Tag: Police raid

  • پولیس کا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے گھر پر چھاپہ

    پولیس کا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے گھر پر چھاپہ

    اسلام آباد: میانوالی پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر کے گھر چھاپہ مارا تاہم عمر ایوب گھر پر موجود نہیں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر کے ایف 10 رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران عمر ایوب گھر پر موجود نہیں تھے۔

    اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اس چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا جس میں کہا کہ اے ٹی سی سرگودھانے میرے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کئے۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور میانوالی پولیس نے میرے گھر چھاپہ مارا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرنا چاہتی ہیں۔

    عمر ایوب خان نے مزید لکھا کہ واضح کر دوں بانی پی ٹی آئی کے وزیراعظم بننے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

  • لاہور : پولیس پرویزالٰہی کے گھر کا دورازہ توڑ کر داخل، خاتون سمیت 11 افراد گرفتار

    لاہور : پولیس پرویزالٰہی کے گھر کا دورازہ توڑ کر داخل، خاتون سمیت 11 افراد گرفتار

    لاہور : پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری کیلئے پولیس ان کے گھر کا مرکزی دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوگئی، پولیس نے خاتون سمیت 11افراد کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس اہلکاروں نے بکتر بند گاڑی کی ٹکر سے میں گیٹ کو توڑا اور بکتر بند سمیت گھر میں داخل ہوکر گھر کےاندر موجود افراد کو گرفتارکرناشروع کردیا، گھر کے اندرونی دروازے اور شیشے بھی توڑ دیے گئے۔

    اس سے قبل پولیس اہلکاروں کی جانب سے پرویزالٰہی کے گھر کا گیٹ توڑنے کی کوشش کی گئی اور ناکامی پر اہلکار دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوگئے تھے۔

    اس دوران پرویزالٰہی کے گھر کے اندر سے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا جس کے بعد پولیس اہلکار پیچھے ہٹ گئے، اس موقع پر اینٹی رائٹ فورس اہلکار اور ویمن پولیس کی نفری بھی موجود تھی۔

    پولیس کی جانب سے پرویزالٰہی کے گھر کا مین گیٹ توڑنے کی کوشش کی گئی جبکہ گھر کے اندر سے پولیس اہلکاروں پر پانی بھی پھینکا جاتارہا۔

     اسی ہنگامہ آرائی کے دوران چوہدری پرویزالٰہی کے گھر کے مین گیٹ کو آگ لگ گئی، پولیس حکام نے صورتحال کو قابو کرنے کیلئے پولیس کی مزید نفری طلب کرلی۔

    پولیس اہلکاروں کی جانب سے گیٹ پر پتھراؤ بھی کیا گیا اور اسی دوران گھر کے اندر بھی پتھر پھینکے جاتے رہے، بعد ازاں بکتر بند گاڑی کی مدد سے پرویزالٰہی کے گھر کا گیٹ توڑ دیا گیا، پولیس دوبارہ بکتر بند گاڑی سمیت پرویزالٰہی کے گھر میں داخل ہوگئی۔

    پولیس اہلکاروں نے گھر کا مین گیٹ بکتربند گاڑی سے توڑنے کے بعد گھر کا اندرونی دروازہ بھی توڑدیا، پولیس اہلکاروں نے گھر میں موجود ملازمین پر تشدد کیا اور پرویزالٰہی کے گھر سے خاتون سمیت11افراد کوحراست میں لے لیا۔

    اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری پرویزالٰہی کے گھر کے اندر موجود ہے جبکہ اینٹی رائٹ فورس اور پولیس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد گھر کے باہر بھی موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہے کہ پولیس سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ ان کے وکیل کے مطابق پرویز الہی کو مذکورہ مقدمے میں ضمانت دی جا چکی ہے۔

    قبل ازیں پرویزالٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس طارق سلیم شیخ نے 6 مئی تک ضمانت قبل از گرفتاری دی ہے،ہائی کورٹ کا تصدیق شدہ آرڈر ہمیشہ اگلے دن ملتا ہے، ہم نے ان کی کورٹ کے اہلکار سے بات بھی کروا دی تھی۔

    مزید پڑھیں : اینٹی کرپشن کی ٹیم پرویز الہی کی گرفتاری کیلئے پہنچ گئی

    انہوں نے اینٹی کرپشن ٹیم سے کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی گھر میں موجود نہیں ہیں، سرچ وارنٹ ہیں تو گھر داخل ہو ں ورنہ اندر نہیں جاسکتے۔

    یہ مقدمہ گوجرانوالہ میں درج ہوا، پراسیکیوٹر جنرل کی موجودگی میں ضمانت ہوئی تھی، کورٹ آرڈر کے بعد وکیل کے لیٹرہیڈ پر تفصیل جاری ہوتی ہے، اینٹی کرپشن ٹیم کہتی ہے کہ ہم نے پرویزالٰہی کو ہر صورت گرفتار کرنا ہے، اینٹی کرپشن کی جانب سے قانون کو نہیں مانا جارہا۔

  • اسلام آباد میں مساج سینٹر پر پولیس، مجسٹریٹ کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی چھاپے کا انکشاف

    اسلام آباد میں مساج سینٹر پر پولیس، مجسٹریٹ کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی چھاپے کا انکشاف

    اسلام آباد: پولیس اور مجسٹریٹ کی مبینہ ملی بھگت سے اسلام آباد میں ایک مساج سینٹر پر جعلی صحافیوں کے غیر قانونی چھاپے کا انکشاف ہوا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس پر پولیس اور انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک مساج سینٹر پر جعلی صحافیوں کے چھاپے اور رقم بٹورنے کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت ہوئی، ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شہری شاہ فیصل کی درخواست پر سماعت کی۔

    ہائیکورٹ نے تمام ذمہ داروں کیخلاف پرچہ درج کرنے کا حکم دے دیا، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس میں کہا کہ اسلام آباد کو درہ آدم خیل نہ بنائیں، غیر قانونی چھاپے میں مجسٹریٹ ملوث تھے توان کے خلاف بھی کارروئی کی جائے۔

    عدالت نے کہا کہ اگر پولیس نے شفاف تحقیقات نہ کیں تو کیس ایف آئی اے اور آئی ایس آئی یا نیب کو دے دیں گے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کر کے دس دن میں رپورٹ پیش کی جائے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے کہا تھا کہ پرائیویٹ میڈیا پرسنز نے چھاپا مار کر 5 لاکھ 75 ہزار روپے وصول کیے، چھاپا مار ٹیم کے ہمراہ پولیس اہل کار یا مجسٹریٹ موجود نہیں تھے، تاہم واقعے کی شکایت پر پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی ہے، بلکہ رقم واپسی کے تقاضے پر واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ فوٹیج کے مطابق پرائیویٹ افراد نے چھاپا مارا، دروازوں پر دستک دے کر لوگوں کو باہر نکالا گیا اور مار پیٹ کی گئی۔

    عدالتی ریمارکس کے مطابق ان افراد نے وائرلیس تھام رکھے تھے اور کاؤنٹرز سے رقم بھی وصول کی، عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو انکوائری کر کے ذمہ داران کے تعین کا حکم دیا۔

  • بارکھان واقعہ : کوئٹہ میں صوبائی وزیر کے گھر پر چھاپہ

    بارکھان واقعہ : کوئٹہ میں صوبائی وزیر کے گھر پر چھاپہ

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع بارکھان میں کنویں سے خاتون اور دو بیٹوں کی لاشیں ملنے کے واقعے کے بعد پولیس نے صوبائی وزیرعبدالرحمان کھیتران کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔

    بچوں کی بازیابی کیلئے پٹیل باغ میں کیلئے صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران کے گھر چھاپے میں پولیس نے صوبائی وزیر کےمہمان خانے سمیت گھرکے دیگرحصوں کی تلاشی لی۔

    اس حوالے سے ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ خان محمد مری کے5بچوں کی بازیابی کیلئے چھاپہ مارا گیا ہے، چھاپے کے دوران خواتین پولیس اہلکار بھی موجود تھیں۔

    قبل ازیں صوبائی وزیر سردارعبدالرحمان کھیتران نے بارکھان واقعے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرے خلاف بےبنیاد پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، گزشتہ 10دن سے کوئٹہ میں ہوں، واقعےسے میرا کوئی تعلق نہیں ہے

    مزید پڑھیں : بارکھان واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    سردارعبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ ہر سردار یا نواب کی ذاتی جیل ہوتی ہے، میڈیا کو دعوت ہے میرے علاقے میں نجی جیل یا کوٹھری ہی ڈھونڈ کر دکھائیں۔

    یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے معاملے کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔ صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈی آئی جی لورا لائی ڈویژن جے آئی ٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ اس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن کوئٹہ اور اسپیشل برانچ بارکھان کا نمائندہ بھی شامل ہیں۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کسی کو بھی ممبر نامزد کر سکتی ہے، 5 رکنی جے آئی ٹی 30دنوں میں اپنی رپورٹ مرتب کر کے پیش کرے گی۔

  • لیاری : پولیس کا چھاپہ، خاتون دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

    لیاری : پولیس کا چھاپہ، خاتون دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

    کراچی : لیاری ٹاؤن کے ایک گھر میں پولیس چھاپے کے دوران خاتون خانہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مطلوب ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر گھر پر چھاپہ مارا گیا تھا اس موقع پر ملزم نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    چھاپہ کے دوران ملزم اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی جس سے گھبرا کر خاتون کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی رواں سال فروری میں سادہ لباس اور پولیس کی وردی میں ملبوس اہلکار فیڈرل بی ایریا کے ایک مکان میں سیڑھی لگا کر داخل ہوئے۔

    انہوں نے عزیز نامی شخص اور اس کے بیٹے کو حراست میں لے لیا تھا چھاہے کے دوران عزیز کی اہلیہ دول کا دورہ پڑنے سے خالق حقیقی سے جاملی۔

    بعد ازاں عزیز نامی شخص کے بیٹے نے پہلے 15 کو اور یوسف پلازہ پولیس کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا اور اپنی والدہ کی تدفین کی تیاری میں لگ گیا۔

    نامعلوم پولیس پارٹی کو اس بات کا علم ہو گیا تھا کہ حراست میں موجود عزیز نامی شخص کی اہلیہ انتقال کرگئی جس پر ایک لمبے سفر کے بعد انہیں سپر ہائی وے پر سبزی منڈی کے پاس چھوڑ دیا گیا۔

  • کراچی : نادرا کے جعلی دفتر پر چھاپہ: برطرف پولیس اہلکار گرفتار

    کراچی : نادرا کے جعلی دفتر پر چھاپہ: برطرف پولیس اہلکار گرفتار

    کراچی : پولیس نے جمشید کوارٹرز کے علاقے میں نادرا کے جعلی دفتر پر کامیاب چھاپہ مارا، جعلی شناختی کارڈ بنانے والے گروہ کے کارندے کو گرفتارکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نادرا کے جعلی دفترکا انکشاف ہوا ہے، پولیس خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جمشید کوارٹرز بلوچ پاڑہ میں چھاپہ مارا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جعلی دفتر پر چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں جعلی شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں، اس موقع پر دفتر میں موجود برطرف پولیس اہلکارکو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران مختلف ڈپٹی کمشنرز کی متعدد جعلی مہریں بھی ضبط کرلی گئیں, مذکورہ دفترمیں مختلف قسم کی مشینری بھی موجود تھی۔

  • علی زیدی کے گھر پولیس کا چھاپہ، پی ٹی آئی رہنما برہم

    علی زیدی کے گھر پولیس کا چھاپہ، پی ٹی آئی رہنما برہم

    کراچی: پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ رات اپنے جاری کردہ پیغام میں بتائی، انہوں نے کہا کہ اس وقت میری بیوی اور بچے گھر میں اکیلے تھے۔

    اگر کسی نے میرے گھر میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی تو زرداری اور اس کے بیٹے کا دنیا کے آخری کونے تک پیچھا کروں گا۔

    علی زیدی کے مطابق وہ گزشتہ رات نمائش چورنگی پر ہونے والے احتجاجی دھرنے میں موجود تھے کہ 5 پولیس موبائل اور دو کرولا کاروں نے ان کے گھر کا گھیراؤ کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی نے لکھا کہ میری بیوی اور بچے گھر میں اکیلے ہیں، اگر کسی نے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تو زرداری اور اس کے بیٹے کا دنیا کے آخری کونے تک پیچھا کروں گا۔

  • شیخ رشید کی گرفتاری کے لئے پولیس کا ” لال حویلی” پر چھاپا

    شیخ رشید کی گرفتاری کے لئے پولیس کا ” لال حویلی” پر چھاپا

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے ” حقیقی آزادی مارچ” سے قبل پولیس نے رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی لال حویلی پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رات گئے پولیس نے شیخ رشیداحمد اور شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کے لئے لال حویلی پر چھاپا مارا، چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری نے شیخ رشید کی لال حویلی کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور پولیس اہلکار لال حویلی کے اطراف پوزیشن لئے کھڑے ہیں تاہم عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید کی جانب سے ایک ویڈیو بھی وائرل کی گئی ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری لال حویلی میں داخل ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز پشاور میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد جاری ویڈیو پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چار گاڑیوں میں سادہ لباس پولیس اہلکار میری گرفتاری کیلیے گھرکے باہرموجود ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ‘گھر کے باہر پولیس کھڑی ہے گرفتاری سے گھبرانے والا نہیں

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ میں گرفتار نہیں ہوں گا، اللہ بہتر کرے گا، میں 25 مئی دن دو بجے لال حویلی سے نکلوں گا، میں ڈرنے والا نہیں ہوں، اللہ کی مدد پر یقین رکھتا ہوں۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے فوری مگر شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا ہے اور اس مقصد کی تکمیل کے لیے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی، مارچ کے پیش نظر حکومت نے بھی کمر کس لی اور ڈی چوک کے اطراف کے مقامات کو سیل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جبکہ ملک بھر میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

  • عمران خان کی رہائش گاہ پر رات گئے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی

    عمران خان کی رہائش گاہ پر رات گئے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی

    اسلام آباد : عمران خان کی اسلام آباد مارچ کال سے پہلے پولیس نے کارروائیاں شروع کردیں، پولیس کی جانب سے اسلام آباد اور کراچی میں کارروائیاں کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بنی گالہ اور اطراف میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا، پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بنی گالہ میں موجود پرامن پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کیا گیا۔

    پولیس کے پہنچتے ہی بنی گالہ کے اطراف موجود پی ٹی آئی کارکنان متحرک ہوگئے، مشتعل کارکنان خیموں سے باہر نکل آئے اور حکومت مخالف شدید نعرے بازی کی۔

    اسلام آباد پولیس کے بنی گالہ پہنچنے پر پی ٹی آئی رہنما مراد سعید باہر نکل آئے، بنی گالہ کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکن اپنے سامنے مراد سعید کو دیکھ کر جذباتی انداز میں نعرے لگاتے رہے۔

    پی ٹی آئی کارکنوں نے مراد سعید کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں، مراد سعید کچھ دیر کارکنوں کے ساتھ موجود رہے، بعد ازاں پولیس واپس روانہ ہوگئی۔

  • سوشل میڈیا نے پولیس اہلکاروں کی چوری کا بھانڈا پھوڑ دیا

    سوشل میڈیا نے پولیس اہلکاروں کی چوری کا بھانڈا پھوڑ دیا

    کراچی: سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے باعث پولیس نے اپنے پیٹی بند بھائیوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار اہلکاروں نے گذشتہ روز دودھ  کی دوکان سے رقم چُرائی تھی۔ 

    ایس ایس ایس کورنگی کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا کہ گذشتہ روز کورنگی میں اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ دودھ کی دکان پر چھاپہ مارنے والے چار پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ چاروں پولیس اہلکاروں نے اسسٹنٹ کمشنر کے چھاپے کے دوران دکان سے رقم لوٹی تھی، واقعے کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    اے آر وائی نیوز نے کورنگی میں دودھ کی دکان پر چھاپےکےدوران پولیس اہلکار کی چوری کی ویڈیو آن ایئر کی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دکاندار کو باہر نکالنے کے بعد پولیس اہلکار نے کیش کاؤنٹر سےرقم چرائی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس اہلکار کو رقم نکالتے واضح دیکھاجاسکتاہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کے چھاپے کے دوران پولیس کے ہاتھوں لٹنے والے دکاندار کا بھی موقف سامنے آیا ہے، دکاندار نے بتایا کہ واقعہ گذشتہ شب رات بارہ بجے کورنگی پی اینڈ ٹی سوسائٹی میں پیش آیا، اسسٹنٹ کمشنر کے چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں نے کھڑکی سے اندرجانے کی کوشش کی ، اندر موجود لڑکے نے دروازہ کھولا۔

    دکاندار نے بتایا کہ اسی دوران پولیس اہلکاروں نے تمام افراد کو دکان سے باہر نکالا اور اندھیرا کرکےتمام پیسے لوٹے، ہمارے پاس پیسے چوری کرنےکی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