Tag: Political party

  • سیاسی جماعت کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے پر عوام کا رد عمل

    سیاسی جماعت کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے پر عوام کا رد عمل

    مخصوص سیاسی جماعت کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے پرعوام کا شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مخصوص سیاسی جماعت کی جانب سے پاکستان کے خلاف آئی ایم ایف کو خط لکھنے پر عوام نے کہا کہ پاکستان کے لیے انہوں نے بہت بڑا مسئلہ کھڑا کیا جو کہ پاکستان کے لیے ایک بہت بڑی سازش ہے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ یہ سازش ملک کے معاشی اور سماجی کلچر کے لیے بہت نقصان دہ ہے، اس خط کے پیچھے مخصوص سیاسی جماعت کا کیا مقصد ہے یہ وہی جانتے ہیں، کل ان کا کیا بھروسہ کہ کسی بھی ملک دشمن کو خط لکھ دیں کہ پاکستان پرحملہ کر دو۔

    عوام نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں بھی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو خراب کر کے ملک کو معاشی بحران میں دھکیل دیا تھا، آج اچانک سے ان کو آئی ایم ایف بھی اچھا لگنے لگ گیا ہے کیونکہ ان کو صرف اقتدار چاہیے۔

    عوام نے کہا کہ یہ یہودی ایجنٹ ہیں اور ملک دشمن لابی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، مخصوص سیاسی جماعت کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا جو ملکی مفاد کے خلاف ہو، مخصوص سیاسی جماعت نے جو آئی ایم ایف کو خط لکھا ہے وہ قوم اور ملک کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔

    عوام نے کہا کہ اس خط لکھنے کا سارا ملبہ غریب عوام پر گرے گا اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، مخصوص سیاسی جماعت کو ملکی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، ملک کو قرضے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔

  • شاھد آفریدی کو اپنی سیاسی جماعت بنانی چاہیے، راشد لطیف

    شاھد آفریدی کو اپنی سیاسی جماعت بنانی چاہیے، راشد لطیف

    کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سابق ٹی ٹونٹی کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ شاھد آفریدی کو اپنی سیاسی جماعت بنانی چاہیے، یونس خان والے تنازعے کے پیچھے جو لوگ تھے وہ آج پی ایس ایل میں تین ٹیموں کے فرنچائز چلا رہے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں میزبان وسیم بادامی کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہی، اس موقع پر سابق کپتان یونس خان بھی موجود تھے۔

    پروگرام کے یارکر راونڈ میں ایک سوال کے جواب میں کہ اکثر سلیکشن کے فیصلے میڈیا کے دباو پر ہی ہوجاتے ہیں جس پر راشد لطیف کا جواب ہاں میں تھا اور اس کی تائید یونس خان نے بھی کی۔

    ایک اور سوال کہ اعظم خان سلیکشن خالصتاً میرٹ کی بنیاد ہر ہوا ہے جس کے جواب میں راشد خان نے ناں میں جواب دیا جبکہ یونس خان نے مسکراتے ہوئے ہاں کہا۔

    ایک سوال کے جواب میں راشد لطیف نے کہا کہ شاھد آفریدی کو اپنی سیاسی جماعت بنانی چاہیے مجھے لگتا ہے کہ یہ کے پی کے سے کلین سوئپ کریں گے۔

  • ڈاکٹر امجد نے آل پاکستان مسلم لیگ کی چیئرمین شپ چھوڑ دی

    ڈاکٹر امجد نے آل پاکستان مسلم لیگ کی چیئرمین شپ چھوڑ دی

    کراچی: آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ ڈاکٹر امجد نے پارٹی چیئرمین شپ سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر امجد نے اپنا استعفیٰ کورکمیٹی کو پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا اور اے پی ایم ایل کے تنظیمی معاملات چلانے کے لیے ہدایت علی خیشگی کو عبوری چیئرمین مقرر کردیا گیا۔

    اے پی ایم ایل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر امجد مستعفیٰ ہونے کے بعد پارٹی سے علیحدہ نہیں ہوں گے بلکہ وہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے قانونی امور کی نگرانی کریں گے۔

    واضح رہے کہ اے پی ایم ایل کے سربراہ پرویز مشرف نے گزشتہ دو ماہ قبل (22 جون) کو پارٹی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، یہ اقدام انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے پر کیا تھا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکسستان نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے پرویز مشرف کا نام پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کے لیے پرویزمشرف کی نااہلی پارٹی رجسٹریشن کی راہ میں رکاوٹ تھی، عدالتی فیصلہ الیکشن وقت سے بہت قریب آیا تو سابق صدر کو سربراہی سے مجبوراً مستعفیٰ ہونا پڑا تھا۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے غداری کیس میں عدم حاضری پر پرویز مشرف کو مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سابق صدر عدالت میں پیش ہوجائیں تو انہیں عدالت تحفظ دے گی اور گرفتار نہیں کیا جائے گا ساتھ ہی الیکشن کمیشن میں اُن کی نامزدگی کے کاغذات وصول کر لیے جائیں گے۔

    جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’مشرف کمانڈو ہیں تو پاکستان آکر دکھائیں اور سیاستدانوں کی طرح میں آرہا ہوں کی گردان مت کریں، مشرف نہ آئے تو کاغذات کی جانچ پڑتال نہیں ہونے دیں گے‘۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے 14 جون کو عدم حاضری پر پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس لیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

    واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ پرویز مشرف کو تاحیات نا اہل قرار دے چکی ہے اور اے پی ایم ایل کی رجسٹریشن کا کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت تھا۔

    خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں انتخابی اصلاحات کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ2017 کی شق203 میں ترمیم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے فیصلہ جاری کیا تھا کہ نااہل شخص پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا ۔

  • سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلر گرفتار، متعدد قتل کا اعتراف

    سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلر گرفتار، متعدد قتل کا اعتراف

    کراچی: ٹیپو سلطان ولیس نے کارروائی کرکے سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا ،ملزم 18 وارداتوں میں ملوث ہے،ملزم نے اہم انکشافات کیے ہیں،مبینہ ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ کرائمز کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    جرائم کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والوں کی کارروائیاں جاری ہیں، ٹیپو سلطان پولیس ٹارگٹ کلر حامد غوری کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ٹارگٹ کلر کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے ہے،گرفتار ملزم 18 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    گرفتار ملزم نیو کراچی میں سیاسی پارٹی کا سیکٹر انچارج تھا اور علاقے میں قتل،بھتہ خوری ،جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین جرائم اسی کے حکم پر ہوتے تھے۔

    اطلاعات کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلرحامد عرف غوری نے دوران تفتیش کئی انکشافات کردیے۔

    ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد کے مطابق گرفتار ملزم نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں 2008ء میں لیاقت کو قتل کیا،2011 میں مسلم ولد سلیم حسین کو گودھرا کیمپ کے قریب قتل کیا اور 2013 میں سیاسی جماعت کے کارکن اسلم کو اقصیٰ مسجد سیکٹر ایف الیون میں قتل کیا  جبکہ کامران عرف کامی کو منگھوپیر روڈ پر قتل کیا۔

     ایس پی گلشن کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر نے 2011 میں مذہبی جماعت کے کارکن شعیب کو نیو کراچی نالہ اسٹاپ پر قتل کیا،مذہبی جماعت کے کارکن شاہ فیصل کو بلال مسجد نیو کراچی میں قتل کیا۔

    ملزم نے رکشے میں سوار دو افراد کو 2011 میں قتل کیا جن کا تعلق مذہبی جماعت سے تھا اور سیاسی جماعت کے کارکن منا کو ہوٹل پر قتل کیا، ایس پی گلشن کے مطابق ملزم کو ٹیپو سلطان پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا۔

    دریں اثنا مبینہ ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ کرائمز کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ملزمان کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول، 11 موبائل فونز اور چھینی ہوئی تین موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