Tag: POLAND

  • تیز رفتار ٹرین کی ٹکر سے وین تباہ، ڈرائیور محفوظ، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    تیز رفتار ٹرین کی ٹکر سے وین تباہ، ڈرائیور محفوظ، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    (8 اگست 2025): مشرقی یورپی ملک میں مسافر ٹرین کی زد میں کار آگئی جس کی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشرقی یورپی ملک پولینڈ کے ایک گاؤں وولا فلیپوفسکا میں ایک تیز رفتار ٹرین سے وین ٹکرا گئی تاہم ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وین کا ڈرائیور ٹریفک لائٹ کے رکنے کے اشارے کے باوجود ریلوے ٹریک کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    اس دوران بیریئرز نیچے آنے پر وین پھنس گئی اور اسی اثنا میں ٹرین قریب آئی گئی تو ڈرائیور پریشانی میں وین کو پٹریوں کے کنارے کی طرف موڑنے لگا۔

    لیکن مسافر بردار ٹرین وین سے جا ٹکرائی اور وین کے پرخچے اڑ گئے تاہم معجزانہ طور پر وین ڈرائیور محفوظ رہا جس کی دل دہلا دینے ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

  • پولینڈ کے فلائنگ کلب سے ہتھیاروں کے 8 کنٹینرز پکڑے گئے، اسکینڈل قرار

    پولینڈ کے فلائنگ کلب سے ہتھیاروں کے 8 کنٹینرز پکڑے گئے، اسکینڈل قرار

    وارسا: یوکرین کی سرحد کے قریب پولینڈ کے ایک فلائنگ کلب سے ہتھیاروں کے 8 کنٹینرز برآمد ہوئے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق یوکرین کی سرحد کے قریب پولینڈ کے ایک گاؤں میں گولہ بارود اور ہتھیاروں سے بھرے کنٹینرز ملے ہیں، پولینڈ حکام نے بدھ کو بتایا کہ یہ ممکنہ طور پر ایک نجی کمپنی کا ذخیرہ ہے جسے یوکرین پہنچایا جا رہا تھا۔

    نجی نشریاتی ادارے ٹی وی ریپبلیکا نے اطلاع دی تھی کہ لاسزکی گاؤں میں ایک فضائی پٹی سے آٹھ کنٹینرز ملے ہیں جن میں ہتھیار ہیں، کنٹینرز میں اینٹی ایئر کرافٹ ہتھیار ہیں جو یوکرین بھیجے جانے تھے، ہتھیاروں کی ترسیل نامعلوم وجوہ پر رک گئی تھی۔

    پولینڈ کی وزارت دفاع نے X پر کہا ’’پوڈکرپیسی کے علاقے میں لاسزکی قصبے میں ملنے والے گولہ بارود اور ہتھیاروں کے حامل کنٹینرز پولینڈ کی فوج کی ملکیت نہیں ہیں، متعلقہ حکام علاقے اور ہتھیاروں کو محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔‘‘


    بڑا سائبر حملہ، یوکرین نے روس کے طیارہ ساز ادارے کا خفیہ ڈیٹا چوری کر لیا


    وزارت داخلہ کے ترجمان جیک ڈوبرزینسکی نے میڈیا کو بتایا کہ پکڑے گئے ہتھیار طیارہ شکن ہیں، اور یہ ایک نجی کمپنی کے اسٹاک کا حصہ تھے اور شاید انھیں یوکرین کے حوالے کیا جانا تھا۔ انھوں نے کہا کہ خطرناک ہتھیاروں کی صحیح طریقے سے نگرانی نہیں کی گئی اور یہ ایک ’’اسکینڈل‘‘ بن گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پولینڈ روس کے 2022 کے حملے کے بعد سے یوکرین کو فوجی امداد کی ترسیل کا ایک اہم مرکز بنا ہوا ہے۔ ادھر روسی فوج نے یوکرین پر حملوں میں جنگلی جانوروں کو بم بنا کر ڈرون سے چھوڑنا شروع کر دیا ہے، جانوروں کی لاشوں میں بم نصب کر کے ڈرون کے ذریعے مخصوص مقامات پر گرایا جاتا ہے۔

