Tag: Police

  • پولیس کو دیکھ کر دولہا فرار، شادی ہال میں کھلبلی مچ گئی

    پولیس کو دیکھ کر دولہا فرار، شادی ہال میں کھلبلی مچ گئی

    نئی دہلی : بھارت میں شادی کی تقریب میں  اس وقت اچانک ہلچل مچ گئی جب غیر قانونی شادی کیخلاف کارروائی کیلئے پولیس ہال میں داخل ہوئی جسے دیکھ کر دولہا موقع سے فرار ہوگیا۔

    مغربی بنگال کے پرگنہ ضلع کے حسن آباد میں عین نکاح کی تقریب کے دوران اس وقت شور شرابا برپا ہوگیا جب پولیس کو آتا دیکھ کر دولہا بھی نکاح چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حسن آباد کے رہائشی رجب علی غازی اپنی 15 سالہ بیٹی کا نکاح 22 سال کے عابد علی مستری سے کرانے کی پوری تیاری کرچکے تھے۔

    شادی کی تقریب کا مکمل اہتمام کیا جاچکا تھا اور مہمانوں کے طعام کیلئے طرح طرح کے کھانے بھی تیار کیے جاچکے تھے اچانک شادی ہال کے اندر پولیس اہلکاروں کو آتا دیکھ کر دولہا کے اوسان خطا ہوگئے اور وہ وہاں سے فرار ہوگیا۔

    پولیس کے آنے اور دولہا کے فرار ہونے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، لوگ افراتفری اور خوف ہراس کے عالم میں ادھر ادھر بھاگنے لگے۔

    پولیس آفیسر سبھاسیش داس نے نابالغ دلہن شبنم (فرضی نام ) کے والد رجب علی غازی کو بلایا اور ان کی بیٹی سے متعلق تفصیلی پوچھ گچھ کی جس پر دلہن کے والد نے کہا کہ میری بیٹی کی عمر 15 سال ہے، یہ بات مجھے اچھی طرح سے پتہ ہے لیکن ایک اچھا رشتہ ملا ہے اس لیے شادی کے لیے میں راضی ہوا اس میں کیا غلطی ہے۔

    جس پر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ جی ہاں آپ کی غلطی یہ ہے کہ لڑکی کی عمر15سال ہے اور قانونی طور پر وہ شادی کے قابل نہیں ہے اس بنیاد پر نکاح میں موجود تمام لوگوں کو جیل جانا پڑسکتا ہے۔

    بعد ازاں پولیس افسر کی ہدایت پر مفرور دولہے کو ڈھونڈ کر لایا گیا اور نکاح کی کارروائی مکمل کی گئی، پولیس کی موجودگی میں دس لاکھ روپے اور پانچ پانچ برس کے لیے جیل کے نام مچلکا تیار کیا گیا۔ مچلکے پر لڑکی اور لڑکے کے دستخط لیے گئے اور لڑکی کی شادی کے لیے 18 برس تک انتظار کرنے کی ہدایت دی گئی۔

  • 12سالہ مغوی بچی سے45 سالہ شخص کی شادی، ملزمان فرار

    12سالہ مغوی بچی سے45 سالہ شخص کی شادی، ملزمان فرار

    فیصل آباد : بااثر ملزمان نے 12 سالہ مغوی بچی کی شادی45سالہ شخص سے کرادی، پولیس نے بچی کو بازیاب کرکے 6ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    فیصل آباد کے علاقے احمدآباد سے اغواء کی گئی12سال کی بچی کی 45سالہ شخص سے زبردستی شادی کرادی گئی، فیصل آباد کے تھانہ سرگودھا روڈ میں چھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے مغویہ کو بازیاب کرلیا جبکہ دولہا سمیت تمام ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اوقر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    دوسری جانب پولیس نے مذکورہ بچی کو فیصل آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا، عدالت نے بچی کی عمر کے تعین کیلئے طبی ٹیسٹ کا حکم دیا ہے۔

    سماعت کے موقع پر عدالت نے مغویہ بچی کی عمر17سال درج کرنے پر تفتیشی افسر کی سرزنش بھی کی۔ علاوہ ازیں بازیاب ہونے والی بچی کے والد نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ علاقہ پولیس ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہی، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

  • بدمعاشوں کو سیدھا کرنے کیلئے پولیس کا انوکھا طریقہ

    بدمعاشوں کو سیدھا کرنے کیلئے پولیس کا انوکھا طریقہ

    نئی دہلی : بھارتی پولیس نے علاقے میں غندہ گردی کرنے والوں کو سیدھا کرنے کیلئے انوکھا انداز ڈھونڈ لیا، ہفتے میں ایک دن ورزش کرانے کیلئے تھانے طلب کیا جاتا ہے۔

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں پولیس نے علاقے کے غنڈوں کو راہ راست پر لانے کے لیے نیا طریقہ دریافت کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کو اندور کے راؤ جی بازار پولیس اسٹیشن میں اے ایس پی نے علاقے کے غنڈوں کو تھانے بلا کر ان سے ورزش کروائی اور انہیں نصیحت کی وہ مجرمانہ سرگرمیوں سے دور رہیں۔

    ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس راجیش ویاس نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کو کہا گیا ہے کہ وہ ہر اتوار کو تھانے میں حاضری دیں اور اپنی ذاتی معلومات کے حوالے سے آگاہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس کے لیے طے ہوا تھا کہ علاقے کے بدمعاشوں اور غنڈوں کو ہر اتوار پولیس اسٹیشن بلایا جائے گا۔ ان کی انفارمیشن باقاعدگی کے ساتھ اپ ڈیٹ کی جائے گی اور انہیں ہدایت دی جائے گی کہ وہ جرائم کی دنیا سے خود کو دور رکھیں۔

    ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس نے مزید کہا کہ ہم نے انہیں تھانے میں جسمانی ورزش کرنے کا بھی کہا ہے۔ ان کے مطابق اس کا مقصد یہ ہے کہ انہیں جسمانی تندرستی کے حوالے سے آگاہی دی جائے۔ راجیش ویاس کا مزید کہنا تھا کہ ورزش کروانے کے حوالے سے غنڈوں کی طرف سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔

  • سعودی عرب : لڑکی کی پراسرار موت پولیس کیلئے معمہ بن گئی

    سعودی عرب : لڑکی کی پراسرار موت پولیس کیلئے معمہ بن گئی

    ریاض : سعودی عرب میں گھر کی چھت سے گر کر ایک جواں سال لڑکی موت کے منہ میں چلی گئی، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اسے دھکا دیا گیا ہے یا کوئی اور معاملہ ہے۔

    سعودی عرب کے علاقے باحہ میں بیس سالہ لڑکی اچانک مکان کی چھت سے گرنے سے ہلاک ہوگئی۔ چھت سے گرتے ہی اس کی موت واقع ہوگئی جس کے سبب علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکیورٹی فورس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ قلوہ کمشنری میں پیش آیا ہے، نعش سرد خانے میں محفوظ کرا دی گئی۔

    بیان میں سیکیورٹی فورس نے مزید کہا کہ واقعہ کے اسباب اور حالات دریافت کرنے کے لیے،تعلقہ افراد پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

    ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ لڑکی کے چھت سے گرنے کا واقعہ حادثاتی ہے، خود کشی ہے یا کسی جارحانہ عمل کا دخل ہے دیگر حقائق کے سامنے آنے پر سرکاری بیان جاری کیا جائے گا۔

  • پولیس نے لمبورگنی میں گردہ ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا

    پولیس نے لمبورگنی میں گردہ ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا

    اسپورٹس کار لمبورگنی اپنی تیز رفتاری کے لیے مشہور ہے تاہم اب اس کی یہی تیز رفتاری ایک شخص کی جان بچانے کا سبب بھی بن گئی جب پولیس نے اس گاڑی میں پیوند کاری کے منتظر مریض کو بروقت گردہ پہنچا کر اس کی جان بچا لی۔

    اٹلی کے شہر پاؤڈا کی پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک نیلے رنگ کی لمبورگنی کا سفر دکھایا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق اس گاڑی میں ایک گردہ پاؤڈا سے دارالحکومت روم منتقل کیا گیا جہاں ایک جاں بہ لب مریض گردے کے ٹرانسپلانٹ کا منتظر تھا۔

    مذکورہ مریض کی حالت خاصی خراب تھی اور ڈاکٹرز اس کے لیے پریشان تھے، عطیہ کردہ گردہ دوسرے شہر میں تھا اور مقامی انتظامیہ گردے کو بروقت مریض تک پہنچانے سے قاصر تھی۔

    تب ہی پولیس کی خدمات حاصل کی گئیں، پولیس نے اپنی لمبورگنی میں عطیہ کردہ گردہ چند گھنٹوں میں مریض تک پہنچا دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی 230 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے سفر کر رہی ہے۔

    دونوں شہروں کے درمیان سفر میں عام طور پر 6 گھنٹے کا وقت لگتا ہے تاہم تیز رفتار لمبورگنی نے یہ فاصلہ نہایت کم وقت میں طے کیا۔

    اس کام کے لیے گاڑی میں عارضی طور پر کولڈ اسٹوریج بھی بنایا گیا، مذکورہ گاڑی پولیس ڈپارٹمنٹ کی ہی ملکیت تھی جسے مختلف امور کے لیے استعمال کیا جاتا رہا تاہم اب پہلی بار اسے اعضا کی منتقلی کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔

  • راولپنڈی : تالا توڑ گروپ سرگرم، 8 دکانوں کا صفایا کردیا

    راولپنڈی : تالا توڑ گروپ سرگرم، 8 دکانوں کا صفایا کردیا

    راولپنڈی : تھانہ صادق آباد کی حدود میں گزشتہ رات تالا توڑ گروپ نے کارروائی کرتے ہوئے8 دکانوں کا صفایا کردیا، چور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تالا توڑگینگ سرگرم ہوگیا، ملزمان کی مختلف علاقوں میں روارداتیں جاری ہیں اس حوالے سے گزشتہ رات راولپنڈی کے علاقے تھانہ صادق آباد کی حدود میں 8دکانوں کے تالے توڑدیے گئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی۔

    نامعلوم افراد مختلف دکانوں سے نقدی کے علاوہ دیگر قیمتی سامان لے کر باآسانی فرار ہوگئے، دکانداروں کا کہنا ہے کہ جب وہ صبح آئے تو 8 دکانوں کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور سارا سامان بکھرا ہوا تھا۔

    دکانداروں کا مزید کہنا ہے کہ پولیس کو چوری کی واردات سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے اب تک کوئی خاص کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

    دوسری جانب پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کا گروہ منظم واردارتیں کرتا ہے، چوروں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں اس سے قبل بھی تالا توڑ گروپ کئی وارداتیں کرچکا ہے اور اب تک لوگ لاکھوں روپے کی جمع پونجی کے علاوہ قیمتی سامان سے محروم ہو چکے ہیں۔

  • بھارت : قتل کی ہولناک واردات، تین افراد کے سرتن سے جدا کردیے

    بھارت : قتل کی ہولناک واردات، تین افراد کے سرتن سے جدا کردیے

    نئی دہلی : بھارت میں جادو ٹونہ کرنے کے الزام میں مشتعل افراد نے تین افراد کا انتہائی بے دردی سے قتل کردیا، پولیس نے میاں بیوی اور بیٹی کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    بھارت کی ریاست جھاڑکھنڈ میں جادوگردی کے شبے میں ماں باپ اور بیٹی کا اغوا کے بعد سر قلم کردیا گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    گزشتہ روز رانچی سے 40 کلومیٹر دور واقع قبائلی اکثریتی علاقے خنٹی سے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی سر بریدہ نعشیں برآمد کیں۔ تینوں مقتولین کو جادو ٹونہ کرنے کے الزام میں مبینہ طور پر تین ہفتے قبل اغوا کرکے ہلاک کردیا گیا۔

    ملزمان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ ماں بیٹی اور اس کے والد کو اس لئے قتل کیا گیا کہ وہ جادو ٹونہ کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق خاندان کا بے دردی سے سر قلم کیا گیا تھا اورہلاک افراد کے سروں کو کسی اور جگہ سے برآمد کیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے مقتولین کی شناخت چھپانے کیلئے سروں کو دھڑ سے الگ کردیا تھا ان کے سر ایک تالاب کے قریب الگ مقام سے برآمد ہوئے ہیں جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت48 سالہ بریسا منڈا اس کی بیوی43 سالہ سکرو پورٹی اور 20 سالہ سومری پورٹی کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتولین کے دیگر اہل خانہ کی گمشدگی کا انکشاف اس وقت ہوا جب بریسا کی بڑی بیٹی نے 12 اکتوبر کو اپنے لاپتہ والدین اور اس کے بھائی کے بارے میں پولیس میں شکایت درج کروائی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ بریسا کی بیٹی جو شادی شدہ ہے اپنے والدین سے ملنے گئی تھی لیکن اسے گھر کا دروازہ بند تھا۔

    شادی شدہ بیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ گاؤں کے تین افراد سوما منڈا ، وشرم منڈا اور رگھو منڈا زمین کے تنازعہ کے معاملے میں میرے اہل خانہ کے ساتھ جھگڑا کررہے تھے، منڈوں نے میری والدہ کو ڈائن کہا تھا جس کی وجہ سے وہ جھگڑا ہوا تھا۔

  • سعودی عرب : غیر قانونی کاروبار میں ملوث بھارتی اور بنگالی ملزمان گرفتار

    سعودی عرب : غیر قانونی کاروبار میں ملوث بھارتی اور بنگالی ملزمان گرفتار

    ریاض : سعودی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نو غیرملکی افراد کو گرفتار کیا ہے، ملزمان موبائل سموں کی غیر قانونی خرید فروخت میں ملوث ہیں، گرفتار شدگان کا تعلق بھارت اور بنگلہ دیش سے ہے۔

    مشرقی ریجن پولیس نے موبائل سم کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے غیر ملکی گروہ کو گرفتار کرلیا ہے، سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گرفتار شدگان کی تعداد 9 ہے جن کا تعلق بنگلہ دیش اور انڈیا سے ہے۔

    مشرقی ریجن پولیس کے ترجمان کیپٹن محمد الدریہم نے بتایا ہے کہ گرفتار شدگان کی عمریں30سال سے 50 سال کے درمیان ہیں۔

    یہ لوگ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے شناختی دستاویزات پر انہیں بتائے بغیر موبائل سمیں نکلوایا کرتے تھے، ان کے قبضے سے 37557 سمیں پکڑی گئی ہیں جو مختلف کمپنیوں کی ہیں جبکہ 155 موبائل سیٹ کے علاوہ کئی لیپ ٹاپ بھی ضبط ہوئے ہیں۔

    گروہ کے افراد نے اپنی رہائش کو کاروبار کا ٹھکانہ بنا رکھا تھا جہاں سے وہ جرم کیا کرتے تھے، مذکورہ افراد سے تفتیش جاری ہے، ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا۔

  • پالتو کتے کی وجہ سے پولیس نے ملزم کو رہا کردیا

    پالتو کتے کی وجہ سے پولیس نے ملزم کو رہا کردیا

    کتے کی وفاداری اور اپنے مالک سے محبت مشہور ہے اور اس کی حالیہ مثال یہ واقعہ ہے جو ڈومینکن ری پبلک میں پیش آیا۔

