Tag: pm’s statement

  • نئی مردم شماری پر وزیراعظم کا بیان پیپلزپارٹی نے مسترد کردیا

    نئی مردم شماری پر وزیراعظم کا بیان پیپلزپارٹی نے مسترد کردیا

    لاہور : پیپلزپارٹی نے نئی مردم شماری پر وزیراعظم شہباز شریف کا بیان مسترد کردیا، پی پی رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ان کا بیان ناقص سیاسی سوجھ بوجھ کی عکاسی ہے۔

    اس حوالے سے جنرل سیکریٹری پی پی پنجاب حسن مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا نئی مردم شماری سے متعلق عام انتخابات کا بیان ان کی ذہنی اختراع اور ناقص سیاسی سوجھ بوجھ کی عکاسی کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری کے مطابق انتخابات کا بیان افسوسناک ہے، لگتاہے وزیراعظم عام انتخابات کے انعقاد میں مزید تاخیر چاہتے ہیں۔

    پی پی پنجاب کے مرکزی عہدیدار کا کہنا تھا کہ انتخابات میں تاخیری حربے استعمال کرنا مسلم لیگ ن کی سیاسی سوچ کا مظہر ہے۔

    حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ہمارامطالبہ ہے کہ فی الفور شفاف انتخابات کی راہ ہموار کی جائے، پیپلزپارٹی ماورائے آئین فیصلوں کا کسی صورت حصہ نہیں بنے گی۔

    حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ افسوسناک ہے

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما فیصل کریم کنڈی نے اس حوالے سے کہا تھا کہ حکومت کو آرٹیکل 51 تھری میں ترمیم کرنا پڑے گی، کیا آئین میں تبدیلی کے لیے ان کے پاس دو تہائی اکثریت ہے؟

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مؤقف ہے کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، سمجھ نہیں آرہا کہ سیاسی جماعتیں کیوں الیکشن سے بھاگ رہی ہیں، 6 یا 9 ماہ بھاگنے کے بعد آپ کے پاس کیا کوئی نئی چیز آجائے گی، حکومت کو چاہئے کہ الیکشن میں جائے۔

  • ’’ فضل الرحمان بارہویں کھلاڑی نہیں، اپوزیشن اور پی ڈی ایم کے کپتان ہیں‘‘

    ’’ فضل الرحمان بارہویں کھلاڑی نہیں، اپوزیشن اور پی ڈی ایم کے کپتان ہیں‘‘

    پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ فضل الرحمٰن بارہویں کھلاڑی نہیں بلکہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم کے کپتان ہیں۔

    پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے عمران خان کی جانب سے فضل الرحمٰن کو سیاست کا بارھویں کھلاڑی قرار دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فضل الرحمان بارہویں کھلاڑی نہیں بلکہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم کے کپتان ہیں۔

    ترجمان پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ عمران خان آپ کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے، بہتر ہے کہ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے ہاتھ میں استعفیٰ دینے کے سوا کوئی اور کارڈ نہیں ہے کیونکہ وہ اکثریت کھوچکے ہیں, عمران خان کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے اور آئین کے مطابق وہ وزیراعظم بھی نہیں رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

    عمران خان نے کہا تھا کہ نیوٹرل والی بات کا غلط مطلب لیا گیا، کسی سے کوئی دوریاں نہیں ، آرمی چیف سے دوریوں کی بات غلط ہے، کیا لڑائی سے پہلے ہاتھ کھڑے کردوں ؟ مولانا فضل الرحمان سیاست کے 12ویں کھلاڑی ہیں، عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا،چوہدری نثار سے ملاقات ہوچکی ہے، ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کو سرپرائز ملے گا اور ووٹنگ سے ایک دن پہلے میرا کارڈ سامنے آئے گا۔