Tag: Police

  • بھارت لاک ڈاؤن : انسانیت کانپ اٹھی، بیٹے کا ماں پر تشدد، گھر سے نکال دیا

    بھارت لاک ڈاؤن : انسانیت کانپ اٹھی، بیٹے کا ماں پر تشدد، گھر سے نکال دیا

    نئی دہلی : بے رحم بیٹے نے ماں کی عمر کا بھی خیال نہ کیا اور گھریلو ناچاقی پر ضعیف والدہ کو دھکے مار کر گھر سے نکال دیا، لاک ڈاؤن ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے انہیں بیٹی کے گھر پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے اترا کھنڈ ضلع پوڑی کے دگڈا بلاک میں ایک درد ناکل واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک بدقسمت بیٹے نے لاک ڈاؤن کے دنوں میں 85سالہ بوڑھی ماں کو مار پیٹ کر گھر سے نکال دیا، پولیس نے عمر رسیدہ خاتون کو بحفاظت ان کی چھوٹی بیٹی کے گھر پہنچادیا۔

    اس حوالے سے دگڈا چوکی انچارج اوم پرکاش نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں آمڈالی کے قریب روڈ کے کنارے پر پیدل چلنے والی ایک بزرگ خاتون کے بارے میں اطلاع ملی تھی جس پر وہ اہلکاروں کے ساتھ آمڈالی پہنچے اور اس ضعیف خاتون کو گاڑی میں بٹھا کر پولیس چوکی پر لے آئے۔

    معلومات کرنے پر بوڑھی خاتون نے بتایا کہ اس کا نام شانتی دیوی اور عمر85 سال ہے۔ شانتی دیوی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے بیٹے نے اس کی پٹائی کی اور اسے گھر سے بھی نکال دیا۔ بینک کی پاس بک، پنشن اور دیگر ضروری دستاویزات بھی بے رحم بیٹے نے چھین کر اپنے پاس رکھ لیے ہیں۔

    چوکی انچارج نے معاملے کو سنجیدگی سے لییا اور فوری کاروائی کرتے ہوئے خاتون کو لے کر پولیس اہلکاروں کے ساتھ بینک پہنچے۔ پولیس نے خاتون کے نام پتے کی بنیاد پر بینک سے اکاؤنٹ نمبر ٹریس کیا۔ اکاؤنٹ سے رقم نکلوائی اور اسے اس ضعیف خاتون کے حوالے کردی۔

    چوکی انچارج نے بتایا کہ اس کے بعد پولیس نے بزرگ خاتون کو بحفاظت ان کی چھوٹی بیٹی کے گھر پہنچا دیا۔ شہریوں کی جانب سے پولیس کے اس اقدام کو سراہا جارہا ہے، دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • سعودی عرب : لاک ڈاؤن کے حوالے سے شہریوں کے لئے اہم ہدایت

    سعودی عرب : لاک ڈاؤن کے حوالے سے شہریوں کے لئے اہم ہدایت

    ریاض : سعودی حکومت نے واضح کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں سے کسی قسم کی دست درازی جرم ہے ملزم کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی پراسیکیوشن جنرل نے عوام کی آگاہی کیلئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں سے دست درازی کرنا یا سیکیورٹی اہلکار کی گاڑی کو نقصان پہنچانا قابل دست اندازی جرم ہے جس پر ملزم کو گرفتارکیا جاسکتا ہے مزید اس کیخلاف مقدمہ درج کرکے سخت سزا تجویز کی جائے گی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پراسیکیوشن جنرل نے بتایا کہ قانون کے مطابق پولیس اہلکاروں سے بدکلامی یا دست اندازی کرنے والے کے خلاف سخت قانون رائج ہے، ایسا کرنے والے کے خلاف پراسیکیوشن کی جانب سے سخت سزا تجویز کی گئی ہے۔

    سعودی قانون کے مطابق کسی بھی پولیس اہلکار کو جب وہ سرکاری فرائض ادا کررہا ہو اس سے دست درازی کرنا یا اہلکار کی گاڑی و آلات کو نقصان پہنچانے والے کو گرفتار کر کے اس پر مقدمہ قائم کیا جاتا ہے۔ ٹویٹر پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے زیر استعمال اشیاء کو نقصان پہنچانے والے پر بھی قانون کی شق26کا نفاذ ہوگا۔

