Tag: Police

  • کراچی : ڈاکوؤں نے غریب فوڈ رائیڈر کو بھی نہ بخشا

    کراچی : ڈاکوؤں نے غریب فوڈ رائیڈر کو بھی نہ بخشا

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کا راج برقرار ہے دن دہاڑے لوگ اپنی قیمتی اشیا اور نقدی سے محروم کردیے جاتے ہیں۔ گزشتہ رات بھی ڈاکوؤں نے ایک فوڈ رائیڈر سے اس کا موبائل فون چھین لیا۔

    نقاب پوش ڈاکوؤں نے فوڈ رائیڈر کو لوٹ لیا، متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ میرا سارا کام ہی موبائل فون سے چلتا ہے، اب کیا کروں گا؟

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں شاہراہ فیصل صدر تھانے کے قریب فوڈ رائیڈر سے ڈکیتی کی واردات کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    ایف ٹی سی پل کے نیچے کھڑا ایک فوڈ رائیڈر اپنے موبائل پر لوکیشن چیک کررہا تھا کہ اس دوران پیچھے سے ایک موٹر سائیکل پر 3 ملزمان آئے۔

    ایک موٹرسائیکل سوار ڈاکو نے اس کا موبائل فون چھینا اور فرار ہوگیا، متاثرہ شہری نے بتایا کہ صدر پولیس واقعے کا مقدمہ درج کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔

    دوسری جانب اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    متاثرہ شہری نے کا دکھی انداز میں بتایا کہ میں لیاری کا رہائشی ہوں گزشتہ دو سال سے فوڈ رائیڈر کا کام کر رہا ہوں، میرا سارا کام موبائل فون سے چلتا ہے اب کیا کروں گا؟

    مزید پڑھیں : کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سرجانی پولیس نے تیسر ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان میں حیات اللہ اور شہاب شامل ہیں، کارروائی کے دوران ملزمان ارشد، اقرار اور رضوان لمبا فرار ہوگئے۔

  • کچے کے ڈاکو : گولی میرے سر میں لگی لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !! اہلکار کی جذباتی گفتگو

    کچے کے ڈاکو : گولی میرے سر میں لگی لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !! اہلکار کی جذباتی گفتگو

    پنجاب اور سندھ کے دریائی علاقوں میں ڈاکوؤں کی پناہ گاہیں کئی دہائیوں سے موجود ہیں، جنہیں کچے کے ڈاکو کہا جاتا ہے۔

    ان میں رحیم یار خان دیگر کی نسبت زیادہ خطرناک علاقہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہاں ڈاکو انتہائی دیدہ دلیری سے اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرتے ہیں۔

    ان ڈاکوؤں کیخلاف اب تک ایسا فیصلہ کن آپریشن کیوں نہ کیا گیا کہ ان کی مکمل بیخ کنی اور سرکوبی کی جاسکے اس قسم اور دیگر سوالات بھی ہیں جو عوام کے ذہنوں میں گردش کررہے ہیں۔

    ان ہی سوالات کے جوابات کیلیے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے رحیم یار خان جا کر ڈی پی او عرفان سموں سے ملاقات کی اور ان سے کچے کے علاقے اور اس کے ڈاکوؤں سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔

    انہوں نے بتایا کہ کچے کا علاقہ دریاؤں کے کنارے واقع ہوتا ہے، خاص طور پر سندھ اور پنجاب کے علاقوں میں۔ یہ علاقہ ہموار اور زرخیز ہوتا ہے لیکن بارشوں کے موسم میں سیلاب کی زد میں آسکتا ہے۔

    مقابلے کے دوران ایک گولی میرے سر میں لگی لیکن ۔ ۔ ۔ ۔ پولیس اہلکار کا جذبہ قابل دید

    کچے کے علاقے میں ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس اہلکار کا جذبہ قابل دید تھا، ٹیم سرعام سے گفتگو کرتے ہوئے اس جانباز سپاہی نے بتایا کہ ہم اپنی ڈیوٹی جہاد سمجھ کر ادا کرتے ہیں، اہلکار نے بتایا کہ ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران ایک گولی میرے سر میں لگی اور دوسری مرتبہ سر پھٹ گیا تھا جس میں 17 ٹانکے آئے لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری اور آج بھی ڈیوٹی پر موجود ہوں۔ اہلکار نے بتایا کہ اس مقابلے میں پولیس کے 5 جوان شہید ہوئے تھے۔

    ڈی پی او عرفان سموں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران مختلف آپریشنز میں 33 ڈاکو ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں اس کے علاوہ وہ خطرناک ڈاکو جن کے سروں کی بھاری قیمتیں مقرر تھیں انہیں بھی بڑی تعداد میں گرفتار کیا گیا ہے۔

