Tag: police report

  • توشہ خانہ کیس : پولیس نے نوٹس کی تعمیل کی رپورٹ جمع نہیں کرائی

    توشہ خانہ کیس : پولیس نے نوٹس کی تعمیل کی رپورٹ جمع نہیں کرائی

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ کیس میں کوئی خاص پیشرفت نہ ہوسکی، عدالت نے سماعت 11 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفراقبال نے کیس کی سماعت کی۔

    الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویزعدالت میں موجود تھے، اس موقع پر پولیس کی جانب سے عمران خان کو نوٹس کی تعمیل کی رپورٹ جمع نہیں کرائی جاسکی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے جونیئر وکیل عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ نہ ہمارے کسی سینئر وکیل اور نہ ہی عمران خان کو کوئی نوٹس ملا ہے۔

    بعد ازاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس کی سماعت11اپریل تک ملتوی کردی۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد کی دو مختلف عدالتوں میں آج عمران خان کے خلاف مقدمات سماعت کے لیے مقرر تھے، الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں دلائل طلب کیے گئے تھے۔

    توشہ خانہ کیس کی آئندہ سماعت 29 اپریل مقرر ہے لیکن الیکشن کمیشن نے عدالتی کارروائی میں تاخیر کا شکار ہونے کے باعث سماعت جلد مقرر کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

    دوسری جانب عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف غیرقانونی نکاح کے الزام پر کیس کی سماعت بھی آج ہوگی۔

  • رواں سال شہر قائد میں کتنے پولیس مقابلے ہوئے؟ اعدادوشمار جاری

    رواں سال شہر قائد میں کتنے پولیس مقابلے ہوئے؟ اعدادوشمار جاری

    کراچی: رواں سال شہر قائد میں کتنے پولیس مقابلے ہوئے؟ اعدادوشمار جاری کردئیے گئے۔

    آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ سال دو ہزار بائیس کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر شہر میں 228 پولیس مقابلے ہوئے، ان مقابلوں میں 26 ملزمان ہلاک جبکہ 262 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق پولیس مقابلوں کے علاوہ کراچی میں پولیس نے یکم جنوری سے اٹھائیس مارچ تک دو ہزار ایک سو چھبیس ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ماہانہ بنیاد پر گرفتار ملزمان کی تعداد کچھ اس طرح ہے۔

    جنوری میں 600 ملزمان کو پولیس نے اپنی گرفت میں لیا جبکہ فروری میں یہ تعداد کچھ زیادہ رہی جہاں 778 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ رواں ماہ میں اب تک 668 جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

    ادھر کراچی پولیس آفس میں رشوت لینے والے افسران کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، کے پی او ایڈمن آفس سے پولیس ملازمین کے لیے نوٹس بھی جاری ہوچکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس آفس میں رشوت لینے والے افسران کے گرد گھیرا تنگ

    ایڈمن آفس کا کہنا تھا کہ آڈیو، ویڈیو، وائس یا ٹیکسٹ کے ذریعے معلومات شئیر کی جاسکتی ہے اور مزید معلومات کے لیے ایڈمن آفس خود شکایت کنندہ سے رابطہ کرے گا۔

    دوسری جانب کراچی پولیس نے محکمے میں کالی بھیڑوں کےخلاف کریک ڈاؤن شروع کررکھاہے، اسی تناظر میں ایس ایچ او ماڈل کالونی انیس ابڑو کے خلاف مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔

  • لاہور: ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات، درجنوں قتل

    لاہور: ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات، درجنوں قتل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 2 ماہ کے دوران ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات رونما ہوئے جبکہ اس دوران 63 افراد قتل ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے شہر میں رواں سال کے 2 ماہ 10 دن میں ہونے والے جرائم سے متعلق ریکارڈ جاری کردیا، شہر میں 36 ہزار 993 مقدمات درج کیے گئے۔

