Tag: Pope Leo

  • ایران اور اسرائیل تحمل سے کام لیں، پوپ لیُو کی اپیل

    ایران اور اسرائیل تحمل سے کام لیں، پوپ لیُو کی اپیل

    مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے ایران اور اسرائیل سے تحمل کا مظاہرہ کرنےکی اپیل کی ہے۔

    پوپ لیو نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے حالات بہت خراب ہوچکے ہیں، جوہری خطرے سے پاک دنیا کی تعمیرکے عزم کو بات چیت کے ذریعے جاری رکھنا چاہیے۔

    مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے کہا کہ تمام ملکوں کا فرض ہےکہ پائیدار امن قائم کرنے کے لیے مفاہمت کی راہ اختیار کریں، کسی کو بھی ایک دوسرے کے وجود کے خلاف کام نہیں کرنا چاہیے۔

    مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے کہا کہ تنازع کے حل کے لیے مفاہمت کی ایسی راہ اختیار کی جائے جو سب کے لیے سلامتی اور وقار کا باعث بنے۔

    اسرائیل کیلیے بڑا دھچکا، آئرن ڈوم ایرانی میزائل روکنے میں ناکام رہا، فوٹیج سامنے آگئی

    یاد رہے کہ اسرائیل نے 13 جون بروز جمعہ باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے ایران کے جوہری اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا، جبکہ اسرائیل کی 200 جنگی طیاروں نے اس حملے میں حصہ لیا تھا۔

    اس حملے کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔

    ایران نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی ’وعده صادق 3‘ کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے، گزشتہ رات سے جاری حملوں میں اسرائیل کی کئی عمارتیں متاثر ہوئیں۔

    ایران کی جانب سے اسرائیل پر اب تک 150 سے زائد میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے، اسرائیلی میڈیا نے ان حملوں کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 اسرائیلی شہری ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    ایران کی جانب سے داغے گئے کئی میزائل وسطی اسرائیل میں گرے، جن میں تل ابیب کے علاقے میں بڑے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور کئی مقامات پر دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • غزہ کے مظلوموں کی چیخیں آسمان تک پہنچ رہی ہیں، پوپ لیو

    غزہ کے مظلوموں کی چیخیں آسمان تک پہنچ رہی ہیں، پوپ لیو

    اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں پوپ لیو نے ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کی پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے والدین کی دل دہلا دینے والی چیخیں آسمان تک پہنچ رہی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پوپ لیو نے سینٹ پیٹرز اسکوائر پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے والدین اپنے معصوم بچوں کی لاشیں سینے سے لگا کر بیٹھے ہیں، اور ان کی بے بسی پکار بن کر فضا کو چیر رہی ہے۔

    پوپ نے اسرائیل اور حماس دونوں سے اپیل کی کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کا مکمل احترام کریں اور لڑائی کو فوری طور پر بند کریں تاکہ مزید انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہوسکے۔

    دوسری جانب غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی علامت کے طور پر فرانس سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنوں نے پیرس کے فوارے کو سرخ رنگ سے رنگ دیا۔

    فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مرکزی علاقے میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اوکسفیم، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور گرین پیس کے کارکنوں نے مشہور فوارے فونٹین دیز انوسنٹ (Fontaine des Innocents) میں سرخ رنگ کا پانی ڈال کر غزہ میں قتل عام کے خلاف انوکھا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے اس موقع پر بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جنگ بندی اور غزہ میں قتلِ عام بند کرو جیسے نعرے درج تھے۔

    اوکسفیم فرانس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سابق وزیر سیسل ڈوفلو کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد ہے کہ ہم فرانس کی سست روی پر سوال اٹھا سکیں جو غزہ میں انسانی بحران کے تناظر میں ناقابلِ قبول ہے، صرف بیانات دینا کافی نہیں، عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

    اسرائیل کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اوکسفیم کی غزہ میں انسانی امدادی کاموں کی کوآرڈینیٹر کلیمانس لاگواردا نے کہا کہ غزہ کے عوام کو ہر چیز کی شدید قلت کا سامنا ہے، یہ محض ضروریات نہیں، بقا کا سوال ہے۔

    گرین پیس فرانس کے سربراہ ژاں فرانسوا جولیارد کا کہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی جاری ہے اور سیاستدانوں کی بے عملی اس نسل کشی میں شراکت داری کے مترادف ہے، ہم صدر ایمانوئل میکرون سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جرات اور عزم کے ساتھ خونریزی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

    غزہ میں امداد کا پہنچنا اہم ہے، کون پہنچا رہا ہے؟ یہ اہم نہیں، امریکا

    مظاہرین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر فوری اور مستقل جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالیں، اسرائیل پر اسلحے کی پابندی عائد کریں، یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان تعاون کے معاہدے پر نظرثانی کریں اور دیگر مؤثر اقدامات کریں۔

