Tag: Police performance

  • کراچی کے بہادر شہری نے ڈاکوؤں کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا

    کراچی کے بہادر شہری نے ڈاکوؤں کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا

    کراچی : شہر قائد میں بہادر شہری نے ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، لوگوں نے دونوں ملزمان کی درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ضلع وسطی میں اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس پر قابو پانے میں پولیس بھی ناکام نظر آرہی ہے۔

    کراچی میں پولیس کی کارکردگی سے مایوس شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خود ہی ہمت کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو پکڑنا شروع کردیا۔

    ایف بی ایریا دستگیر میں موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے شہریوں سے لوٹ مار کی، رہزنی کی واردات کے بعد ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہو رہے تھے۔

    اس موقع پر ایک شہری نے چلتی موٹر سائیکل سے ایک ڈاکو کو پکڑ کر نیچے گرایا جس سے موٹر سائیکل پر بیٹھا دوسرا ملزم بھی نیچے گر گیا۔

    ڈاکو نے اپنے آپ کو چھڑانے کی بھی کوشش کی لیکن ناکام رہا، اس دوران راہگیر اور دیگر علاقہ مکین بھی جمع ہوکر شہری کی مدد کو پہنچ گئے۔

    شہریوں نے ڈاکو سے پستول چھین کر دونوں کو تشددکا نشانہ بنا ڈالا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

    مشتعل علاقہ مکینوں نے دونوں ملزمان کو شدید زدوکوب کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کیا، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عامر اور ایاز کے ناموں سے ہوئی، دونوں ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہوکر جیل کی ہوا کھاچکے ہیں۔

  • کورنگی : بھائی کے سامنے بھائی کا قتل، پولیس کی روایتی بے حسی

    کورنگی : بھائی کے سامنے بھائی کا قتل، پولیس کی روایتی بے حسی

    کراچی : کورنگی میں ڈاکوؤں نے گزشتہ روز ایک اور نوجوان کو واردات کے دوران قتل کردیا تھا، ملزمان نے مزاحمت پر نوجوان بلال کو بڑے بھائی کے سامنے گولی مار دی۔

    کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں بھائی کے سامنے بھائی کے قتل کا معاملے میں پولیس اپنی روایتی سستی اور کاہلی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

    واقعاتی شواہد اکٹھے کرنے کے سوا تحقیقات میں تاحال کوئی پیشرفت نہ ہوسکی، اس سلسلے میں صرف قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی اور عینی شاہد کاشف کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والا گولی کا خول فارنزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ فارنزک رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات سے بھی مدد حاصل کرنے کی کوشش جارہی ہے، عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان نے موبائل فون اور پیسے مانگے تھے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مقتول بلال کی جانب سے پیسے نہ دیے جانے پر ملزمان نے فائرنگ کی، ملزمان نے پہلا فائر زمین پر اور دوسرا بلال کی گردن پر مارا۔

    مزید پڑھیں : شاہ رخ کے بعد ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان بڑے بھائی کے سامنے قتل

    پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ موٹر سائیکل سوار سفاک ملزمان مقتول سے موبائل اور پیسے لے کر باآسانی فرار ہوگئے۔