Tag: Police stations

  • وزارت داخلہ کا تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

    وزارت داخلہ کا تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے ملک بھر میں 3 اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے ملک بھر میں 3 اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے بلوچستان میں سیف سٹی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ بلوچستان حکومت کےساتھ مل کر پروجیکٹ مکمل کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق چمن بارڈر بھی آپریشنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ضروری اقدامات کے بعد سرحد کو 3 ماہ میں کھول دیاجائے گا۔

    وزارت داخلہ نے تھانوں میں تشدد کی روک تھام اور شفاف تفتیش کے لیے بھی اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانوں میں ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کنٹرول روم بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے تمام اقدامات جلد کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی کے تھانوں میں کیمرے والے موبائل فون پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ تھانے میں پولیس اہلکار اور افسران کو بغیر کیمرے والا فون استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ تھانے میں آنے والے سائلین سے بھی اسمارٹ فون لینے کی ہدایت جاری کردی گئی تھی۔

    گزشتہ روز وزیر داخلہ نے سول کیس حل کرنے کے لیے اہم فیصلہ کیا تھا، وزیر داخلہ نے ہدایت جاری کی تھی کہ کیس میں پولیس کی مداخلت نہیں ہوگی جبکہ فیصلے سول عدالتوں میں ہوں گے۔

    اس سلسلے میں وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو خط لکھ کر کہا تھا کہ عدالت کے احکامات کے بغیر پولیس کی مداخلت کی ممانعت ہے، کسی بھی قسم کی غیر قانونی مداخلت کی صورت میں سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

  • فرانسیسی پولیس نے اوور ٹائم نہ ملنے پر پولیس اسٹیشن بند کردیے

    فرانسیسی پولیس نے اوور ٹائم نہ ملنے پر پولیس اسٹیشن بند کردیے

    پیرس : فرانس میں جاری ’یلو ویسٹ احتجاجی تحریک‘ مزید شدت اختیار کرگئی، فرانسیسی پولیس نے مطالبات پورے نہ ہونے پر ہڑتال کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس میں جاری ’یلو ویسٹ احتجاجی تحریک‘ شدت اختیار کرتی جارہی ہے جس میں اب فرانسیسی پولیس بھی شامل ہوگئی ہے، پولیس اہلکاروں نے اوور ٹائم نہ ملنے پر احتجاج شروع کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس ایسوسی ایشن کے وزیر داخلہ کے ساتھ معاملات طے نہیں ہوسکے جس کے بعد اہلکاروں نے ہڑتال شروع کردی۔

    فرانسیسی پولیس اہلکاروں نے حکومت نے 2 کروڑ 48 لاکھ یورو اوور ٹائم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا جس کے پورا ہونے پر اہلکاروں نے پولیس اسٹیشن بند کردیے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرانس کی 70 فیصد عوام نے یلو ویسٹ احتجاجی تحریک کی حمایت کردی ہے۔

    مزید پڑھیں : فرانسیسی صدر میکرون کی مقبولیت کم ترین سطح پر پہنچ گئی

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک سروے رپورٹ میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی مقبولیت مئی 2017 میں ان کے منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک کی نچلی ترین سطح 27 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

    اوڈوکسا انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے کرائے جانے والے سروے میں بتایا گیا ہے کہ ’یلو ویسٹ تحریک‘ کا احتجاج شروع ہونے کے ایک ماہ بعد سے اب تک فرانسیسی صدر کی مقبولیت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

    حالیہ سروے میں شرکت کرنے والے 73 فیصد فرانسیسی شہریوں نے میکرون کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ 5 ہفتوں سے جاری مظاہروں کے باعث فرانس کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچا ہے جبکہ مظاہرین نے کرسمس سڑکوں پر منانے کا اعلان کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : عوامی احتجاج ’عفریت‘ بن گیا ہے، فرانسیسی حکومت

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں فرانسیسی حکومت نے مہنگائی پر شدید احتجاج کرنے والے مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں احتجاجی مظاہرین نے وزیرِ اعظم ایمانوئیل میکرون کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت جب تک مطالبات حتمی طور پر نہیں مانتی احتجاج جاری رہے گا۔