Tag: POLICE ENCOUNTER

  • کراچی : پولیس مقابلے کے بعد بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار

    کراچی : پولیس مقابلے کے بعد بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار

    کراچی : نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقابلے کے بعد بدنام زمانہ منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ نیوکراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں پولیس کا منشیات فروش سے مقابلہ ہوا ہے، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار اور ایک فرار ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم شہزاد دھتوعرف شہزادو سے9ایم ایم پستول، چرس، ہیروئن اور گاڑی برآمد ہوئی ہے۔ ملزم نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم کے خلاف نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں 27 مقدمات درج ہیں، متعدد مقدمات میں ملزم کورٹ سے اشتہار ی بھی ہے۔

    پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم شہزاد دھتو کو خمیسو گوٹھ میں روکا گیا تھا جب وہ منشیات کی سپلائی کرنے پہنچا تھا، ملزم نے پولیس کو اپنی طرف آتا دیکھ کر فرار ہونےکی کوشش کی۔

    تعاقب کے بعد ملزم شہزاد کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اس نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم زخمی ہوگیا، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • کراچی : لاکھوں روپے چھیننے والے دو ملزمان مقابلے کے بعد گرفتار

    کراچی : لاکھوں روپے چھیننے والے دو ملزمان مقابلے کے بعد گرفتار

    کراچی : بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس کے بعد پولیس نے ایک زخمی سمیت 2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم عبدالغفور، شاہ رخ نے مچھرکالونی میں ایک ماہ قبل 28 لاکھ چھیننے کی واردات کی تھی، ملزمان نے6ماہ قبل شیرشاہ پل کے قریب6لاکھ روپے چھینے تھے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے شیر شاہ پنکھا ہوٹل کے قریب شہری سے 5موبائل فون اور قیمتی سامان چھینا تھا، اس کے علاوہ ماڑی پور کے علاقے میں بھی لوگوں سے متعدد موبائل فون اور نقد رقم لوٹی۔

    پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ملزمان نے داؤد گوٹھ موچکو کے علاقے میں ایک دکاندار سے لوٹ مار کی اور تقدم رقم کے علاوہ قیمتی سامان بھی سمیٹ کر لے گئے۔

    اس کے علاوہ نیول رئیس گوٹھ سے ملزمان نے لوگوں سے کیش اور موبائل فون چھینے، زخمی ملزم کو اسپتال جبکہ دوسرے گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

  • پولیس مقابلہ، بچھوگینگ کا سرغنہ ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    پولیس مقابلہ، بچھوگینگ کا سرغنہ ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    لاہور : پولیس مقابلے میں بچھوگینگ کا سرغنہ ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ، بچھو گینگ کے سرغنہ کی موت کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں بچھوگینگ کا سرغنہ مدثرعرف بچھو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، ایس پی کینٹ عیسی سکھیرا نے بتایا کہ 2موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے برکی کے علاقےمیں واردات کی اور ڈیفنس سی کےعلاقےمیں پہنچنے پر پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔

    عیسی سکھیرا کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ سے مدثرعرف بچھو ہلاک ہوگیا، مدثرعرف بچھولاہوراورقصور پولیس کو مطلوب تھا۔

    حکام نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو نے 2017 میں پولیس اہلکار کو شہید بھی کیا تھا جبکہ راہزنی اورڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ریکارڈیافتہ تھا تاہم فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب پولیس مقابلہ میں بچھو گینگ کے سرغنہ مدثر کی موت کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات ریکارڈیافتہ بچھو گینگ نے برکی میں واردات کی، اس دوران ٹی بلاک فیز 7 میں ملزمان سے مقابلہ ہوا۔

    ایف آئی آر کا کہنا تھا کہ 4ڈاکوؤں نے گشت پر موجود پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو ہلاک، 3 فرار ہوگئے۔

  • کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں 3 افراد کی ہلاکت، ایس ایچ او گرفتار

    کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں 3 افراد کی ہلاکت، ایس ایچ او گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رات گئے ہونے والا مبینہ پولیس مقابلہ جعلی نکلا جس کے بعد ایس ایچ او کو گرفتار کرلیا گیا، مقابلے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بنارس ٹاؤن میں رات گئے ہونے والا مبینہ مقابلہ جس میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، جعلی نکلا۔

    ایس ایچ او جوہر آباد غیور سمیت پوری پولیس پارٹی گرفتار کرلی گئی، ایس ایچ او جوہر آباد کا نام نہاد انفارمر بھی پولیس کی گرفت میں آگیا۔

    ایس ایچ او بالا افسران کے علم میں لائے بغیر ویسٹ میں داخل ہوا، ایس ایچ او نے ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کو بھی آگاہ نہ کیا۔ ایس ایچ او مبینہ طور پر ایک زمین کے تنازعہ پر جوہر آباد گیا تھا۔

    ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کی جانب سے پوچھا گیا تو ایس ایچ او نے کہا کہ وہ ڈاکو کا پیچھا کر رہا تھا۔

    پولیس حکام کی جانب سے واقعے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

    واقعے کا پس منظر

    تھانہ پیر آباد کی جانب سے کہا گیا کہ بنارس میں جوہر آباد پولیس نے مکان پر مبینہ چھاپہ مارا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مکان کے تنازعے پر پیش آیا، زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات لے لیے گئے ہیں۔ ہلاک افراد کی شناخت شبیر، یار گل اور عبد اللہ کے ناموں سے ہوئی۔

    واقعے میں زخمی افتخار شاہ کے بھائی سلمان شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درجن سے زائد مسلح افراد نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی، مسلح افراد اسلحے کے زور پر مکان خالی کروانا چاہتے تھے۔

    سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ مسلح افراد میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل تھے، تصادم میں فائرنگ سے میرا بھائی زخمی ہوا جبکہ باہر سے آنے والے 3 افراد بھی فائرنگ میں ہلاک ہوئے۔

  • ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

    ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

     کراچی : جوہرآباد کی حدود میں قائم منی مارٹ میں گزشتہ دنوں ہونے والی ڈکیتی کا ملزم پولیس کی گرفت میں آگیا، ملیر میں مقابلے کے دوران گولی لگنے سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جوہرآباد کی حدود میں قائم منی مارٹ میں ڈکیتی کے مفرور ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کے دوران ایک ملزم موقع پر زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا جبکہ ملزم کا دوسرا زخمی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

    پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کے ہاتھ میں گولی لگی تھی، واقعے کا مقدمہ تھانہ جوہرآباد میں درج ہے، گرفتار ملزم کی شناخت مقصودعرف رمیز کے نام سے ہوئی ہے۔

    ملزم مقصود سے پستول برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم کو تفتیش کے بعد جوہرآباد انویسٹی گیشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    ڈاکوؤں سے مقابلے میں پولیس اہلکار شہید

    دوسری جانب کراچی کے علاقے ملیر ماڈل کالونی میں گزشتہ رات پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، اس دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔

    زخمی پولیس اہلکار فرحان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا، شہید اہلکار کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

  • پولیس مقابلے اور اقدام قتل کے ملزم کی اپیل مسترد

    پولیس مقابلے اور اقدام قتل کے ملزم کی اپیل مسترد

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ میں پولیس مقابلے اور اقدام قتل کے الزام میں سزا کے خلاف ملزم کی اپیل عدالت نے مسترد کردی۔

    عدالت نے ملزم کی سزا کے خلاف اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا، عدالت نے ملزم کی سزا کو جیل میں گزاری گئی مدت تک محدود کردیا۔

    ذرائع کے مطابق ملزم غلام مصطفیٰ کو ماتحت عدالت نے 11سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی مذکورہ ملزم کو دسمبر2018میں مقابلےکے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے ساتھی محمد اکرم کے ساتھ کورنگی تھانے کی حدود میں لوٹ مار کی وردات کررہا تھا کہ پولیس کے پہنچنے پرفائرنگ ہوئی، ملزم اکرم ہلاک ہوگیا تھا۔

  • اوکاڑہ  میں  پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک  ،2 اہلکار زخمی

    اوکاڑہ میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک ،2 اہلکار زخمی

    اوکاڑہ : پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلے دوران دو ڈاکو ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہو گئے، پولیس  نے  جائے وقوعہ سے چھینی گِئی موٹر سائیکل ، کلاشنکوف سمیت ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں رحمت پورہ کے قریب 4 ڈاکو شہری سے لوٹ مار کے بعد فرارہو رہے تھے کہ پولیس موقع پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کا پیچھا شروع کر دیا۔

    اجس پر ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے وسیم اور سہیل نامی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں 2ڈاکومارےگئے اور 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے چھینی گِئی موٹر سائیکل ، کلاشنکوف سمیت ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کورنگی پولیس مقابلہ مشکوک بن گیا، مقتول کے اہلخانہ کا دھرنا

    کورنگی پولیس مقابلہ مشکوک بن گیا، مقتول کے اہلخانہ کا دھرنا

    کراچی : کورنگی صنعتی ایریا میں گزشتہ رات ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک بن گیا، مبینہ مقابلے میں ہلاک ملزم کے اہلخانہ لاش لے کر پریس کلب پہنچ گئے، ایس ایس پی کورنگی نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں گزشتہ رات پولیس مقابلے میں ایک نوجوان کی ہلاکت سوالیہ نشان بن گئی۔

    موٹر سائیکل سوار نوجوان کی ہلاکت پر مقتول کے اہل خانہ سراپا احتجاج بن گئے جس کے بعد ایس ایس پی کورنگی نے مشکوک مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔

    مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کے اہل خانہ لاش لے کر پریس کلب پہنچ گئے تھے، مظاہرین نے لاش پریس کلب کے باہر رکھ کر دھرنا دے دیا، پی ٹی آئی ایم پی اے راجہ اظہر بھی پریس کلب پہنچ گئے۔

    اہلخانہ کا دعویٰ تھا کہ پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل پر شہزاد چانڈیو اور اس کے دوست کو روکا، شہزاد چانڈیو کے دوست کو گھر سے کاغذات لانے کا کہا۔

    اہلخانہ نے بتایا کہ شہزاد کے پاس رجسٹریشن والی موٹرسائیکل تھی، پولیس شہزاد کو تھانے لائی ہی نہیں، صبح مقابلے میں مارے جانے کا علم ہوا۔

    اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ مقابلے میں شامل اہلکاروں کو معطل کرکے تحقیقات کی جائیں، پولیس اہلکاروں کی معطلی تک دھرنا جاری رکھیں گے۔

    دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوا اور اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوا، ہلاک ملزم سے اسلحہ، موبائل فون، موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

    بعد ازاں لواحقین نے پریس کلب کے باہر جاری احتجاج ختم کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی کورنگی کی جانب سے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی پراحتجاج ختم کیا گیا ہے۔ لواحقین میت کے ہمراہ پریس کلب سے گھر واپس روانہ ہوگئے۔

    اس حوالے سے واقعے کے تفتیشی افسرایس پی لانڈھی نے بتایا کہ واقعے کی انکوائری دوروزمیں مکمل کرلی جائے گی، پولیس اہلکاروں پر الزام ثابت ہوا توقانونی کارروائی ہوگی۔

  • کراچی میں پولیس مقابلہ، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی میں پولیس مقابلہ، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 انتہائی مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، ایک اور کارروائی میں چوری و ڈکیتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ کراچی کے حیدری پریمیئر کالج کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے پکوان سینٹر میں ڈکیتی کی تھی، ملزمان نے جاتے جاتے دکاندار کو گولی مار کر قتل کردیا تھا، واردات میں استعمال شدہ پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

    پولیس کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، گرفتار ملزمان کی شناخت نبی بخش اور علی کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کے 2 ساتھی مفرور بھی ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے تین ہٹی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1 ملزم گرفتار کرلیا۔ ملزم حیدر علی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم نے چوری اور ڈکیتی کی 150 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا، ملزم نے خاتون سے موبائل فون چھینا جس کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارہے جارہے ہیں۔

  • بھارتی پولیس نے جعلی مقابلے میں "ڈاکٹر” کو مار ڈالا

    بھارتی پولیس نے جعلی مقابلے میں "ڈاکٹر” کو مار ڈالا

    لکھنؤ : بھارت میں پولیس اہلکاروں نے ریمانڈ کے دوران قتل کے ملزم کو جان سے ماردیا، عدالت نے اہلکاروں کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

    گزشتہ ماہ6جنوری کو بدنام زمانہ جرائم پیشہ شخص اجیت سنگھ کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں ملوث  ملزم گردھاری وشوکرما عرف ڈاکٹر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا۔

    لکھنؤ کی عدالت نے پولیس کو ملزم گردھاری وشوکرما کا ریمانڈ دے دیا تھا جس کے بعد 15فروری کو مبینہ طور  پر ملزم "ڈاکٹر” کو جعلی مقابلے میں جان سے مار دیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا اور حراست سے بھاگنے کی کوشش کی ملزم جوابی کارروائی میں مارا گیا۔

    جس پر عدالت نے قتل کے ملزم کی مبینہ طور پر انکاؤنٹر میں ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات اور پولیس اہلکاروں پر قتل کی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کی واضح ہدایت ہے کہ پولیس مقابلوں کے معاملے میں ایک ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے اور پورے واقعہ کی صداقت کا پتہ لگانے کے لیے مکمل تحقیقات کی جائے۔

    عدالت نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات بھی ضروری ہیں کہ کیا پولیس ٹیم نے اپنی حفاظت کرتے ہوئے گردھاری کو گولی ماری یا ٹیم نے اپنی حفاظت سے متعلق حقوق کا غلط استعمال کیا۔

    چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ حالانکہ پولس نے گردھاری کی پولیس حراست سے بھاگنے اور پولس پر فائرنگ کرنے کے لیے دو ایف آئی آر درج کیں لیکن اس کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے کوئی ایف آئی آر درج کیوں نہیں کی گئی۔

    واضح رہے کہ گردھاری عرف ڈاکٹر کو6 جنوری کو شہر کے مصروف علاقے گومتی نگر میں ایک جرائم پیشہ ملزم اجیت سنگھ کو گولی مارنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