  • ویڈیو: دل دہلا دینے والی آگ نے پولینڈ کے بڑے شاپنگ سینٹر کو دیکھتے ہی دیکھتے خاکستر کر دیا

    ویڈیو: دل دہلا دینے والی آگ نے پولینڈ کے بڑے شاپنگ سینٹر کو دیکھتے ہی دیکھتے خاکستر کر دیا

    وارسا: یورپی ملک پولینڈ کے مرکزی شہر وارسا میں دل دہلا دینے والی آگ نے ایک بڑے شاپنگ سینٹر کو دیکھتے ہی دیکھتے خاکستر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے ایک شاپنگ سینٹر میں آتش زدگی سے تمام 1400 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں، خوف ناک آگ بھڑک اٹھنے کے بعد تیزی سے پھیلتی چلی گئی۔

    بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ نے پورے شاپنگ سینٹر کو لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں متعدد کمرشل یونٹس جل کر خاکستر ہو گئے، کالے دھوئیں والے بڑے بڑے شعلے وسیع علاقے پر اٹھتے دیکھے گئے، آگ بجھانے کے عمل میں 200 فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ’’میری وِلسکا 44‘‘ نامی شاپنگ کمپلیکس میں چودہ سو دکانیں اور سروس آؤٹ لیٹس واقع تھیں اور آتشزدگی کے واقعے میں تمام دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی ہیں، شاپنگ مال کے زیادہ تر دکان داروں کا تعلق ویتنام سے ہے۔ آگ کے نتیجے میں شاپنگ کمپلیکس کا 80 فی صد سے زیادہ حصہ جل گیا اور چھت بھی ڈھ گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے تاہم تاجر اپنی روزی روٹی کے نقصان پر مایوسی کا شکار ہیں، کچھ ویتنامی دکان دار کمپلیکس سے اپنا سامان بچانے کے لیے داخل ہونا چاہتے تھے لیکن سیکیورٹی گارڈز نے انہیں روک دیا۔

    پولینڈ میں ویت نامی تاجروں کی ایسوسی ایشن نے واقعے کو ہزاروں تاجروں اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک ہولناک سانحہ قرار دے دیا ہے۔ وارسا پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے آگ لگنے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، ابھی تک اس کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔

  • پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت میں اضافہ، مزید مواقع

    پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت میں اضافہ، مزید مواقع

    اسلام آباد: پولینڈ کے سفیر میکائج پسارسکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارتی حجم 723 ملین یورو سے بڑھ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں پولینڈ کے سفیر میکائج پسارسکی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم بڑھ کر 723 ملین یورو سے زائد ہو گیا ہے۔

    انھوں نے کہا دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ اور زراعت کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

    پولینڈ کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ پولینڈ کو تقریباً نصف بلین یورو کے بھاری تجارتی خسارے کا سامنا ہے کیوں کہ ٹیکسٹائل، کھیلوں کے لباس، کھانے پینے کی اشیا اور چمڑے کی مصنوعات میں پاکستانی برآمدات بہت زیادہ ہیں، جب کہ پولینڈ کی برآمدات کم ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ یہ زیادہ تر جی ایس پی پلس تجارتی طریقہ کار کے متعارف ہونے کی وجہ سے ہے، جس سے یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات کی اجازت ملی ہے۔

    سفیر میکائج پسارسکی نے کہا کہ پولینڈ پاکستان کے لیے تیزی سے ترقی کرنے والی برآمدی منڈیوں میں سے ایک ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس پولینڈ اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔

    سفیر کے مطابق پولینڈ کی تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں نے گزشتہ 25 سال کے دوران پاکستان میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، پولش کمپنیوں نے گیس کی تلاش میں 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور وہ مزید کام کرنے کو تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر پولش کمپنیاں پاکستان میں مزید گیس تلاش کریں گی تو یہ درآمد شدہ گیس سے تین گنا سستی ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ پولینڈ کی کمپنیوں کی جانب سے دریافت کی گئی گیس پاکستان میں مقامی صارفین کو فروخت کی جا رہی ہے کیوں کہ یہ پولینڈ کے اقتصادی تعاون کا ایک اہم پہلو ہے۔