  • نیو کراچی : گھر سے پان فروش کی لاش برآمد

    نیو کراچی : گھر سے پان فروش کی لاش برآمد

    کراچی : شہر قائد کے علاقے نیو کراچی کے ایک گھر سے 27 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے مبینہ طور پر تشدد سے ہلاک کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیو کراچی سیکٹر فائیو جی میں واقع خضراء مسجد کے قریب ایک گھر سے 27 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکاروں نے لاش تحویل میں لے لی، متوفی کی شناخت محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے، لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق حسین اپنے چھوٹے بھائی سلمان کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا، سلمان نے بیان دیا ہے کہ صبح کام پر جاتے وقت بھائی حسین گھر میں سورہا تھا۔

    چھوٹے بھائی نے بتایا کہ جب شام کو کام سے واپس آیا تو حسین کی لاش کمرے میں پڑی ملی، حسین پان کا ٹھیہ لگاتا تھا اور غیر شادی شدہ تھا۔

    ابتدائی تحقیقات میں پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر لگتا ہے کہ حسین کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا ہے،
    تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے آنے کے بعد ہی واضح ہوگی۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے ملیر سٹی نادراآفس کے قریب چاقو کے وار سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، زخمی کی شناخت سعید احمد کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا، مزید تحقیقات جاری ہیں، جس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

  • کراچی : مشتعل شہریوں نے ڈاکو کو جان سے مار ڈالا، دوسرا زخمی

    کراچی : مشتعل شہریوں نے ڈاکو کو جان سے مار ڈالا، دوسرا زخمی

    کراچی : کورنگی میں شہریوں نے دو ڈاکوؤں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، مشتعل افراد نے ڈاکوؤں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

    اے آر وائی وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی ساڑھے3نمبر کے قریب دو ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ موقع پر موجود لوگونے دونوں ڈاکوؤں کو پکڑ لیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشتعل شہریوں کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔

    اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ہلاک و زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت محمد علی اور زخمی کی فیصل کے نام سے ہوئی ہے، زخمی ملزم کے قبضے سے موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ قریب موجود لوگوں نے دونوں ڈاکوؤں پر قابو پالیا اور پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

  • کراچی میں دو مختلف مبینہ پولیس مقابلے، زخمیوں سمیت 4 ملزمان گرفتار

    کراچی میں دو مختلف مبینہ پولیس مقابلے، زخمیوں سمیت 4 ملزمان گرفتار

    شہر قائد میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان دو مختلف مقامات پر مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ڈیفنس فیز سیون شوکت خانم اسپتال کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان زخمی حالت میں پکڑے گئے، ملزمان عبدالوہاب اور سکندر کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    دوسری جانب جمشید کوارٹر پولیس نے تین ہٹی کے قریب دوطرفہ فائرنگ میں دو ملزم زخمی حالت میں پکڑلئے، ملزمان حماد اور فیضان سے اسلحہ، موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔

    گزشتہ دنوں نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں واقع شراب خانے میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی ٹیم نے مشتبہ موٹر سائیکل لفٹر کو روکنے کی کوشش کی، ملزم نے فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ کی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہو گیا۔

    پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت محمد حسن کے نام سے ہوئی تھی، جسے ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-alleged-police-encounter-news/

  • کراچی: فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

    کراچی: فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

    کراچی میں راشد منہاس روڈ پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں راشد منہاس روڈ پر اہلکار یوسف پلازہ تھانے کی حدود میں کشتی چوک پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

    پولیس کے مطابق زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ چل بسا، اہلکار شہر یار علی  اےوی ایل سی شریف آباد میں تعینات تھا۔

    زخمی اہلکار نے ابتدائی بیان میں بتایا تھاکہ اس کی جان کو خطرہ ہے، واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے یا ذاتی دشمنی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    دوسری جانب شکار پور ٹاؤن چک کے علاقے دل مہر میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوگیا، ایک گروہ کے ملزمان نے دوسرےگروپ کے 3 افراد کو فجر کی نماز کے دوران اغوا کیا۔

    اغوا کے بعد 2 افراد کو قتل اور 1 کو زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے، جاں بحق افراد میں خان محمد مہر اور عمر مہر شامل ہے جبکہ لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کرکے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون پولیس اہلکار جاں بحق

  • ویڈیو: سخی حسن پر پولیس اور ڈاکو کے درمیان فلمی سین، ڈکیت تاروں پر لٹک گیا

    ویڈیو: سخی حسن پر پولیس اور ڈاکو کے درمیان فلمی سین، ڈکیت تاروں پر لٹک گیا

    کراچی کے علاقے سخی حسن میں فلمی سین ہوگیا، رائیڈر سے موبائل فون چھیننے والا ڈاکو تاروں میں لٹک گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سخی حسن پر پولیس اور ڈاکو کے درمیان فلمی واقعہ پیش آیا جہاں بائیک رائیڈر سے موبائل فون چھیننے والا ڈاکو پل پر چڑھ گیا، ملزم نے پولیس کو پل سے چھلانگ لگانے کی دھمکی دی۔

