لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے لاہور کے تمام اسٹورز، بیکریوں اور ہوٹلوں پر پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے پولی تھین بیگز کا استعمال مکمل طور پر ترک کرنے کیلئے 2 ہفتوں کا وقت مقررکردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق کی درخواست پر سماعت کی، محکمہ ماحولیات کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کروا دیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل ابوذر سلمان نیازی نے موقف اختیار کیا کہ شہر میں کچھ ہوٹلز ابھی بھی پولی تھین بیگز کا استعمال کر رہے ہیں، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ اب لاہور کے تمام چھوٹے بڑے سٹورز پر پولی تھین بیگز کے استعمال پر 2 ہفتوں میں پابندی عائد کی جائے۔
مشروب ساز کمپنی کے وکیل سلمان اکرم راجہ سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹ بوتل کا استعمال کم ہو رہا ہے، آئندہ سماعت پر بتائیں کتنی دیر میں پلاسٹک بوتلوں کا استعمال ختم کریں گے۔
مزید پڑھیں : لاہور ہائیکورٹ: پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز بند کرنے کا حکم
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگلے مرحلے میں پنجاب کے دوسرے شہروں میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی سے متعلق حکم جاری کریں گے۔
یاد رہے لاہور میں ہائیکورٹ نے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز کو سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی کی فروخت پر کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کردیا تھا۔
عدالت نے مشہور بیکریوں اور اسٹورز کو بھی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ بیکری مالکان اگر پلاسٹک بیگز پر بیان حلفی دیں تو انہیں 7 روز کا وقت دیا جائے۔