Tag: popularity

  • امریکی صدرٹرمپ کی گرتی ہوئی عوامی مقبولیت میں ایک بار پھر اضافہ

    امریکی صدرٹرمپ کی گرتی ہوئی عوامی مقبولیت میں ایک بار پھر اضافہ

    ٹیرف معاملے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کی گرتی ہوئی عوامی مقبولیت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔

    امریکی سروے رپورٹ کے مطابق ریپبلکن ووٹرز کی اکثریت صدر ٹرمپ کے اقدامات سے مطمئن ہے، تازہ سروے میں معیشت اور مہنگائی سے متعلق عوام کی پریشانی میں کمی نظر آئی ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا ہےکہ معاشی مسائل کی وجہ بائیڈن دور کی ناکام پالیسیاں ہیں، سروے رپورٹس میں 44 فیصد افراد نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی حمایت کی ہے۔

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بنتے ہی درجنوں متنازع ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے ہیں جس کی وجہ سے ان پر تنقید بھی کی جارہی تھی۔

    جس کے بعد اپریل میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی بطور صدر عوامی حمایت میں واضح کمی ہوگئی اور مقبولیت کم ترین سطح پر آگئی تھی اور ان کی مقبولیت کم ہو کر 42 فیصد رہ گئی تھی۔

    گزشتہ سروے میں شامل 57 فیصد افراد نے امریکی صدر کی جانب سے یونیورسٹیوں کی فنڈنگ ​​روکنے کی مخالفت کی تھی، جبکہ 59 فیصد افراد نے کہا کہ امریکا عالمی سطح پر اپنی ساکھ کھو رہا ہے۔

    سروے میں شامل 75 فیصد افراد کی رائے تھی کہ ٹرمپ کو تیسری بار صدر بننے کی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے۔

  • ایف بی آر انعامی اسکیم کی مقبولیت میں اضافہ

    ایف بی آر انعامی اسکیم کی مقبولیت میں اضافہ

    اسلام آباد : ایف بی آر نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے ٹیکس گزاروں کو سہولیات فراہمی کی خاطر اہم اقدامات کیے ہیں جس میں انعامی اسکیم بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی انعامی اسکیم کی مقبولیت کے ساتھ ہی پی او ایس کی تصدیق شدہ انوائسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    ایف بی آر کے مطابق مختلف ڈیجیٹل اقدامات میں پوائنٹ آف سیل سسٹم اہم اقدام ہے، سسٹم پر صارفین سے وصول کیا جانے والا ٹیکس خزانے میں جمع کیا جائے،5 کروڑ 30 لاکھ روپے کی انعامی اسکیم بھی شامل ہے۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے انعامی سکیم کے تحت ہرماہ کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک ہزار سات خوش نصیبوں میں پانچ کروڑ تیس لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔

    ایف بی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے آپریشنز کی آٹومیشن اور ٹیکس گزاروں کو سہولیات دے کر ٹیکس تعمیل کو بڑھانے کیلئے اٹھائے جانے والے مختلف ڈیجیٹل اقدامات میں پوائنٹ آف سیل سسٹم ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان بھر میں موجود ٹیئر ون ریٹیلرز کی سیلز کی نگرانی کرنا ہے۔

    اس اہم پہلو کی قدر و قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے اور ریونیو چوری کی روک تھام کیلئے، ایف بی آر نے قومی سطح کے میڈیا پر ایک ہمہ گیر اور متحرک آگاہی مہم کا آغاز کیا جس کا مقصد صارفین کو آگاہ کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پوائنٹ آف سیلز پر صارفین سے وصول کیا جانے والا ٹیکس ریٹیلرز کی اپنی جیب میں جانے کے بجائے سرکاری خزانے میں جمع کیا جائے۔

    مزید برآں، اس مہم میں5 کروڑ30 لاکھ روپے کی انعامی اسکیم بھی شامل ہے جو ہر ماہ کی15 تاریخ کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں منعقد ہونے والے شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے1007 جیتنے والے خوش نصیبوں میں تقسیم کی جائے گی۔

    یہ واقعی ٹیکس تعمیل میں شہریوں کی شمولیت کو یقینی بنانے اور اپنی قومی ذمہ داری کے بارے میں شعور بیدار کرنے کا ایک فقید المثال اقدام ہے کہ وہ نہ صرف اپنا واجب الادا ٹیکس ادا کریں بلکہ اسے قومی خزانے میں جاتے ہوئے چوری ہونے سے بھی بچائیں۔

    تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی اس جاری آؤٹ ریچ مہم اور انعامی اسکیم میں تیزی آتی جارہی ہے۔ جنوری میں، ایف بی آر نے دیکھا کہ تقریباً 2,49,000 انوائسز کی تصدیق ان صارفین کے ذریعے کی گئی جنہوں نے ایف بی آر پی او ایس سسٹم کے ساتھ منسلک آؤٹ لیٹس سے خریداری کی تھی جبکہ جنوری2022 میں یہ تعداد 153,000تھی۔