     

    ملزم کو بھاگنےکا راستہ نہ ملا تو پل سے چھلانگ لگائی اور تاروں پر لٹک گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس نے صورتحال دیکھ کر بڑی چادر منگوائی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کافی دیر جدوجہد کے بعد پولیس نے ڈکیت کو پکڑ لیا، پل سے چھلانگ لگانے کے بعد بھی ملزم نے رائیڈر کا موبائل فون واپس نہ کیا، پولیس ملزم کو لے کر جانے لگی تو رائیڈر بھی موبائل کے ساتھ لٹک گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-saeedabad-police-muqbala/

  • لڑکی کی آواز بنا کر بلایا گیا مغوی تاجر سرگودھا سے بازیاب

    لڑکی کی آواز بنا کر بلایا گیا مغوی تاجر سرگودھا سے بازیاب

    حافظ آباد: پولیس نے اغوا کئے گئے تاجر کو سرگودھا سے بازیاب کروالیا۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ آباد پولیس نے اغوا کئے گئے تاجر کو سرگودھا سے بازیاب کروالیا، اغوا کاروں نے تاجر لقمان کو لڑکی کی آواز میں فون کر کے جھنگ بلا کر اغوا کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کار تاجر کی رہائی کیلئےکروڑوں روپے کا تاوان مانگتے رہے، اغوا کار اپنی لوکیشن تبدیل کرتے رہے پھر بھی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مغوی کو سرگودھا سے بازیاب کیا۔

    پولیس نے مزید کہا کہ پولیس نے مغوی کو بازیاب کروالیا تاہم اغوا کار فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کار کی تلاش جاری ہے جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

    اس سے قبل 24 نومبر کو پنجاب پولیس نے سرگودھا سے اغوا ہونے والے تاجر کو 22 روز بعد بازیاب کرایا تھا، تاجر 14 اکتوبر کو مسجد کے باہر سے نماز فجر کے وقت اغوا کیا گیا تھا، جس کی بازیابی کےلیے اغوا کاروں کو تاوان کی کوئی رقم نہیں دی گئی ہے۔۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-girl-kidnapping-drama/

  • مریم نواز نے پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے بڑا اعلان کر دیا

    مریم نواز نے پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے بڑا اعلان کر دیا

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے یونیفارم کے ساتھ کیم لگا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیلی کاپٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے یونیفارم کے ساتھ کیمرا لگا رہے ہیں، کوئی بھی پولیس اہلکار اس یونیفارم کے بغیر ڈیوٹی نہیں کریگا۔

     وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی پر گورنر کو جس پر اعتراض تھا مسترد کر سکتے تھے، وائس چانسلر کی تعیناتی پر سارا معاملہ پنجاب یونیورسٹی کا ہے، گورنر اپنا وائس چانسلر لگوانا چاہتے ہیں لیکن میرٹ اور شفافیت پر وائس چانسلرز لگائے ہیں۔

     مریم نواز نے کہا کہ ہر کام میرٹ پر کر رہی ہوں، سفارش بہت آتی ہیں ایم این اے ایم پی اے سب ہی سفارش لاتے ہیں لیکن میں کسی کی بھی نہیں سنتی، صبح 9 بجے سے رات 12 بجے تک میں کام کرتی ہوں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کالجز یونیورسٹیز میں منشیات کی روک تھام کے لیے بڑے گینگ پکڑے گئے ہیں، بڑے گینگز اپنے ذاتی جہازوں پر مختلف شکلوں میں منشیات لا کر بیچتے تھے۔

    مریم نواز نے مزید کہا کہ کلینکس آن ویلز سے دیہی جگہوں پر سیکڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں اس کے علاوہ کسان کارڈ اور ٹریکٹر جب لانچ ہوا لاکھوں لوگوں نے فوری اپلائی کیا۔

  • لانڈھی میں پراسرار بم دھماکہ، علاقے میں خوف و ہراس

    لانڈھی میں پراسرار بم دھماکہ، علاقے میں خوف و ہراس

    کراچی : لانڈھی میں فیوچر موڑ پر پراسرار بم دھماکے کی اطلاعات ہیں ابتدائی طور پر دھماکےکی نوعیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی فیوچر موڑ پر ایک گلی میں پراسرار بم دھماکا ہوا ہے جس کے سبب علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس اور رینجرز کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردیں، پولیس حکام کے مطابق دھماکہ فیوچر موڑ کے قریب معین آباد کے علاقے میں ہوا ہے۔

    پولیس کے مطابق گھر کی دہلیز پر ہونے والے دھماکے سے اطراف کی دیواروں پر بال بیرنگ کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔

    واقعے کے بعد پولیس، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ فوری طور پر موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے، پولیس نے اطراف میں رہنے والے والوں کے بیان ریکارڈ کرنا شروع کردیے ہیں، ، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