Tag: Political and economic situation

  • مہنگائی اور ملکی حالات کا اصل ذمہ دار کون؟ تاجروں نے بتا دیا

    مہنگائی اور ملکی حالات کا اصل ذمہ دار کون؟ تاجروں نے بتا دیا

    وطن عزیز اس وقت بدترین سیاسی و معاشی صورتحال کے حوالے سے مشکل دور سے گزر رہا ہے، ایک طرف معاشی مسائل نے بری طرح ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے تو دوسری جانب سیاسی عدم استحکام کے باعث عوام کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

    ملک بھر میں ہونے والی ہوشربا مہنگائی کی وجہ سے عوام میں شدید بےچینی اور اضطراب پایا جاتا ہے، نہ صرف غریب بلکہ متوسط طبقہ بھی اس صورتحال سے بہت پریشان ہے ماہرین معاشیات اس سیاسی اور معاشی صورتحال کو بحران کی بڑی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کے میزبان اقرار الحسن نے لاہور کے مختلف علاقوں میں تاجر برادری سے ان کا مؤقف جاننے کی کوشش کی اس موقع پر تاجروں نے ملک کے سیاسی ومعاشی حالات سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے تاجروں نے موجودہ سیاسی اور اقتصادی حالات کا قصور وار سیاسی جماعتوں اور پچھلی حکومتوں کو ٹھہراتے ہوئے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

    ایک تاجر کا کہنا تھا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلیے چین کے طرز پر کام کرنا پڑے گا، ہماری دعا ہے کہ اگلے الیکشن کے نتائج جیسے بھی ہوں لیکن جو بھی آئے اس ملک اور قوم کیلیے اچھا ہو۔

    ایک اور تاجر نے گزشتہ پی ٹی آئی دور حکومت کو حالات کا قصور وار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ جس روز ن لیگ کو حکومت ملی سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔

    جس کے جواب میں ایک تاجر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تین سال میں جو کچھ ہوا اس کو ایک طرف رکھیں لیکن جو گزشتہ 16 ماہ میں ہوا اس کی مثال 30 سال میں نہیں ملتی۔ پی ٹی آئی کی حکومت گرتے ہی مہنگائی کے نئے طوفان نے جنم لیا۔

    انارکلی بازار کے ایک مقامی تاجر نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں کوئی ایسا سیاستدان نہیں جس پر اعتبار کیا جائے کیونکہ یہ سب لوگ انفرادی طور پر تو ترقیاں کرلیتے ہیں لیکن مجموعی طور قوم جہاں تھی آج بھی وہیں کھڑی ہے۔

    شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے حوالے سے سوال کا جواب ایک تاجر نے شعر سنا کر دیا کہ

    حق بات کو زمانے سے چھپا رکھا ہے
    عجب تماشا سرعام لگا رکھا ہے

    انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے محب وطن پاکستانی بننا ہوگا، یہان ہر چیز کو بدلنا ہوگا تب جاکر صحیح معنوں میں جمہوریت پروان چڑھے گی۔

  • ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تاجر رہنما بھی بول پڑے

    ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تاجر رہنما بھی بول پڑے

    کراچی : ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر کراچی چیمبر کے اراکین نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کسی طور بھی قابل اطمینان نہیں۔

    اس حوالے سے صدر کراچی چیمبر طارق یوسف کا کہنا ہے کہ سیاسی عدم استحکام نے پاکستان کی معاشی بقا کو بھی داؤ پر لگادیا ہے، انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کی خاطر انا پرستی کے بغیر مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر کراچی چیمبر نے سیاسی عدم استحکام پر مکمل عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بیمار معیشت اور مسلسل کم ہوتی برآمدات سے مزید خوفناک اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

    طارق یوسف نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں سمیت سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے، سیاسی کشیدگی کو کم کیا جائے، بےشمار چیزیں پاکستان اور اس کی تجارت کو خطرے میں ڈال رہی ہیں، کئی برآمد کنندگان معیشت کی بدترین حالت پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔

    سابق صدر کاٹی، سلیم الزمان

    اس کے علاوہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کاٹی کے سابق صدر سلیم الزمان معاشی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال10 ماہ کے معاشی اعداد وشمار بہت خراب آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک سال سے معاشی مشکلات کی باتیں کررہے ہیں ،جو اب سچ ثابت ہوگئیں، ملکی برآمدات مسلسل گھٹ رہی ہے جس سےڈالر کی آمد بھی کم ہوگئی ہے، ڈالر کی قلت کو جواز بناکر درآمدی ریکوری کی گئی۔

    سلیم الزمان نے بتایا کہ درآمدی خام مال نہ ملنے سے صنعتی پیداوار شدید متاثر ہوئی ہیں، جس سے ایف بی آر کی ٹیکس وصولی میں نمایاں کمی واقع ہوئی، اس کے علاوہ منی بجٹ نے بھی مزید مشکلات کھڑی کردی ہیں۔