    اسی طرح، فروری میں ٹیئر ون ریٹیلرز کی جانب سے تقریباً 38 ملین انوائسز ایف بی آر پی او ایس سسٹم کےساتھ منسلک ہیں جبکہ جنوری 2022 میں یہ تعداد 37 ملین تھی، حالانکہ رواں ماہ میں جنوری کے مقابلے میں 3دن کم بھی ہیں۔

    اگر فروری میں مزید 3 دن دستیاب ہوتے تو تقریباً مزید چار ملین تصدیق شدہ رسیدیں مزید شامل کی جاتیں۔ جنوری میں27,000 سے بڑھ کر فروری میں صارفین کی تعداد 39000 کے قریب پہنچ گئی جنہوں نے کامیابی سے اپنے رسیدوں کی تصدیق کی۔

    یہ عوامی شمولیت میں غیر معمولی اضافہ ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ دوسری کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی 15 فروری (منگل کی شام) کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین تھے۔ یہ دیکھنا انتہائی پرمسرت ہے کہ بڑے پیمانے پر لوگ اس قومی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے پرجوش ہیں۔

    ایف بی آر نے اپنی جاری ملک گیر آگاہی مہم میں پاکستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں ٹیکس تعمیل کے کلچر کو فعال طور پر فروغ دیں۔

    ریونیو اکٹھا کرنے والے قومی ادارے نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سہ جہتی حکمت عملی تجویز کی ہے کہ پوائنٹ آف سیلز پر صارفین سے وصول کئے جانے والے سیلز ٹیکس کو حقیقت میں سرکاری خزانے میں جمع کیا جا سکے۔

    ایف بی آر نے تجویز دی ہے کہ لوگ صرف ٹیئر ون ریٹیل آؤٹ لیٹس سے خریداری کریں جو ایف بی آر پی او ایس سسٹم کے ساتھ منسلک ہیں، کمپیوٹرائزڈ انوائس (پکی رسید) کا مطالبہ کریں اور پھر ایف بی آر ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے اس کی تصدیق کریں۔

    یہ امر نہایت اطمینان بخش ہے کہ شہریوں نے قومی فریضہ نبھانے کیلئے اس کال پر لبیک کہنا شروع کردیا ہے اور ریٹیلرز سے پکی رسید کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایف بی آر پہلے ہی 106 ملین روپے کے انعامات جنوری اور فروری 2022 کی 15 تاریخ کو شفاف انداز سے

    منعقد ہونے والی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 2014 جیتنے والے خوش نصیبوں میں تقسیم کر چکا ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لوگ اگلی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا حصہ بننے میں کافی دلچسپی دکھا رہے ہیں، جو 15 مارچ 2022 کو منعقد ہوگی۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی شمولیت سے ان کے جوش اور مثالی عزم ایف بی آر اور اس کی اختراعی پی او ایس انوائسنگ پرائز سکیم پر ان کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    قومی جذبے نے پہلے ہی بڑے پیمانے پر لوگوں میں احساس ذمہ داری پیدا کیا ہے کہ وہ ریٹیلرز سے جمع کیے گئے ٹیکس کے محافظ بن کر اس ٹیکس کو قومی خزانے میں محفوظ طریقے سے جمع کرنے کے عمل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    صارفین کی شمولیت کا یہ اختراعی اقدام میں زور و شور سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس طرح ٹیکس تعمیل کو فروغ دینے اور محصولات میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے لیے مطلوبہ قومی مہم میں بھی تیزی آئی گی۔ اس کا مقصد لوگوں کو ذمہ دار شہری اور ٹیکس گزار کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی جانب راغب کرنا ہے۔

  • پی آئی اے مسافروں کے لئے بلک ہیڈ نشستوں کی سہولت نے مقبولیت حاصل کرلی

    پی آئی اے مسافروں کے لئے بلک ہیڈ نشستوں کی سہولت نے مقبولیت حاصل کرلی

    کراچی : پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کے لئے متعارف کرائی جانے والی نئی سہولت بلک ہیڈ نشستوں کے حصول نے آغاز سے ہی مسافروں میں مقبولیت حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے طیاروں کی مخصوص بلک ہیڈ سیٹوں کی اضافی رقم وصول کرنے کے فیصلہ کے بعد مسافروں کی جانب سے اسے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کی جانب سے اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں پر مسافروں کو سفر کے لئے زیادہ گنجائش والی نشستوں کا معمولی رقم کے عوض حصول کو مسافروں میں پذیرائی ملی ہے۔

    مسافروں نے اس سہولت کا استعمال شروع کر دیا ہے جس سے پی آئی اے کے ریونیو کے حصول میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں مدد ملی ہے۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے طیاروں کی مخصوص سیٹوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مسافر اس سہولت سے استفادہ کر کے اپنے سفر کو مزید سہل بنا سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا ہے پی آئی اے مسافروں کو سفری سہولتوں میں اضافے کے لئے کوشاں رہتی ہے۔

