Tag: Police

  • کراچی : ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، چائے کے ہوٹل میں لوٹ مار

    کراچی : ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، چائے کے ہوٹل میں لوٹ مار

    کراچی : کورنگی میں ڈکیتی کی ایک اور واردات میں مسلح افراد نے ہوٹل پربیٹھے درجنوں افراد لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہوگئے۔

    دو موٹرسائیکل پرسوار3ملزمان کورنگی نمبر4کلوچوک پر آئے اور شہریوں سے موبائل فون و دیگرقیمتی سامان چھین لیا۔

    مسلح ملزمان کی لوٹ مار کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ فوٹیج میں ملزمان کوشہریوں سے لوٹ مار کرتے ہوئے واضح دیکھا جاسکتا ہے۔

    دوسری واردات میں نارتھ کراچی سیکٹر11بی میں ہوئی جہاں ڈاکوؤں نے آزادانہ لوٹ مار اور ہوائی فائرنگ کی، ملزمان کو دیکھ کر شہریوں نے بھاگنے کی کوشش بھی کی۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ لوٹ مار کا یہ واقعہ گزشتہ شب 9بجے پیش آیا تھا۔

  • تخریب کار کارروائیوں کے لیے پولیس کی وردی جگہ جگہ دستیاب

    تخریب کار کارروائیوں کے لیے پولیس کی وردی جگہ جگہ دستیاب

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں چند روز قبل ہونے والے خودکش دھماکے میں حملہ آوروں نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں جنہیں دیکھ کر سیکیورٹی پر موجود اہلکار دھوکا کھا گئے اور پورا ملک المیے کا شکار ہوگیا۔

    اس واقعے کے بعد ایک بار پھر بازاروں میں جگہ جگہ ملنے والی پولیس کی وردیوں سے متعلق سوال اٹھ کھڑے ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں سابق آئی جی پولیس طاہر عالم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے دوران پابندی عائد کی گئی تھی کہ بغیر شناختی کارڈ کے کوئی شخص پولیس کی وردی فروخت نہیں کرسکتا لیکن اب کھلے عام اس پابندی کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔

    طاہر عالم کا کہنا تھا کہ جس طرح مسلح افواج نے اپنی وردی کی فراہمی کا ایک سسٹم بنا رکھا ہے ایسا ہی سسٹم پولیس وردی کے لیے بھی ہونا چاہیئے۔

    مسلح افواج کے جوانوں کو وردی ادارے کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے یا پھر منتخب کردہ کنٹریکٹرز ہی یہ کام کرتے ہیں۔

    جب بھی کوئی شخص ان اسٹورز سے وردی یا اس پر لگانے والی اشیا خریدتا ہے تو ایسے شخص کا فوج میں ملازمتی کارڈ، نام اور ٹیلی فون نمبر درج کیا جاتا ہے۔

    انٹیلی جنس باقاعدگی سے ان اسٹورز سے رابطے میں رہتی ہے اور معلومات رکھتی ہے کہ کن کن افراد نے وردی خریدی ہے۔

    طاہر عالم کا کہنا تھا کہ پولیس کی وردی فراہم کرنے کے لیے بھی یہی طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ سیکیورٹی خدشات کم ہوسکیں۔

  • فیصل آباد : اندھا دھند فائرنگ، علاقہ میدان جنگ بن گیا

    فیصل آباد : اندھا دھند فائرنگ، علاقہ میدان جنگ بن گیا

    فیصل آباد : ہوٹل پر قبضے کیلئے ہونے والی فائرنگ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا، پولیس روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاخیر سے پہنچی۔

    فیصل آباد کے علاقے کچہری بازار میں قائم ایک ہوٹل پر قبضے کیلئے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔

    جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا وہ دفتر ایس پی لائل پورٹاؤن اور تھانہ سول لائن کے ساتھ ہی ہے لیکن اطلاع ملنے کے باوجود پولیس کافی تاخیر سے جائے وقوعہ پر پہنچی۔

    فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ دکاندار جانیں بچانے کیلئے اپنی دکانیں کھلی چھوڑ کر وہاں سے بھاگ لیے، تاہم پولیس نے کاررروائی کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    مسلح حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں پر بھی تشدد کیا اور ایک زیرحراست ساتھی کو چھڑا کر لے گئے، ایک ملزم کاظم اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا جسے تھانہ ریل بازار کی حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔

  • کراچی: پولیس کی مشتبہ موٹر سائیکل روکنے کی کوشش، موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی

    کراچی: پولیس کی مشتبہ موٹر سائیکل روکنے کی کوشش، موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی رینجرز اور پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر روڈ پر رینجرز اور پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشترکہ کارروائی کی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی، فرار ہوتے ملزمان نے رینجرز اور پولیس پر فائرنگ کردی، ملزم فیصل خان عرف مینیجر گرفتار ہوگیا جبکہ ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سہراب گوٹھ میں مٹھائی کی دکان پر ڈکیتی میں بھی ملوث ہے، واردات میں ملزم کا ایک ساتھی ارباز سیکیورٹی گارڈ کی گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا۔

    ملزمان دکان کے مالک سے 10 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوئے تھے، گرفتار ملزم فیصل کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

  • دوستوں نے ذرا سی بات پر دوست کو اغواء کرکے قتل کردیا

    دوستوں نے ذرا سی بات پر دوست کو اغواء کرکے قتل کردیا

    راولپنڈی : دوستوں نے اپنے ہی دوست کو اغواء کرکے جان سے مار ڈالا، واقعہ لین دین کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دولت کی ہوس نے رشتوں کو بھی بے معنی کردیا، راولپنڈی میں لین دین کے تنازعہ پردوستوں نے اپنے ہی دوست کو اغواء کرکے قتل کردیا, مقتول عبدالرحمان کو 2روز قبل تھانہ صدر واہ کےعلاقے نیو سٹی سے اغواء کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی عبدالرحمان کے دوستوں نے اسے رسیوں سے باندھ کر بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا ہے، مقتول عبدالرحمان کی تشدد زدہ لاش اٹک سے ملی۔

    راولپنڈی کے تھانہ صدر واہ پولیس نے قتل کے واقعے کا مقدمہ درج کرکے قاتلوں کی تلاش شروع کردی ہے لیا، پولیس نےمقدمے میں مقتول کے3دوستوں کو نامزد کیا ہے۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ مقتول عبدالرحمان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے متعلقہ اسپتال بھجوا دیا ہے، رپورٹ کے بعد کارروائی کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

  • کراچی : پلاٹ سے ملنے والی بچی کا قاتل کون؟ پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    کراچی : پلاٹ سے ملنے والی بچی کا قاتل کون؟ پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    کراچی : لانڈھی میں خالی پلاٹ سے ملنے والی زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی سات سالہ بچی کا کیس جدید سائنسی بنیادوں کے تحت حل کرلیا گیا، پولیس ملزم کے گھر پہنچ گئی۔

    کراچی کے علاقے لانڈھی میں گزشتہ دنوں کمسن بچی 7 سالہ منیبہ عمر کو اغواء کے بعد زیادتی اور قتل کرنے کے مقدمے میں پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سفاک ملزم کی شناخت ہوگئی ہے تاہم تاحال اسے گرفتار نہیں کیا جاسکا، ملزم کی شناخت اس کے بھائی اور بیٹے کے ڈی این اے سیمپلز سے ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق مجموعی طورپر100سے زائد افراد کے ڈی این اے نمونے جامعہ کراچی کی لیبارٹری میں بھیجے گئے تھے، جہاں ان نمونوں پر جدید سائنسی خطوط پر کام کیا گیا اور پولیس کو نتیجہ میچ کرکے دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق لیبارٹری رپورٹ ملنے کے بعد مرکزی ملزم کی شناخت ریاض کے نام سے ہوگئی ہے تاہم مرکزی ملزم کا ڈی این اے مفروری کے باعث حاصل نہیں کیا جاسکا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے بھائی اور بیٹے کا بھی ڈی این اے لے کر مقتول بچی کے نمونےسے میچ کیا گیا، پولیس کی جانب سے نتیجہ چھپایا گیا بلکہ تاحال ملزم بھی گرفتار نہیں کیاجاسکا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں کچرا کنڈی سے 7 سالہ بچی کمسن بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کی شناخت منیبہ عمر کے نام سے ہوئی۔

