Tag: Police

  • جنات اور چڑیلیں پکڑنے کیلیے سرنگ کھودنے والا گرفتار

    جنات اور چڑیلیں پکڑنے کیلیے سرنگ کھودنے والا گرفتار

    ملتان : پولیس نے جنات اور چڑیلیں پکڑنے والے جعلی عامل کو کو پکڑ کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، ملزم سرکاری کوارٹر میں بہت گہری سرنگ کھود رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے واپڈا کالونی میں پولیس نے اہم کارروائی کی، اس دوران غیر مرئی قوتیں حاصل کرنے کیلئے سرکاری کوارٹرز میں سرنگ کھودنے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔،

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنوں اور چڑیلوں کو پکڑنے کیلئے سرنگ کھودنے والے جعلی عامل کو پکڑ لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سرنگ کی گہرائی دس سے پندرہ فٹ تک تھی۔

    گرفتار ملزم آصف کا کہنا ہے کہ اس نے جنات اور چڑیلیں پکڑنے کیلیے سرنگ کھودی ہے، پولیس نے گرفتاری کے بعد ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم آصف سرکاری ملازم ہے، مذکورہ معاملہ واقعی جنات پر قبضے کا ہے یا کچھ اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اہم انکشافات متوقع ہیں۔

  • بھارت : بہنوئی نے سالے کی انگلی کیوں چبائی، پولیس بھی حیران

    بھارت : بہنوئی نے سالے کی انگلی کیوں چبائی، پولیس بھی حیران

    مراد آباد : بھارت میں میاں بیوی کے جھگڑے کے دوران ایسا درد ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کو دیکھ کر لوگوں کی دلی کیفیت عجیب سی ہوگئی۔

    بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مراد آباد میں میاں بیوی میں جھگڑے کے بعد علیحدگی ہوگئی تھی، گزشتہ روز  بیوی نصرت اپنے بیٹے سے ملنے سسرال پہنچی اور گھر کے باہر کھڑے ہوکر بیٹے کو آواز دی۔

    نصرت کی بہن نے تھانے میں میڈیا کو بتایا کہ بالکونی سے اس کی ساس نے اسے برا بھلا کہا جس پر ان کی تکرار ہوگئی اس کے بعد نصرت کے دیوروں اور نندوں نے اسے مل کر مارا اور سیڑھیوں سے گرا دیا۔

    بہن کے مطابق یہ جان بچا کر وہاں سے بھاگی جس کے بعد محلے والوں نے ہمیں واقعے کی اطلاع دی، نصرت کے بھائی نے بتایا کہ جب ہم وہاں پہنچے تو وہاں بہن کی سسرال والوں نے ہم سے بھی مار پیٹ کی۔

    نصرت کے بھائی نے بتایا کہ بات چیت دوران بہن کے دیور اور شوہر نے  مجھ پر حملہ کردیا، بہنوئی نے  میرے ہاتھ کی انگلی کو دانتوں سے کاٹ کر بری طرح  زخمی کردیا۔

    اس حوالے سے دونوں فریقین کی جانب سے تحریری شکایت تھانہ کٹگھر پولیس میں جمع کرادی گئی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی مزید کاروائی کی جائے گی۔

  • چشتیاں : پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں لڑکی کا اغواء

    چشتیاں : پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں لڑکی کا اغواء

    چشتیاں : مسلح افراد نے دن دہاڑے لڑکی کو اغواء کرلیا، پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں مسلح افراد لڑکی کو گھسیٹتے ہوئے لے گئے۔

    پنجاب کے شہر چشتیاں میں دن دہاڑے لڑکی کے اغوا کا واقعہ پیش آیا، ڈی ایس پی آفس کے قریب مسلح افراد ایک لڑکی کو گاڑی سے اتار کر گھسیٹتے ہوئے لے گئے۔

    ذرائع کے مطابق درجن سے زائد افراد نے دیدہ دلیری سے گاڑی پر حملہ کیا اور شیشے توڑ کر  لڑکی کو اغواء کرلیا لیکن پاس کھڑے پولیس اہلکار ان کا منہ دیکھتے رہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز محمد علی کے مطابق مذکورہ لڑکی نواحی گاؤں بخشے خان کی رہنے والی ہے، عدالت میں پیشی کیلئے آنے والی کو غلط فہمی کی بنا پر اغواء کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چشتیاں پولیس نے ایک کسی اور کیس میں ایک لڑکی کو بیان کیلئے عدالت میں پیش کیا تھا، مسلح افراد نے غلط فہمی پر اسے اغواء کیا اور شناخت کے بعد راستے میں چھؤر کر فرار ہوگئے۔

