Tag: police said

  • تینوں لڑکیوں نے اپنی مرضی سے شادی کی نیت سے گھر چھوڑا، پولیس

    تینوں لڑکیوں نے اپنی مرضی سے شادی کی نیت سے گھر چھوڑا، پولیس

    کراچی سے 3 لڑکیوں کی گمشدگی کےواقعات رپورٹ ہونے کا معاملے پر پولیس کی جانب سے موقف جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تینوں لڑکیوں نے اپنی مرضی سے شادی کی نیت سے گھر چھوڑا۔

    ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری موقف میں کہا گیا ہے کہ کراچی سے دعا زہرہ، نمرہ کاظمی اور دینارلاپتہ ہوئی تھیں جن میں سے دعا زہرہ اور نمرہ کاظمی کے والدین نے مقدمات کا اندراج کرایا جب کہ سولجر بازار سے دینار کے والدین نے مقدمہ اندراج کی درخواست واپس لے لی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق مقدمات درج ہوتے ہی پولیس نے تلاش کا آغاز کیا اور ہمہ وقت متاثرہ والدین کے ساتھ رابطے میں رہی، اس حوالے سے کراچی پولیس کا اسپیشلائزڈ یونٹ کیس پر کام کر رہا تھا اور یونٹ اپنے تمام وسائل بروئے کار لاکر بازیابی کی کوشش کرتا رہا۔

    ترجمان کے جاری کردہ پولیس موقف میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ دعا زہرہ اور نمرہ کاظمی کی جانب سے ویڈیو بیان جاری کیے گئے جن میں دونوں لڑکیاں اپنی مرضی سے گھر چھوڑنے کی تصدیق کررہی ہیں۔

    ترجمان کے مطابق تینوں لڑکیوں نے اپنی مرضی سے شادی کی نیت سے گھر چھوڑا، کراچی پولیس کی تفتیشی ٹیم مسلسل پنجاب پولیس سےرابطےمیں ہے اور ہماری ٹیمیں پنجاب پہنچ چکی ہیں، لڑکیوں کو کراچی منتقل کرکے مجازعدالت میں پیش کیا جائے اور عدالتی احکامات کےمطابق کراچی پولیس کارروائی عمل میں لائے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی سے لاپتہ لڑکی دعا زہرا کو لاہور کی عدالت نے شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    مزید پڑھیں: عدالت نے دعا زہرہ کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی

    دعا زہرہ نے عدالت میں بیان دیا کہ میری عمر 18 سال ہے اور بالغ ہوں، میں اپنی مرضی سے کراچی سے لاہور آئی ہوں اور مجھے کسی نے اغوا نہیں کیا۔

  • گودام میں اسلحہ 5 فٹ گہرائی میں مدفون تھا، پولیس کا مؤقف

    گودام میں اسلحہ 5 فٹ گہرائی میں مدفون تھا، پولیس کا مؤقف

    کراچی پولیس نے لی مارکیٹ میں رہائشی عمارت کے بیسمنٹ میں واقع گودام سے مدفون جنگی ہتھیار برآمد کرنے کے بعد گودام سیل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کے ہمراہ آپریشن کیا اور اولڈ سٹی ایریا لی مارکیٹ کے قریب رہائشی عمارت کے گودام میں 9 گھنٹے کھدائی کے بعد کئی سالوں پُرانے زنگ لگے ہتھیار برآمد کرلیے۔

    پولیس نے بیمسمنٹ میں واقع گودام سیل کردیا جب کہ گودام کے داخلی راستے پر پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گودام کی پانچ فٹ تک کھدائی کی گئی، جس کے بعد اینٹی ائیر کرافٹ گن، ایل ایم جی، رائفلز اور دیگر اسلحہ برآمد ہوئیں، یہ اسلحہ جنگوں میں استعمال ہتھیاروں کی نوعیت کا ہے، ان ہتھیاروں سے جہاز ہیلی کاپٹر ٹینک یا عمارتوں کو اڑایا جاسکتا تھا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے جنگی ہتھیار زنگ آلود ہیں، اسلحے کی فرانزک کرائی جائے گی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسلحہ کہاں سے لایا گیا اور کب یہاں رکھا گیا تعین ہونا باقی ہے لیکن اس سے ملتا جلتا اسلحہ چند برس قبل عزیز آباد سے بھی برآمد ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جس جگہ سے اسلحہ ملا اس علاقے میں گینگ وار اور سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز سرگرم تھے، ممکنہ طور پر 2013 کے بعد کراچی میں جاری آپریشن کے دوران اسلحہ یہاں چھپایا گیا تھا۔