    بچی کے والد مقبول کا کہنا تھا کہ منیبہ بدھ کی دوپہر بھائی کے گھر سے لاپتا ہوئی وہ گھر سے بنا چپل پہنے نکلی تھی، دو روز تک پولیس ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرتی رہی، بدھ کی شب تک لاش نہ ملنے پر یقین ہوگیا تھا کہ منیبہ کو اغوا کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی، 7سالہ بچی کا زیادتی کے بعد قتل ، 4مشکوک افراد گرفتار

    والد کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز10بجے گمشدگی رپورٹ کیلئے تھانے پہنچا تو بھائی کی کال آئی ، بھائی نے اطلاع دی کہ بچی کی لاش مسلم آباد میں خالی پلاٹ میں پڑی ہے، لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    بعد ازاں مقتول بچی کے پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقتولہ بچی کےجسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں۔

     

  • مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس میں اصلاحات کرتے ہوئے پولیس فورس مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اہلکاروں کو اینٹی رائٹ فورس کی طرز پر ٹریننگ دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں اصلاحات کرتے ہوئے پولیس فورس مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ مچھر کالونی میں ہجوم کے ہاتھوں 2 ٹیلی کام ملازمین کے قتل کے بعد کیا گیا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مددگار 15 کے اہلکاروں کو اینٹی رائٹ فورس کی طرز پر ٹریننگ دی جائے گی، اہلکاروں کو ٹیئر گیس گن اور دیگر ساز و سامان سے لیس کیا جائے گا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مددگار 15 کو مضبوط کرنے سے مجرمانہ واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

    مددگار 15 کو شکایت پر زیادہ سے زیادہ 15 منٹ کے اندر موقع پر پہنچنا ہوتا ہے، مچھر کالونی واقعے کے وقت بھی مددگار ون فائیو، 15 منٹ میں پہنچ گئی تھی۔

  • کراچی میں بچوں کے اغواء کی تمام وارداتیں جھوٹی نکلیں، پولیس

    کراچی میں بچوں کے اغواء کی تمام وارداتیں جھوٹی نکلیں، پولیس

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بچوں کے اغواء کی افواہیں پھیلنے لگیں، لوگ ذاتی جھگڑوں کی آڑ میں بچوں کے اغوا سے جوڑ کر دشمنیاں نکال رہے ہیں۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں اغواء کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر منظم انداز سے پھیلائی جارہی ہیں۔

    لوگ مختلف علاقوں میں لوگوں کو اغواء کار قرار دے کر انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ویڈیوز بنارہے ہیں چند روز کے دوران شہر میں رپورٹ ہونے والی اغواء کی تمام وارداتیں جھوٹی اورغلط ثابت ہوئیں۔

    پولیس کے مطابق شریف آباد میں کم عمر افغانی لڑکوں کو اغواء کار قرار دے کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، شریف آباد پولیس نے معاملے کی تحقیقات کیں تو معاملہ ہی کچھ اور نکلا۔

