Tag: Policeman arrested

  • ڈاکو پولیس اہلکار گرفتار، رشوت خور تفتیشی افسر نوکری سے برطرف

    ڈاکو پولیس اہلکار گرفتار، رشوت خور تفتیشی افسر نوکری سے برطرف

    کراچی : ڈکیتی اور رہزنی میں ملوث پولیس اہلکار پکڑا گیا ، فیروز آباد تھانے کے رشوت خور تفتیشی افسر کو ویڈیو منظر عام آنے پر نوکری سے برطرف کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی (اے وی ایل سی) کی ٹیم نے اسٹیل ٹاؤن میں کارروائی کرکے ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کیا ہے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی اے وی ایل سی نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار اہلکار درجنوں موٹرسائیکلوں کی چوری میں ملوث ہے، ملزم ڈسٹرکٹ ٹھٹھہ میں تعینات تھا، گرفتار پولیس اہلکار کے قبضے سے چوری کی موٹر سائیکل اور ایک گاڑی بھی ملی ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے فیروز آباد تھانے کے تفتیشی افسر کی رشوت لینے کی وڈیو منظر عام پر آگئی، مذکورہ پولیس افسر نے شہری کو جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکیاں دے کر رشوت لی۔

    متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ انسپکٹر غلام شبیر نے ایس ایس پی کے نام پر ڈرا کر مجھ سے لاکھوں روپے بٹور لیے، بعد ازاں ویڈیو منظر عام پر آنے پر پولیس اہلکار نوکری سے برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری بڑھتی جارہی ہے، شہر کی مرکزی شاہراہوں پر کھلے عام وارداتیں معمول بن گئیں،
    سائٹ ایریا میں ڈکیتی کی واردات کی ویڈیو اےآر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے، ویڈیو میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح دیکھے جاسکتے ہیں۔

    ڈاکوؤں نے کورونا ایس او پیز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فیس ماسک کا استعمال بھی کیا، ڈاکوؤں نے شہری کو تشدد کو نشانہ بنایا اور موبائل فون اور رقم سے محروم کرکے باآسانی فرار ہوگئے۔

  • کراچی : نوجوان پر تشدد کرنے والا پولیس اہلکار گرفتار، ناجائز اسلحہ سمیت دو مقدمات درج

    کراچی : نوجوان پر تشدد کرنے والا پولیس اہلکار گرفتار، ناجائز اسلحہ سمیت دو مقدمات درج

    کراچی : نوجوان پر تشدد اور فائرنگ کے الزام میں پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے اس کیخلاف دو مقدمات درج کرلیے گئے، تشدد کرنے والا پولیس اہلکار سیکیورٹی زون ٹو میں تعینات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اہلکار کا نوجوان پر تشدد اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، تشدد اور فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات پنجاب کالونی میں پیش آیا۔

    پولیس اہلکار فہد نے جنید نامی نوجوان پر تشدد کیا اور پھر فائرنگ کی، اہلکار نے جس ہتھیار سے نوجوان پرفائرنگ کی وہ غیرقانونی تھا، تشدد اور فائرنگ کے واقعے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    فوٹیج میں اہلکار کو نوجوان پرتشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار کو واقعے کے بعد حراست میں لے لیا گیا۔

    تشدد کرنے والا پولیس اہلکار سیکیورٹی زون ٹو میں تعینات ہے، گرفتار اہلکار فہد کے خلاف دو مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں مبینہ پولیس تشدد سے شہری جاں بحق

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ کے علاقے باوانی چالی میں پولیس کے مبینہ تشدد سے شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق مرنے والا شخص منشیات فروش تھا اور اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جس کی ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے۔

    ایس ایس پی ویسٹ نے کہا کہ مرنے والے فضل کریم کے خلاف سائٹ اے اور مومن آباد سمیت دیگر تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں جو منشیات فروش ہے اور دل کا دورہ پرنے سے جاں بحق ہوا۔