Tag: police-training-

  • ٹریننگ دینے والی خاتون کو پولیس اہلکار سے محبت ہوگئی، مگر ۔ ۔ ۔ ۔!!

    ٹریننگ دینے والی خاتون کو پولیس اہلکار سے محبت ہوگئی، مگر ۔ ۔ ۔ ۔!!

    بریلی : اترپردیش کے شہر بریلی میں پولیس اہلکاروں کو ٹریننگ دینے والی ایک لڑکی نے ایک سپاہی کی محبت میں گرفتار ہوکر انتہائی خطرناک قدم اٹھالیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سنبھل کے علاقے کی رہائشی23 سالہ لڑکی بریلی زون میں 112 پی آر وی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو ڈیوائس آپریٹ کرنے کی ٹریننگ دیتی ہے۔

    اس دوران مذکورہ لڑکی کا پیلی بھیت میں تعینات ایک سپاہی سے دوستی ہوئی جو بعد میں محبت میں بدل گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے مسلسل سپاہی لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے رہا تھا۔

    لڑکی نے جب سپاہی سے شادی کرنے کی ضد کی تو اس نے صاف انکار کردیا، سپاہی کے انکار کے بعد لڑکی نے جراثیم کش دوا کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔

    لڑکی نے زہر کھانے کے بعد خود ہی پولیس کو فون کرکے اس کے اطلاع بھی دی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے لڑکی کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا، جہاں اس کی حالت سنگین بتائی جارہی ہے۔

    بعد ازاں پولیس نے لڑکی کے اہل خانہ کو واقعہ کی اطلاع دی جس کے بعد اہل خانہ بھی ضلع اسپتال پہنچ گئے، زہر کھانے سے پہلے لڑکی نے سپاہی کے خلاف ایک نوٹ بھی لکھا تھا، نوٹ میں لڑکی نے لکھا کہ اس کی موت کا ذمہ دار سپاہی ہے۔

    اس حوالے سے متعلقہ ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ اس لڑکی نے زہر کھالیا ہے تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایس ایس پی کا یہ بھی کہنا ہے کہ لڑکی کی کس سپاہی سے دوستی تھی؟ اس کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ اس کے بعد ہی مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • امل اوراقصیٰ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے کراچی پولیس کی تربیت

    امل اوراقصیٰ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے کراچی پولیس کی تربیت

    کراچی: امل اور اقصی کیس جیسے واقعات سے بچنے کےلئے کراچی پولیس کے اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا، اہلکاروں کو عوامی مقامات پر اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر سکھائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریننگ شرجیل کھرل کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو عوامی مقامات پر ملزمان سے مقابلے کے دوران اختیار کی جا نے والی احتیاطی تدابیر سکھائی گئیں، پہلے مرحلے میں کراچی کے 550 پولیس اہلکاروں نے ٹریننگ میں حصہ لیا۔

    ڈی آئی جی ٹریننگ شرجیل کھرل کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں کراچی کے اہلکاروں کو خصوصی تربیت دی جارہی ہے، اس کےبعد سندھ کے دیگر شہروں کے پولیس اہلکاروں کو بھی خصوصی ٹریننگ دیں گے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ تربیت میں شریک ہونے والے اہلکاروں کو ایس ایم جی، نائین ایم ایم، جی تھری، ایم پی فائیو، 38 بور رائفل، 7,62رائفل جیسے چھوٹے اور بڑے دونوں طرح کے ہتھیاروں کے محفوظ استعمال کی تربیت دی گئی ہے ۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 13 اگست کی شب کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر ایک مبینہ پولیس مقابلے ہوا تھا، مذکورہ مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ جائے وقوع پرموجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی 10 سالہ بچی امل بھی جاں بحق ہوگئی تھی۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیا تھا اور تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی تھی، اس موقع پر چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ دیکھنا ہوگا کہ گولی چلانے والا اہلکار تربیت یافتہ بھی تھا کہ نہیں، جس پر سندھ پولیس نے موقف اختیار کیا تھا کہ تربیت کے مسائل پہلے تھے ، اب فوج پولیس کی تربیت کرارہی ہے۔

    امل اور اقصیٰ

    کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے امل قتل کیس میں مرکزی ملزم خالد کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نے تفتیش میں اعتراف جرم کرلیا ہے جبکہ واقعہ میں ملوث ملزم رکشہ میں فرار ہوا۔

    دوسری جانب کچھ روز قبل کراچی میں ہیپہلی جماعت کی طالبہ7سالہ اقصیٰ کو چھوٹے ہتھیار کی اندھی گولی لگی تھی، گولی دل کے قریب لگنے کے باعث بچی کی موت واقع ہوگئی۔ تفتیش کے نتیجے میں سامنے آیا کہ بچی کے اسکول کے سامنے رہائش پذیر پولیس اہلکار اپنے گھر میں اپنا اسلحہ صاف کررہا تھا کہ گولی چل گئی۔ پولیس نے وسیم نامی اس کانسٹیبل کو حراست میں لے کر ریمانڈ حاصل کرلیا تھا۔