    تحقیقات کے دوران تشدد کرنے والے افراد نے پولیس کے سامنے تردیدی بیان بھی جاری کردیا، اس کے علاوہ موسمیات چورنگی کے قریب خواتین کو اغواء کارقرار دے کر لوگوں نے ان پر تشدد کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملہ جب مبینہ ٹاؤن تھانے پہنچا تو تفتیش میں واقعہ کچھ اور نکلا، اغواء کار قرار دی گئی خواتین کسی بچے کو لے کر نہیں جارہی تھی، واقعہ غلط فہمی کی بناپرپیش آیا۔

    اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے الفلاح کے علاقے سے لڑکی کے اغوا کی پوسٹ وائرل ہے الفلاح پولیس نے ایسے واقعے کی بھی تردید کردی۔

    اورنگی ٹاؤن میں بھی ایک لڑکی کو اغوا کار قرار دے کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے معاملے کی تحقیقات کیں تو معاملہ ذاتی جھگڑے کا نکلا۔

    بوٹ بیسن میں بھی چند خواتین کو اغواء کار قرار دیا گیا، تشدد کے بعد پولیس کےحوالے کیا گیا، بوٹ بیسن پولیس کے مطابق خواتین پرتشدد کا واقعہ آپسی جھگڑے کے دوران پیش آیا، شہری افواہوں سے گریز کریں کسی کو بھی بلاوجہ تشدد کانشانہ نہ بنائیں۔

  • کراچی : ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے والے دو ڈاکو گرفتار

    کراچی : ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے والے دو ڈاکو گرفتار

    کراچی : گزشتہ ہفتے ڈکیتی کے دوران شہری کو مزاحمت پر قتل کرنے والے دونوں ڈاکو قانون کی پکڑ میں آگئے، مقدمہ 3نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تھانہ سپرمارکیٹ کی حدود میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے2ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ4ستمبر کو ڈسٹرکٹ سینٹرل سپرمارکیٹ کی حدود میں قتل کا واقعہ پیش آیا تھا اور مقدمہ 3نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق10روز کے اندر پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر2ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں عبدالمالک اور نوید شامل ہیں، تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے، دوران تفتیش ملزمان کی جانب سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے ملزمان نے شہری کو گولی مارکر قتل کیا، ملزمان عادی مجرم ہیں اس سے قبل متعدد مرتبہ گرفتار ہوچکے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کےتیسرے ساتھی کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں اسے بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • کراچی : بدنام زمانہ ڈکیت گروہ کا کارندہ گرفتار، تفتیش میں اہم انکشافات

    کراچی : بدنام زمانہ ڈکیت گروہ کا کارندہ گرفتار، تفتیش میں اہم انکشافات

    کراچی : شارع نورجہاں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ڈکیت گروہ کا ایک کارندہ گرفتار کرلیا، ملزم سوشل میڈیا کی ویڈیوز میں بھی نمایاں نظر آرہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزم سے دستی بم ،پستول ،موبائل فون اور پرس بھی برآمد ہوا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سہیل ملزم عدنان شہزاد عرف عدنان البرٹ کا قریبی ساتھی ہے، ملزمان کے جرائم کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہیں۔

    May be an image of 6 people and text

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ویڈیوز میں گرفتار ملزم کو ساتھی کے ہمراہ وارداتوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔ میٹرک بورڈ آفس پر مذکورہ ملزمان نے سرعام ایک شہری کو لوٹا۔

    گرفتار ملزم کی شناخت سہیل مسیح ولد مورس مسیح کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کا دوسرا ساتھی عدنان شہزاد عرف عدنان البرٹ ابھی تک فرار ہے جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سہیل مسیح  کے خلاف دہشت گردی اور ڈکیتی کی وارداتوں کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم سے دوران تفتیش مزید بڑے انکشافات متوقع ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 24 گھنٹے میں 4 شہری قتل

    واضح رہے کہ کراچی میں ڈاکو بےلگام ہوگئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران چار شہری ڈاکووں کی ہاتھوں قتل کردیے، ریسکیو ذرائع کے مطابق ماہ ستمبرکے چار روز میں جاں بحق افراد کی تعداد9ہوگئی۔