    اس حوالے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی پر حملہ کرنے والے مسلح افراد کی تعداد اہلکاروں سے بہت زیادہ تھی اس لیے ہم کوئی کارروائی نہ کرسکے۔

  • ہمت ہے تو ڈھونڈ کر دکھاؤ: پولیس کی فیس بک پوسٹ پر ملزم کا کمنٹ

    ہمت ہے تو ڈھونڈ کر دکھاؤ: پولیس کی فیس بک پوسٹ پر ملزم کا کمنٹ

    برطانوی پولیس اس وقت عجیب و غریب صورتحال کا شکار ہوگئی جب ملزم کی تلاش کے لیے لکھی گئی فیس بک پوسٹ پر ملزم نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا، ہمت ہے تو ڈھونڈ کر دکھاؤ۔

    انگلینڈ کی بریڈ فورڈ شائر کاؤنٹی میں مقامی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ کی جس میں ایک ملزم کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے عوام سے اپیل کی گئی۔

    پولیس نے ملزم کا حلیہ بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ملزم گزشتہ برس جنوری میں ہونے والی ایک واردات میں ملوث ہے، اگر کوئی اس کے بارے میں کوئی بھی معلومات رکھتا ہے تو وہ اس حوالے سے پولیس سے رابطہ کرے۔

    تاہم صورتحال اس وقت مضحکہ خیز ہوگئی جب ملزم نے پوسٹ پر کمنٹ کردیا، اگر ہمت ہے تو پکڑ لو۔

    ملزم کے اس کمنٹ پر ہزاروں لوگوں نے مختلف تاثرات کا اظہار کیا، بعض کو یہ صورتحال مزاحیہ لگی تو بعض افراد اس پر سخت افسوس کرتے دکھائی دیے۔

    پولیس کے مطابق ملزم 20 سالہ جورڈن کار اسی کاؤنٹی سے تعلق رکھتا ہے، اس کا قد 6 فٹ ہے، بال چھوٹے اور گھنگھریالے ہیں جبکہ بازو پر ایک ٹیٹو بھی موجود ہے۔

    پولیس نے لکھا کہ اگر کوئی شخص ملزم سے رابطے میں ہے اور کسی بھی طرح اس کی مدد کر رہا ہے تو اسے جان لینا چاہیئے کہ وہ ایک جرم میں شریک بن رہا ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق وہ مختلف خطوط پر معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں، اگر کوئی شخص ملزم کو کہیں دیکھے تو اس سے براہ راست رابطے سے گریز کرے اور فوری طور پر پولیس کو مطلع کرے۔

    پولیس نے اس کے لیے ایک نمبر بھی جاری کیا ہے۔

  • براہ راست رپورٹنگ کے دوران بیک گراؤنڈ میں فائرنگ شروع ہوگئی

    براہ راست رپورٹنگ کے دوران بیک گراؤنڈ میں فائرنگ شروع ہوگئی

    امریکا میں ایک رپورٹر کی ٹی وی پر براہ راست رپورٹنگ کے دوران پس منظر میں گولیاں چل پڑیں، رپورٹر زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا جہاں سان ڈیاگو کنونشن سینٹر کے باہر فاکس 5 ٹی وی کا رپورٹر جیف مک ایڈم انٹرٹینمنٹ ایونٹ کامک کون کے منسوخ ہونے کی خبر دے رہا تھا۔

    رپورٹنگ کے دوران اچانک گولیاں چلنے کی آواز آتی ہے تاہم رپورٹر اپنی رپورٹنگ جاری رکھتا ہے۔

    چند لمحوں تک جب فائرنگ جاری رہی تو رپورٹر کو مجبوراً کامک کون کو چھوڑ کر اپنے پس منظر پر توجہ دینی پڑی، اس نے کہا کہ یہاں پر کچھ ہو رہا ہے میرا خیال ہے کہ یہاں پولیس افسر شوٹ آؤٹ میں مصروف ہیں۔

    اس دوران کیمرا مین بھی کیمرے کو گھما کر وقوعہ کو فوکس کرتا ہے جس میں ایک شخص اپنے دونوں ہاتھ بلند کیے آگے بڑھتا دکھائی دیا ہے۔

    دراصل اس شاہراہ پر پولیس نے ایک 29 سالہ شخص کو گاڑی سے اترنے کے لیے کہا تھا لیکن اس شخص نے گاڑی سے اترتے ہی گولیاں چلا دیں، جواباً پولیس نے بھی فائرنگ کی۔