  • چیمپیئن کی مقبولیت کے بعد براوو نے نیا گانا ریلیز کردیا

    چیمپیئن کی مقبولیت کے بعد براوو نے نیا گانا ریلیز کردیا

    دنیائے کرکٹ کی دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیوائن براوو نے اپنے پہلے گانے کی کامیابی کے بعد اپنا دوسرا گانا ریلیز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیوائن براوو کا موسیقی سے شدید لگاؤ ان کے شائقین سمیت دنیا بھر میں مشہور ہے، ویسٹ انڈین کرکٹر نے ’چیمپئن چیمپئن‘ گانے کی مقبولیت کے ایک اور گانا ’ایشیا ایشیا‘ بھی ریلیز کردیا۔

    ایشیا ایشیا گانے کو کو بھی شائقین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے، جس میں ڈیوائن براوو نے سری لنکا کے مہیلا جے وردنے اور عالمی شہرت یافتہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو بھی شامل کیا ہے۔

    پاکستان کے بوم بوم آفریدی نے ٹویٹر پر گانا شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوائن براوو کا یہ گانا یقیناً سابقہ گانے ’چیمپیئن چیمپیئن‘ سے بہتر ہے کیوں اس میں شامل ہوں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گانے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں یہ گانا بھی سابقہ گانے کی مقبولیت کی بلندیاں عبور کرے گا۔

    مذکورہ گانے میں ایشیائی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں بھی شامل کیا ہے جس میں افغانستان کے راشد خان، بنگلا دیش کے شکیب الحسن اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی و مہندرا سنگھ دھونی دھونی بھی ہیں۔

    واضح رہے کہ سنہ 2016 میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ سے قبل ڈیوائن براوو نے ’چیمپیئن چیمپیئن‘ ریلیز کیا تھا جو شائقین کرکٹ اور براوو کے مداحوں میں بہت مقبول ہوا تھا اور ویسٹ انڈیز کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم بننے کے بعد گانے کی مقبولیت دو چند ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ ڈیوائن براوو نے گزشتہ سال عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

  • جرمن حکومت کی عوامی سطح پر مقبولیت میں کمی، سروے رپورٹ

    جرمن حکومت کی عوامی سطح پر مقبولیت میں کمی، سروے رپورٹ

    برلن : جرمن حکومت کی اتحادی جماعتوں کے درمیان تارکین وطن کے معاملے پر اختلافات منظر عام پر آنے کے باعث وفاقی حکومت کی عوامی شہرت میں کمی واقع ہونے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کی وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے درمیان تارکین وطن سے متعلق پالیسی پر شدید اختلافات منظر عام پر آنے کے بعد عوامی سطح پر حکومت کی مقبولیت میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی۔

    جرمن خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’ڈوئچ لانڈ ٹرینڈ‘ نامی سروے کے دوران ملک کی 80 فیصد سے زائد عوام حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ناخوش ہیں۔ جمعرات کے روز جاری کی جانے والی سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انجیلا میرکل کی حکومت عوام میں اپنی پذیرائی کھو رہی ہے۔

    سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جرمنی کے 80 فیصد سے زائد عوام ملک کی اتحادی حکومت کی تارکین وطن سے متعلق پالیسیوں اور کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے حوالے سے عوامی سروعے ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اتحادی حکومت میں شامل پارٹیوں ’سی ایس یو، سی ڈی یو اور ایس پی ڈی‘ کے درمیان گذشتہ کئی دنوں سے تارکین وطن اور مائیگریشن کی پالیسیوں پر اختلافات جاری ہیں۔

    عوامی سروے کے دوران عوام کا کہنا تھا کہ جرمنی کی موجودہ حکومت تارکین وطن اور مہاجرین کے بحران کے حوالے سے پالیسیوں پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے، تاہم دیگر ملکی معاملات پر کوئی توجہ ہی نہیں دی جارہی۔

    خیال رہے کہ جرمن چانسلر انجیلا میرکل اور وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کے درمیان مہاجرین کے معاملے پر اختلافات شروع ہوئے تھے جو اب حکومت میں شامل تینوں جماعتوں کے درمیان پھیل چکا ہے۔

    جرمنی کے وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر ان تارکین وطن کو جرمنی کی سرحد سے ہی لوٹانا چاہتے ہیں جنہوں نے دیگر یورپی ممالک میں بھی پناہ کی درخواستیں دی ہوئی ہیں، جبکہ جرمن چانسلر جرمنی کی سطح پر کوئی بھی پالیسی بنانے کے بجائے یورپی سطح پر پالیسی بنانے کے حق میں ہیں۔

    سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی کی اتحادی جماعتیں سی ایس یو اور سی ڈی یو کی مقبولیت میں کمی کے باعث تارکین وطن کی مخالف جماعت اے ایف ڈی کی عوام پذیرائی پہلے سے زیادہ ہورہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں