Tag: polio team

  • مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

    مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

    مستونگ میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نیتجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو اہلکار شہید ہوگئے، شہید اہلکار انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعہ مستونگ کے علاقے تیری میں پیش آیا، جہاں پولیس اہلکار انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے کہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہدا میں نیک محمد اور مقصود احمد شامل ہیں، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    پاکستان اور افغانستان کا بیک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر اس دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیراعظم نے حملے میں سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ایسے واقعات پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم میں کوئی کمی نہیں لاسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام مایوس نہ ہوں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مستقبل محفوظ بنائیں، انسداد پولیو مہم ہر صورت میں مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی۔

  • پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسلح حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیر خارجہ نے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی اظہارِ افسوس کیا ہے۔

    انہوں نے حکم دیا ہے کہ حملے میں ملوث درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور انسداد پولیو مہم کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 2 کانسٹیبل پیر رحمٰن اور نثار احمد موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ایک پولیو ورکر زخمی ہوگیا۔

    حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ٹانک اور گرد و نواح کی قبائلی بستیوں میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اب تک متعدد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • پشاورمیں انسداد پولیو ٹیم کے انچارج کے قاتل گرفتارکیے جائیں، بلاول بھٹو

    پشاورمیں انسداد پولیو ٹیم کے انچارج کے قاتل گرفتارکیے جائیں، بلاول بھٹو

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم کے انچارج ڈاکٹر ذکاء اللہ کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.

    بلاول بھٹو نے خیبرپختونخواہ  حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر ذکاء اللہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے، پیپلزسیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پولیو مہم کے ایک سینئر رکن کا قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد انسداد پولیو ٹیم اراکین کو ٹارگٹ کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت کو چاہئیے کہ پولیو ٹیم کے ڈاکٹرز اور ورکرز کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان کے 10 اضلاع کی 137 یوسیز میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    بلاول بھٹو زرداری نے شہید ڈاکٹر ذکاء اللہ کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبروجمیل عطا فرمائے۔