  • سعودی عرب: سینکڑوں افراد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوگئے، پولیس کا ایکشن

    سعودی عرب: سینکڑوں افراد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوگئے، پولیس کا ایکشن

    ریاض: سعودی عرب میں حائل کی وادی میں سینکڑوں لوگ موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوگئے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو منتشر کردیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کے انسداد کے لیے گھروں تک محدود رہنے کی حکومتی ہدایات کے باوجود حائل میں بارش کے بعد سہانے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے متعدد شہری فیملیوں سمیت قریبی وادی میں جمع ہوگئے۔

    وادی میں جمع ہونے والے شہریوں کو واپس بھیجنے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے فوری مداخلت کی۔

    حائل ریجن میں پولیس کے سربراہ کرنل حبیب بن عطا اللہ الجہنی کا کہنا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ وادی میں متعدد شہری، خواتین اور بچوں سمیت موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق انہیں بھیڑ لگانے اور جمع ہونے سے روکنے کے لیے فوری طور پر پولیس کی ٹیموں کو روانہ کیا گیا، پولیس اہلکاروں نے وادی کو ہر طرف سے گھیر لیا اور شہریوں کو جگہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    کرنل حبیب بن عطا اللہ کا کہنا تھا کہ وادی میں جمع ہونے والے شہریوں نے کرونا کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کے برخلاف کام کیا ہے۔

    خیال رہے کہ حائل کے قریب ایسی متعدد وادیاں ہیں جہاں سال بھر بارش ہوتی ہے اور موسم خوشگوار رہتا ہے، سیر و تفریح کے لیے اکثر لوگ وہاں کا رخ کرتے ہیں۔

  • کراچی پولیس کا افسر بھی کروناوائرس کا شکار ہوگیا

    کراچی پولیس کا افسر بھی کروناوائرس کا شکار ہوگیا

    کراچی: شہرقائد میں پولیس افسر بھی وبائی مرض ’’کروناوائرس‘‘ کا شکار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع ساؤتھ انویسٹی گیشن میں تعینات کرونا کے مریض انسپکٹر کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے آئسولیشن میں رکھ کر طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ انسپکٹر کا کروناٹیسٹ مثبت آیا اہلخانہ کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ آئی جی سندھ نے شعبہ ویلفیئر کو متاثرہ افسر کے علاج کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی۔

    خیال رہے ملک بھر میں کرونا کے کیسز کی تعداد بارہ سو پینتیس ہوگئی ہے، سندھ میں 429، بلوچستان میں 131، خیبرپختونخوا میں147، گلگت بلتستان میں اکیانوے، آزادکشمیر میں دو ہوگئی جبکہ متاثرہ 23 مریض صحت یاب ہوئے۔

    لاہور میں کرونا وائرس میں مبتلا ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا ہے، جس کے بعد وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ جبکہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں وائرس پر قابو پانے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہیں۔

  • پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹروں اور طبی عملے کو سلیوٹ کرنے کی ہدایت

    پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹروں اور طبی عملے کو سلیوٹ کرنے کی ہدایت

    کراچی : کورونا وائرس کیخلاف جنگ لڑنے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کو سلیوٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کیخلاف جہاد کرنے اور اس کے سدباب کیلئے دن رات ایک کرنے والے مسیحاؤں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں کو خصوصی  ہدایات جاری کی ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں  سے کہاہے کہ شہر میں جہاں جہاں پولیس کے ناکے لگے ہیں اگر اس دوران وہاں ڈاکٹرز یا پیرا میڈیکل اسٹاف آتا ہے تو پولیس اہلکار و افسران انہیں دیکھ کر سلیوٹ کریں۔

    انہوں نے  مزیدکہا کہ کیونکہ یہ ڈاکٹرز  اور طبی عملہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کورونا وائرس کی وباء کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں اس لیے یہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

    اس حوالے سے افسران کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن کے قریب پولیس اہلکاروں نے ایک ڈاکٹر کو سلیوٹ کیا،فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار ڈاکٹر کو سلیوٹ کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس اس وقت پاکستان پر کسی عذاب کی طرح مسلط ہے اور ایسے میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز نرسیں اور دیگر طبی عملہ اپنی جانوں کی پرواہ کیے اس محاذ پر اس موذی وائرس کیخلاف جہاد کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کو سراہا جارہا ہے۔

    چین میں کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد ملک بھر سے ہزاروں ڈاکٹر اور نرسیں ووہان سٹی میں مریضوں کے علاج کے لیے پہنچیں اور دن رات محنت کی۔ ان کی جان توڑ کوششوں اور حکومت کے سخت اقدامات کا نتیجہ یہ نکلا کہ اب ووہان شہر میں جہاں سے وبا کا آغاز ہوا تھا، ایک بھی نیا کرونا وائرس کا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

  • کورونا وائرس : قوانین کی خلاف ورزی پر 38 افراد گرفتار، مقدمہ درج

    کورونا وائرس : قوانین کی خلاف ورزی پر 38 افراد گرفتار، مقدمہ درج

    کراچی : کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر کراچی پولیس نے38 افراد کو گرفتار کرکے26مقدمات درج کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات اور گرفتاریاں کی ہیں، چند دنوں میں ہونے والی کارروائیوں کی تفصیلات کراچی پولیس نے جاری کردی ہیں۔

    اس حوالے سے کراچی کے مختلف تھانوں میں26مقدمات درج کرلئے گئے، کراچی پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ 26مقدمات درج کرکے38 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ مقدمات مہنگے داموں سینیٹائزر اور فیس ماسک فروخت پر کئے گئے، شادی ہالز  میں تقاریب اور اسکول کھولنے ، کورونا کے جعلی علاج،  سینٹائزر اور ماسک ذخیرہ اندوزی پر کئے گئے۔

    اس کے علاوہ پرندوں کی فروخت پر مقدمہ کرتے ہوئے پرندے ضبط کئے گئے، مختلف کارروائیوں میں70ہزار302ماسک ضبط کئے گئے، مختلف کارروائیوں میں83 ہینڈ سینٹائزر برآمد ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں سینیٹائزر مہنگے داموں فروخت کرنے والا دکاندار گرفتار

    یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد فیس ماسک فروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا تھا، ماسک کی اضافی قیمت اور مارکیٹ میں عدم دستیابی کی وجہ سے شہری بہت زیادہ پریشانی کا شکار بھی تھے۔

     

  • سوات: پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، 1 شدت پسند ہلاک

    سوات: پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، 1 شدت پسند ہلاک

    سوات: خیبرپختونخوا میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شدت پسند ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے شہر سوات میں پولیس اہلکاروں سے ہونے والی جھڑپ میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔ ڈی آئی جی محمد اعجاز کا کہنا ہے کہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن مکمل کرلیا ہے۔

    متعلقہ حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد الطاف عرف راکٹ ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہا تھا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے جبکہ لاش کو بھی اپنے تحویل میں لے لیا ہے۔

    ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس مقابلے میں ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد ہلاک

    خیال رہے کہ 9 مارچ کو ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر ٹانک کے قریب کارروائی کے دوران 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ اس کارروائی میں کرنل مجیب الرحمان شہید ہوئے۔

    قبل ازیں رواں سال جنوری کے آخر میں سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 جوان شہید ہوئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں سپاہی محمد شمیم اور سپاہی اسد خان شامل تھے۔

  • خیبرپختونخوا پولیس نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    خیبرپختونخوا پولیس نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    بنوں: خیبرپختونخوا پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے صوبے کو دہشت گردی کے بڑے منصوبے سے بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے شہر بنوں میں پولیس نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا۔ پولیس نے لنک روڈ سے بارودی مواد سے بھری موٹرسائیکل برآمد کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا، موٹر سائیکل میں 4کلوبارودی مواد اور پرائماکارڈ نصب کیے گئے تھے۔

    متعلقہ اداروں نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    گجرات میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 5 دہشت گرد ہلاک

    پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے اور تفتیش بھی شروع کردی ہے۔ یہ جاننے کی کوشش جاری ہے کہ موٹر سائیکل یہاں کس نے رکھی اور کیا مقاصد تھے۔

    متعلقہ اداروں نے جلد ملزمان کی گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

  • برمنگھم : جائیداد کے تنازعے پر ملزم نے خنجر کے وار سے کزن کو قتل کردیا

    برمنگھم : جائیداد کے تنازعے پر ملزم نے خنجر کے وار سے کزن کو قتل کردیا

    برمنگھم : جائیداد کے تنازعے پر ملزم نے اپنے کزن کو قتل کردیا، چاقو کے گیارہ وار لگنے کے باعث ہاشم خان نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، پولیس نے ملزم  نادر علی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں جائیداد کے تنازعے پر جھگڑے میں چھریاں چل گئیں، مقتول اور ملزم پاکستانی اور آپس میں رشتے دار بھی ہیں۔

    میڈیا کے مطابق برمنگھم کے علاقے بالسل ہیتھ میں ملزم نادر علی اور اس کے کزن ہاشم خان کے درمیان پاکستان میں موجود خاندانی زمین کی ملکیت کے حوالے سے بحث ہورہی تھی۔

    اس دوران ان کے دیگر رشتہ دار بھی موجود تھے کہ اچانک نادر علی نے اپنی جیب سے چاقو نکال کر 37سالہ ہاشم خان پر حملہ کردیا اور اس پر خنجر کے پے در پہ وار کیے۔

    اس موقع پر بیچ بچاؤ کرانے والے تین افراد بھی زخمی ہوئے۔ ویسٹ میڈیلنڈ پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم نادر علی نے اپنی پینبٹ کی دائیں جانب سے ایک خنجر نکالا اور ہاشم پر حملہ کردیا۔

    ملزم نے مقتول پر چھری سے گیارہ مرتبہ وار کیا، پولیس کے آنے پر 32سالہ ملزم نادر علی نے یہ کہتے ہوئے آلہ قتل پولیس کے حوالے کردیا کہ قتل میں نے کیا ہے۔

    بعد ازاں برمنگھم کی عدالت نے ملزم نادر علی کو قتل اور تین افراد کو زخمی کرنے کے جرم میں سزا سنائی ہے۔

  • ٹریفک اہلکاروں کے سامنے خاتون کی مزاحمت، گاڑی کے بونٹ پر بیٹھ گئی

    ٹریفک اہلکاروں کے سامنے خاتون کی مزاحمت، گاڑی کے بونٹ پر بیٹھ گئی

    لندن: برطانیہ میں خاتون ٹریفک اہلکاروں کے سامنے ڈٹ گئی، پولیس نے لگژری گاڑی اٹھا تو لی لیکن خاتون مزاحمت کرتے ہوئے گاڑی کے بونٹ پر بیٹھ گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ برطانوی دارالحکومت لندن میں پیش آیا۔ ٹریفک پولیس نے مہنگی ترین لگژری ’’رینج روور‘‘ گاڑی کی انشورنس نہ ہونے پر پارکنگ سے اٹھائی۔

    پاکستان سمیت کئی ممالک میں ایسا دیکھنے میں آتا ہے کہ گاڑی غلط پارکنگ یا پھر کسی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اٹھا لی جاتی ہے اور ردعمل میں گاڑی کے مالکان اور ڈرائیورز ہرممکن کوشش کرتے ہیں کہ ان کی گاڑی پولیس اہلکار کی حراست سے چھوٹ جائے۔ بعض شہری رشوت کا بھی سہارا لیتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ خاتون احتجاجاً اپنی گاڑی کے بونٹ پر جابیٹھی اور مطالبہ کیا کہ ان کی گاڑی چھوڑی جائے۔ تاہم پولیس نے اپنی قانونی کارروائیاں پوری کیں۔

    گاڑی کے مالک اور خاتون ڈرائیور کی شناخت سامنے نہیں آئی البتہ گاڑی کا انشورنس کارڈ نہ ہونے پر پولیس نے گاڑی سیل کردی۔ کارسرکار میں مداخلت پر خاتون پر بھاری جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