Tag: Police

  • گھارو میں ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    گھارو میں ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    ٹھٹھہ: صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں 2 گروپوں میں کشیدگی کے مقدمے میں پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے گئی جس کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

    ترجمان ٹھٹھہ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    ترجمان کے مطابق شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی سخی محمد بخش اور علی نواز چنڑ شامل ہیں، فائرنگ میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران بھی گھارو پہنچ گئے ہیں، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

  • لاہور: 66 بار ٹریفک قوانین توڑنے والی گاڑی دھر لی گئی

    لاہور: 66 بار ٹریفک قوانین توڑنے والی گاڑی دھر لی گئی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 66 بار ٹریفک قوانین توڑنے والی گاڑی کو ضبط کر کے تھانہ سول لائنز لے جایا گیا، گاڑی کے مالک پر 32 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سٹی ٹریفک پولیس نے 66 بار ٹریفک قوانین توڑنے والی گاڑی کو دھر لیا۔

    چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور نے 57 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی، 7 مرتبہ اوور اسپیڈنگ اور 2 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کی۔

    سی ٹی او کے مطابق ڈرائیور کو 32 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

    مذکورہ شخص کی گاڑی کو ضبط کر کے تھانہ سول لائنز لے جایا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کے واجبات جمع کروانے پر گاڑی اس کے حوالے کردی جائے گی۔

  • مینار پاکستان واقعہ: لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس کے چھاپے

    مینار پاکستان واقعہ: لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس کے چھاپے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مینار پاکستان پر ہجوم کی جانب سے خاتون پر جنسی حملے کے واقعے کے بعد پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، اب تک متعدد افراد کو گرفتار اور متعدد سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے روز مینار پاکستان پر ہجوم کی جانب سے خاتون پر جنسی حملے کے دہشت ناک واقعے کے بعد رات گئے پولیس نے راوی روڈ، بادامی باغ، لاری اڈا اور شفیق آباد کے علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔

    لاہور پولیس نے 15 افراد کو حراست میں لے کر تھانہ لاری اڈا منتقل کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے زیر حراست افراد کے موبائل نمبرز کی 14 اگست کو لوکیشن ٹریس کی جائے گی اور زیر حراست افراد کو ویڈیوز میں نظر آنے والے ملزمان سے میچ کیا جائے گا۔

    بعد ازاں پولیس نے مزید 20 کے قریب مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی، تاہم پوچھ گچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد کی ویڈیو سے شناخت کرنے کی کوشش کی گئی۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے متاثرہ لڑکی سے ملاقات کی۔ ساجد کیانی نے متاثرہ لڑکی کو فوری انصاف کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

    یاد رہے کہ 14 اگست کے روز مینار پاکستان پر موجود خاتون کو وہاں موجود 400 افراد کی جانب سے تشدد، جنسی حملے اور لوٹ مار کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ وزیر اعظم نے آئی جی پنجاب سے رابطہ کر کے ہدایت دی ہے کہ خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

  • سندھ پولیس ہیڈ کوارٹر میں ویکسی نیشن نہ کروانے والے اہلکاروں کا داخلہ بند

    سندھ پولیس ہیڈ کوارٹر میں ویکسی نیشن نہ کروانے والے اہلکاروں کا داخلہ بند

    کراچی: سندھ پولیس ہیڈ کوارٹر میں کرونا ویکسی نیشن کے بغیر پولیس ملازمین اور مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر سندھ پولیس ہیڈ کوارٹر میں بغیر ویکسی نیشن داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پابندی کا اطلاق مہمانوں سمیت تمام پولیس ملازمین پر ہوگا، کرونا وائرس کیسز میں مسلسل اضافے کے باعث داخلے پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل پولیس آفس میں دفاتر میں ضروری ملازمین کو ہی بلایا جائے، دفاتر میں حاضری 50 فیصد تک رکھی جائے۔

    سی پی او میں قائم دفاتر کے سربراہان کو حکم پر عملدر آمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔

  • سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے، افغانستان سے تربیت یافتہ دہشت گردوں نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو آگ لگائی جبکہ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ گرفتار ملزمان میں سیف اللہ عرف محسن عرف صدام اور حضرت بلال عرف بلال شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے سنہ 2013 میں ٹی ٹی پی سجناں گروپ میں شمولیت اختیار کی، دونوں دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہیں، ملزمان سے شارٹ مشین گن، دستی بم، ایمونیشن اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے منگھو پیر سے بھتہ لے کر کمانڈر فخرالدین عرف ملنگ کے حوالے کرنے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار دہشت گرد سیف اللہ نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو بھی آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے، واردات کے بعد سیف اللہ شوال کے علاقے میں چلا گیا تھا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے، گرفتارملزمان بھتہ خوری سمیت ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

  • ماڈل نایاب کیس :  قتل کو زیادتی کا رنگ دینے کی کوشش کا انکشاف

    ماڈل نایاب کیس : قتل کو زیادتی کا رنگ دینے کی کوشش کا انکشاف

    لاہور : ماڈل نایاب سے زیادتی ثابت نہ ہوسکی ، پولیس نے انکشاف کیا کہ قاتل نے لاش بے لباس کرکےقتل کو زیادتی کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم تفتیش آگے بڑھائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل نایاب قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ نایاب سےزیادتی ثابت نہیں ہوئی، قاتل نے لاش بےلباس کرکےقتل کو زیادتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ماڈل کے زیر استعمال گاڑی تحویل میں لے لی گئی ہے اور مقتولہ کے موبائل ڈیٹا سے تفتیش آگے بڑھائی جارہی ہے۔

    پولیس نے مقتولہ کےگھر کے ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمرے کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے، فوٹیج میں مشکوک شخص کو مقتولہ کے گھر کے ارد گرد گھومتے دیکھا گیا ہے۔

    اس سے قبل ماڈل نایاب کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی تھی ، ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نایاب کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ، مقتولہ کی گردن پرزخم کےنشان بھی پائے گئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ نایاب کےموبائل فون سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، ڈکیتی مزاحمت سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

    گذشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور کے پوش علاقے میں خاتون کو گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا تھا ، پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ ڈیفنس فیز فائیو میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔

  • کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سونے کی ڈکیتی کرنے والے 2 مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جمالی گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے کارروائی کی، کارروائی میں 2 مطلوب ملزم گرفتار کرلیے گئے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان نے کھوکھرا پار میں سنار کی دکان میں واردات کا اعتراف کیا ہے، ملزمان 49 تولہ سونا اور 10 لاکھ 70 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • کراچی : باہمت شہری نے ڈاکو پکڑوا دیئے، ایک ملزم زخمی

    کراچی : باہمت شہری نے ڈاکو پکڑوا دیئے، ایک ملزم زخمی

    کراچی : ملیر میں بہادر شہری نے مزاحمت کرکے ڈاکوؤں کو پکڑوا دیا، دن دہاڑے ہونے والی واردات کے موقع پر وہاں موجود کوئی شخص مدد کو نہیں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر کینٹ روڈ پر ایک  کار سوار  وکیل سے 2ملزمان نے لوٹ مار کرنے کی کوشش کی، اس دوران شہری نے 5منٹ تک مزاحمت کے بعد مسلح ملزمان کو پکڑ لیا۔

    گن پوائنٹ پر وکیل کو یرغمال بنائے ملزم کو وہاں موجود ایک نوجوان نے دبوچ لیا، فائرنگ کے بعد ڈاکو اپنے ہی ساتھی کو چھوڑ کر فرار ہوگیا مگر بہادر شہری نے ڈاکو کے ساتھی کو نہ چھوڑا آخر تک لڑتا رہا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم اور نوجوان کو گتھم گتھا ہوکر سڑک پر جاتے دیکھا جا سکتا ہے، وہاں موجود ملزم کے دوسرے موٹر سائیکل سوار ساتھی نے اسلحہ نکال کر گولی چلا دی۔

    چالاک شہری نے فلمی انداز میں ڈاکو کے ساتھی کو ہی گولی کے آگے کردیا، اپنے ہی ساتھی کو گولی لگتا دیکھ کر ملزم موٹرسائیکل سمیت فرار ہوگیا۔

    زخمی ڈاکو نوجوان سے بیچ سڑک پر لڑتا رہا، پھر خود کو چھڑا کر فرار ہوگیا،۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر  عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں سے مڈبھیڑ دوران بیچ روڈ پر کوئی بھی شخص اس شہری کی مدد کیلئے آگے نہیں آیا ملزم کے ساتھی نے فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کرنے کی کوشش کی لیکن گولی اسی کے ساتھی کو جالگی۔

    پولیس کے مطابق بعد ازاں زخمی ملزم نے ملیر معین آباد میں پہنچ کر ڈکیتی مزاحمت میں زخمی ہونے کا بہانہ کیا، زخمی ملزم جناح اسپتال علاج کیلئے پہنچا لیکن تھوڑی دیر بعد ہی پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

    ایس ایس پی ملیر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مذکورہ ملزم کے ساتھی کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں اور بہت جلد دیگر ملزمان بھی پکڑے جائیں گے۔

  • لکی مروت میں پولیس کارروائی: خواتین اور بچوں کا قاتل ہلاک

    لکی مروت میں پولیس کارروائی: خواتین اور بچوں کا قاتل ہلاک

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں خواتین اور بچوں کا قاتل ہلاک جبکہ ایک سب انسپکٹر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے علاقے جابو خیل میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں نوید نامی ملزم ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزم گزشتہ روز 2 خواتین اور ایک بچے کے قتل میں ملوث تھا، ملزم نے دیرینہ دشمنی پر دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کی تھی۔ مقابلے میں سب انسپکٹر دمساز خان بھی زخمی ہوئے۔

    ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مارے گئے ملزم سے کلاشنکوف اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں، ہلاک ملزم نوید، بدنام زمانہ ماخو گروپ کا اہم کارندہ تھا۔

  • بھارتی پولیس کی مسلمان دشمنی، مسلمان ملزم نہ ملنے پر حاملہ اہلیہ کو گرفتار کرلیا

    بھارتی پولیس کی مسلمان دشمنی، مسلمان ملزم نہ ملنے پر حاملہ اہلیہ کو گرفتار کرلیا

    نئی دہلی: بھارت میں پولیس نے اخلاقیات کی حدیں پار کردیں، ایک مقدمے میں نامزد مسلمان ملزم جب ہاتھ نہیں آیا تو اس کی حاملہ بیوی کو گرفتار کر کے جیل لے جایا گیا جہاں وہ اگلے دو روز تک بند رہی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر رامپور میں پیش آیا، نامزد ملزم کے بھائی دین محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے بھائی کو کسی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

    دین محمد کے مطابق گزشتہ روز پولیس جب اس کے بھائی کو گرفتار کرنے اس کے گھر پہنچی تو وہ موجود نہیں تھا جس کے بعد رامپور پولیس اس کی 7 ماہ کی حاملہ بھابھی آسیہ کو حراست میں لے کر تھانے پہنچ گئی۔

    معاملے کی خبریں میڈیا پر آئیں تو مقامی سیاسی رہنماؤں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا، عام آدمی پارٹی کے صوبائی نائب صدر فیصل خاں لالہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے اس قسم کا رویہ قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ رامپور پولیس بتائے کہ وہ کس قانون کی بنیاد پر ملزم نہ ملنے پر اس کی اہلیہ کو گرفتار کر سکتی ہے۔

    انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ 7 ماہ کی حاملہ ہے اور پولیس اس کو گزشتہ شب سے اپنی حراست میں رکھے ہوئے ہے، وہ اس معاملے کو لے کر اعلیٰ افسران کے پاس جا رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق رامپور میں پولیس کی جانب سے مسلمان خاتون کی اس قسم کی گرفتاری کا ایک ہفتے کے اندر یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    کچھ دن قبل رامپور کے علاقے ڈونگر پور میں بھی پولیس جب ملزم کو پکڑنے میں ناکام رہی تو پولیس ٹیم ملزم کی اہلیہ اور اس کی 3 ماہ کی معصوم بیٹی کو اپنے ساتھ تھانے لے آئی اور دونوں کو رات بھر تھانے میں رکھا۔