  • پوپ لیو نے غزہ میں امداد کی فراہمی بحال کرنے کی اپیل کردی

    پوپ لیو نے غزہ میں امداد کی فراہمی بحال کرنے کی اپیل کردی

    پوپ لیو نے غزہ کے لیے امداد کی فراہمی بحال کرنے کی اپیل کردی ہے، اُن کا کہنا ہے کہ غزہ کی صورتحال پر تشویش ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پوپ لیو نے غزہ کی پریشان کن انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بڑی مقدار میں انسانی امداد کی اجازت دی جائے اور دشمنی کا خاتمہ کیا جائے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کی صورتحال انتہائی تشویشناک اور درد ناک ہے، جہاں بچوں، بزرگوں اور بیماروں کو دشمنی کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سابق اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ملک‘جنگی جرائم’کا ارتکاب کر رہا ہے۔

    اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے غزہ میں جاری جنگ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے سیاسی طور پر چلنے والا تنازعہ قرار دیا ہے جس میں بھاری شہری اموات ہو رہی ہیں اور اسرائیلی فوجیوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

    انہوں نے اسرائیل کے پبلک براڈکاسٹر، کان کی طرف سے کئے گئے تبصروں میں کہا کہ ایک سیاسی جنگ جس کا کوئی مقصد نہیں ہے ایک بھی یرغمالی کو واپس نہیں کرے گا اور اس میں بہادر فوجیوں کی جانوں کا ضیاع بھی شامل ہو گا۔

    سابق وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی افواج نہ صرف غزہ میں بلکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی ”جنگی جرائم”کا ارتکاب کر رہی ہیں، جہاں اکتوبر 2023 سے تقریباً روزانہ چھاپے جاری ہیں۔

    آپریشن کے اختتام تک پورا غزہ اسرائیل کے کنٹرول میں ہوگا، نیتن یاہو

    انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے لیے اسرائیل کی ترجیحی اصطلاح کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ”یہودیہ اور سامریہ میں ہر روز اسرائیلی جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں پولیس اور [فوج] انہیں نہیں روکتے۔

  • نو منتخب پوپ لیو کا پہلے اجتماع سے خطاب

    نو منتخب پوپ لیو کا پہلے اجتماع سے خطاب

    ویٹیکن سٹی: نئے منتخب ہونے والے پوپ لیو چہاردھم رابرٹ پری ووسٹ نے اپنے پہلے عوامی اجتماع سے خطاب کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نو منتخب پاپائے روم لیو چہار دہم رابرٹ پریووسٹ نے پہلے اجتماع سے خطاب میں کہا ’’امید ہے کہ میرا انتخاب کیتھولک چرچ کو دنیا کی تاریک راتوں میں روشنی لانے میں مدد دے سکے گا۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’پورے کیتھلک چرچ کے لیے ایک دیانت دار منتظم بننے کی امید رکھتا ہوں، چرچ کو اپنی شناخت اپنے ارکان کے تقدس سے کرنی چاہیے، نہ کہ اس کی عمارتوں کی عظمت سے۔‘‘

    پوپ لیو نے خطاب میں کہا چرچ کو ان علاقوں تک پہنچنا چاہیے جہاں ایمان کی کمی ہے اور جہاں لوگ ٹیکنالوجی، پیسے اور کامیابی یا طاقت کو ترجیح دیتے ہیں۔

    پوپ لیو نے مزید کہا کہ چرچ کو اپنی شناخت عمارتوں کی عظمت نہیں بلکہ اپنے ارکان کے تقدس سے کرنی چاہیے۔ لیو، جو پہلے امریکی کارڈینل رابرٹ پریوسٹ تھے، جمعرات کو دنیا بھر کے کارڈینلز نے انھیں پوپ فرانسس کے جانشین کے طور پر منتخب کیا۔

    روئٹرز کے مطابق لیو چہاردھم (Leo XIV) کے نام کے انتخاب سے نئے پوپ یہ ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ وہ چرچ کی سماجی تعلیم کے لیے پرعزم ہیں۔ آںجہانی پوپ فرانسس نے اپنا نام 13 ویں صدی کے سینٹ فرانسس آف اسیسی سے لیا تھا، انھوں نے دولت کو مسترد کیا اور غریبوں کی دیکھ بھال کی تلقین کی۔

    پوپ لیو نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع ہونے والے ہجوم سے تقریر انگریزی میں نہیں کی، بلکہ پوپ کے عہدے کی زبان اطالوی میں کی، اور پیرو میں اپنی سابقہ ​​کمیونٹی کو خوش آمدید کہنے کے لیے ہسپانوی میں بھی ایک مختصر سی تقریر کی، وہ اگرچہ امریکا کے کارڈینیل تھے لیکن انھوں نے امریکا کا ذکر نہیں کیا۔