Tag: police station

  • بھارت : باغیوں کا پولیس اسٹیشن پر حملہ، 11 ہلاک

    بھارت : باغیوں کا پولیس اسٹیشن پر حملہ، 11 ہلاک

    گوہاٹی : بھارتی ریاست منی پور میں باغیوں کے پولیس اسٹیشن پر حملے کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ مسلح جھڑپ میں 11افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کوکی قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک مسلح گروہ نے بوروبکرا پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، پولیس نے جوابی کارروائی میں 11 باغیوں کو ہلاک کردیا۔

    آسام سے ملحق ضلع میں کیے جانے والے حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک سپاہی زخمی ہوا، تصادم تقریباً 45 منٹ تک جاری رہا۔ اس موقع پر مسلح باغیوں نے میٹی برادری سے تعلق رکھنے والے 3 سے 4 گھروں کو بھی آگ لگا دی۔

     CRPFR

    رپورٹ کے مطابق باغیوں نے جس پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اس کے قریب ایک کیمپ میں بےگھر ہونے والے افراد کی بڑی تعداد پناہ گزین تھی۔

    پولیس کے مطابق حملہ آور ایک رکشہ میں سوار ہوکر آئے تھے، ضلع جریبام کے علاقے بورو بکرا کے اس پولیس اسٹیشن کو چند ماہ کے دوران کئی بار نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

    واضح رہے کہ ریاست منی پور گزشتہ کئی سال سے بدامنی کا شکار ہے، یہاں میتی اور کوکی برادری کے درمیان دیرینہ تنازعہ چلا آرہا ہے۔

    India police station attack

    تقریباً 32 لاکھ آبادی والی یہ ریاست مئی 2023 سے دو نسلی علاقوں میں تقسیم ہو چکی ہے، ایک وادی جس پر میتی کمیونٹی کا کنٹرول ہے اور پہاڑی علاقے کوکی کمیونٹی کے زیر تسلط ہیں، اس تصادم میں اب تک کم از کم 250 افراد ہلاک اور تقریباً 60 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

  • انڈونیشیا :  پولیس اسٹیشن پر خود کش حملہ، پولیس افسر ہلاک، 10 زخمی

    انڈونیشیا : پولیس اسٹیشن پر خود کش حملہ، پولیس افسر ہلاک، 10 زخمی

    جاوا : انڈونیشیا میں ایک پولیس اسٹیشن میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس میں ایک پولیس افسر جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کے بانڈونگ شہر میں پیش آیا، پولیس نے حملہ آور کی شناخت ایک سزا یافتہ اور دہشت گرد تنظیم کے رکن کے طور پر کی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹر کے مطابق اس حملہ آور کا نام آگس سوجاتنو بتایا گیا ہے جبکہ اسے ابو مسلم کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔

    خود کش بمبار نے پولیس اسٹیشن میں اُس وقت داخل ہونے کی کوشش کی جب وہاں بڑی تعداد میں اہلکار موجود تھے تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر اسے روکنے کی کوشش کی جس پر اُس نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔

    زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکاروں سمیت ایک راہگیر بھی شامل ہے، اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے ایک اور دھماکا خیز مواد بھی ملا جو پھٹنے سے رہ گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق خود کش حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے اور خودکش بمبار کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔

  • وزیرستان میں شدت پسندوں کا تھانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    وزیرستان میں شدت پسندوں کا تھانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    وزیرستان: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے لوئر وزیرستان میں شدت پسندوں نے تھانے پر حملہ کیا جس میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لوئر وزیرستان کی تحصیل برمل کے تھانہ راغزائی پر رات گئے شدت پسندوں نے حملہ کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تھانے کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی، ملزمان سرکاری اسلحہ اور ایک نان کسٹم پیڈ گاڑی لے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا تھا۔

    شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا تھا، اس دوران فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

  • بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    جرم کرنے والے کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پولیس سے دور رہے، لیکن ایک مجرم ایسا بھی ہے جو ملازمت کے لیے خود چل کر پولیس کے پاس پہنچ گیا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    ایک 40 سالہ شخص کو جنوبی افریقہ کا بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے جو مطلوب ملزمان کی فہرست میں ہونے کے باوجود ملازمت کی تلاش میں تھانے چلا گیا۔

    تھامس نکوبو پچھلے 7 سال سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا، ملزم نے 2015 کے دوران ڈلیوری بوائے کے طور پر کام کرتے ہوئے 1200 ڈالر سے زائد کی اشیا چرائی تھیں۔

    ملزم نے اصل کے بجائے غلط پتوں پر سامان پہنچایا اور مینیجر کو اطلاع نہیں کی۔

    جیسے ہی کمپنی کو معلوم ہوا کہ سامان درست مقام پر نہیں پہنچا اور کافی سامان غائب ہے، نکوبو فرار ہوگیا اور اس کا نام پولیس نے مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا۔

