خان بھی قوم کو سچ بتادیں کہ ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں جبکہ مسلم لیگ ن منگل کے روز سپریم کورٹ میں تمام شواہد جمع کروادے گی۔

    مزید پڑھیں: چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری اچانک چین روانہ


    لیگی رہنماء دانیال عزیز نے کہا کہ اب کرپشن کرنے والوں کا احتساب ہو کر رہے گا اور ہم پی ٹی آئی کے لوگوں کو پکڑ پکڑ  کر عدالت اور قوم کے سامنے لائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مریم نواز  وزیر اعظم کی زیر کفالت نہیں ہیں مگرسب کو نظر آرہا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان جہانگیر ترین کے زیر کفالت ہیں اور ان کے بغیر شاید انھیں کوئی ایک لیٹرڈیزل بھی نہ دے ۔

    ان کاکہنا تھاکہ عمران خان نے نیا پاکستان بنانا ہے تو وہ سکرپٹ بھی نیا لے کر آئیں ۔

  • کرپشن کے شواہد اکھٹے کیے جائیں، عمران خان کی ہدایت

    کرپشن کے شواہد اکھٹے کیے جائیں، عمران خان کی ہدایت

    اسلام آباد: چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو پانامہ لیکس کے معاملے پر جارحانہ انداز اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ن لیگ پر خاص نظر رکھنے اور کرپشن کے ثبوت اکھٹے کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی قیادت کا اہم اجلاس بنی گالا میں منعقد ہوا، جس میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت پانامہ لیکس کے معاملے اور ملکی سیاسی صورت حال سمیت این اے 110 کے کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


    پڑھیں: وزیراعظم کابینہ کوبائی پاس نہیں کرسکتے،سپریم کورٹ


     اجلاس میں جہانگیر ترین، پرویز خٹک، شیریں مزاری، اسد قیصر اور دیگر رہنماء شریک ہوئے،اس موقع نعیم بخاری، اسحاق خاکوانی اور بابر اعوان پر مشتمل قانونی ٹیم نے عمران خان کو پانامہ کیس پر بریفنگ دی۔

    ذرائع کے مطابق عمران خان نے رہنماوں کو پانامہ معاملے پر پارٹی موقف بھرپور اور جارحانہ انداز میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکمراں جماعت کی کرپشن کے ریکارڈز اور شواہد اکٹھے کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔


    مزید پڑھیں: پانامہ لیکس کیس ، سپریم کورٹ کا فریقین سے تحریری جواب طلب


    اجلاس میں مسلم لیگ ن کی کرپشن کے حوالے سے شواہد اکھٹے کرنے کے معاملے پر تمام اراکین نے ابتدائی طور پر نندی پور پاور پراجیکٹ میں کرپشن کا ریکارڈ حاصل کرنے کا مشورہ دیا جس کے بعد چیئرمین نے اس منصوبے پر ہونے والی کرپشن کے ثبوت اکھٹے کرنے کی منظوری دی۔