  • میزائل یوکرین سے داغا گیا، تصدیق ہونے کے بعد پولینڈ کے صدر کا رد عمل

    میزائل یوکرین سے داغا گیا، تصدیق ہونے کے بعد پولینڈ کے صدر کا رد عمل

    وارسا: اس بات کی تصدیق ہونے کے بعد کہ میزائل یوکرین سے داغا گیا، پولینڈ کے صدر نے اسے حادثہ قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولینڈ کے صدر نے اپنے ملک میں میزائل گرنے کو حادثہ قرار دے دیا، دوسری طرف یوکرین نے بھی اس سلسلے میں تحقیقات میں مکمل تعاون کا اعلان کر دیا ہے۔

    ابتدائی طور پر اس حادثے کا ذمہ دار روس کو سمجھا جا رہا تھا، پولینڈ اور نیٹو حکام نے بغیر تحقیقات کے روس پر الزام دھر دیا تھا، جب کہ روس نے حملے کی تردید کر دی تھی۔

    تحقیقات کے بعد آخر کار امریکا اور نیٹو ممالک بھی مان گئے کہ پولینڈ میں گرنے والا میزائل روس سے نہیں بلکہ یوکرین سے فائر ہوا، اس سے قبل نیٹو حکام نے کہا تھا کہ پولینڈ کے میزائل حملے کا ذمہ دار روس ہے، جب کہ امریکی حکام نے بھی بالواسطہ طور پر یہی کہنے کی کوشش کی، حکام نے کہا کہ پولینڈ میں گرنے والا میزائل یوکرین کی افواج نے آنے والے روسی میزائل پر داغا تھا۔

    روس یا یوکرین : پولینڈ پر میزائل کس نے مارا؟ اہم انکشاف

    واضح رہے کہ پولیںڈ میں میزائل گرنے سے دو افراد ہلاک ہوئے تھے، خبر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر روس کے خلاف ایک طوفانی مہم شروع ہو گئی تھی۔

  • روسی اشیاء پر پابندی، کیا پولینڈ "یوٹرین” لینے جارہا ہے؟

    روسی اشیاء پر پابندی، کیا پولینڈ "یوٹرین” لینے جارہا ہے؟

    وارسا : پولینڈ کی پارلیمنٹ کے شہری اتحاد کے رکن پاؤل پونسیل جوز نے سرکاری ریڈیو کو بتایا ہے کہ پولینڈ کی حکومت نے روسی کوئلے پر پابندی لگانے میں بہت جلدی کی تھی، ان کی رائے میں سپلائی میں اچانک کمی سے عام آدمی کو نقصان پہنچے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج یہ ایک مسئلہ ہے اس طرح کے بنیاد پرست فیصلے بہت جلد بازی میں کیے گئے تھے، اس کے لیے قدرے سکون سے فیصلہ کرنا ضروری تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ملک کے لیے جو برسوں سے روسی کوئلے کی درآمدات میں اضافہ کر رہا ہے اور اس کا انحصار بھی روسی کوئلے پر تھا کی اچانک مکمل طور پر سپلائی بند کرنا بہت ہی غلط اور جلد بازی میں لیا گیا فیصلہ تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک انتہا سے دوسری انتہا کی طرف بڑھ رہے ہیں، حالیہ برسوں میں حکومتی فیصلے اس حقیقت کا باعث بنے ہیں کہ ہم نے روس سے کوئلے کی درآمد کو 10 ملین ٹن سے تجاوز کر دیا ہے۔

    اب ہمارے ہاں روس سے درآمدات میں اچانک کٹوتی ہوئی ہے جو کہ کسی حد تک روس کے لیے نقصان دہ ہے لیکن اس سے کہیں زیادہ پولش شہریوں کے لیے نقصان دہ ہیں جن کے پاس کوئلے سے چلنے والے چولہے ہیں۔

  • برطانیہ کا پولینڈ میں جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرنے کا بڑا اعلان

    برطانیہ کا پولینڈ میں جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرنے کا بڑا اعلان

    وارسا: برطانیہ نے پولینڈ میں جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس نے کہا ہے کہ برطانیہ پولینڈ میں اسکائی سیبر میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرے گا۔

    وزیر دفاع نے جمعرات کو وارسا کے دورے کے موقع پر کہا برطانیہ اپنا اسکائی سیبر میزائل سسٹم پولینڈ میں اس لیے نصب کر رہا ہے، کیوں کہ یوکرین پر روس کے حملے کے پیش نظر نیٹو اپنے مشرقی حصے کی حفاظت کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔

    برطانیہ اس میزائل دفاعی نظام کے سلسلے میں پہلے کہ چکا ہے کہ یہ نظام آواز کی رفتار سے سفر کرنے والی ٹینس گیند کے سائز کی چیز کو بھی ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    بین ویلیس نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہم درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے اینٹی ایئر میزائل سسٹم ‘اسکائی سیبر’ کو ایک سو اہل کاروں کے ساتھ پولینڈ میں نصب کرنے جا رہے ہیں، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہم پولینڈ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور روس کی طرف سے کسی بھی جارحیت سے اس کی فضائی حدود کی حفاظت کر سکیں۔

    مغرب کا غلبہ خطرے میں پڑ گیا، روسی صدر کا بڑا اعلان

    پولینڈ کے دارالحکومت کے دورے کے دوران سیکریٹری دفاع نے کہا نیٹو اور برطانیہ کے ایک بہت پرانے اتحادی کے طور پر برطانیہ پولینڈ کے ساتھ کھڑا ہے، اس جنگ کے نتیجے کا زیادہ تر بوجھ پولینڈ اٹھا رہا ہے، اور وہ روس کی طرف سے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بہادری کے ساتھ کھڑا ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ترجمان نے اس بارے میں کہا ہے کہ یہ میزائل سسٹم پولینڈ کی حکومت کی درخواست پر بھجوایا جا رہا ہے اور یہ ہر وقت برطانوی افواج کے کنٹرول میں رہے گا۔ ترجمان نے کہا یہ خالصتاً دفاعی صلاحیت ہے، جو ہم پولینڈ کو دو طرفہ بنیادوں پر فراہم کر رہے ہیں۔

    ایٹم بم گرانے والا امریکا ہمیں نہ سکھائے، پیوٹن بہت عقل مند اور تعلیم یافتہ عالمی شخصیت ہیں: روس

    برطانیہ کی جانب سے یہ فیصلہ یوکرین کے شہر یاوریف میں ایک فوجی اڈے پر روسی میزائلوں کے حملے کے بعد آیا ہے، جو پولینڈ کی سرحد سے چند ہی میل دور ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین سے فرار ہونے والے 30 لاکھ سے زائد پناہ گزینوں میں سے تقریباً 2 ملین پولینڈ پہنچ چکے ہیں۔

  • یوکرین سے پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے پی آئی اے نے پروازیں ترتیب دے دیں

    یوکرین سے پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے پی آئی اے نے پروازیں ترتیب دے دیں

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے دیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے لی گئی ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار کو پہلی 2 پروازیں پاکستانی طلبا کو لینے پولینڈ روانہ ہوں گی، پولینڈ سے طلبا کو بحفاظت ان کے آبائی شہروں تک پہنچایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یوکرین پولینڈ سرحد کے قریب شہروں خصوصاً لبلن ایئرپورٹ پر انتظامات ناکافی ہیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔

    دوسری جانب پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل (ر) ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے خصوصی پروازوں کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گا۔

    ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو گھروں تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جب بھی ملک کو ضرورت پڑتی ہے پی آئی اے پہلے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2 ہزار سے زائد طلبا اور ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے خصوصی آپریشن کے لیے تیار ہیں، پی آئی اے یوکرین میں پاکستانی سفیر سے مسلسل رابطے میں ہے۔

  • کتوں اور گھوڑوں کے لیے پنشن کی منظوری

    کتوں اور گھوڑوں کے لیے پنشن کی منظوری

    وارسا: پولینڈ میں سرکاری خدمات انجام دے کر ریٹائر ہونے والے کتوں اور گھوڑوں کو پنشن دینے کا فیصلہ کر لیا گیا، پنشن کی حد 600 سے 1400 ڈالر تک ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پولینڈ میں سرکاری طور پر خدمات سر انجام دینے والے کتوں اور گھوڑوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پولش وزیر داخلہ ماریوس کامینسکی کا کہنا ہے کہ یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ جن جانوروں نے ہماری کئی خطرناک مجرم پکڑنے اور کئی اہلکاروں کی جان بچانے میں مدد کی انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد مالی امداد بھی دی جائے۔

    رپورٹ کے مطابق اس نئے قانون سے پولینڈ میں 12 سو کے قریب کتے اور 60 گھوڑے مستفید ہوں گے، وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہر سال جرمن اور بیلجیئم شیفرڈ کی 10 فیصد تعداد ریٹائر ہو جاتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ریٹائر ہونے والے کتوں کا علاج ان کے مالک کو بہت مہنگا پڑتا ہے جس کے لیے یہ پنشن بہت اہم کردار کرے گی، وزیر نے مزید بتایا کہ دونوں جانوروں کو دی جانے والی پنشن کی حد 600 سے 1400 ڈالر تک ہوگی۔

  • سنہرے مستقبل کا خواب سجائے بیرون ملک جانے والوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    سنہرے مستقبل کا خواب سجائے بیرون ملک جانے والوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    وارسا : روزگار کے سلسلے میں پولینڈ سے میکسیکو جانے والے نوجوانوں کے دھوکے سے جسمانی اعضاء نکال لیے گئے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

    پولینڈ کے دارالحکومت وارسا سے گزشتہ روز ملنے والی رپورٹ کے مطابق ان جرائم کی اطلاع پولستانی نیوز ویب سائٹ نے دی اور ملکی وزارت خارجہ نے بھی ایک شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں روزگار کے لیے میکسیکو گئے تھے اور ان کی عمریں20 اور22سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق میکسیکو میں ان پولش باشندوں کے جسمانی اعضاء نکال لیے گئے جس کے نتیجے میں ایک نوجوان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسرا نوجوان اسپتال میں کوما میں ہے۔

    متعلقہ حکام نے اس سارے معاملے کی مزید کوئی تفصیلات بتائے بغیر یہ بھی کہا ہے کہ ان دونوں نوجوانوں کے ساتھ میکسیکو  جانے والا ان ہی کا ایک ہم عمر تیسرا نوجوان واپس پولینڈ آچکا ہے۔

    اس واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد میکسیکو حکومت کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ نیوز ویب سائٹ کے مطابق پولینڈ کے جس نوجوان شہری کا میکسیکو میں انتقال ہو گیا، اس کے اہل خانہ کو اس کی موت کی اطلاع گزشتہ ہفتے ملی تھی۔

    واضح رہے کہ میکسیکو براعظم شمالی امریکا کا ایک ایسا ملک ہے جہاں جان لیوا جرائم کی شرح بہت زیادہ ہے۔ اس ملک کی آبادی 126ملین کے قریب ہے اور وہاں روزانہ تقریبا 100 افراد قتل کر دیئے جاتے ہیں۔

    اس ملک میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کی تعداد کافی زیادہ ہے اور حالیہ برسوں میں یہ جرائم پیشہ گروہ منشیات کے اپنے روایتی غیر قانونی کاروبار کے ساتھ ساتھ پیوند کاری کے لیے استعمال ہونے والے انسانی جسمانی اعضاء کا غیر قانونی کاروبار بھی کرتے ہیں۔