Tag: Police

  • کراچی : شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ، پولیس خاموش تماشائی

    کراچی : شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ، پولیس خاموش تماشائی

    کراچی : عام طور پر شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران رات گئے تک آتش بازی اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ آس پاس کے لوگ خصوصاً بزرگ اور بیمار افراد کافی متاثر ہوتے ہیں۔

    ہوائی فائرنگ اور کان پڑی آواز میں شرلی پٹاخوں کی گھن گھرج سے شہریوں کی نیندیں حرام ہوجاتی ہیں۔ مقامی پولیس شادی بیاہ کی تقریبات میں معمول ڈھول ڈھماکے پر تو عام لوگوں پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقدمات درج کرلیتی ہے لیکن بااثر شخصیات کے سامنے بھیگی بلی بن جاتی ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں کی طرح کراچی میں بھی شادی بیاہ تقریبات میں اسلحے کا آزادانہ استعمال نہ رک سکا عظیم پورہ میں شادی کی تقریب کے موقع پرعلاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

    علاقے کا ہر شخص ہتھیار لے کر گلی میں جا پہنچا اور کافی دیر تک لگا تار ہوائی فائرنگ کی جاتی رہی، پورا علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، تقریب میں سیکڑوں گولیاں چلائی گئیں لیکن اس کی آواز پولیس تک نہ پہنچ سکی۔

    چرس کی سگریٹ منہ میں دبائے ایک شخص بندوق میں گولیاں بھرتا رہا، گلی میں بچے بوڑھے جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی، علاقے کے بچے اپنے کانوں میں انگلیاں ٹھونس کر فائرنگ کا مزہ لیتے رہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال شادی کی مختلف تقریبات میں فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوچکے ہیں، دو روز قبل کھارادر میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

    اس حوالے سے شاہ فیصل کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے دو افراد کو شناخت کرلیا گیا ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے تمام افراد کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

  • لاہور: ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات، درجنوں قتل

    لاہور: ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات، درجنوں قتل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 2 ماہ کے دوران ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات رونما ہوئے جبکہ اس دوران 63 افراد قتل ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے شہر میں رواں سال کے 2 ماہ 10 دن میں ہونے والے جرائم سے متعلق ریکارڈ جاری کردیا، شہر میں 36 ہزار 993 مقدمات درج کیے گئے۔

    پولیس ریکارڈ رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں 4 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے، ڈکیتی کی 5 ہزار کے لگ بھگ وارداتیں ہوئیں جن میں 21 گھروں میں وارداتیں کر کے کروڑوں لوٹ لیے گئے۔

    مختلف واقعات میں 63 افراد قتل ہوئے، موٹر سائیکل و وہیکل چوری کے 4 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے جبکہ دکانوں میں ہونے والی ڈکیتیوں میں ڈاکوؤں نے متعدد تاجروں کی جمع پونجی لوٹ لی۔

    پولیس کے مطابق سب سے زیادہ جرائم کینٹ ڈویژن میں ہوئے جن کی تعداد 7 ہزار 159 رہی، دوسرے نمبر پر سٹی ڈویژن میں 6 ہزار 789 جرائم ہوئے۔

    صدر ڈویژن میں 6 ہزار 458 جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 6 ہزار 206 جرائم ہوئے۔

    پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وارداتوں میں 40 کروڑ سے زائد مالیت کی نقدی، زیورات، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔

  • عادی جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    عادی جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ میں عادی جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عادی جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کے خلاف پولیس ایکشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    کراچی پولیس چیف نے ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کو گرفتار کیا جائے، ضمانت پر ملزم غائب ہوا تو بھی گرفتاری ضامن کی ہوگی۔

    ایڈیشنل آئی جی کو دی گئی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 216 کے تحت ملزم کی ضمانت کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی کارروائی شروع کی گئی تھی۔

    اس دوران ایس ایچ او ماڈل کالونی انیس ابڑو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، ایس ایچ او انیس ابڑو منشیات کا دھندہ کرتا تھا۔

  • کراچی: جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کا منصوبہ

    کراچی: جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کا منصوبہ

    کراچی: شہر قائد میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز سے نمٹنے کے لئے سندھ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے سندھ پولیس پاکستان میں پہلی بار ای ٹیگ ٹیکنالوجی استعمال کرےگی، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ای ٹیگنگ ڈیوائس کامسودہ تیار کرلیا ہے۔

    یہ ای ٹیگنگ اسٹریٹ کرائمز کرنے والے، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور فون چھیننے والے، گھروں، بینکوں اور دکانوں میں ڈکیتیاں کرنے والے افراد کی نگرانی کے لیے کی جائے گی۔

    چند روز قبل کراچی پولیس نے سندھ حکومت سے مجرموں کی ای ٹیگنگ کرنے کی سفارش کی تھی اور سات ہزار سے زائد مجرموں کی ای ٹیگنگ کا ایک پلان شیئر کیا تھا،  اے آر وائی نیوز نے اگست 2020 میں ای ٹیگ کی خبر نشر کی تھی۔

    اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ اب ملزمان کی مانیٹرنگ کے لیے ای ٹیگنگ اب ناگزیر ہوگئی ہے، وزیراعلی سندھ کا شکریہ انہوں نے ہماری ہر سفارش مان لی، تقریبا 11 ہزار سےزائد ملزمان کوڈیوائس لگائی جائے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ دنیا میں جرم دہرانے والے ملزم کو ای ٹیگنگ کیا جاتا ہے، امریکا یورپ اور خلیجی ممالک میں بھی یہ نظام مشہور ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کےکسی بڑے شہر کےمقابلے میں کراچی میں جرائم کم ہیں ۔

    قانونی مسودے میں کہا گیا تھا کہ جرم دہرانے پرکم سے کم 2 سال الیکٹرانک ڈیوائس لگائی جائے گی، قانون سازی کے بعد ضمانت صرف حلف نامہ جمع کرانےپر ہوسکےگی، حلف نامےمیں مخصوص علاقےمیں رہنےکی یقین دہانی کرائی جائےگی۔

    اس دوران جی پی ایس کے ذریعے ڈیوائس کی لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی اور ملزم کو مخصوص علاقے تک ہی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی،ای ڈیوائس سے ملزم بھی جیل کے بجائے گھر پر رہ سکے گا۔

  • کراچی : ڈاکوؤں نے مسجد کے پیش امام کو بھی نہ بخشا

    کراچی : ڈاکوؤں نے مسجد کے پیش امام کو بھی نہ بخشا

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتیں دیدہ دلیری سے جاری ہیں، اسلحے کے زور مسجد کے پیش امام کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے میگزین لائن میں اسلحے کے زور پیش امام کو لوٹ لیا گیا، واردات کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، موبائل مارکیٹ کے پیش امام کوعشاء کی نماز پڑھا کر گھر واپس آتے ہوئے راستے میں لوٹا گیا۔

    امام مسجد نے پولیس کو بتایا کہ دو ملزمان آئے جنہوں نے اسلحہ دکھا کر مجھ سے لوٹ مار کی، ملزمان 16 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

    امام مسجد کا کہنا تھا کہ میں ان کو بار بار التجا کی کہ امام مسجد ہوں، نماز پڑھاتا ہوں، میری التجا کے باوجود انہوں نے موبائل فون واپس نہیں دیا۔

  • سعودی عرب: کسی مشکل میں پولیس سے مدد کیسے حاصل کی جائے؟

    سعودی عرب: کسی مشکل میں پولیس سے مدد کیسے حاصل کی جائے؟

    ریاض: محکمہ پولیس نے شہریوں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ کسی مشکل کی صورت میں پولیس کی مدد کیسے طلب کی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ٹویٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ سعودی عرب میں پولیس سے مدد طلب کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

    محکمہ پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ پولیس کی اہم ذمہ داری امن عامہ کو برقرار رکھنا ہے جبکہ امدادی کاموں میں بھی پولیس سے تعاون لیا جاسکتا ہے۔

    پولیس کو عربی میں شرطہ کہا جاتا ہے، ہائی وے پر گشت پر معمور پولیس پارٹی کو امن الطرق کہتے ہیں جس کی ذمہ داری شہری حدود سے باہر ہائی ویز پر سفر کرنے والوں کو امداد مہیا کرنا ہے۔ ٹریفک پولیس کو عربی میں مرور کہتے ہیں۔

    سعودی عرب میں قانون سب کے لیے یکساں ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں امن و امان کی فضا برقرار ہے۔

    محکمہ پولیس نے بتایا کہ پولیس کے ہنگامی امدادی یونٹ کو دوریات کہتے ہیں، دوریات علاقے کی گشتی پولیس کے دستوں کو بھی کہا جاتا ہے جن کی ذمہ داری اپنے اپنے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔

    سعودی عرب میں ہنگامی پولیس امداد کے لیے مکہ اور ریاض ریجن کے لیے ٹول فری نمبر 911 جبکہ سعودی عرب کے دیگر ریجنز کے لیے 999 نمبر مخصوص کیا گیا ہے۔

    مکہ اور ریاض ریجن میں اگر ہنگامی بنیادوں پر پولیس امداد درکار ہو تو 911 پر کال کی جاسکتی ہے جو 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کام کرتا ہے۔

    پولیس کے مطابق امدادی نمبروں پر کال کر کے اہلکار کو مسئلہ بیان کریں جہاں سے فوری ایکشن لیتے ہوئے قریبی تھانے یا علاقے میں موجود گشتی پولیس کے یونٹس کو جائے وقوعہ پر بھیجا جاتا ہے۔

    امدادی سینٹر کے علاوہ ہائی وے پولیس کا نمبر 996 ہے جو صرف مملکت کے ہائی ویز پر پیٹرولنگ پارٹی کے لیے مخصوص ہے تاکہ شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو کسی بھی قسم کی دشواری ہو تو وہ اس نمبر پر رابطہ کر کے فوری امداد حاصل کر سکتے ہیں۔

  • نواب شاہ واقعہ: گورنر سندھ نے ‘پولیس رٹ’ پر سوالات اٹھادئیے

    نواب شاہ واقعہ: گورنر سندھ نے ‘پولیس رٹ’ پر سوالات اٹھادئیے

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نواب شاہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کیس کی جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ضلع شہید بے نظیر بھٹو کے علاقے نواب ولی محمد کچے میں دو قبائل کے تنازعے پر بھنڈ برادری کے 5 افراد سمیت ایس ایچ او کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر عمران اسماعیل نے 6 افراد کے بہیمانہ قتل پر آئی جی سندھ کو خط تحریر کیا ہے اور المناک واقعہ پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، گورنر سندھ نے دلخراش واقعے پر اب تک ہونے والی پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    عمران اسماعیل نے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کے واقعات سے ایک جانب لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل رہا ہے اور دوسری طرف علاقے میں پولیس کی رٹ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: نواب شاہ فائرنگ: لواحقین نے لاشوں کے ہمراہ دھرنا دے دیا

    یاد رہے کہ دو روز قبل نواب شاہ کے علاقے نواب ولی محمد کچے میں زمین کی ملکیت پر بھنڈ اور زرداری برادریوں کے درمیان فائرنگ میں ایس ایچ او سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    دو روز گزرنے کے باوجود تاحال مرکزی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے جس کے باعث بھنڈ برادری کے افراد نے لاشوں کے ہمراہ دھرنا دے رکھا ہے، جس کے باعث کراچی سے پنجاب جانے والی ٹریفک کو بند کردیا گیاہے۔

    مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ نامزد افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے اور ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔

    گذشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی نوابشاہ کے نواح میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد کے قتل پر شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ واقعہ سندھ میں حکومتی عملداری کے بکھرنے کی ایک اور مثال ہے، پولیس گردی سے لشکر کشی تک بربریت کی داستانیں زرداری راج کی پہچان بن چکی ہے۔

    اسدعمر نے وزیراعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ ڈاکوؤں کی خاموش سرپرستی کی بجائے حکومتی مشینری عوام کےتحفظ پر لگائیں، زرداری اور حواریوں کا سندھ میں مستقبل تاریک ہے، وتیرہ نہ بدلا تو انجام تیز ترہوسکتاہے۔

  • برطانوی پولیس نے معروف ماڈل کا موبائل ضبط کرلیا

    برطانوی پولیس نے معروف ماڈل کا موبائل ضبط کرلیا

    معروف برطانوی ماڈل کیٹی پرائس کا موبائل فون پولیس حکام کی جانب سے ضبط کرلیا گیا ہے، ماڈل نے اپنے سابق شوہر کی منگیتر کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ماڈل کیٹی پرائس نے عدالتی احکامات کے خلاف ورزی کی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل نے اپنے سابق شوہر کی منگیتر کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے ہیں جس کے لیے انہیں عدالت نے منع کیا تھا۔

    خیال رہے کہ کیٹی پرائس پہلے بھی ایسا کرچکی ہیں جس کے بعد ان کے سابق شوہر کیئر ہیلن کی منگیتر نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    عدالت نے ماڈل کو وارن کیا تھا کہ آئندہ وہ ایسی کوئی حرکت نہ کریں اور مشعل سے دور رہیں لیکن ماڈل اپنی حرکت سے باز نہ آئیں جس کے بعد پولیس نے ان کا موبائل ضبط کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ماڈل کا موبائل ضبط کرنے پر وہ بری طرح رونے لگیں، فون ان کے خلاف ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    ماڈل کی ذہنی کیفیت پر جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق انہیں ذہنی سکون کی ضرورت ہے جس کے لیے انہیں ری ہیب سینٹر جانے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔

  • ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری : سرعام رکشہ سوار خواتین کو لوٹ لیا

    ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری : سرعام رکشہ سوار خواتین کو لوٹ لیا

    کراچی : نیو کراچی تھانہ بلال کالونی کی حدود میں ڈاکوؤں نے خواتین کو نقدی اور قیمتی سامان سے محروم کردیا۔

    نیو کراچی تھانہ بلال کالونی کی حدود میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے رکشے میں سوار خواتین سے اسلحے کے زور پر موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹا اور باآسانی فرار ہوگئے۔

    واردات نیوکراچی سیکٹر 5 ای میں ہوئی، خواتین کا رکشہ جیسے ہی گھر کی دہلیز پر پہنچا تو ڈاکوؤں نے خواتین کو اسلحہ دکھا کر ان سے سامان چھین لیا۔

    دن دہاڑے کی گئی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی جس میں دکھایا گیا ہے کہ مسلح اسٹریٹ کرمنلز نے تعاقب کے بعد خواتین کو واردات کا نشانہ بنایا۔

    ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار 3ڈاکو نقدی، زیورات اور دیگر سامان چھین کر فرار ہوئے، یاد رہے کہ گزشتہ روز دوران واردات مزاحمت پر ایک شہری کو زخمی بھی کیا گیا تھا۔

  • آن لائن فراڈ سے بچنا ہے تو دبئی پولیس کے ان مشوروں پر عمل کریں

    آن لائن فراڈ سے بچنا ہے تو دبئی پولیس کے ان مشوروں پر عمل کریں

    آن لائن جعلسازی آج دنیا بھر کا بڑا مسئلہ بن گیا ہے دبئی پولیس نے عوام کو ان فراڈیوں سے بچنے کے لیے 4 مشورے دیے ہیں۔

    دنیا گلوبل ولیج بننے کے بعد اب ڈیجیٹل ہوکر آپ کے ہاتھوں میں موجود چند انچ کے موبائل میں قید ہوگئی ہے، اس دنیا میں ہر روز ہونے والی ترقی نے جہاں لوگوں کے لیے زندگی کو آسان بنایا ہے وہیں جعلسازی کے ایسے دروازے بھی کھول دیے ہیں جس کے ذریعے فراڈی نہ صرف سادہ لوح بلکہ پڑھے لکھے لوگوں کو بھی اپنے جال میں پھنسا کر انہیں لوٹ لیتے ہیں۔

    اکثر آپ کو بھی آپ کے موبائل فون پر بھی ایسی کالز یا میسیجز آتے ہوں گے جن میں آپ کو کسی ٹی وی گیم شو میں بڑے انعام یا سرکاری فلاحی پروگراموں میں امدادی رقوم ملنے کے حوالے سے خوشخبریاں ملتی ہوں گی، یا کوئی خود کو کسی بینک کا ملازم ظاہر کرکے آپ  سے ذاتی معلومات  لینا چاہتا ہوگا۔

    کئی لوگ ایسے نوسربازوں کا نشانہ بھی بن چکے ہوں گے مگر اب دبئی پولیس نے چار نکات پر مشتمل ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس پر عمل کرکے لوگ اس آن لائن جعلسازی سے بچ سکتے ہیں۔

    دبئی پولیس نے ٹوئٹر پر ایک خصوصی تھریڈ مہم کے ذریعے عوام میں سائبر کرائم کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں چار ایسے طریقے بتائے گئے ہیں جن کو اپنا کر وہ ان جعلسازوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

    سائبر سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق شہری انجان نمبروں سے آنیوالی ٹیلیفون کالز پر کسی کو بھی اپنی ذاتی معلومات فراہم نہیں کریں، کیونکہ پولیس سمیت کوئی بھی سرکاری ادارہ کسی سے اس کی ذاتی معلومات لینے کا مجاز نہیں۔

    عوام اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی کسی سے شیئر نہ کریں جبکہ بینک سے متعلق کسی بھی مشتبہ آن لائن لنکس پر کلک کرنے سے بھی بچیں۔

    سیکیورٹی حکام نے عوام الناس کو جعلسازوں کی جانب سے دی جانیوالی پرکشش آفرز کے بارے میں بھی خبردار رہنے کا انتباہ دیا ہے، کیونکہ اکثر فراڈی عوام کو انعامات کا لالچ دے کر بھی لوٹتے ہیں۔

    حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کی ذاتی معلومات چوری یا اکاؤنٹ سے رقم چوری ہوتو اس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