Tag: POLICE ENCOUNTER

  • مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک

    مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک

    فیصل آباد: ماہلاں میں مبینہ پولیس مقابلے میں 30 سے زائد وارداتوں میں مطلوب 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے عالاقے ماہلاں میں مبینہ پولیس مقابلے میں 30 سے زائد وارداتوں میں مطلوب 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ٹھیکریوالہ پولیس ملزم شاہد اور لیاقت کو برآمدگی کیلئے لے جارہی تھی، موٹرسائیکل سوار 6 ملزمان نے ساتھیوں کو چھڑوانے کیلئے فائرنگ کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم  اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زیرحراست دونوں ڈاکو مارے گئے، حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

  • اورنگی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 نوجوانوں کی ہلاکت، ایس ایس پی انکوائری کی سنسنی خیز تفصیلات سامنے آ گئیں

    اورنگی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 نوجوانوں کی ہلاکت، ایس ایس پی انکوائری کی سنسنی خیز تفصیلات سامنے آ گئیں

    کراچی: اورنگی ٹاؤن، پیر آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ مشکوک قرار دے دیا گیا ہے، واقعے میں دو نوجوانوں کی جان لی گئی تھی۔

    اورنگی کے علاقے پیر آباد میں مبینہ مقابلے میں 2 مبینہ ملزمان کی ہلاکت پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنائی تھی، جس نے انکوائری مکمل کرنے کے بعد مقابلے کو مشکوک قرار دے دیا ہے اور کیس کی مکمل تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کر دی ہے۔

    12 صفحات پر مبنی رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ارسال کی گئی ہے، جس کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے مدعی مقدمہ سمیت 15 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے، تحقیقاتی افسر نے ملنے والے تمام شواہد، ثبوتوں کو دیکھتے ہوئے کیس کے بارے میں کہا کہ ابھی فارنزک اور کیمیائی تجزیاتی رپورٹیں زیر التوا ہیں، اور اہم ڈیجیٹل اور جسمانی شواہد کے مزید تجزیے کی ضرورت ہے، اس لیے اس اسٹیج پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے، لیکن ابتدائی تحقیقات کے دوران کچھ نتائج سامنے آئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق چھت پر بنائی گئی ویڈیو میں لڑکی کو یرغمال بتایا گیا تھا، لیکن ویڈیو کی جانچ کے بعد یرغمال بنانے جیسے شواہد نہیں ملے، ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ 16 گولیاں پولیس نے اور 3 ملزمان نے چلائیں، لیکن اتنی تنگ سی جگہ پر 19 گولیاں چلائے جانے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، جب کہ گولیاں چھت، دیواروں یا دروازوں پر لگنی چاہیے تھیں، صرف ایک گولی واش روم کے دروازے پر لگی جس کی ڈائریکشن مشتبہ ہے، اس صورت حال پر کئی سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔

    بلاول اور نقاش

    رپورٹ کے مطابق میڈیکل سے پتا چلے گا کہ مبینہ ملزمان کو کتنی دوری سے گولیاں لگیں، پولیس اہلکار تنویر کے پیر پر اعشاریہ 3 ضرب اعشاریہ 5 کا زخم ہے، گولی اگر لگی تو دوسری طرف سے نکلنے کا نشان موجود نہیں ہے، اس کی میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید واضح ہو سکے گا، بتایا گیا کہ ملزمان نے پہلی منزل پر پہنچتے ہی ڈی وی آر توڑ دیا تھا، سوال یہ ہے کہ ملزمان ڈی وی آر کے محل وقوع سے کیسے واقف تھے؟

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عام طور پر ملزمان واردات کے بعد ڈی وی آر تباہ کرتے ہیں، ڈی وی آر توڑنا معاملے کو مشکوک بناتا ہے، ڈی وی آرسے تمام واقعات کا پتا چل سکتا تھا، ایف آئی آر میں کئی جگہ پر بے ضابطگیاں کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ غیر ضروری طور پر شامل کیا گیا، تحقیقات کے دوران دہشت گردی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

    رپورٹ کے مطابق ایف آئی آر میں مقابلے کا وقت اور دیگر کئی باتیں غلط بتائی گئیں، تحقیقات میں پتا چلا کہ مبینہ ملزمان کے گھر میں داخل ہونے کے 1 گھنٹے بعد مبینہ مقابلہ ہوا، کیس میں تفتیش کے دوران ڈیجیٹل فارنزک سے 3 خواتین منزہ، لائبہ اور صابرہ کے بارے میں پتا چلا جن سے تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی، مبینہ ہلاک ملزم بلاول کا لائبہ سے 3 سال سے تعلق تھا، رپورٹ کے مطابق لائبہ نے بتایا کہ بلاول نے مالی پریشانیوں کا ذکر کیا تھا۔

    لائبہ کے مطابق بلاول کو 2 برقعے ٹک ٹاک بنانے کے لیے دیے تھے، جو بعد میں واردات میں استعمال ہوئے، لائبہ کی بہن منزہ مدعی مبارک شاہ کے بھائی کے بچوں کی ٹیوٹر ہے، واقعے سے قبل منزہ اور بلاول میں کئی مرتبہ کالز کا تبادلہ ہوا، واردات کے مقام پر بلاول نے کزن تیمور کو فون کر کے مشکل میں پھنسنے کا بتایا، رپورٹ کے مطابق منزہ اور لائبہ نے نہ صرف فون چھپایا بلکہ ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کر دیا۔

    تیسری خاتون صابرہ مبارک شاہ کی بھتیجی اور اسی عمارت کی رہائش پذیر تھی، منزہ اور صابرہ کا صبح 11 سے دوپہر ڈھائی بجے تک رابطہ رہا، منزہ بلاول اور صابرہ دونوں سے مسلسل رابطے میں تھی، رپورٹ کے مطابق صابرہ کی لوکیشن بھی مسلسل جائے وقوعہ کی آ رہی تھی، سی ڈی آر کے بعد بلاول اور تین خواتین کے رابطوں کا انکشاف ہوا۔

    تحقیقاتی افسر نے متعلقہ ایس ایس پی انویسٹگیشن کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنانے کے ساتھ مشورے بھی دیے ہیں کہ ہتھیاروں کی فارنزک کے ساتھ کرائم سین کا دوبارہ دورہ کیا جائے، میڈیکل رپورٹ سے تعین ہوگا کہ گولیاں کتنی دوری سے ماری گئیں، ڈی وی آر کو فارنزک کے لیے لیبارٹری بھجوایا جائے، جس سے چھیڑ چھاڑ کا پتا چلے گا اور اہم شواہد مل سکیں گے، مبینہ ملزم بلاول کے موبائل فون کا جامع فارنزک کروایا جائے، جے آئی ٹی بلاول سے رابطے میں رہنے والے افراد کو شامل تفتیش کرے، تضاد دور کرنے کے لیے تمام شواہد کا فارنزک کروایا جائے، اور ایف آئِی آر اور سیزر میمو کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔

  • میٹروول میں بڑی ڈکیتی کی ویڈیو، پولیس مقابلے میں مارا جانے والا ملزم افغان باشندہ نکلا

    میٹروول میں بڑی ڈکیتی کی ویڈیو، پولیس مقابلے میں مارا جانے والا ملزم افغان باشندہ نکلا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے میٹروول میں بڑی ڈکیتی کی واردات اور دو شہریوں کو بے دردی سے قتل کرنے والا لیٹرا پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں میٹروول میں دوران ڈکیتی 2 افراد کے قتل کا واقعہ رونما ہوا تھا، اس افسوس ناک واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے رقم کے لیے کار سوار افراد کو گولیاں مار دی تھیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گزشتہ رات اتحاد ٹاؤن میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا، مارا گیا یہ ملزم افغان باشندہ نکلا ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزم ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوا تھا، پولیس نے واردات میں ملوث ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا، تاہم پولیس کے پہنچنے پر 2 ملزمان نے فائرنگ کی، اور جوابی کارروائی میں عبدالرؤف نامی ایک ملزم ہلاک ہوا، جب کہ ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم سے اسلحہ، 20 لاکھ کیش اور موٹر سائیکل برآمد کیا گیا ہے، ہلاک ملزم نے ساتھی کے ہمراہ 8 اپریل کو واردات کی تھی، پولٹری فارم کا کیشیئر اور ساتھی ملازم کار میں 1 کروڑ 35 لاکھ کیش لے کر جا رہے تھے، ملزمان نے کار پر فائرنگ کر کے دونوں افراد کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ملزم چند روز قبل ہی افغانستان سے کراچی آیا تھا۔