    چند لمحے کی فائرنگ کے بعد پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا، خوش قسمتی سے کوئی شخص واقعے میں زخمی نہیں ہوا البتہ وہاں سے گزرتا ایک راہگیر اس طرح گولی کا نشانہ بنا کہ گولی اس کی جیب میں موجود کسی شے میں اٹک گئی اور جسم تک نہ پہنچ سکی۔

    مذکورہ شخص زخمی ہونے سے محفوظ رہا البتہ اسے چیک اپ کے لیے اسپتال روانہ کردیا گیا۔

    پولیس نے واقعے کی وجہ بننے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے اور اس پر اقدام قتل سمیت متعدد دفعات عائد کی جاسکتی ہیں۔

  • بھارتی پولیس نے سنگدلی کی بدترین مثال قائم کردی

    بھارتی پولیس نے سنگدلی کی بدترین مثال قائم کردی

    نئی دہلی: ریاست اتر پردیش کی پولیس نے سنگدلی اور بے حسی کی مثال قائم کردی، رشوت خوری کے لیے معذور خاتون کو بھی نہ بخشا، بیٹی کی تلاش میں سرگرداں معذور ماں سے گاڑی کے فیول کے پیسے لیتے رہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے شہر کانپور کی پولیس نے ایسی حرکت کی جس سے پورا محکمہ پولیس شرمسار ہوگیا، کانپور پولیس کے پاس ایک معذور خاتون روزانہ آ کر دہائیاں دے رہی تھی کہ اس کی بیٹی لاپتہ ہے پولیس اسے تلاش کرے۔

    پولیس والے اپنی ازلی سنگدلی کے ساتھ اس کی درخواست نظر انداز کرتے رہے اور معذور عورت کو ڈانٹ کر بھگا دیا جاتا۔ کچھ افسران نے معذور خاتون سے کہا کہ وہ ان کی گاڑیوں میں ڈیزل ڈلوا دے تو وہ اس کی بیٹی کو ڈھونڈ دیں گے۔

    معذور خاتون نے بحالت مجبوری پولیس والوں کی یہ فرمائش بھی پوری کی اور 10 سے 12 ہزار روپے کا ڈیزل دلوا دیا لیکن پولیس والے ٹس سے مس نہ ہوئے۔

    بالآخر ایک دن جب معذور خاتون دوبارہ روتی دھوتی پولیس اسٹیشن پہنچی تو ڈی آئی جی پریتندرسنگھ تھانے میں موجود تھے جو خاتون کی زبانی اپنے افسران کی غفلت کے بارے میں جان کر حیران رہ گئے۔

    ڈی آئی جی نے خاتون کی بپتا سننے کے بعد چوکی انچارج کو لائن حاضر کردیا اور اس کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا حکم بھی دیا۔

    خاتون نے بتایا کہ پولیس والے نہ صرف اس سے بدتمیزی کرتے رہے بلکہ ان کی بیٹی پر بھی رکیک الزامات لگاتے رہے، ڈی آئی جی نے ان کی بیٹی کو ڈھونڈنے کی یقین دہانی کروائی اور پولیس کی گاڑی میں گھر تک پہنچایا۔

    بعد ازاں انہوں نے لڑکی کی بازیابی کے لیے 4 چار ٹیمیں بھی تشکیل دیں اور فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

  • سوٹ کیس میں انسانی باقیات، نام کے ٹیگ نے قاتل کا پتہ بتا دیا

    سوٹ کیس میں انسانی باقیات، نام کے ٹیگ نے قاتل کا پتہ بتا دیا

    امریکا میں ایک شخص نے اپنے دوست کو قتل کر کے اس کے مردہ جسم کے کچھ حصے ایک سوٹ کیس میں چھپا دیے اور سوٹ کیس کو دور پھینک دیا، لیکن سوٹ کیس پر لگے نام کے ٹیگ نے قاتل کو گرفتار کروا دیا۔

    یہ واقعہ امریکا کے شہر ڈینور میں پیش آیا، سٹی ورکرز کو صفائی کے دوران 2 سوٹ کیس ملے جنہیں کھولنے پر اندر سے انسانی جسم کی باقیات برآمد ہوئیں۔

    پولیس نے ان سوٹ کیسز کو اپنی تحویل میں لے لیا تو ایک سوٹ کیس سے نیم ٹیگ برآمد ہوا۔ ٹیگ یونائیٹڈ ایئر لائنز کے بیگج کلیم کا تھا جس پر مسافر کا نام بینجمن اسٹیورٹ لکھا تھا۔

    پولیس جلد ہی مذکورہ شخص کے گھر پہنچ گئی، گھر کی تلاشی کے دوران پولیس کو کاؤچ، باتھ ٹب اور باتھ روم میں خون دکھائی دیا جبکہ ایک تیز دھار کٹر بھی ملا۔

    قریبی وال مارٹ کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ سے علم ہوا کہ بینجمن نے واقعے سے 2 دن قبل یہ کٹر وہاں سے خریدا تھا، پولیس نے بینجمن کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کی عمر 33 سال تھی، قاتل اور مقتول ایک دوسرے کو جانتے تھے اور دونوں کا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا تھا۔

    تاحال علم نہیں ہوسکا کہ مقتول کی موت کس طرح ہوئی، نہ ہی یہ معلوم ہوسکا کہ قاتل کے اس مذموم فعل کے پیچھے کیا وجوہات اور ارادے تھے۔

  • پنجاب میں شدید دھند، حدنگاہ انتہائی کم، موٹر وے بند

    پنجاب میں شدید دھند، حدنگاہ انتہائی کم، موٹر وے بند

    لاہور : پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ تاحال برقرار ہے، انتطامیہ نے شہریوں کو کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچانے کیلیے موٹر وے کو مختلف مقامات سے بند کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم3،لاہور سے عبدالحکیم تک دھند کے باعث بند کردی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم 4،پنڈی بھٹیاں سے شورکوٹ تک بند رہے گی۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر مانگا منڈی، پھول نگر، پتوکی اور اوکاڑہ میں دھند کا راج ہے، گیمبر، ساہیوال، ہڑپہ، کسوال، چیچہ وطنی میں بھی تاحد نگاہ دھند پھیلی ہوئی ہے۔

    اس کے علاوہ قومی شاہراہ پردھند والےعلاقوں میں حدنگاہ100میٹر تک ہے،ترجمان موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ شہری غیرضروری سفرسے گریز اور اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔

    علاوہ ازیں اوکاڑہ، پتوکی اور اس کے گردونواح میں شدید دھند کے باعث جی ٹی روڈ پرٹریفک متاثر ہورہا ہے، شدید دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم رہ گئی۔

     

  • پشاور: نیو ایئر نائٹ پر خوفناک ماسک پہن کر شہریوں کو ڈرانے والا شخص گرفتار

    پشاور: نیو ایئر نائٹ پر خوفناک ماسک پہن کر شہریوں کو ڈرانے والا شخص گرفتار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بلا کا روپ دھار کر لوگوں کو ڈرانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں نیو ایئر نائٹ پر بلا کا ماسک پہن کر شہریوں کو ڈرانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص علاقے شاہ قبول میں بلا کا روپ دھار کر خوف و ہراس پھیلا رہا تھا، پولیس نے ملزم کو رات گئے گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی ہوائی فائرنگ کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ سے متعلق کراچی پولیس کے جاری کردہ واٹس ایپ نمبر 03435142770 پر 22 شکایات موصول ہوئیں۔

    ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت 4 فراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا تھا۔ کراچی میں ون ویلنگ کرنے والے 8 موٹر سائیکل سواروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

  • کراچی : گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ اب نہیں بچ سکیں گے

    کراچی : گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ اب نہیں بچ سکیں گے

    کراچی : اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی (اے وی ایل سی) نے شہر میں کار چوری میں ملوث گروہوں کو گرفت میں لینے کیلئے پوری تیاری کرلی، دکانداروں اور کباڑیوں کو  بھی نہیں بخشا جائے گا۔

    کراچی میں گاڑیاں چوری کرکے ان کا سامان فروخت کرنے والے گروہوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، اس سلسلے میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی (اے وی ایل سی) نے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف راؤ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کا سامان بیچنے والے کباڑیوں کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کباڑیوں اور استعمال شدہ اسپیئر پارٹس بیچنے والوں کے کوائف بھی جمع کئے جارہے ہیں، کارروائی کے دوران دکانداروں اور کباڑیوں کے فنگر پرنٹس کو بھی ریکارڈ کاحصہ بنایا جارہا ہے۔

    ایس ایس پی عارف راؤ کا مزید کہنا تھا کہ ان افراد کے مکمل کوائف جمع کرنے سے جرائم پیشہ افراد کے رابطے تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں پرائیویٹ گاڑیوں کے ساتھ ساتھ سرکاری گاڑیوں کی چوری کی وارداتیں بھی کی جارہی ہیں، رواں سال درجنوں پرائیویٹ اور سرکاری گاڑیاں چوری کی جا چکی ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں سرکاری گاڑیاں چوری ہونے لگیں

    پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران شہر کراچی میں 25 سرکاری گاڑیاں چوری اور 39 گاڑیاں چھینی گئیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان گاڑیوں کی مالیت تقریباً 10 کروڑ روپے بنتی ہے ۔