Tag: POLICE ENCOUNTER

  • کراچی میں اغوا کاروں سے پولیس مقابلہ، 18 سالہ ریان، 15 سالہ رضوان بازیاب

    کراچی میں اغوا کاروں سے پولیس مقابلہ، 18 سالہ ریان، 15 سالہ رضوان بازیاب

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ رئیس گوٹھ میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے دو مغوی لڑکوں کو بازیاب کرا لیا، اور مقابلے میں 2 اغواکار گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ رئیس گوٹھ میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کا اغوا کاروں کے ساتھ مقابلہ ہوا ہے، مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت دو اغواکار گرفتار کر لیے گئے، کارروائی کے دوران دو مغوی بھی بازیاب کرائے گئے۔

    ایس ایس پی اے وی سی سی ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل بنیادوں اور خفیہ اطلاع پر اسکانی روڈ، یار محمد گوٹھ نزد رئیس گوٹھ کراچی پر کارروائی کی، جہاں اغوا کاروں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دو اغوا کار اسلحہ سمیت گرفتار ہوئے، جس میں سے ایک زخمی حالت میں ہے۔

    بازیاب ہونے والے مغویوں میں اٹھارہ سالہ ریان اور پندرہ سالہ رضوان شامل ہیں، جب کہ گرفتار ملزمان میں ریاض احمد اور اعجاز احمد شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تیسرا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے، گرفتار ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے 14 اکتوبر کو سکھن کے علاقے سے دو لڑکوں کو اغوا کیا تھا، لڑکوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر اغوا کیا گیا تھا، اغوا کاروں نے رہائی کے عوض 60 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، اور تاوان نہ دینے کی صورت میں مغویوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں، اور پہلے بھی اغوا کے مقدمے میں جیل جا چکے ہیں، نیز ملزمان بین الصوبائی اغواکار گروہ کے کارندے ہیں۔

  • 4 مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ سنسنی خیز خونی پولیس مقابلے کی فوٹیجز اے آر وائی نیوز پر

    4 مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ سنسنی خیز خونی پولیس مقابلے کی فوٹیجز اے آر وائی نیوز پر

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر، سعود آباد میں گزشتہ روز 4 مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ سنسنی خیز اور خونی پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں (یہ فوٹیجز بچے اور کمزور دل افراد نہ دیکھیں)۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سعود آباد میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں چار ڈاکو مارے گئے تھے، پولیس کے مطابق مسلح افراد سعود آباد کی ایک گلی میں واردات کے لیے پہنچے ہی تھے کہ علاقے میں تعینات سادہ لباس پولیس اہلکار بھی ان کے پیچھے پہنچ گئے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہل کاروں کے پہنچنے پر کالے شلوار قمیض میں ملبوس ایک مشتبہ مسلح شخص اہل کاروں پر گولیاں چلاتا ہوا دوسری گلی میں بھاگا، جہاں اس کے دیگر ساتھی موجود تھے۔

    پہلے مسلح شخص کے پیچھے ہی جب دوسرا مشتبہ شخص موٹر سائیکل پر گلی سے فرار ہونے لگا، تو پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے وہ شدید زخمی ہو کر موٹر سائیکل سمیت گر گیا، جو بعد ازاں ہلاک ہو گیا۔

    اس دوران جب اطلاع ملی تو مدد کے لیے سعود آباد تھانے سے اضافی نفری بھی مقابلے کے مقام پر پہنچ گئی، اور بھاگنے والے مسلح شخص سمیت تین افراد مقابلے کے دوران دوسری گلی ہی میں مارے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ مسلح افراد سے 32 موبائل فونز ملے تھے، جو وارداتوں میں شہریوں سے چھینے گئے تھے، اور ان میں سے 15 موبائل فونز کے مقدمات بھی درج ہیں، پولیس حکام کے مطابق مارے گئے مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے نادرا سے مدد لی جا رہی ہے۔

