Tag: politics

  • ایک اور اداکارہ سیاست میں قدم رکھنے کو تیار

    ایک اور اداکارہ سیاست میں قدم رکھنے کو تیار

    ممبئی : بھارت کی معروف اداکارہ سوارا بھاسکر کی سیاست میں انٹری کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق وہ 2024 کے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں ایس پی امیدوار کے طور پر چناؤ لڑ سکتی ہیں۔

    سوارا بھاسکر جو بھارتی فلم ’تنو ویڈس منو‘ اور ’پریم رتن دھن پایو‘ میں اپنے کرداروں کے لیے مشہور ہیں، سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ٹکٹ پر ممبرا کلوا حلقہ سے آئندہ اسمبلی انتخابات لڑ سکتی ہیں۔

    اس حوالے سے سوارا کے شوہر اور ایس پی رہنما فہد احمد نے کہا کہ میں اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جو بھی حکم دیں گے میں اس پر عمل کروں گا، میں اس حلقے سے الیکشن لڑوں گا جہاں سے میری پارٹی کے ریاستی صدر نے مجھے الیکشن لڑنے کے لیے کہا ہے، میں اس کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میری بیوی سوارا فی الحال سیاست میں نہیں ہے، اس لیے میں ابھی اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

  • جہانگیر ترین گروپ ملکی سیاست میں دوبارہ متحرک

    جہانگیر ترین گروپ ملکی سیاست میں دوبارہ متحرک

    لاہور: جہانگیر ترین گروپ ملکی سیاست میں دوبارہ متحرک ہو گیا ہے، گروپ نے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے لیے سر جوڑ لیے۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین کی سربراہی میں ان کے گروپ نے آج پیر کو ایک اعلیٰ سطح کی مشاورتی اجلاس طلب کیا، جس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض، عون چوہدری، نعمان لنگڑیال، اسحاق خاکوانی، اجمل چیمہ، پی ٹی آئی ترین گروپ کے سابق ارکا ن پنجاب و قومی اسمبلی نے شرکت کی، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے نئے چہرے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

    جہانگیر ترین کی جانب سے گروپ کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا، اجلاس میں ترین گروپ نے ملکی سیاست میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا، کچھ ارکان نے’’پی ٹی آئی نظریاتی‘‘ کے نام سے سیاسی شناخت بنانے کی تجویز دے دی۔

    ترین گروپ نے پی ٹی آئی کے مزید سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سے رابطوں کا بھی فیصلہ کیا، اجلاس میں اس نکتے پر اتفاق رائے کیا گیا کہ ملکی سیاست میں ترین گروپ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

    شرکا کی رائے تھی کہ عمران خان کی پالیسیوں نے پارٹی کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں پارٹی رہنما عمران خان کی سیاست سے علیحدگی اختیار کرنا چاہتے ہیں۔

    ترین گروپ نے اندرونی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ ملکی سیاست پر نظر رکھتے ہوئے مزید اجلاس بھی کرے گا۔

  • کیا جے ڈی سی کے ظفراقبال سیاست میں آئیں گے؟

    کیا جے ڈی سی کے ظفراقبال سیاست میں آئیں گے؟

    کراچی : شہر قائد کی معروف شخصیت اور سماجی تنظیم جے ڈی سی کے روح رواں ظفراقبال کا کہنا ہے کہ میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "ہمارے مہمان” میں میزبان فضا شعیب سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    ظفراقبال نے کہا کہ مجھے پہلے بھی کئی بار مختلف جماعتوں کی جانب سے ایم این اے یا ایم پی اے کی پیشکش ہوچکی ہے لیکن میں اپنے سماجی کاموں میں بے حد مصروف ہوں۔

    انہوں نے بتایا کہ میں بھی تو صرف سماجی کام کررہا ہوں تو مجھے دھمکی آمیز کالیں آتی ہیں کہ تمہاری وجہ سے لوگ مر رہے ہیں ہم کسی بھی مافیا کیخلاف بولیں تو ایک نیا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ظفر اقبال نے بتایا کہ ہم فوڈ پاپا کے نام سے ایک نئی ایپلی کیشن متعارف کرارہے ہیں کیونکہ غیر ملکی کمپنیاں ہمارے لوگوں سے بہت ذیادتی کر رہی ہیں، مثال کے طور پر اگر کوئی اپنی ڈش بناتا ہے تو اس کا چالیس فیصد منافع خود رکھتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ہم 40سے 45ہزار لوگوں کو روزگار دیں گے، ہمارے ساتھ کراچی کے نوجوان جڑے ہوئے ہیں جو ہم سے رابطے میں ہیں۔

  • پاکستان کے لیے 2021: سال کی اہم سیاسی پیش رفت

    پاکستان کے لیے 2021: سال کی اہم سیاسی پیش رفت

    سال 2021 پاکستان کی سیاست اور اس کے جمہوری نظام کے لیے ایک انتہائی باعث تفریق سال رہا، ملک نے مختلف واقعات و حالات کا تجربہ کیا، مجموعی طور پر قوم پر جن کے مثبت یا منفی اثرات مرتب ہوئے۔

