Tag: Police

  • بچے کو زیادہ پانی پلا کر مار دینے والے والدین

    بچے کو زیادہ پانی پلا کر مار دینے والے والدین

    کولارڈو : امریکہ میں والدین نے اپنے 11سالہ بچے کو زبردستی پانی پلا پلا کر مار ڈالا، پولیس نے میاں بیوی کیخلاف قتل اور بچوں پر مظالم کا مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کے شہر کولارڈو کے علاقے بلیک فاریسٹ میں ایک گیارہ سالہ بچے لاش ملی ہے، ایل پاسو کاؤنٹی پولیس کے مطابق مردہ بچے نے ایک ڈائپر پہنا ہوا تھا۔

    اس حوالے سے استغاثہ کا کہنا ہے کہ میاں بیوی نے بچے کو بہت سارا پانی پلایا تھا کیونکہ بچے کے پیشاب میں کالا پن بہت زیادہ تھا۔ بچے کی والدہ تارا سبین جو اس کی سوتیلی ماں ہے نے اپنے حلفیہ بیان میں بتایا کہ 11سالہ زچری سبین کے ساتھ ایک دیرینہ مسئلہ ہے کہ وہ رات کو سوتے میں پیشاب کرکے بستر گیلا کردیتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق منگل کے روز 41 سالہ ریان سبین اور 42 سالہ تارا سبین نے خود پولیس کو اطلاع دی تھی، ریان سبین نے گیارہ مارچ کو صبح 9بجے 911 پر فون کیا جب اس نے زچری کو اپنے بستر پر منہ سے جھاگ نکلتے ہوئے دیکھا اور اس کے علاوہ بچے کے بستر پر خون کے بھی نشانات دیکھے تھے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچے کو بغیر کھائے پیے چار گھنٹے کے دوران پانی کی کئی بوتلیں پلائی گئیں، جس کے بعد وہ غیر معمولی غنودگی کا شکار ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کو اس کے بائیں ابرو اور پیشانی پر خون کے نشان ملے ہیں۔ 11سالہ بچے کے سر، بازوؤں،پنڈلیوں اور کولہوں پر بھی زخموں کے نشانات ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو زبردستی پانی پلایا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی، ریان اور تارا سبین دونوں ملزمان پر فرسٹ ڈگری قتل، بچوں پر مظالم کے نتیجے میں موت اور بچوں سے بد سلوکی کے چھ الزامات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔

  • لاہور : رئیس زادے کا غریب لڑکے سے انسانیت سوز سلوک، حقیقت سامنے آگئی

    لاہور : رئیس زادے کا غریب لڑکے سے انسانیت سوز سلوک، حقیقت سامنے آگئی

    لاہور : اقبال ٹاؤن مون مارکیٹ میں رئیس زادے کے کتوں نے غریب معصوم بچے کو بھنبھوڑ ڈالا، دونوں کتے عمران نامی شہری کے ہیں جسے پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے پارک میں پلاسٹک فٹبال بیچنے والے محنت کش بچے پر وہاں موجود دو پالتو کتوں نے حملہ کر دیا جس سے بچہ شدید زخمی ہو گیا، مذکورہ کتے علاقے کے ایک رئیس زادے عمران کے ہیں۔

    پارک میں موجود شہریوں نے فوری طور پر بچے کو اسپتال منتقل کیا، شہریوں نے کتوں کے مالک کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم بعد ازاں پولیس نے ملزم عمران کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    اس حوالے سے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے پارکس بند ہونے کے باوجود کتوں کا مالک انہیں پٹے یا زنجیر کے بغیر لاتا ہے اور کھلا چھوڑ دیتا ہے۔

    لاہور سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے بابر خان نے بتایا کہ زخمی بچے کے والد نے پولیس کے دباؤ میں آکر ملزم عمران کو معاف کردیا، پولیس افسران نے واقعے کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کیا ہے۔

    رپورٹر کے مطابق مقدمے میں پولیس نے  معمولی نوعیت کی دفعات شامل کی ہیں جس سے ملزم کا ضمانت پر رہا ہوجانا آسان سی بات ہے۔

    اس کے علاوہ پولیس نے ملزم عمران کو گرفتار کرکے حوالات میں فوٹو سیشن کروایا اور مبینہ طور پر بھاری رشوت کے عوض رات کو سونے  کیلئے گھر روانہ کردیا تاکہ صبح عدالت سے ضمانت دلوائی جاسکے۔

