Tag: pollingstation

  • الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

    لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلےکے لئے حساس پولنگ اسٹیشنوں پرفوج طلب کرلی، جبکہ تینوں مراحل کے ملتوی ہونے والے انتخابات چودہ دسمبرکو کروائے جائیں گے۔

    چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان کی زیر صدارت لاہور میں منعقد ہونے والے اجلاس میں پنجاب کے صوبائی اورضلعی  حکام شریک ہوئے۔

    الیکشن کمیشن کے اجلاس میں حساس پولنگ اسٹیشنوں پرگشت کے لئے فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔


    سندھ، پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کادوسرا مرحلہ 19نومبرکو ہوگا


    پولنگ کے بعد نتائج کے وقت ممکنہ جھگڑوں سے نمٹنے کیلئے اضافی فوج ریزرو کے طور پر موجود رہے گی۔

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تینوں مراحل کے ملتوی ہونے والے انتخابات 14 دسمبر کو منعقد کرائے جائیں گے۔

    اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پرسختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن نے یہ بھی طے کیا کہ تینوں مراحل کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد بالواسطہ انتخابات کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔

  • سندھ، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، ضابطہ اخلاق جاری، پنجاب میں فوج تعینات

    سندھ، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، ضابطہ اخلاق جاری، پنجاب میں فوج تعینات

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق کا اعلان کردیا، دوسری جانب پنجاب کے حساس اضلاع میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کا اعلان کردیا جس کے تحت پولنگ اسٹیشن کے قریب گراموفون، میگافون اورلاوڈاسپیکرکااستعمال قابلِ سزاجرم ہے۔

    پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں ووٹ مانگنا یا ووٹ کیلئے قائل کرنا قابل سزا جرم تصور ہوگا، اس جرم پر پنجاب میں دوہزارروپے جبکہ سندھ میں پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزاہوگی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی اورخلاف ورزی پرسخت ایکشن ہوگا، پولنگ اسٹیشن سےسومیٹرکے دائرے میں انتخابی نشان، بینرزیاجھنڈالگاناسنگین جرم ہوگا، ووٹ ڈالتے وقت ووٹرکے ساتھ مداخلت بھی قابل سزا جرم قراردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حساس اضلاع میں امن وامان کیلئے فوج کو تعینات کردیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں سول انتظامیہ نے فوج کو صرف حساس علاقوں میں امن و امان کے قیام کیلئے بلایا گیا ہے اور فوج کے دستے مقامی پولیس کو مدد فراہم کریں گے، فوجی دستے سیکیورٹی اداروں کو ضرورت پڑنے پراستعمال کیے جائیں گے۔

    آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد صرف الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

    دریں اثناء سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے کراچی کے تھانوں سے نفری طلب کی گئی ہے جس کے لئے ہرتھانے سے 10 اہلکار طلب کئے گئے ہیں جبکہ وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر معمور افراد حسبِ معمول اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