  • جیکب آباد میں انتہائی مطلوب ڈاکو مٹھو شاہ مارا گیا

    جیکب آباد میں انتہائی مطلوب ڈاکو مٹھو شاہ مارا گیا

    جیکب آباد: صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد میں انتہائی مطلوب ڈاکو مٹھو شاہ مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ممل لنک روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں مطلوب ڈاکو مٹھو شاہ ہلاک ہو گیا، ملزم 6 ساتھیوں سمیت گھات لگائے بیٹھا تھا کہ پولیس پہنچ گئی، جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں مٹھو شاہ مارا گیا، ملزم بلوچستان پولیس کے 6 اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا، مٹھو شاہ نے چند ہفتے قبل جیکب آباد پولیس کے 2 نوجوانوں کو اغوا کیا تھا۔

  • مقابلے میں ہلاک پولیس افسر کن سنگین جرائم میں ملوث تھا؟ رپورٹ جاری

    مقابلے میں ہلاک پولیس افسر کن سنگین جرائم میں ملوث تھا؟ رپورٹ جاری

    سکھر : کچھ روز قبل گھوٹکی پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے پولیس کے سب انسپکٹر کا مجرمانہ ریکارڈ سامنے آگیا۔

    اس حوالے سے ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والا سب انسپکٹر مختاراحمد پہلے بھی 2 مرتبہ گرفتار ہوچکا ہے۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ سال2014میں مختارعلی کیخلاف مردان میں دہرے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ملزم کے خلاف غیرقانونی اسلحہ رکھنے کا کیس بھی درج کیا گیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزم دونوں مقدمات سے بری ہونے کے بعد نوکری پر بحال ہوا تھا، مختارعلی 26نومبر2018سے خیبرپختونخوا ایلیٹ فورس میں کام کر رہا تھا۔

    جاوید جسکانی کے مطابق کچھ عرصے سے ملزم نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کی سیکیورٹی پر تعینات تھا، مختار علی اسلحہ کے بین الصوبائی اسمگلنگ کے گروہ کا اہم کارندہ تھا۔

  • کراچی میں مزید 3 پولیس مقابلے، وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو ہلاک

    کراچی میں مزید 3 پولیس مقابلے، وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو ہلاک

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ رات بھی 3 پولیس مقابلے ہوئے، ایک مقابلے میں وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ڈی چوک کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ہلاک ڈاکو کا تعلق افغان گینگ سے ہے، انھوں نے واقعے سے متعلق تفصیل بتائی کہ 2 ڈاکو گھر کے اندر لوٹ مار کر رہے تھے، تیسرا ڈاکو باہر گلی میں پہرہ دے رہا تھا، اطلاع پر پولیس پہنچی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو مارا گیا، اور 2 ساتھی فرار ہو گئے۔

    ڈاکوؤں نے گزشتہ ہفتے بھی 2 گھروں میں وارداتیں کی تھیں، جن کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، مارے گئے ڈاکو کے قبضے سے وائٹ کرولا اور اسلحہ برآمد ہوا، یہ گینگ سفید کار میں وارداتیں کرنے آتا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس اور کرائم سین کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    ادھر کراچی کے علاقے منگھو پیر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی شناخت مجاہد کے نام سے ہوئی ہے، اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    کراچی کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈ پر بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، اور اس سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کی شناخت ولید کے نام سے ہوئی ہے۔

  • کراچی میں چند گھنٹوں کے دوران 4 پولیس مقابلے، ایک ہلاک، 7 زخمی

    کراچی میں چند گھنٹوں کے دوران 4 پولیس مقابلے، ایک ہلاک، 7 زخمی

    کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران 4 مبینہ پولیس مقابلے ہوئے ہیں، جن میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک، 7 زخمی اور 10 گرفتار ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق چند دنوں سے تواتر کے ساتھ کراچی شہر میں راتوں کو مبینہ پولیس مقابلے ہو رہے ہیں، گزشتہ رات بھی چار مقابلے ہوئے، جن میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پہلا مقابلہ کورنگی صنعتی ایریا اللہ والا ٹاؤن سیکٹر 31 جی میں 5 رکنی ڈکیت گینگ سے ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمیوں سمیت 5 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، 3 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد ہوا، ملزمان شہری سے واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے، واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس نے تعاقب کیا تو مقابلہ ہو گیا، زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال روانہ کر دیا۔

    دوسرا پولیس مقابلہ کریم آباد میں گرلز کالج کے قریب ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے اسلحہ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    تیسرا مقابلہ عزیز آباد بلاک 8 میں ہوا، جس میں 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، ڈاکوؤں سے 2 پستول، موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے، گرفتار زخمی ڈاکوؤں کی شناخت وقار، مشتاق، محمد عیسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوتھا مبینہ مقابلہ صفورا میں ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، ہلاک ڈاکو سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

  • کراچی میں رات گئے 2 پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک، 3 گرفتار

    کراچی میں رات گئے 2 پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک، 3 گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں رات گئے 2 پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک اور 3 کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ کی آخری رات کو تین پولیس مقابلوں کے بعد گزشتہ رات کو بھی کراچی میں دو پولیس مقابلے ہوئے ہیں، جن میں ایک ملزم ہلاک اور تین کو گرفتار کیا گیا۔

    ایک مقابلے میں نشتر روڈ کے ایم سی ورکشاپ کے قریب دوران چیکنگ پولیس نے مشتبہ افراد کو روکا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔

    ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ڈاکوؤں کی شناخت واجد اور زبیر کے نام سے ہوئی، گرفتار زخمی ڈاکو زیبر اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا، جب کہ دوسرے ڈاکو کو سول اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، ڈاکوؤں سے پستول، مسروقہ موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    کراچی میں رات گئے 3 پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 3 گرفتار

    ایف بی انڈسٹریل ایریا میں بھی پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکو گرفتار کیے گئے، گرفتار ڈاکوؤں میں عبداللہ اور عصمت خان شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں سے ایک پستول، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

  • کراچی: پولیس مقابلے میں گرفتار زخمی ملزم کے بارے میں انکشاف

    کراچی: پولیس مقابلے میں گرفتار زخمی ملزم کے بارے میں انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد سجاد نامی ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ پولیس اہل کار محمد شاہد کے قتل میں ملوچ تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق اہل کاروں نے گلستان جوہر میں مشتبہ افراد کو مشکوک جان کر روکنے کی کوشش کی تو انھوں نے فائرنگ کر دی، پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، جس کی شناخت سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کے 2 ساتھی فرار ہو گئے، ملزم نے گلستان جوہر تھانے کی حدود میں مقابلے میں اہلکار شاہد کو قتل کیا تھا، پولیس مقابلے کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج تھا۔

    ملزم کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، گرفتار ملزم سے ایک پستول برآمد ہوا، اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • کراچی : مقابلے کے بعد گرفتار ملزمان کے ہوشربا انکشافات

    کراچی : مقابلے کے بعد گرفتار ملزمان کے ہوشربا انکشافات

    کراچی : شاہراہ نورجہاں پولیس سے مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزمان کے طریقہ واردات کے انکشافات نے پولیس کی آنکھیں کھول دیں۔

    دوران تفتیش گرفتار ملزمان ملزمان واجد اور نعمان نے بتایا کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ گروہ کی صورت کافی عرصے سے وارداتیں کررہے تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے بتایا کہ2ملزمان1 موٹرسائیکل پر لوٹ مار کرتے تھے جبکہ ملزمان کے2مزید ساتھی بیک اپ پر کوئی بھی مشکل پڑنے پر انہیں بچانے کیلئے کھڑے ہوتے تھے۔

    ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ شہر میں ہونے والی کئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان موٹرسائیکل چھیننے اور چوری سمیت دکانوں میں کی جانے والی ڈکیتیوں میں بھی ملوث ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے2پستول،30 بور لوڈ میگزین راؤنڈ برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا جاچکا ہے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے محمودآباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت سجاد کےنام سے ہوئی ہے۔

  • کوئٹہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ملزمان ہلاک

    کوئٹہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ملزمان ہلاک

     کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ ہلاک ملزمان شہریوں سے موٹر سائیکل موبائل نقدی چھیننے میں ملوث تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان واردات کی نیت سے کھڑے تھے، ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان مارے گئے جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔ ہلاک اور گرفتار ملزمان شہریوں سے موٹر سائیکل نقدی اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ہلاک ملزمان کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں، مزید کاروائی پشتون آباد پولیس تھانہ کر رہی ہیں۔