    پولیس ترجمان بریگیڈیئر سلوی موہالا نے میڈیا کو بتایا کہ 15 اگست کو ملزم تھانے آیا اور کہا کہ اسے ملازمت کے لیے بھیجی گئی درخواست پر اب تک جواب نہیں ملا ہے۔

    ملزم کو تھانے میں ہی 7 سال قبل کیے گئے فراڈ پر گرفتار کرلیا گیا، تب سے جنوبی افریقہ کے اخبارات میں اسے بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے۔

  • خوفناک سیلاب میں پولیس اسٹیشن بہہ گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خوفناک سیلاب میں پولیس اسٹیشن بہہ گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بھارتی ریاست آسام میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، سوشل میڈیا پر ایک پولیس اسٹیشن کے ڈوبنے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آسام میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک 2 منزلہ عمارت میں قائم پولیس اسٹیشن کو سیلاب میں ڈوبتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے عمارت کی نچلی منزل پانی میں ڈوب گئی ہے، اس کے بعد اچانک عمارت منہدم ہوجاتی ہے، خوش قسمتی سے اس وقت کوئی شخص عمارت کے اندر موجود نہیں تھا۔

    مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، اپریل سے اب تک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد 117 ہوگئی ہے۔

    حکام کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 3 ہزار 510 دیہات کے 33 لاکھ سے زائد مکین متاثر ہوئے ہیں۔

    حکام نے یہ بھی اعلان کیا کہ کیچار کے علاقے میں دو ڈرون طیاروں کی مدد سے فضا سے سیلاب کی صورت حال کا تعین کیا جارہا ہے، اور ناقابل رسائی علاقوں میں امدادی سامان بھیجنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

  • کراچی: تین ٹیکنیکل پولیس اسٹیشنز پر افسران غیر قانونی طور پر قابض

    کراچی: تین ٹیکنیکل پولیس اسٹیشنز پر افسران غیر قانونی طور پر قابض

    کراچی: شہر قائد کے تین ایس ایچ اوز نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، عہدے چھوڑنے کے احکامات کے باوجود تینوں افسران عہدوں پر بدستور قابض ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد میں 3 ٹیکنیکل پولیس اسٹیشنز پر افسران غیر قانونی طور پر ایس ایچ او شپ کے عہدوں پر قابض ہیں، جب کہ ایڈیشنل آئی جی نے مذکورہ ایس ایچ اوز کو عہدہ چھوڑ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکٹر کنبھو خان مری ایس ایچ او مائنز اینڈ منرلز کے عہدے پر تعینات ہیں، انسپکٹر سرفراز علی ککیانی ایس ایچ او سوئی سدرن گیس کمپنی کے عہدے پر براجمان، جب کہ سب انسپکٹر اقبال احمد خان ایس ایچ او سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے عہدے پر موجود ہیں۔

    اقبال احمد، کنبھو خان، سرفراز ککیانی

    ذرائع کے مطابق تینوں ایس ایچ اوز عہدے کے لیے دیے گئے انٹرویو اور تحریری امتحان میں نااہل ثابت ہوئے تھے، ایڈیشنل آئی جی نے تینوں ایس ایچ اوز کو عہدہ چھوڑ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    تینوں ایس ایچ اوز انتہائی با اثر بتائے جاتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ کنبھو خان مری 10 سال سے ایس ایچ او مائنز اینڈ منرلز کے عہدے پر قابض ہے۔

  • ایڈیشنل آئی جی کراچی کا ماڈل تھانے بحال کرنے کا فیصلہ

    ایڈیشنل آئی جی کراچی کا ماڈل تھانے بحال کرنے کا فیصلہ

    شہر قائد کے تھانوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بڑا قدم اٹھالیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے شہر بھر میں ماڈل تھانے بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں سپر مارکیٹ تھانے کو لیاقت آباد تھانے میں ضم کر دیا جائے گا ماڈل تھانے کے لیے تمام سہولیات ایس ایچ او کو فراہم کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ سال دو ہزار انیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے 3 ماڈل تھانوں کیلئے 5 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی تھی، غلام نبی میمن نے ماڈل تھانے بنائے تھے جبکہ عمران یعقوب منہاس نےچارج لینےکےبعد ماڈل تھانےختم کر دیئےتھے۔

    کلفٹن بوٹ بیسن، درخشاں ساحل سمیت دیگر تھانوں کو ضم کیا گیا تھا

    تاہم 26 جون دوہزار اکیس کو ماڈل تھانہ لیاقت آباد اور سپر مارکیٹ کو الگ کر دیا گیا تھا، کامران حیدر کو ایس ایچ او سپر مارکیٹ تعینات کیا گیا تھا، جب کہ ایس ایچ او لیاقت آباد رضوان پٹیل کو برقرار رکھا گیا تھا۔

  • پشاور: پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ،3 اہلکار زخمی

    پشاور: پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ،3 اہلکار زخمی

    پشاور: صوبائی دارالحکومت میں پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے، اے آر وائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی ٖفوٹیج حاصل کرلی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور میں واقع پھندو تھانے پر علی الصبح دستی بموں سے حملہ کیا گیا، حملے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق تھانے پر 2 دستی بم حملے کئے گئے۔

    اے آر وائی نیوز نے تھانے پر دستی بم حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صبح 6 بجکر24 منٹ پر ایک نقاب پوش شخص تھانے کے سامنے آیا اور اس نے یکے بعد دیگرے دو بم تھانے پر پھینکے اور با آسانی فرار ہوگیا۔

    سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آور کا ہدف تھانہ پھندو ہی تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: پولیس کی گاڑی کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام

    واقعے کے بعد زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچا اور شواہد اکھٹے کئے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ میں سب انسپکٹر ٹریفک پولیس کی گاڑی کو مقناطیسی بم سے اڑانے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا تھا۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) بلوچستان کے ترجمان کے مطابق تخریب کاروں ن گاڑی کے نیچے ایک کلو گرام مقناطیسی آئی ای ڈی لگایا گیا تھا، تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ نے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنایا۔

  • ہاتھی اپنے بچے کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا

    ہاتھی اپنے بچے کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا

    پولیس اسٹیشن میں یوں تو مختلف افراد اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی شکایات درج کروانے آتے ہیں لیکن بھارت میں ایک بھاری بھرکم ہاتھی اپنے بچے کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کیرالہ میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہاتھی اور اس کا بچہ پولیس اسٹیشن کے دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پولیس اسٹیشن کا عقبی دروازہ جو لوہے کی جالیوں کا ہے، ہاتھی کے لیے تختہ مشق بنا ہوا ہے اور وہ اسے دھکے دے رہا ہے۔

    اس موقع پر پولیس اہلکار پریشان بھی دکھائی دیتے ہیں کہ کہیں ہاتھی دروازہ توڑنے میں کامیاب نہ ہوجائے، ہاتھی دروازہ تو نہ توڑ سکا تاہم اس کی زور آزمائی کی وجہ سے دروازے کو نقصان ضرور پہنچا ہے۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ : فائرنگ کے وقت پولیس کہاں تھی؟ اسلحہ کہاں سے آیا، کئی سوالات اٹھ  گئے

    کرائسٹ چرچ حملہ : فائرنگ کے وقت پولیس کہاں تھی؟ اسلحہ کہاں سے آیا، کئی سوالات اٹھ گئے

    کرائسٹ چرچ : دہشت گرد نے مسجد میں  تسلی سے کارروائی کی، پولیس اسٹیشن قریب ہونے کے باوجود پولیس کہاں غائب تھی، حملےکی18سے20منٹ لائیو فیس بک ویڈیو چلائی، اتنا اسلحہ کہاں سے آیا؟واقعے پر کئی سوالات نے جنم لے لیا۔

    نیوزی لینڈ کی مساجد میں مسلمانوں کا قتل عام کا سانحہ پیچھےکئی سوالات چھوڑ گیا، حملہ آور اٹھارہ سے بیس منٹ تک لوگوں گولیاں برساتا ایک سے دوسری مسجد تک گیا کسی نے روکا کیوں نہیں؟

    دونوں مسجدوں کے راستے میں پولیس اسٹیشن بھی تھا، پرامن ملک کے چھوٹے سے شہر میں ایک مسلح شخص بیس منٹ تک خون کی ہولی کھیلتا رہا لیکن اسے کوئی روکنے والا نہیں تھا۔

    حملہ آور النور مسجد میں خون بہا کر گاڑی سے گیارہ منٹ کا سفر طے کرکے دوسری مسجد تک گیا اور وہاں بھی گولیاں برسائیں اس وقت پولیس کہاں تھی؟ دونوں مسجدوں کے بیچ میں ہی شہر کا مرکزی پولیس اسٹیشن قائم ہے، عینی شاہدین نے بتایا ہےکہ پولیس کو کال بھی کی گئی تھی لیکن وہ بھی بروقت نہ پہنچ سکی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملہ آور نے اپنا مسلم دشمنی کا منشور وزیر اعظم ہاؤس بھی بھیجا تھا جہاں سےاس کی تصدیق بھی ہوئی ہے، جمعے کی صبح اس نے یہ منشور سوشل میڈیا پر اپ ڈیٹ بھی کیا جس میں مسلمانوں کو در انداز کہا گیا تھا۔

    اس وقت انٹیلی جینس اداروں کی آنکھیں کیوں نہ کھلیں، حملہ آور کے پاس اتنی گنیں اور گولیاں کہاں سےآئیں؟ غیر ملکی میڈیاکے مطابق کہا جارہا ہے کہ وہ حملے کی دوسال سے تیاری کررہا تھا، اسےتیاری کرنے کی کھلی چھٹی کس نےدی؟ معاشرہ، سیکورٹی ادارے کہاں سوئے رہے۔