سوشل میڈیا پر غیراخلاقی الفاظ استعمال کرنے والے صادق آباد کے پولیس کے 2 افسر کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صادق آباد پولیس کے دو افسر کو نوکری سے فارغ کردیا گیا، آرپی او بہاولپور نے رکن پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ کی جانب سے لگائے گئے الزامات ثابت ہونے پر سب انسپکٹر نوید نواز واہلہ اور سب انسپکٹر سیف ملہی کو نوکری سے فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ممتاز چانگ نے پنجاب اسمبلی میں ان افسراں کے خلاف آواز اٹھائی تھی، پولیس ترجمان کا کہنا ہے پولیس افسراں نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی الفاظ استعمال کیے۔
ترجمان پولیس کے مطابق اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، سب انسپیکٹر نوید نواز والہ سابقہ ایس ایچ او بھونگ اور سب انسپیکٹر سیف ملی سابقہ ایس ایچ اوکوٹ سبزل تھا۔
ممتاز چانگ کا کہنا ہے کرپٹ پولیس افسروں کے خلاف ایکشن، میری نہیں، حلقے کے عوام کی کامیابی ہے۔
کراچی: لیاقت آباد پولیس اسٹیشن میں پولیس افسر اخلاقیات بھول گئے، خاتون کے سامنے شرٹ بدلنے پر معطل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد تھانے میں خواتین کے سامنے شرٹ بدلنے کے معاملے پر ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی پرویز کو معطل کر دیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ کسی بھی افسر یا اہلکار کو اس طرح کے فعل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لیاقت آباد شعبہ تفتیش کے افسر کی غیر اخلاقی حرکت کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ کمرے میں دو خواتین کی موجودگی کے باوجود پولیس افسر وردی تبدیل کرنے لگا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کمرے میں 2 خواتین کی موجودگی کے باوجود پولیس افسر نے شرٹ اتاری، پولیس افسر کی غیر اخلاقی حرکت دیکھ کر کمرے میں موجود خواتین شرمسار ہوگئیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں خواتین کو شرم کے باعث چہرے دوسری جانب پھیرتے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس افسر اے ایس آئی پرویز نے درج مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں خواتین کو تھانے بلایا تھا۔
کراچی: لی مارکیٹ میں شہری پر وحشیانہ تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کھارادر میں شہری ندیم عباس پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس اہلکار وسیم کے خلاف مقدمے میں اقدام قتل و دیگر دفعات شامل ہیں۔
تشدد کا نشانہ بننے والے شہری ندیم عباس نے کہا کہ ڈی ایس پی کے ریڈر وسیم نے اپنے ساتھی آصف، عمران اور دیگر کے ہمراہ اسے مارا پیٹا گیا، جس سے جبڑا ٹوٹ گیا، جسم پر کئی فریکچر آئے۔
شہری ندیم عباس نے کہا کہ ملازمین میں عیدی تقسیم کرنے جارہا تھا کہ گلی میں روکا گیا، خود کو پولیس اہلکار کہنے والے وسیم نے ساتھیوں کیساتھ ملکرمجھ پر تشدد کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق نشے کی حالت میں ملزم نے اس لئے مجھ پر تشدد کیا دیکھ کر گھور کیوں رہے ہو، وسیم خود کو اعلیٰ پولیس افسر ظاہر کر رہا تھا، معذرت کے باوجود پولیس اہلکار نے پستول کے بٹ مارے۔
ندیم عباس نے کہا کہ جب میں زمین پر گرا تو پیروں کے قریب گولیاں ماری گئیں، چوہدری وسیم اور دیگر ساتھیوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
کراچی: پولیس حکام نے منشیات فروشی اور بھتہ خوری میں ملوث حاضر پولیس افسر کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی اور بھتہ خوری میں ملوث پولیس افسر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ ملزم اے ایس آئی عمران سے چرس برآمد ہوا، گرفتار ملزم گلشن معمار تھانے میں ڈیوٹی افسر ہے، سائٹ سپرہائی وے پولیس نے 12 جنوری کو ایک ملزم پکڑا تھا اس نے دوران تفتیش بتایا کہ پستول پولیس افسرنے دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے ملنے والی موٹرسائیکل اے ایس آئی عمران کے ہی نام پر تھی، پولیس تفتیش کے بعد ایس ایچ او گلشن معمار ملزم کو بچانے کی کوشش کرتا رہا۔
حکام نے مزید بتایا کہ اے ایس آئی عمران مومن آباد میں بھتہ خوری میں گرفتار ہوچکا ہے، ملزم کے خلاف ایک تھانے میں منشیات کا کیس بھی درج ہے اب گرفتار ملزم سے منشیات برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
کراچی: شہر قائد کے علاقے سعدی ٹاؤن بلاک 5 سے پولیس افسر کی گاڑی چوری ہو گئی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق چوروں نے پولیس افسر کی گاڑی بھی نہ چھوڑی، سعدی ٹاؤن کے بلاک فائیو سے ایک پولیس افسر کی گاڑی چوری ہونے کی واردات سامنے آئی ہے۔
2021 کے ماڈل کی گاڑی میں آنے والے ملزمان 2011 ماڈل کی گاڑی لے اڑے، پولیس کی جانب سے پیٹی بند بھائی کی کار کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پارکنگ میں کھڑی گاڑی کے ساتھ ملزمان نے اپنی گاڑی پارک کی، ایک ملزم گاڑی سے اترا اور دوسری کار کا دروازہ کھول کر اندر بیٹھ گیا۔
ویڈیو کے مطابق ملزم نے گاڑی اسٹارٹ کی، ویڈیو میں گاڑی کو ریورس ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد ملزم کار کو لے کر نکل گیا، ملزم کے پیچھے سفید کار بھی گلی سے باہر نکل گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان جس گاڑی میں آئے تھے وہ نجی بینک کی ملکیت ہے، پولیس کے مطابق کار کا ایڈریس کلفٹن بلاک 7 کا آ رہا ہے۔
پٹنہ : بھارت میں تھانے میں مدد کیلئے آنے والی لاچار خاتون کو پولیس افسر نے اس حد تک مجبور کردیا کہ وہ اس کے جسم کی مالش کرے۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار کے سہرسہ ضلع کے نوہٹہ بلاک کےایک پولیس اسٹیشن میں پیش آیا، یہی وہ استحصال ہے جو عام شہری کو پولیس افسران سے دور کرتا ہے۔
اسی حوالے سے نوہٹہ پولیس اسٹیشن کی درہر چوکی میں شکایت کنندہ خاتون سے تیل کی مالش کرنے والے پولیس افسر کا ویڈیو وائرل ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں انسپکٹر ششی بھوشن سنگھ فون پر کسی سے بات کر رہا ہے جب کہ اس کے ساتھ کھڑی خاتون اسے تیل کی مالش کر رہی ہے۔
ڈہار تھانے کے افسر ششی بھوشن سنگھ پر الزام ہے کہ اس نے خاتون کی بے بسی کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے برہنہ جسم کا مساج کرایا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلع کے ایس پی لیپی سنگھ نے ایس ایچ او ششی بھوشن سنگھ کو ڈیوٹی سے معطل کردیا ہے اور لائن حاضر ہونے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں پیلے رنگ کی ساڑھی پہنی ایک خاتون پولیس افسر کا مساج کر رہی ہے جب کہ دوسری خاتون ان کے سامنے بیٹھی ہے اور پولیس افسر کسی سے بات کرتے ہوئے ان خواتین کے مسائل کو حل کرنے کی بات کررہا ہے۔
کراچی: کچرا کیوں پھینکا؟ ٹریفک پولیس افسر نے بیٹوں کے ساتھ ملکر ہمسائے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں کچرا پھینکے پر ٹریفک پولیس افسر کا ہمسائے سے جھگڑا ہوا، واقعےکی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹریفک پولیس افسر اکرم اور پڑوسیوں میں تلخ کلامی اور لڑائی چل رہی تھی، سب انسپکٹرپہلے بیچ بچاؤ کی کوشش کرتا رہا تاہم اچانک بھڑک اٹھا۔
والد کو اشتعال میں دیکھ بچوں نے پڑوسیوں پر اچانک پتھر پھینکنا شروع کردیئے، پھتر لگنے سے ہمسائےکی آنکھ ضائع ہوگئی۔
متاثرہ شخص نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ٹریفک پولیس افسر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
ورجینیا : امریکہ میں پولیس افسر نے اپنی ساتھی کو بڑے حادثے سے بچا لیا، بروقت اقدام نہ کیا جاتا تو شاید ساتھی خاتون پولیس افسر لقمہ اجل بن چکی ہوتی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا کی جاری کردہ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس افسر نے کس طرح سے اپنی ساتھ اہلکار کو حادثے کی نذر ہونے سے بچایا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس افسر اپنی ساتھی اہلکار کے ساتھ سڑک کنارے کھڑا باتیں کر رہا تھا کہ ایک سفید رنگ کی بے قابو گاڑی آئی اور ساتھ کھڑی پولیس کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔
اس دوران پولیس اہلکار نے بے قابو گاڑی کو اپنی جانب آتے دیکھا تو اس نے اپنی ساتھی اہلکار کو پکڑ کر سڑک سے نیچے کر دیا۔
ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ اگر پولیس اہلکار اپنی ساتھی کو کھینچ کر پیچھے نہیں ہٹاتا تو اس کا حادثے کا شکار ہونا یقینی تھا۔ حادثے میں پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔؎
جاری کردہ ویڈیو میں لوگوں نے بڑی تعداد میں اپنے کمنٹس میں خاتون پولیس اہلکار کے بچ جانے پر خوشی کا اظہار کیا اور پولیس اہلکار کی حاضر دماغی کو داد دی۔
کراچی: کشمور پولیس کے بہادر اہلکار محمد بخش برڑو کا کہنا ہے کہ انہوں نے خاتون اور ننھی بچی سے زیادتی کرنے والے ملزمان کو اپنی بیٹی کی مدد سے پکڑا، ان کی بیٹی نے بھی بہت ہمت دکھائی۔
تفصیلات کے مطابق کشمور پولیس کے اہلکار محمد بخش نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سر عام کے میزبان اقرار الحسن سے خصوصی گفتگو کی۔
محمد بخش نے بتایا کہ جب زیادتی کا شکار خاتون اس کے پاس آئیں تو انہوں نے رو رو کر اپنی بیٹی کو بچانے کی دہائیاں دیں، خاتون کے پاس ملزمان کا کوئی اتہ پتہ نہیں تھا صرف ایک فون نمبر تھا۔
محمد بخش کے مطابق انہوں نے خاتون سے کہا کہ وہ کل آئیں تو اس پر مزید پیش رفت کی جائے گی جس پر خاتون نے کہا کہ ان کے پاس کوئی ٹھکانہ نہیں ہے، جس پر محمد بخش نے اپنے اہلخانہ کے ساتھ اپنے گھر رکنے کا کہا اور کہا کہ تم میری بہن ہو۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ فون نمبر کھلا تو انہوں نے اس پر کال کر کے پہلے اپنی بیوی کی ملزمان سے بات کروائی، تاہم ملزمان تذبذب کا شکار رہے، بعد ازاں انہوں نے اپنی بیٹی سے بات کروائی جس کے جھانسے میں وہ فوراً آگئے۔
بیٹی نے ملزمان کو ایک ہوٹل میں بلایا جہاں کشمور پولیس پوری تیاری کے ساتھ موجود تھی، محمد بخش کے مطابق ملزم نے ان کی بیٹی کا نقاب اتارنے کی کوشش کی تو اس نے ملزم کا گریبان پکڑ لیا۔
اس کے بعد کشمور پولیس نے فوری کارروائی کی اور ماں اور 4 سالہ بچی کو درندگی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کو دھر لیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی سے ایک خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر کشمور بلایا گیا تھا جہاں اسے اور اس کی 4 سالہ بیٹی کو کئی روز تک اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
ملزمان نے ماں کو چھوڑنے کے بعد بچی اپنے پاس رکھ لی تھی اور ماں سے مزید خواتین لانے کا مطالبہ کیا جس کے بعد متاثرہ خاتون پولیس کے پاس پہنچ گئی۔
بعد ازاں اے ایس آئی محمد بخش برڑو نے اپنی بیٹی سے ملزمان کی بات کروا کر انہیں جھانسہ دے کر ہوٹل پر بلوایا اور گرفتار کرلیا، ملزمان کی نشاندہی پر کمسن بچی کو بھی بازیاب کروا لیا گیا۔
گرفتاری کے بعد پولیس مرکزی ملزم رفیق ملک کو لے کر ایک اور ملزم کی شناخت و گرفتاری کے لیے پہنچی تو پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس میں ملزم رفیق ملک شدید زخمی ہوا، رفیق بعد ازاں اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔
بہادری کے اس کارنامے پر اے ایس آئی برڑو اور ان کی بیٹی پر انعامات اور تعریف و توصیف کی بارش کردی گئی، وزیر اعظم عمران خان نے بھی محمد بخش برڑو اور ان کی بیٹی کو شاباش دی اور کہا کہ قوم کو آپ کی بہادری پر فخر ہے۔
محمد بخش کو بعد ازاں کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا جبکہ ان کی بیٹی کو تاحیات اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا گیا۔
نیویارک: امریکا میں ایک اور پولیس افسر کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس افسر کی ہلاکت کا واقعہ ہیوسٹن کے شمالی علاقے پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب پیش آیا، زخمی پولیس افسر نے مدد حاصل کرنے کے لئے تاج ان اینڈ سوئٹ موٹل کے اندر جانے کی بھی کوشش کی لیکن وہ لابی میں دم توڑ گیا، واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے موٹل کو گھیرے میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیوسٹن شہر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فائرنگ کا یہ چھٹا واقعہ ہے جس میں ایک پولیس افسر سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ہیوسٹن شہر میں اکیس اکتوبر کو بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا تھا، پولیس افسر کی ہلاکے کے بعد شہر میں تشدد کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔
موٹل کیا ہوتا ہے؟
موٹل ایک ایسا ہوٹل ہے جو موٹر سائیکل سواروں کے لئے خصوصی طور پر تیار کیا جاتا ہے، اسے عام طور پر موٹر گاڑیوں کے لئے پارکنگ کا علاقہ بھی سمجھا جاتا ہے۔