    کیربیئن ملک ڈومینکن ری پبلک میں کرفیو کی خلاف ورزی پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا تاہم جلد ہی اس شخص کے ایک معصوم سے ’دوست‘ نے پولیس پر اس قدر دباؤ ڈالا کہ پولیس نے مجبوراً اس شخص کو چھوڑ دیا۔

    یہ دوست کوئی اور نہیں بلکہ اس شخص کا پالتو کتا تھا۔

    پولیس کے مطابق کتا پولیس اسٹیشن میں داخل ہوا اور پولیس کی کارروائی میں خلل ڈالنے لگا، وہ بار بار اپنے مالک کی شرٹ کھینچ رہا تھا جسے پولیس نے ہتھکڑیوں میں جکڑ رکھا تھا۔

    پولیس والوں کو اس کتے پر ترس آگیا جو اپنے مالک کے لیے نہایت بے قرار اور پریشان تھا اور انہوں نے اس شخص کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ایک پولیس افسر نے مذاقاً کہا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پولیس کسی ملزم کو ایک کتے کے حوالے کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ ڈومینکن ری پبلک میں کرونا وائرس کے باعث ملگ گیر کرفیو نافذ ہے، ملک بھر میں سوموار سے جمعہ رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد ہے، ویک اینڈ پر یہ کرفیو شام 7 بجے سے صبح 5 بجے تک جاری رہتا ہے۔

    ڈومینکن ری پبلک میں اب تک کرونا وائرس کے 1 لاکھ 24 ہزار 843 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 19 ہزار 537 ہے۔ ملک میں کوویڈ 19 سے اب تک 2 ہزار 225 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • بھارت : ٹھنڈے تابوت میں زندہ رکھا جانے والا شخص اب کہاں ہے؟

    بھارت : ٹھنڈے تابوت میں زندہ رکھا جانے والا شخص اب کہاں ہے؟

    تامل ناڈو : بھارت میں گزشتہ روز جس ضعیف مریض کو اس کے گھر والوں نے زبردستی شیشے کے تابوت میں بند کردیا تھا، فریزر سے زندہ حالت میں نکلنے کے بعد اس کی موت ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک یہ واضح نہیں ہوا کہ مریض کو کیا بیماری لاحق تھی،74 سالہ بالا سوبرامنیا کمار اس فریزر بکس میں اگلے دن تک رہے اور جب ان کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے عملے کے ایک رکن نے ان کو لاش سمجھتے ہوئے فریزر سے نکالا تو وہ کانپ رہے تھے۔

    یہ بات سامنے آنے کے بعد سوبرامنیا کمار کو ایک دوسرے اسپتال منتقل کر دیا گیا لیکن وہ جمعے کو اپنی زندگی کی جنگ ہار گئے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مریض کو نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا اور وہ پھیپھڑوں میں تکلیف کی وجہ سے انتقال کرگئے۔

    واضح رہے کہ بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں ایک 74 سالہ شخص کو اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد اس کے اہل خانہ نے مبینہ طور پر اس کی موت کے انتظار میں شیشے کے ایک ٹھنڈے بکس میں رکھ دیا تھا، ایسے فریز تابوت میں عموماً مُردوں کو رکھا جاتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ بالا سوبرامنیا کمار کے بھائی نے یہ ٹھنڈا بکس کسی ایجنسی سے لیا تھا جب وہ فریز بکس واپس لینے اس ایجنسی کا ایک افسر ان کے گھر پہنچا تو اس نے دیکھا کہ بکس میں موجود شخص مشکل سے سانس لے رہا ہے جس پر اس نے فوراً طبی مدد کیلئے ریسکیو ادارے سے رجوع کیا۔

    مزید پڑھیں : تابوت میں سانس لیتے شخص نے رونگٹے کھڑے کردیے 

    بعد ازاں پولیس نے مریض کے گھر والوں کے خلاف غفلت اور جلدی بازی سے ایک شخص کی زندگی خطرے میں ڈالنے کا مقدمہ درج کرلیا تھا۔