  • امریکہ : بیوی اور بیٹے کو بچانے کی کوشش میں باپ سمندر میں ڈوب گیا

    امریکہ : بیوی اور بیٹے کو بچانے کی کوشش میں باپ سمندر میں ڈوب گیا

    امریکی ریاست نارتھ کیرولینا میں بیوی اور بیٹے کی زندگی بچانے کیلئے سنمدر میں چھلانگ لگانے والا باپ خود موت کے منہ میں چلا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ کیرولینا کے ساحل پر تفریح کے دوران ایک خاندان سمندر کی لہروں کی نذر ہوگیا، ٹاپسیل بیچ پر ہونے والے اندوہناک واقعے میں بیوی اور بیٹے کو بچانے کی کوشش کرنے والا شخص خود جان کی بازی ہار گیا۔

    واقعے کے عینی شاھدین کے مطابق سمندر میں ڈوبتے ہوئے بیٹے کو بچانے کیلئے پہلے تو ماں نے کوشش کی لیکن وہ ناکام ہوئی اور خود لہروں میں پھنس گئی۔

    صورتحال دیکھتے ہوئے 29سالہ شوہر کرسٹوفر رابرسن نے انہیں بچانے کیلئے سمندر میں چھلانگ لگا دی لیکن بد قسمتی سے ماں بیٹا تو بچ گئے لیکن شوہر لہروں کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے آگاہ کرتے ہوئے ٹاپسیل بیچ پولیس چیف سموئل گریواس نے میڈیا کو بتایا کہ سہ پہر تین بجے ہمیں واقعے کی اطلاع ملی اور ہم ساحل پر پہنچے۔

    بعد زاں لائف گارڈ کے اہلکاروں نے ان تینوں افراد کو سمندر سے نکال کر اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے کرسٹوفر رابرسن کو مردہ قرار دے دیا۔

  • چین :  بچوں پر تشدد کے لئے پرکار کا استعمال کرنے والا ٹیچر گرفتار

    چین : بچوں پر تشدد کے لئے پرکار کا استعمال کرنے والا ٹیچر گرفتار

    بیجنگ : چینی پولیس نے طلباء پر انتہائی اذیت ناک تشدد کے الزام میں ایک اسکول ٹیچر کو گرفتار کیا ہے، ہوم ورک نہ کرنے کے جرم میں استاد نے پرکار کی نوک ان کے جسم میں پیوست کردی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں اسکول کا ٹیچر جلاد بن گیا، پولیس نے درجنوں طلباء کو اذیت ناک تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کرنے کے جرم میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اسکول ٹیچر مسٹر سو نے مبینہ طور پر اپنی کلاس میں کم از کم 40 طلبا کو دھاتی پرکار کا استعمال کرتے ہوئے سزا دی اور اس پرکار کی نوک ان کے بازوؤں میں پوری طاقت سے چبھوئی کہ خون نکل آیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طلبا ء کا جرم اتنا تھا کہ انہوں نے ہوم ورک نہیں کیا تھا،اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ٹیچر کیخلاف کارروائی کی۔

    ویڈیو میں ایک طالب علم متاثرہ جگہ کی نشاندہی کرکے اپنی چوٹیں دکھا رہا ہے، پولیس کے مطابق ملزم مسٹر سو اب قانون کی گرفت میں ہے اور اس سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : موڈ خراب ہونے پر ٹیچر کا ننھے بچوں سے انسانیت سوز سلوک

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چین کے ایک کنڈر گارڈن میں پولیس نے ایک ٹیچر کو ننھے بچے کو بالوں سے پکڑ کر جگانے اور زمین پر پٹخنے کے کے جرم میں گرفتار کیا تھا۔

    ٹیچر کی بے رحمی اس وقت سامنے آئی جب ماں نے بچے کے سر اور جسم پر زخموں کے نشانات دیکھے اور کنڈر گارڈن کی انتطامیہ سے اس کی شکایت کی۔ ماں نے ان سے سی سی ٹی وی فوٹیج دکھانے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • بھارت میں عجیب واقعہ، پولیس حیران

    بھارت میں عجیب واقعہ، پولیس حیران

    نئی دہلی : بھارت میں پوتے نے اپنے دادا کو محض اس بات پر موت کے گھاٹ اتار دیا کہ انہوں نے پیسے دینے سے انکار کردیا تھا،پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بجنور میں دادا کے قتل کا یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں پوتے نے چند روپوں کی خاطر اپنے دادا کی جان لے لی۔

    اس حوالے سے پو لیس کا کہنا ہے کہ بجنور ضلع کے تھانہ ریہڑ کے گاؤں صادق پور میں گزشتہ رات 30سالہ سوربھ چوہان اپنے دادا 80سالہ مراری سنگھ سے نشے کے لئے پیسے مانگ رہا تھا۔

    پیسے نہ دینے کی سبب سوربھ نے اپنے دادا کو پہلے تو چھت کے زینے سے دھکا دے دیا۔ اس کے بعد لاتیں اور گھونسے مار مار کر اسے موت کے گھاٹ اُتار دیا، ملزم سوربھ چوہان اپنے دادا کی جان لینے کے بعد موقع واردات سے فرار ہوگیا تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ سے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا، بعد ازاں پولیس نے تعاقب کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے اس کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • لاہور : لاک ڈاؤن کے دوران ڈاکؤوں نے تین گھروں کا صفایا کردیا

    لاہور : لاک ڈاؤن کے دوران ڈاکؤوں نے تین گھروں کا صفایا کردیا

    لاہور : مسلح افراد لاک ڈاؤن کے دوران  تین گھروں کا صفایا کرگئے، ڈاکو گھر کی دہلیز پر شہری سے موٹر سائیکل بھی چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ، ماڈل ٹاؤن اور جوہرٹاؤن میں گھروں میں ڈکیتیوں کی وارداتیں ہوئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں 4ڈاکو ایک گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا۔ ڈاکو گھر سے10تولے سونا، ملکی و غیرملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    دوسری واردات میں ٹاؤن شپ کے علاقے میں گاڑی میں پانی ڈالنے کا بہانہ بنا کر3ڈاکو کی گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے، ڈاکوؤں نے گھر سے12تولے سونا،2لاکھ نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اس کے علاوہ جوہرٹاؤن میں مسلح افراد شہری سے اس کے گھر کی دہلیز پر موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے تینیوں وارداتوں کی رپورٹ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ ابتدائی اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • مزدور پر تشدد کرنا سعودی شہری کو مہنگا پڑگیا

    مزدور پر تشدد کرنا سعودی شہری کو مہنگا پڑگیا

    ریاض : ایک مزدور سے ناروا سلوک اور بد زبانی کرنے پر پولیس نے سعودی شہری کو گرفتار کرلیا، شہری نے یہ وڈیو کلپ خود تیار کرکے سوشل میڈیا پراپ لوڈ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حائل پولیس نے ایک مزدور کے ساتھ ناروا سلوک اور بدزبانی کرنے پر ایک سعودی شہری کو گرفتار کیا ہے۔

    حائل پولیس کے ترجمان سامی الشمری نے بتایا کہ پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو کلپ کا نوٹس لے لیا جس میں ایک شہری اپنے ماتحت مزدور کے ساتھ بدزبانی اور انسانی وقار کے منافی تشدد کررہا ہے، شہری نے یہ وڈیو کلپ خود تیار کرکے سوشل میڈیا پراپ لوڈ کیا تھا۔

    پولیس ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے بدزبانی کرنے والے مقامی شہری کی نشاندہی کرکے اسے گرفتار کرلیا، اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے کیس پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پبلک پراسیکیوشن مملکت کے تمام شہریوں، مقیم غیرملکیوں کو خبردار کیے ہوئے ہے کہ جو شخص بھی سوشل میڈیا پر خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    پبلک پراسیکیوشن سوشل میڈیا پر وڈیو کلپس تصاویر اور  مختلف قسم کی غیرقانونی تحریروں پر نظر رکھنے کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دیے ہوئے ہے۔

  • ٹیوشن کیوں پڑھائی؟ بچے کی شکایت پر پولیس نے استانی کو ڈانٹ پلادی، ویڈیو وائرل

    ٹیوشن کیوں پڑھائی؟ بچے کی شکایت پر پولیس نے استانی کو ڈانٹ پلادی، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : لاک ڈاؤن کے دوران ٹیوشن بھیجنے پر بچہ پولیس والوں کو اپنے ٹیوشن سینٹر لے گیا، پولیس اہلکاروں نے بچے کے والدین اور استانی کی سرزنش کی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں لاک ڈاؤن کے دوران مرضی کیخلاف ٹیوشن بھیجنے پر ایک بچے نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو والدین اور استانی کی شکایت کردی جس پر وہ ہکا بکا رہ گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بچے بھی کورونا وائرس کی صورتحال سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے پڑھائی سے جان چھڑانے لگے ہیں۔ ایک بچے کو اس کے گھر والوں نے ٹیوشن بھیجا تاہم بچہ ٹیوشن جانے کے بجائے پولیس کے پاس پہنچ گیا اور پولیس کو اپنے ساتھ ٹیوشن سینٹر لے گیا۔

    واقعے کی سوشل میڈیا پر  ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ اپنی استانی کے گھر کے باہر پہنچا اور دروازہ کھٹکٹایا پھر استانی کو آواز دینے لگا۔ ویڈیومیں پولیس ۤآفیسر نے بچے کی استانی کو کہا کہ آپ یہاں پر لاک ڈاؤن کے باوجود ٹیوش پڑھا رہی ہیں آپ کو کورونا سے ڈر نہیں لگتا؟۔

    پہلے تو استانی نے اس بات کی تردید کی کہ کورونا کی صورتحال کے بعد بچوں کو نہیں پڑھایا، تاہم بچے نے بھی ٹیوشن سے جان چھڑانا چاہی اور بتایا کہ صرف میں ہی نہیں تین بچے اور بھی آتے ہیں۔

    پولیس افسر نے استانی سے کہا کہ ہم کسی کو ایک دوسرے کے گھر بھی نہیں جانے دیتے اور آپ بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی ہیں، بھارتی پولیس آفیسر کی جانب سے خبردار کیا گیا کہ آئندہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے باعث بچوں کو گھروں میں ٹیوشن نہ پڑھائیں۔

  • فلاحی اداروں کی ایمبولینسوں کا مجرمانہ استعمال، پولیس حکام کا اہم فیصلہ

    فلاحی اداروں کی ایمبولینسوں کا مجرمانہ استعمال، پولیس حکام کا اہم فیصلہ

    کراچی : فلاحی اداروں کی آڑ میں ایمبولینسوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کے واقعات کا پولیس حکام نے سختی سے نوٹس لیا ہے، ان وارداتوں کی روک تھام کیلئے محکمہ داخلہ کو خط لکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں فلاحی اداروں کی ایمبولینسوں کے مجرمانہ استعمال کے انکشاف کے بعد کراچی پولیس نے محکمہ داخلہ کوخط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ4فلاحی اداروں کے لائسنس کینسل کرانے کےلیے محکمہ داخلہ کو خط لکھا جائے گا، گزشتہ کئی ماہ سے ایمبولینسوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی اسمگلنگ کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ ایمبولینسوں کے ذریعے کرونا لاک ڈاؤن کی سنگین خلاف ورزیاں بھی کی گئیں،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ گڈاپ،موچکو ، شاہ لطیف اور نیپئر تھانے میں اس حوالے سے چار مقدمات درج ہوئے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز قبل کروڑوں روپے مالیت کا بھارتی گٹکا ایک ایمبولینس کے ذریعے بلوچستان سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جسے پکڑ لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق تھانہ نیپئر کی حدود میں فلاحی ادارے کی ایمبولینس کے ذریعے چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی، گڈاپ اور شاہ لطیف کے علاقوں میں ایمبولینس کو مسافر کوچ بنا دیا گیا۔

    اس سلسے میں ایک ایمبولینس ڈرائیور کا انکشاف بھی سامنے آیا، ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ بلوچستان سے کراچی اور بلوچستان جانے کے 6ہزار روپے ملتے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی روک تھام اور ملوث افراد کیخلاف مربوط قانونی کاروائی کیلئے پولیس کی جانب سے جلد محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھا جائے گا۔

  • کرونا: محکمہ جیل خانہ جات سندھ کا پہلی بار ویڈیو لنک اجلاس، اہم امور زیرغور

    کرونا: محکمہ جیل خانہ جات سندھ کا پہلی بار ویڈیو لنک اجلاس، اہم امور زیرغور

    کراچی: محکمہ جیل خانہ سندھ کا پہلی بار ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس ہوا، مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی نے اجلاس کی صدارت کی، اس دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں آئی جی جیل خانہ نصرت منگھن اور جیل سپرنٹنڈنٹ اور محکمہ جیل خانہ جات کے ڈی آئی جیز ایس ایس پیز نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس میں کرونا کی صورتحال اور قیدیوں کی صحت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ سینئر افسر نے نوشہروفیروز جیل میں قیدیوں کی سہولیات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی جیل کا کہنا تھا کہ وائرس کے تناظر میں حفاظتی اقدامات کو بہتر کیا ہے، ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔

    دریں اثنا مشیرجیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ کرونا کے پھیلاؤ روکنے کے لیے فوری مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔

    کورونا کے خدشے پر قیدیوں کی رہائی کے تمام فیصلے معطل

    خیال رہے کہ ملک میں کروناوائرس کے پیش نظر قیدوں کی رہائی اور سزاؤں میں کمی سے متعلق فیصلوں پر غور کیا جارہا تھا تاہم 30 مارچ کو سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا408 قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ معطل کردیا۔

    اس دوران دیگر عدالتوں کی جانب سے جاری فیصلے بھی معطل کیے گئے اور کہا گیا کہ مقدمے کی مکمل سماعت تک کسی قیدی کو رہا نہیں کیا جائے گا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، کرونا کے باعث سنگین جرائم میں ملوث قیدی رہا کرنےکی اجازت نہیں دے سکتے۔