  • کراچی میں پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک، 2 فرار ہوگئے

    کراچی میں پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک، 2 فرار ہوگئے

    کراچی: کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مبینہ پولیس مقابلے کے دروان فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو ہلاک اور دو فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں سے پستول اور چھینے ہوئے موبائل فون برآمد ہوئے، ڈاکو ای بی ایم کازوے ندی پر شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے پولیس کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک اہلکار بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہا، ڈاکوؤں کی شناخت اور سابق کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

  • پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، 3 فرار

    پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، 3 فرار

    اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ تین ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ 3 ڈاکو فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکو کی شناخت  شیر محمد عرف لنڈا کے نام سے ہوئی، ڈاکو شیر محمد ڈکیتی اور راہزنی کی 27 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے، ڈاکوؤں نے شہری سے موٹر سائیکل چھینی تھی۔

    پولیس حکام نے کہا کہ ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا اور 3 فرار ہو گئے، زخمی ڈاکو سے چھینی موٹر سائیکل، رقم ، موبائل فون اور اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ فرار ہونیوالے ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

  • راشد منہاس روڈ پر پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    راشد منہاس روڈ پر پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راشد منہاس روڈ پر پولیس مقابلے میں دو ملزمان زخمی ہوئے تھے، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کو ملزمان کے پیچھے بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مسلح ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

    جائے وقوعہ پر موجود عوام نے بھی ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، عزیز بھٹی پولیس نے مسلح ملزمان کو گرفتار کر کے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کیا۔ ملزمان کے خلاف عزیز بھٹی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • کراچی میں 3 مبینہ پولیس مقابلے، 4 ڈاکو گرفتار ایک ہلاک

    کراچی میں 3 مبینہ پولیس مقابلے، 4 ڈاکو گرفتار ایک ہلاک

    کراچی: شہر قائد میں تین مبینہ پولیس مقابلوں میں 4 ڈاکو گرفتار اور ایک ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کریک روڈ کے قریب ایک مبینہ پولیس مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جب کہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈاکو کی شناخت اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے، جس سے اسلحہ اور چھینا ہوا موبائل فون برآمد ہوا۔

    کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں بھی ایک مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی سمیت 3 ڈاکو گرفتار کیے گئے، جن سے 2 پستولیں اور چھینے ہوئے موبائل فون برآمد کیے گئے۔ کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان میں زخمی سیف اللہ، شاہ نواز اور کاشف شامل ہیں، پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ملیر ایکسپریس وے روڈ کے قریب ہوا۔

    نارتھ کراچی انڈا موڑ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    زمان ٹاؤن تصویر محل پر واقع چوکی کی پولیس کا بھی ڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جب کہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکو کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔ ہلاک ڈاکو سے اسلحہ اور چھینے ہوئے موبائل فون برآمد ہوئے۔

  • مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم مولا بخش عرف نندھو نکلا، تصویر سامنے آ گئی

    مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم مولا بخش عرف نندھو نکلا، تصویر سامنے آ گئی

    کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم خیرپور کا عادی جرائم پیشہ مولا بخش عرف نندھو نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز کراچی کے علاقے سچل، جلبانی چوک پر مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کی شناخت مولا بخش عرف نندھو کے نام سے ہو گئی، مارا گیا ملزم سندھ کے مختلف تھانوں میں 26 مقدمات میں ملوث نکلا۔

    ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کے مطابق ہلاک ملزم کا تعلق ضلع خیرپور سے ہے، ملزم 2014 سے اب تک 26 مقدمات میں ملوث نکلا ہے، مولا بخش پولیس کے ساتھ مقابلوں، اقدام قتل، اور منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحے، لوٹ مار کے واقعات اور دیگر وارداتوں میں بھی ملوث رہا۔

    ڈاکٹر فرخ رضا نے بتایا کہ ہلاک ملزم کے خلاف کراچی سمیت سندھ کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے، جن میں بی سیکشن خیرپور، ایئرپورٹ سٹی، زمان ٹاؤن، کے آئی اے، عوامی کالونی، بلوچ کالونی شامل ہیں۔

    ہفتے کو چند ملزمان ایک شہری فہد ستار سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی، اہلکاروں نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس پر انھوں نے پولیس پر فائرنگ کی، تاہم جوابی فائرنگ سے مولا بخش مارا گیا۔

    ایس ایس پی کے مطابق مقابلے کے دوران ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے، جب کہ ہلاک ملزم سے پستول، چھینے ہوئے موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل ملی تھی، ملزم کا مزید کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

  • سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث ملزمان گارڈن پولیس مقابلے میں ہلاک

    سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث ملزمان گارڈن پولیس مقابلے میں ہلاک

    کراچی: کلفٹن میں سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث ملزمان گارڈن پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گارڈن میں پولیس مقابلے میں 2 ملزمان کی ہلاکت کے سلسلے میں ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے کہا ہے کہ ہلاک ملزمان کلفٹن میں سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث نکلے ہیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق دونوں ملزمان کو واقعے کے عینی شاہد نے شناخت کر لیا ہے، ملزمان سمیر اور صلال نے چند روز قبل سیکیورٹی گارڈ کو قتل کیا تھا، دونوں ملزمان سیکیورٹی گارڈ کے قتل کے وقت موقع پر موجود تھے، سی سی ٹی وی میں بھی ملزمان کی موجودگی کی تصدیق ہو رہی ہے۔

    پولیس نے ملزمان سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی ہے، پولیس ریکارڈ کے مطابق دونوں ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں، ماضی میں بھی جیل جا چکے ہیں۔

  • پولیس مقابلے میں وصی اللہ لاکھو گینگ کا اہم کارندہ گرفتار

    پولیس مقابلے میں وصی اللہ لاکھو گینگ کا اہم کارندہ گرفتار

    بغدادی پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد گینگ وار وصی اللہ لاکھو گروہ کے کارندے شجاع کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بغدادی پولیس نے مقابلے کے بعد گینگ وار ملزم شجاع کو گرفتار کرلیا، ملزم گینگ وارکمانڈر وصی اللہ لاکھو گینگ کا اہم کارندہ نکلا ہے جبکہ مقابلے کے دوران وصی اللہ لاکھو کا بھائی طارق لاکھو فرار ہوگیا۔

    ایس ایس پی سٹی امجد حیات کے مطابق ملزم شجاع نے ساتھیوں کے ساتھ کئی سنگین وارداتیں کیں، اور بھتہ نا دینے پر متعدد افراد کو قتل کیا، جون 2023 میں بلڈر ریاض کو اور جولائی 2023 میں سلمان کو قتل اور عدنان کو زخمی کیا۔

    حکام نے بتایا کہ شجاع کا ساتھی قادر اور شکیل جیل جا چکے ہیں، ملزم کے خلاف دہشتگردی اور ایکسپلو سو ایکٹ کے تحت بھی کئی مقدمات ہیں۔

    ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزم نے شہریوں کے اغوا اور قتل کا بھی انکشاف کیا، ملزم کھاردار اور اولڈ سٹی ایریا میں تاجروں کو بھتے کی پرچیاں بھی دیتا تھا، جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