    جمہوریت سیاست میں مختلف آرا، مختلف نظریات اور نقطہ نظر کا احترام کرتی ہے، مخالف رائے کو برداشت کرنا جمہوری سیاست کا ایک موروثی حصہ ہے، حکومت اور اپوزیشن دونوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ملک کے بہترین مفاد میں کام کرنے کے لیے ایک مشترکہ پچ پر رہ کر جمہوری نظام کو فعال بنائیں گے۔

    تاہم رواں برس اس سلسلے میں ناقص رہا کیوں کہ عوامی مفاد کے مسائل پر پوائنٹ اسکورنگ سال بھر ایک عام رجحان رہا، عوام کی فلاح و بہبود اور سنجیدہ مسائل جن کے لیے واضح سوچ کے ساتھ پالیسی فیصلوں کی ضرورت ہوتی ہے، و ترجیح نہیں دی گئی، جب کہ مخالف فریق کو نشانہ بنانے کے لیے نان ایشوز قومی عوامی مباحث کا مرکزی نکتہ بنا رہا۔

    ذیل میں اس سال کے دوران ہونے والی مختلف سیاسی پیش رفتوں کی نشان دہی کرنے والی کچھ جھلکیاں دی جا رہی ہیں۔Zakiur Rehman Lakhvi 2021 Pakistan

    ذکی الرحمان لکھوی کی گرفتاری و سزا

    اس سال جنوری میں ایک عدالت نے لشکر طیبہ کے ایک سینئر رہنما ذکی الرحمان لکھوی کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے لکھوی کو لشکر طیبہ کے دہشت گرد حملوں کے لیے رقم جمع کرنے اور تقسیم کرنے کا قصوروار پایا۔Court acquits TLP workers, rioting case, ATC 2021 Pakistan

    تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج

    تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے جنوری میں خبردار کیا تھا کہ اگر حکومت نے فرانسیسی سفیر کو 17 فروری تک ملک بدر کرنے کا اپنا وعدہ پورا نہ کیا تو وہ سڑکوں پر آ جائیں گے۔ اس کے بعد حکومت نے فروری میں ایک نئے معاہدے پر دستخط کیے اور اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لے جانے پر اتفاق کیا، اپریل میں ٹی ایل پی نے اپنے نومبر کے معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

    ٹی ایل پی کے رہنما سعد رضوی کی لاہور میں گرفتاری کے بعد کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے، مظاہرین نے 16 پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنا لیا، وفاقی حکومت نے انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت ٹی ایل پی پر پابندی لگا دی۔

    ٹی ایل پی اس سال اکتوبر میں دوبارہ سڑکوں پر آئی، صوبہ پنجاب امن و امان کے لیے رینجرز کو تعینات کیا، تاہم حکومت نے 10 دن کے پرتشدد مظاہروں، جن میں 7 پولیس اہل کار ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے، کے بعد ان کے ساتھ ایک اور معاہدہ کر لیا۔

    7 نومبر کو وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی کو کالعدم گروپ قرار دینے کا فیصلہ واپس لیا، اور صوبائی حکومت نے انسداد دہشت گردی کی واچ لسٹ سے رضوی کا نام ہٹا دیا، اور انھیں رہا کر دیا گیا۔ECP re polling NA-75 Daska 2021 Pakistan

    ڈسکہ ضمنی الیکشن

    ڈسکہ میں اس سال فروری میں قومی اسمبلی کی ایک نشست پر متنازعہ ضمنی الیکشن ‘انتخابی دھوکا دہی’ کی ایک بہترین مثال بن گیا۔ تشدد، دھاندلی اور 20 سے زائد پریزائیڈنگ افسران کے لاپتا ہونے کی وجہ سے یہ الیکشن خراب ہو گیا، اور اس کے بعد بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کی گئی۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے این اے 75 ڈسکہ (سیالکوٹ-IV) کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی میں ملوث اہل کاروں کے خلاف عدالتی کارروائی کا فیصلہ کیا۔ یہ نشست پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن پارلیمنٹ سید افتخار الحسن شاہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر افتخار الحسن کی صاحب زادی سیدہ نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی کے درمیان مقابلہ تھا۔

    دھاندلی کے الزامات پر معاملہ سپریم کورٹ میں چلا گیا اور بعد ازاں انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دے دیا گیا، دوبارہ الیکشن ہوا جس میں مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار نے پی ٹی آئی امیدوار کو شکست دے دی۔Senate election 2021 results 2021 Pakistan

    سینیٹ الیکشن

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 7 فروری 2021 کو ایوان کے 104 ارکان میں سے 52 کے ریٹائر ہونے پر 11 فروری 2021 کو سینیٹ کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ 3 مارچ 2021 کو ختم ہوئی، حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ایوان بالا کی 18 نئی نشستیں حاصل کیں، جن میں پنجاب میں اس سے قبل بلامقابلہ منتخب ہونے والی پانچ نشستیں بھی شامل تھیں، یوں پی ٹی آئی سینیٹ میں سب سے بڑا پارلیمانی گروپ بن گیا۔

    پیپلز پارٹی ریٹائر ہونے والے پارٹی سینیٹرز کے مقابلے میں 8 نئے سینیٹرز منتخب کروانے میں کامیاب ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) جس کے 17 سینیٹرز ریٹائر ہوئے تھے، نے صرف پانچ نئی نشستیں حاصل کیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی تھی نے اپنے 3 ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کے مقابلے میں 6 مزید نشستیں حاصل کیں اور پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں ان کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی۔

    سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے 78 امیدواروں نے مقابلے میں حصہ لیا۔ مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد سے جنرل سیٹ کے ایک اہم ترین مقابلے میں پی ٹی آئی کے عبدالحفیظ شیخ کو شکست دی۔

    سینیٹ انتخابات سے قبل سپریم کورٹ نے یکم مارچ 2021 کو سینیٹ انتخابات کے حوالے سے صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 226 کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے لیے انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے کرائے جائیں گے۔PPP Badin by-poll 2021 Pakistan

    پی ڈی ایم کی سیاست اور پیپلز پارٹی

    وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ستمبر 2020 میں قائم کیا گیا تھا، پی پی پی اور مسلم لیگ ن اس اتحاد کے مرکزی اراکین میں شامل تھیں، لیکن یہ اتحاد زیادہ دیر تک متحد رہنے میں ناکام رہا اور پیپلز پارٹی 12 اپریل 2021 کو اس اتحاد سے نکل گئی۔

    اس اتحاد کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی کی جانب سے پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر یوسف رضا گیلانی کو نامزد کرنے پر شوکاز نوٹس دیا گیا تھا۔

    اتحاد سے علیحدگی سے قبل ہی اسمبلیوں سے استعفوں کے حوالے سے مختلف رائے پر پیپلز پارٹی پر ن لیگ سمیت دیگر جماعتیں تنقید کر رہی تھیں، بلاول کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے آخری آپشن ہونا چاہیے۔ پیپلز پارٹی ہی نے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو ضمنی انتخابات میں حصہ لینے پر آمادہ کیا تھا، جو زیادہ تر اپوزیشن جماعتوں نے جیتے تھے۔ پی پی سے قبل عوامی نیشنل پارٹی نے بھی پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا تھا۔

    پی ڈی ایم اب پانچ جماعتوں پر مشتمل ہے جن میں مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی شامل ہیں۔Justice Qazi Faez Isa 2021 Pakistan

    قاضی فائز عیسیٰ نظرثانی درخواست پر سپریم کورٹ کا فیصلہ

    اپریل میں سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس میں عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنے والی نظرثانی کی درخواستیں منظور کیں، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 10 رکنی بینچ نے ان درخواستوں کی سماعت کی، 19 جون 2020 کو عدالت نے ایف بی آر کو جسٹس عیسیٰ کی شریک حیات کے آف شور اثاثوں سے متعلق تحقیقات کا اختیار دیا تھا۔

    عدالت نے جسٹس عیسیٰ کی اہلیہ اور بچوں کے اثاثوں سے متعلق ایف بی آر اور دیگر تمام فورمز کی جانب سے کیے گئے قانونی اقدامات کو ’غیر قانونی‘ قرار دے دیا۔

    صدارتی ریفرنس: جسٹس عیسیٰ مئی 2019 کو دائر صدارتی ریفرنس کا موضوع تھے، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ انھوں نے لندن میں 2011 سے 2015 کے درمیان اپنی اہلیہ اور بچوں کے نام لیز پر تین جائیدادیں حاصل کیں لیکن انھیں ٹیکس ریٹرن میں ظاہر نہیں کیا، جسٹس عیسیٰ نے کہا کہ وہ براہ راست یا بلواسطہ فلیٹس کے بینیفشل مالک نہیں ہیں۔Jahangir Tareen 2021 Pakistan

    جہانگیر ترین کا ہم خیال گروپ

    پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے مئی میں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں اور پنجاب اسمبلی میں ہم خیال اراکین پارلیمنٹ کا ایک گروپ لانچ کیا۔ راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کا پارلیمانی لیڈر جب کہ سعید اکبر نوانی کو پنجاب اسمبلی میں گروپ کا پارلیمانی لیڈر نامزد کیا گیا، ترین کی طرف سے ہم خیال حامیوں کے لیے گروپ کے افتتاحی عشائیے میں 31 اراکین اسمبلی نے شرکت کی تھی۔

    یہ گروپ دراصل شوگر اسکینڈل میں جہانگیر ترین کے خلاف انکوائری اور مقدمات کے درمیان منظر عام پر آیا تھا، اس نے ایک پریشر گروپ کے طور پر کام کیا، لیکن وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ حکومت شوگر اسکینڈل کی تحقیقات میں ایف آئی اے پر اثرانداز نہیں ہوگی۔