    پولیس ریکارڈ رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں 4 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے، ڈکیتی کی 5 ہزار کے لگ بھگ وارداتیں ہوئیں جن میں 21 گھروں میں وارداتیں کر کے کروڑوں لوٹ لیے گئے۔

    مختلف واقعات میں 63 افراد قتل ہوئے، موٹر سائیکل و وہیکل چوری کے 4 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے جبکہ دکانوں میں ہونے والی ڈکیتیوں میں ڈاکوؤں نے متعدد تاجروں کی جمع پونجی لوٹ لی۔

    پولیس کے مطابق سب سے زیادہ جرائم کینٹ ڈویژن میں ہوئے جن کی تعداد 7 ہزار 159 رہی، دوسرے نمبر پر سٹی ڈویژن میں 6 ہزار 789 جرائم ہوئے۔

    صدر ڈویژن میں 6 ہزار 458 جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 6 ہزار 206 جرائم ہوئے۔

    پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وارداتوں میں 40 کروڑ سے زائد مالیت کی نقدی، زیورات، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔

  • ‘چھوٹے سے ثبوت نے پولیس کو مروہ کے قاتلوں تک پہنچا دیا’

    ‘چھوٹے سے ثبوت نے پولیس کو مروہ کے قاتلوں تک پہنچا دیا’

    کراچی : پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے سےثبوت نے پولیس کو مروہ کے قاتلوں تک پہنچا دیا، کپڑے کے ٹکڑوں کی مدد سے پولیس نے ملزم فیض کو گرفتارکیا۔

    تفصیلات کے مطابق مروہ زیادتی وقتل کیس کی تفتیش کے اہم نکات سامنے آگئے ، پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ باریک بینی سےکی گئی تفتیش سے ملزمان پولیس کی گرفت میں آئے اور چھوٹے سے ثبوت نے پولیس کو مروہ کے قاتلوں تک پہنچا دیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ مروہ کی لاش 2کپڑوں میں لپٹی ہوئی ملی تھی، دونوں کپڑوں کے ٹکڑوں سے مالکان کی تلاش علاقے میں شروع کی ، دکانوں،  ٹھیلے بانوں اور درزیوں سے کپڑوں کی شناخت کرائی گئی۔

    پولیس نے کہا درزی محمدجاویدنے کپڑےکے ٹکڑوں کو شناخت کیا، جاوید نے پولیس کوبتایایہ کپڑےمیری دکان میں بچھےہوئےتھے، یہ کپڑےمیں نے اپنے ملازم درزی فیض عرف فیضو کو دیے تھے، جس کے بعد فیض سےمتعلق خفیہ طورپر جانچ میں معلوم ہواوہ عادی جرائم پیشہ ہے، درزی کی دکان کے مالک کے بیان کی روشنی میں پولیس نےملزم فیض کو گرفتار کیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزم فیض مقتولہ کےگھر سے5 سے6مکان چھوڑکر تنہارہائش پذیر تھا، ملزم کی اہلیہ اسے5سے6سال قبل چھوڑکرچلی گئی، ٹھوس شہادتوں کی روشنی میں پولیس نے فیض عرف فیضو کو گرفتار کیا، ملزم فیض عرف فیضونے دوران تفتیش سب اگل دیا، ملزم فیض کی نشاندہی پر اس کے ساتھی عبداللہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔

  • کراچی میں طوفانی بارش18 افراد کی جان لے گئی

    کراچی میں طوفانی بارش18 افراد کی جان لے گئی

    کراچی : شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش میں ہونے والے مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے حادثات کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد ہلاک ہو گئے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صائمہ اسکوائر میں دیوار گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد7ہے جبکہ فیروزآباد کے علاقے میں دیوار گرنےسے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

    پولیس کے مطابق کورنگی ندی اور گڈاپ میں ڈوبنے سے دو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ملیر کے علاقے سکھن میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور ڈیفنس تھانے کی حدود میں ایک شخص پانی میں ڈوب کر انتقال کرگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد شاہ فیصل کالونی میں بھی ایک شخص پانی میں ڈوب کرجاں بحق ہوا، پی ای سی ایچ ایس میں معذور خاتون گھر میں پانی میں ڈوب کر انتقال کرگئیں۔

    اس کے علاوہ ابراہیم حیدری میں دیوار گرنے سے ایک خاتون جن کا نام ربیعہ معلوم ہوا انتقال کرگئیں، سعدکالونی میں ایک شخص ڈوب کرجان کی بازی ہارگیا جبکہ نبی بخش کے علاقے میں ایک شخص دیوار گرنےسے جاں بحق ہوگیا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں جمعرات کی صبح سے موسلادھار بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 200 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد شہر کی اہم سڑکیں اور شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

  • پولیس نے جہانیاں میں ماں بیٹی کے قتل کو دیرینہ دشمنی کا نتیجہ قراردے دیا

    پولیس نے جہانیاں میں ماں بیٹی کے قتل کو دیرینہ دشمنی کا نتیجہ قراردے دیا

    اسلام آباد: پولیس نے جہانیاں میں ماں بیٹی کےقتل کو دیرینہ دشمنی کانتیجہ قرار دے دیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قاتلوں کوتاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا،  ملزمان کی گرفتاری کے لئےچھاپہ مارٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جہانیاں میں ماں بیٹی کےقتل پر آر پی اوملتان نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ، پولیس نےماں بیٹی کاقتل دیرینہ دشمنی کانتیجہ قرار دیا ہے۔

    پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قاتلوں کوتاحال گرفتار نہیں کیاجاسکا، دستیاب وسائل میں رہ کرگرفتاری کی کوششیں کررہےہیں، فریقین میں قتل کے مقدمات پر قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فریقین چھاپہ مارنے والے پولیس اہلکار کو بھی قتل کرچکے ہیں،ر مقتولہ کے بیٹے کے مطابق قتل سابقہ مقدمات کےنتیجےمیں ہوا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔

    یاد رہے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جہانیاں میں ماں اور بیٹی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ، آئی جی پنجاب سے تین دن میں رپورٹ طلب کی تھی، چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد پولیس نے تین نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس ثاقب نثار نے جہانیاں میں ماں، بیٹی کے قتل کا نوٹس لے لیا

    اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جہانیاں میں ماں، بیٹی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملزمان کوکیفر کردار تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔

    واضح رہے جہانیاں کچہری میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پیشی پر آئی تاج بیگم اور بیٹی عاصمہ کو قتل کر دیا تھا اور ملزمان گولیاں چلانے کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے تھے۔

    دونوں ماں بیٹی قتل کے مقدمے میں مدعی تھیں، جنہیں احاطہ عدالت میں پہنچنے سے پہلے ہی قتل کیاگیا جبکہ پولیس نے واقعہ کو پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

  • کراچی میں کلنگ میں 50 فیصد کمی: رپورٹ

    کراچی میں کلنگ میں 50 فیصد کمی: رپورٹ

    کراچی: کراچی پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چھ ماہ میں شہرمیں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے نتیجے میں شہرمیں قتل و غارت کی وارداتوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق 1 جنوری 2015 سے لے کر30 جون 2015 تک قتل و غارت کے مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد501 ہے جبکہ گزشتہ سال اسی دورانیے میں یہ تعداد 1،062 تھی۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 2011 میں لگ بھگ 2،042 افراد مارے گئے تھے، 2012 میں 2،403 ، 2013 میں 2،789اور 2014 میں یہ تعداد 1،823 تھی

    رواں سال 2015 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مجرموں سے کل 965 مقابلے ہوچکے ہیں جن میں 424 مجرم ہلاک جبکہ 17،103 گرفتار کئے گئے ہیں۔،

    رواں سال دہشت گردی اور بد امنی کے خلاف جنگ میں 55 پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 142 تھی۔