Tag: Police constable murder

  • نیو کراچی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار کا دن دہاڑے قتل

    نیو کراچی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار کا دن دہاڑے قتل

    کراچی : نیو کراچی کے علاقے میں پولیس اہلکار کو ٹارگٹ کلنگ کرکے شہید کردیا گیا، دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ اہلکار نیو کراچی سیکٹر5میں اپنے گھر سے نکلا تو موٹر سائیکل سوار 2ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

    وحید نامی اہلکار کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا، مقتول اہلکار وحید سیکیورٹی زون ون میں جج کے ساتھ تعینات تھا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے گئے ہیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جائیں گی۔

    دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے کھارادر میں مکینک کی دکان پر موٹرسائیکل2ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والا دکان پر خریداری کیلئے آیا تھا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

     

  • کراچی : ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کا ملزم بیرون ملک فرار

    کراچی : ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کا ملزم بیرون ملک فرار

    کراچی: ڈیفنس میں گزشتہ روز پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا ملزم بیرون ملک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ملزم خرم نثار غیرملکی ائیر لائن کے ذریعے سوئیڈن پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی کمشنر کا بیٹا ملزم خرم نثار غیرملکی ائیر لائن کی پرواز ٹی کے 709 کے ذریعے فرار ہوا، ملزم نے سفر کیلئے سوئیڈن کا پاسپورٹ استعمال کیا۔

    ذرائع کے مطابق ملزم کا سوئیڈش پاسپورٹ2027تک اور پاکستانی پاسپورٹ2026 تک کارآمد ہے، ملزم نے گزشتہ روز ڈیفنس میں فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو قتل کردیا تھا۔

    اہلکار کے قتل کا مقدمہ انسداد دہشتگردی، قتل، پولیس مقابلے کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزم کی گاڑی قبضے میں لے لی ہے جبکہ چوکیدار اور دو رشتے داروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ ملزم خرم نثار حال ہی میں سوئیڈن سے تعلیم حاصل کر کے وطن واپس لوٹا تھا۔

    واضح رہے کہ شاہین فورس کے شہید پولیس اہلکار عبدالرحمان کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود ساتھی اہلکار امین الحق نے واقعہ سے متعلق تفصیلات بیان کی ہیں۔

    پولیس اہلکارنے بتایا کہ خیابان شمشیر26اسٹریٹ پر گشت کر رہے تھے، ہمارے پاس ایک کار تیز رفتاری سے گزری، جس میں ایک خاتون چیخ چلا رہی تھی، ساتھی اہلکار عبدالرحمان نے موٹر سائیکل کو کار کے پیچھے لگا دیا۔

    امین الحق نے مزید بتایا کہ کار کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب روکا اور ساتھی عبدالرحمان گاڑی میں بیٹھ گیا، اسی دوران کار سوار خاتون گاڑی سے اتر کر بھاگ گئی، کار والے نے عبدالرحمان کے ساتھ ہی گاڑی بھگائی اور گلی میں لے گیا۔

    مزید پڑھیں : ڈیفنس میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا ملزم سابق ڈپٹی کمشنر کا بیٹا نکلا

    پولیس اہلکار نے کہا کہ ملزم گاڑی بھگاتا ہوا مختلف راستوں پر ایک جگہ پر روکا، اس دوران کار سوار اور عبدالرحمان کے درمیان تلخ کلامی ہورہی تھی، اسی دوران کار سوار نے اپنے اسلحے سے فائرنگ کردی، فائرنگ سے گولی عبدالرحمان کے سر پر بائیں جانب لگی جس سے وہ زخمی ہوکر زمین پر گرگیا اور ملزم واقعے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