    ترین کے وکیل کے مطابق ترین اور ان کے بیٹے کے خلاف 3 ایف آئی آرز ہیں جب کہ ایف آئی اے نے ساڑھے چار ماہ کے عرصے کے بعد صرف 2 مقدمات درج کیے تھے۔ 22 مارچ کی ایف آئی آر کے مطابق ترین اور ان کے بیٹے کے خلاف مجرمانہ طور پر اعتماد کی خلاف ورزی، عوامی شیئر ہولڈرز کے ساتھ دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کے مقدمات درج کیے گئے۔

    سینیٹر علی ظفر نے وزیر اعظم عمران خان کو رپورٹ دی کہ شوگر اسکینڈل میں دیگر لوگوں کا بھی نام آیا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ کیس میں صرف ترین سے تفتیش ہو رہی ہے۔sindh, delimitation, ecp, local bodies election ,

    کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن

    ستمبر کے انتخابات میں ملک کے 41 کنٹونمنٹ بورڈز میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں زیادہ تر نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جیتیں۔ پی ٹی آئی نے 63 نشستیں، پاکستان مسلم لیگ ن 59 نشستیں، آزاد امیدواروں نے 52 نشستیں، پیپلز پارٹی نے 17 نشستیں، ایم کیو ایم نے 10، جماعت اسلامی نے 7 نشستیں حاصل کیں۔fawad chaudhry, ttp, ceasefire 2021 Pakistan

    پاکستانی طالبان سے مذاکرات

    تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے پاکستان کے ساتھ جنگ ​​بندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تو امن مذاکرات رک گئے، یکم اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے ٹی آر ٹی ورلڈ کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کے کچھ دھڑوں سے افغانستان میں بات چیت کر رہی ہے، افغان طالبان نے بھی اس سلسلے میں مدد کی، طالبان اگر ہتھیار ڈال دیں تو حکومت انھیں معاف کر سکتی ہے۔

    اس کے اعلان کے بعد 9 نومبر کو ایک ماہ کی جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔

    ٹی ٹی پی نے 2007 میں اپنے قیام کے بعد سے، پاکستان میں کچھ مہلک ترین حملے کیے ہیں، جن میں عام شہریوں، سیاسی رہنماؤں اور سیکیورٹی فورسز کو خودکش بم دھماکوں، دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈی) کے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔nab chairman appear against PAC 2021 Pakistan

    چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کا صدارتی آرڈیننس

    اکتوبر میں ایک آرڈیننس کے ذریعے صدر مملکت کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کی دوبارہ تقرری کا اختیار حاصل ہو گیا تھا، قومی احتساب کے دوسرے ترمیمی آرڈیننس 2021 نے چیئرمین نیب کی تقرری میں اپوزیشن کے کردار کو بھی مزید بڑھا دیا۔

    اس آرڈیننس کے مطابق وفاقی، صوبائی یا مقامی ٹیکسیشن، دیگر لیویز یا محصولات، بشمول ریفنڈز، یا ٹیکسیشن سے منسلک خزانے کے نقصان سے متعلق تمام امور ریونیو یا بینکنگ قوانین کے مطابق نمٹائے جائیں گے اور ان کو احتساب عدالتوں سے مجاز دائرہ اختیار کی عدالتوں کو منتقل کیا جائے گا۔

    آرڈیننس نے قومی احتساب آرڈیننس (این اے او) کے سیکشن 6 کے ذیلی سیکشن بی میں ترمیم کرتے ہوئے قانون سے لفظ "نا قابل توسیع” کو خارج کر کے چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع دے دی، تاہم، نیب کے چیئرمین کی تقرری پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور قائد ایوان کے درمیان مشاورت کرنے کی شرط کو برقرار رکھا گیا۔qudoos bizenjo, cm balochistan 2021 Pakistan

    جام کمال کے مستعفی ہونے کے بعد قدوس بزنجو وزیر اعلیٰ بن گئے

    ایک ماہ تک جاری رہنے والی سیاسی کشمکش کے بعد جام کمال خان نے 20 اکتوبر کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    جام کمال پر اپنی ہی پارٹی بی اے پی اور اتحادیوں کے ناراض اراکین کے گروپ کی جانب سے عہدے سے مستعفی ہونے کا شدید دباؤ تھا، جس کا انھوں نے کچھ وقت تک مقابلہ کیا، تاہم انھیں مستعفی ہونا پڑ گیا، اور 29 اکتوبر کو عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا منصب سنبھال لیا۔

    جون کے اوائل میں اپوزیشن اراکین نے صوبائی اسمبلی کی عمارت کے باہر کئی دنوں تک دھرنا دیا، حلقوں کے لیے ترقیاتی فنڈز سے انکار پر یہ اراکین احتجاج کر رہے تھے، جس کے نتیجے میں افراتفری پھیل گئی اور پولیس نے بعد میں اپوزیشن کے 17 قانون سازوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    بعد میں اپوزیشن جماعتوں کے 16 ارکان نے وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی، تاہم گورنر ہاؤس سیکریٹریٹ نے تکنیکی بنیادوں پر تحریک بلوچستان اسمبلی کو واپس کر دی۔ اپوزیشن ارکان نے دعویٰ کیا کہ تحریک پیش کرنے کے دن جام کمال کے خلاف دستخط کرنے کی وجہ سے 3 خواتین اور ایک مرد ایم پی اے لاپتا ہو گئے ہیں، جو بعد میں اسلام آباد میں منظر عام پر آ گئے۔ ایم پی اے اکبر آسکانی، بشریٰ رند، لیلیٰ ترین اور ماہ جبین شیران حکومت بلوچستان کے سرکاری طیارے میں کوئٹہ واپس پہنچ گئے۔Ishratul ibad, MQM, Imran Farooq, Baldia factory, Governor Sindh, Scotland Yard

    ڈاکٹر عشرت العباد کی واپسی کی افواہوں

    اکتوبر میں کراچی میں افواہیں پھیل گئیں کہ سابق گورنر سندھ عشرت العباد ایم کیو ایم کے الگ ہونے والے گروپوں کو متحد کرنے کے لیے کراچی واپس آنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے مختلف دھڑوں کو حریف رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ کی مسلسل جنگ بندی پر راضی کرنے کے لیے ایک اور اقدام کے آغاز ہوا، دبئی میں مقیم سابق گورنر سندھ عشرت العباد کی واپسی کی افواہیں پھیلنے لگیں۔ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے اکتوبر میں دبئی میں عشرت العباد سے ملاقات کی، اور پاکستان واپس آنے کی درخواست کی۔

    نومبر میں ایم کیو ایم کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی ان سے ملاقات کی، اس ملاقات میں انھوں نے سیاسی محاذ بنانے کے علاوہ، ملکی سیاست بالخصوص کراچی میں تعمیری کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔overseas-Pakistanis-right-to-vote-fm-qureshi

    ای وی ایم قانون، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق

    حکومت نے 17 نومبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں 33 بل منظور کیے، اپوزیشن نے مخالفت کی، ان میں سب سے اہم الیکشنز ایکٹ 2017 میں ترامیم تھیں، جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال کی اجازت دی گئی تھی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا تھا۔

    221 قانون سازوں نے تحریک کے حق میں ووٹ دیا جب کہ 203 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ بل نے ای سی پی کو عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنے کا اختیار بھی دیا۔

    این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی

    6 دسمبر کو لاہور کے این اے 133 میں ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پاکستان مسلم لیگ ن کا سخت مقابلہ کیا، جب کہ پی ٹی آئی کے امیدوار تکنیکی بنیادوں پر الیکشن سے خارج ہو گئے تھے۔

    مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے 46,811 ووٹ حاصل کیے جب کہ پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گل 32,313 ووٹ حاصل کر سکے تھے۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے پرویز ملک کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، جنھوں نے اس وقت 90،000 سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔

    پنجاب میں مسلم لیگ ن کے گڑھ میں اپنے قدم جمانے کے لیے آصف علی زرداری نے اپنی صحت کے مسائل کے باوجود پی پی امیدوار کی انتخابی مہم کے سلسلے میں کئی دنوں تک لاہور میں ڈیرے ڈالے، جس سے پی پی کے ووٹ میں کافی اضافہ ہوا۔Gwadar protesters, protesting fishermen, successful talks, govt

    گوادر میں حقوق کے لیے احتجاج

    بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ایک ماہ سے زائد عرصے تک خواتین اور بچوں سمیت دسیوں ہزار افراد نے احتجاج کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں شہر کی اہم سڑکوں پر مارچ کیا، اور دھرنا دیا۔ وہ شہر میں صحت کی سہولیات اور پینے کے پانی کی کمی کے ساتھ ساتھ ان کی روزی روٹی پر قبضہ کرنے والے بڑے فشنگ ٹرالرز پر پابندی کا مطالبہ کر رہے تھے۔

    حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد گوادر کے مکینوں نے اپنا دھرنا ختم کر دیا۔ احتجاج 28 ویں روز میں داخل ہوا تو وزیر اعظم عمران نے "گوادر کے ماہی گیروں” کے "انتہائی جائز مطالبات” کا نوٹس لیا۔

    صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی میر ظہور احمد بلیدی نے گوادر احتجاجی تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کے ساتھ مذاکرات کے فوراً بعد ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔OIC agrees on setting up humanitarian trust fund for Afghanistan

    افغانستان پر او آئی سی کا مؤقف

    افغانستان کے سلسلے میں 19 دسمبر کو اسلام آباد میں سعودی عرب کی جانب سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے بلائے گئے سربراہی اجلاس کی میزبانی پاکستان نے کی، جس میں 20 وزرائے خارجہ، 10 نائب وزرائے خارجہ اور 437 مندوبین نے شرکت کی، تنظیم نے افغانستان سے متعلق فیصلہ کیا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کے تحت ایک ہیومینٹیرین ٹرسٹ فنڈ قائم کیا جائے اور اقوام متحدہ کے ساتھ بات چیت شروع کی جائے۔

    عالمی رہنماؤں، حکومتی عہدیداروں، سفارت کاروں اور تجزیہ کاروں نے 57 رکنی او آئی سی اجلاس کو پاکستان کی ایک اہم ترین کامیابی قرار دیا۔ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مسلم دنیا کے رہنماؤں نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کے لیے فوری اور متحد اقدام کا مطالبہ کیا، جو بصورت دیگر عالمی امن کو متاثر کر سکتا ہے۔

    اپنے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے کہا کہ اقتصادی مشکلات انسانی بحران کو جنم دے سکتی ہیں اور مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہیں جس سے علاقائی اور بین الاقوامی امن متاثر ہو گا۔

    خیبر پختون خوا بلدیاتی الیکشن میں اپوزیشن کی کامیابی

    سال 2021 کے اختتامی دنوں میں ایک بڑی سیاسی پیش رفت میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) سے ہار گئی۔

    پی ٹی آئی کے گڑھ صوبے میں یہ ایک غیر متوقع پیش رفت تھی جو پی ٹی آئی کی حکومت کے چوتھے سال میں ملک میں سیاسی منظرنامے میں ممکنہ تبدیلی کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے بالعموم اور جے یو آئی نے خاص طور پر پشاور کے میئر سمیت بلدیاتی انتخابات میں اہم نشستیں جیتیں۔

    شکست کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا کہ اب وہ خود امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم کی نگرانی کریں گے۔ اجلاس میں تمام تنظیمی سیٹ اپ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور ایک نئے سیاسی پلان کے تحت پارٹی کی سپریم کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں صوبوں کی نمائندگی کے ساتھ 21 اراکین شامل تھے۔

  • حامد خان نے جو فواد خان کو بولا، اگر میں‌ ہوتا تو خودکشی کرلیتا، خورشید شاہ

    حامد خان نے جو فواد خان کو بولا، اگر میں‌ ہوتا تو خودکشی کرلیتا، خورشید شاہ

     پنو عاقل: پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حامد خان نے جو بات فواد چوہدری کے لیے بولی اگر مجھے کو ئی ایسا بولتا تو سیاست چھوڑ کر خود کشی کرلیتا۔

    سرکاری اسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما نے تحریک انصاف کی قیادت اور حکومت پر تنقید کی، اُن کا کہنا تھاکہ اگر حکومت پی پی کو جیلوں میں ڈالے گی تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جو بات حامد خان نے فواد چوہدری کے لیے بولی اگر مجھے میری جماعت کا کوئی شخص بولتا تو میں سیاست چھوڑ کر خودکشی کرلیتا کیونکہ ایسے الزامات کے بعد ساتھ رہنے کا جواب پیدا نہیں ہوتا۔

    مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات صدی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے، فواد چوہدری

    اُن کا کہنا تھا کہ حکومت اگر سوچ رہی ہے کہ وہ اپوزیشن کو جیل میں ڈال کر اکیلے اسمبلی چلا لے گی تو یاد رکھے ہم نے ماضی میں آمر کا مقابلہ کیا اور مستقبل میں بھی ہر سازش سے لڑیں گے۔

    بلاول بھٹو کی نوازشریف سے ملاقات پر فواد چوہدری کا ردعمل

    دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کی نوازشریف سے ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے نوازشریف سے مل کر رواں صدی کا سب سے بڑا یوٹرن لیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ذوالفقار علی بھٹو نے نواسے نے ضیاء الحق کے منہ بولے بیٹے سے ملاقات کی اور بھٹو کے خون سے میثاق صلح کیا۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سے مایوس نوازشریف کے ملاقاتی اب بلاول ہی رہ گئے تھے، مایوسیوں میں جکڑے سیاستدانوں کو ملاقات میں بھی مایوسی ہی ملی‘۔

    یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی: نیئر بخاری

    فواد چوہدری نے کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنی پارٹی سے بڑے نالاں ہیں، ان کی صحت پر اپوزیشن سیاست کررہی ہے اور یہ اُسی کی خواہش ہے کہ نوازشریف کا علاج نہ ہو اور نہ ہی وہ روبہ صحت ہوں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ سے سیاسی اختلاف، ٹرمپ نامی کتے کا قتل

    ڈونلڈ ٹرمپ سے سیاسی اختلاف، ٹرمپ نامی کتے کا قتل

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہم نام کتے کی فائرنگ سے ہلاکت کا معاملہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے حقوق کی علمبردار تنظیمیں بھی موجود ہیں جو جانوروں پر ہونے والے مظالم کے خلاف کام کرتی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی ریاست مینیسوٹا میں ڈونلڈ ٹرمپ نامی کتے کو امریکی صدر ٹرمپ سے سیاسی رقابت کی بنیاد پر گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر کتے کے قتل کی خبریں سامنے آئیں تو ٹرمپ کے حامیوں اور جانوروں کے حقوق کی جنگ لڑنے والی تنظیموں نے کتے کو انصاف دینے کا مطالبہ کیا۔

    مینیسوٹا پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ کتے کو گولی مارنے والے نے میشیوں کے ریوڑ کو بچانے کیلئے کے ماری تھی، پولیس نے کتے کو سیاسی رقابت کی بنیاد پر مارنے کی خبروں کو من گھڑت قرار دیا ہے۔

    پولیس چیف کا کہنا تھا کہ لوگوں نے کتے کی موت کو بنیاد بناکر شہریوں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متاثرہ کتا 2016 کو پیدا ہوا تھا اور اسی سال ٹرمپ بھی صدر منتخب ہوا تھا، کتے کا مالک رینڈل تھوم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ہیں اسی لیے انہوں نے کتے کا نام بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پر رکھا تھا۔

    کتے کے قتل پر آواز اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے دعویٰ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو رینڈل کے پڑوسی نے قتل کیا ہے کیوں کہ وہ ڈیمو کریکٹ ہے۔

  • سیاست کو عبادت اور خدمت سمجھ کر کیا ہے، کسی پر احسان نہیں کیا، خورشید شاہ

    سیاست کو عبادت اور خدمت سمجھ کر کیا ہے، کسی پر احسان نہیں کیا، خورشید شاہ

    سکھر : پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم بھی اپنی پارٹی کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے، عوام جسے چاہیں منتخب کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے سکھر میں منعقد عید ملن پارٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست ایک بڑی عبادت ہے، اسے عبادت سمجھ کر کیا ہے۔

    خورشید شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ ایک لعنت ہے، سیاست کو عبادت اور خدمت سمجھ کر کیا ہے کسی پر احسان نہیں کیا۔

    رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم بھی اپنی پارٹی کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے،عوام جسے چاہیں منتخب کریں، پیپلز پارٹی ایک سوچ اورنظریے کا نام ہے، پیپلز پارٹی کوئی حلیم کی دیگ نہیں جس میں 11 قسم کی دالیں ہوں۔

    یاد رہے کہ خورشید شاہ نے ایک روز قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو سیاست دانوں نے بنایا تھا کسی ڈکٹیٹر نے نہیں، ہماری غلطیوں کی وجہ سے آدھا پاکستان الگ ہوگیا، اب ہمیں موجودہ پاکستان کی حفاظت کرنا ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ سے سیاست نہیں چلتی اپنے کردار کو ظاہر کرو۔ سیاستدان کے قول و فعل میں فرق نہیں ہونا چاہیئے۔ ’سکھر کو تعلیم اور صحت کا حب بنائیں گے، عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شریف خاندان کو جلد جیل جاتے ہوئے دیکھ رہا ہوں: فیصل واوڈا

    شریف خاندان کو جلد جیل جاتے ہوئے دیکھ رہا ہوں: فیصل واوڈا

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو جلد جیل جاتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، باپ بیٹے کو نہیں پہچان رہا یہ قیامت کی نشانی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیٹے کے پاس کم عمر میں اربوں روپے کیسے آئے؟ تین بار وزیراعظم بننے والا مخالف طاقتوں کے بیانات کو تقویت دے رہا ہے، نوازشریف کو سزا ہوگی اور وہ جیل جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ احد چیمہ جیسی غیر قانونی تعیناتیاں سب کے سامنے ہیں، ایون فیلڈ پراپرٹی جب خریدی گئی اس وقت حسین نواز برطانوی شہری نہیں تھے، حسین نواز کو ریڈ وارنٹ کے ذریعے کیوں پاکستان نہیں بلایا جارہا؟


    اب وزیر اعظم پاکستان عمران خان ہی ہوگا: فیصل واوڈا


    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اربوں روپے پاکستان سے کمائے، شریف خاندان سیاست کو کاروبار سمجھتا ہے، انہوں نے ملک کو لوٹ کر اپنی دولت بنائی، اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے۔

    فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان کو جلد جیل جاتے ہوئے دیکھ رہاں، صورت حال اس نہج پر پہنچ چکی باپ اور بیٹا ایک دوسرے سے لاتعلق ہیں، چوروں اور ڈاکوؤں نے ملک کو اس حال پر پہنچا دیا ہے کہ ملک اب قرضوں پر چل رہا ہے۔


    متحدہ کے بانی کو دوبارہ قائد بنانے کی کوشش کی جارہی ہے: فیصل واوڈا


    ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ موجود ہیں، عام انتخابات میں سب سامنے آجائے گا، لوگ کرپٹ حکمران کو مسترد کردیں، جو بار بار باریاں لیتے ہیں اور اپنی تجوریاں بھرتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • معروف ریسلر کین نے سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا، میئر کا انتخاب لڑیں گے

    معروف ریسلر کین نے سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا، میئر کا انتخاب لڑیں گے

    لاس اینجلس: لڑائی اور دنگے کی دنیا میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے معروف ریسلر جیکبز عرف ’کین‘ نے سیاسی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے آئندہ عام انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا۔

    امریکی میڈیاکے مطابق کین نے ریسلنگ کھیل کے ساتھ نئے سفر  کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے سیاسی دنیا میں انٹری دی اور آغاز میں ہی شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ معروف ریسلر نےساتھ ہی امریکا کی حکومتی پارٹی ریپبلکن میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔

    حکومتی پارٹی نے کین کو میئر کے انتخاب لڑنے کے لیے نامز کیا جس کے بعد انہوں نے پرائمری الیکشن یعنی ابتدائی مرحلے کے انتخابات میں 20 ووٹوں سے فتح حاصل کی اور ناکس کاؤنٹی کی میئر شپ کے لیے کا راستہ ہموار کرلیا۔

    مزید پڑھیں: رائل رمبل، ڈبلیو ڈبلیو ای کے مشہور ریسلر سعودی عرب میں جوہر دکھائیں گے

    اگلے اور حتمی مرحلے یعنی میئر کے انتخابات میں اُن کا مقابلہ ڈیموکریٹک کے امیدوار لنڈے ہینی سے ہوگا، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ معروف ریسلر آخری مقابلے میں بھی باآسانی فتح حاصل کرلیں گے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جیت کا اعلان کرتے ہوئے معروف ریسلر نے تاریخی فتح پر ووٹرز اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا بھی اعلان کیا۔

    جیکبز کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ ریسلنگ کے مقابلوں میں بھی باقاعدگی سے شرکت کریں گے تاکہ اُن کا مداحوں سے رابطہ منقطع نہ ہو۔ امریکی میڈیا کے مطابق الیکشن میں فتح حاصل کرنے یعنی میئر منتخب ہونے کے بعد کین کو مصرفیات کے باعث ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہنا ہوگا تاہم ریسلر نے ابھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: معروف ریسلر جان سینا کرکٹ کی دنیا میں داخل

    واضح رہے کہ ناکس کاؤنٹی کی میئر شپ کے انتخابات اگست میں ہوں گے جس کے لیے امریکا کی دونوں بڑی جماعتوں یعنی ڈیموکریٹس اور ری پبلکن نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • وزیر اعلیٰ سندھ کا شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول کے ہنگامی دورہ

    وزیر اعلیٰ سندھ کا شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول کے ہنگامی دورہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بغیر پروٹوکول کے شہر قائد میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں دہشت کا ماحول ختم ہوگیا، شہری بلا خوف راتوں کو بھی گھوم سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بغیر پروٹوکول کے صوبائی وزرا اور پارٹی عہدہداران کے ہمراہ شہر قائد ہنگامی دورے کیے۔

    سید مراد علی شاہ ن شہر کے دورے کے دوران لانڈھی، کورنگی، بہادرآباد، ٹیپو سلطان روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ بھی کیا، سن سیٹ گذری بلیو وارڈ برج کا کے تعمیر کے حوالے سے متعلقہ افسران نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے افسران کو ہدایات جاری کی کہ 15 مئی تک پُل کی تعمیر مکمل کرکے عوام کے لیے کھول دیا جائے۔

    سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں بارہ ہزار روڈ کے معائنے کے دوران سڑک پر فٹ پاتھ کا کام جلد شروع کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ماضی میں ایم کیو ایم کا گڑھ سمجھے جانے والے علاقے عزیز آباد میں صوبائی وزرا کے ساتھ مل کر ریسٹورانٹ میں نہاری اور شیخ کباب کھایا۔

    عزیز آباد میں کھانا کھاتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردی کو مزید کام نہیں کرنے دیں گے، ایم کیو ایم سیاست کرے۔ شہر قائد کے عوام بلا خوف راتوں کو بھی گھوم سکتے ہیں، خوف کی فضا کو ختم کردیا۔


    کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے آیا ہے، دہشت کا ماحول ختم ہوگیا، مراد علی شاہ


    وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے لیاری کےعلاقوں چاکیواڑہ اورموسیٰ لین کا بھی دورہ کیا، مراد علی شاہ نے لیاری میں مزار پر حاضری دی اور نوجوانوں سے گفتگو بھی کی۔

    سید مرادعلی شاہ نے صدرفوڈ اسٹریٹ کا معائنہ بھی کیا اور دورے کے برنس روڈ کی لسی پی، کھیراورمیٹھا پان بھی کھایا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا جام شورو، وزیر اطلاعات و نشریات سندھ سید ناصرحسین شاہ، رکن قومی اسمبلی سعیدغنی ودیگررہنما بھی ساتھ موجود تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں