Tag: Port Qasim

  • کراچی: پورٹ قاسم چورنگی کے قریب فائرنگ، 3 افراد جاں بحق

    کراچی: پورٹ قاسم چورنگی کے قریب فائرنگ، 3 افراد جاں بحق

    کراچی میں پورٹ قاسم چورنگی پر فائرنگ سے تین افراد قتل اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پورٹ قاسم چورنگی پر فائرنگ کا وقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں تین افراد قتل اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ مقتول عثمان کے والد کی مدعیت میں تھانہ شاہ لطیف میں درج ایف آئی آر قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت توقیر ولد صدیق عمر ،توصیف ولد محمد بشیر ، عثمان ولد منصف کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں نعمان ولد بشیر اور منصف ولد عبدالطیف شامل ہیں۔

    مقدمہ متن کے مطابق میرا چھوٹا بیٹا 15 سالہ اکرام شیر پاو کالونی قائد آباد میں پڑھتا ہے، اس نے بتایا کہ منیر اور شعبان اسکول جاتے ہوئے بلا وجہ مارپیٹ کرتے ہیں میں نے اس واقعے کا ذکر منیر کے ماموں ندیم سے کیا ندیم  نے کہا میں ان کو سمجھاوں گا۔

    والد نے بتایا کہ منیر کی بہن سمرہ کی شادی میرے بھتیجے ذیشان سے ہوئی تھی کچھ عرصے بعد علیحدگی ہوئی اور ملیر کورٹ میں کیس چل رہا تھا اسی ناراضگی کی وجہ سے میرے بیٹے اکرام کو یہ لوگ تنگ کرتے تھے میرے ماموں ندیم نے رزاق آباد بلایا اور اس کہا اس مسئلے کو حل کرتے ہیں میں اپنے بیٹے اور دیگر کے ہمراہ بات چیت کیلئے رزاق آباد جارہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں ندیم نے فون کر کے کہا آپ پورٹ قاسم چورنگی کے قریب آجائیں ہم پانچوں پورٹ قاسم چورنگی پر ٹریفک چوکی کے پاس پہنچے وہاں پہلے سے موجود ندیم، وسیم کھڑے تھے جنھوں نے کہا بیٹھ کر بات کرتے ہیں اچانک ٹریفک چوکی کے عقب سے ان کے ساتھی منیر، رفیق، سعید اور شعبان آگئے۔

    والد نے پولیس کو بتایا کہ ہم پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ شروع کردی گئی گولیاں لگنے سے میرا بیٹا عثمان، بھتیجا توقیر موقع پر فوت ہوگئے توصیف، نعمان اور بشیر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے مجھے بھی سر پر بٹ مار کر زخمی کردیا گیا، اسپتال پہنچے تو میرا بھتیجا توصیف بھی دم توڑ گیا تھا فائرنگ میں ملوث ملزمان کیخلاف کارورائی کی جائے۔

  • پورٹ قاسم میں نجی کمپنی میں گیس لائن پھٹ گئی، 2 افراد جاں بحق

    پورٹ قاسم میں نجی کمپنی میں گیس لائن پھٹ گئی، 2 افراد جاں بحق

    کراچی: پورٹ قاسم کے قریب کمپنی میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق اور 4 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ قاسم کے قریب ایک نجی کمپنی میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے دو افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، چار افراد زخمی ہیں جب کہ 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق اور دو متاثرین کی شناخت ہو گئی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں ناظم ولد پٹھان خان عمر 40 سال، اور کامران ولد نامعلوم عمر 45 سال شامل ہیں، جب کہ متاثرہ افراد میں 30 سالہ تنویر ولد ممتاز اور 40 سالہ خالد ولد نامعلوم شامل ہیں، تاہم دو افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جن کی عمریں 38 اور 35 سال ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم کے قریب کمپنی میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے حالت غیر ہونے والے افراد کو پہلے جناح اسپتال لے جایا گیا، پھر وہاں سے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے انھیں سول برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

  • پورٹ قاسم پر ہزاروں کنٹینر پھنس گئے، اندر موجود لاکھوں ڈالر کا سامان ایکسپائر

    پورٹ قاسم پر ہزاروں کنٹینر پھنس گئے، اندر موجود لاکھوں ڈالر کا سامان ایکسپائر

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے پورٹ قاسم پر 3 ہزار کے قریب کنٹینر کلیئرنس نہ ملنے کے باعث پھنس گئے، 600 سے زائد کنٹینرز میں موجود سامان ایکسپائر ہوگیا جبکہ محصولات کا بھی نقصان ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی غیر واضح پالیسیاں تاجروں کا نقصان کرنے لگیں، پورٹ قاسم کراچی پر 2 ہزار 860 کنٹینر کلیئرنس کے منتظر ہیں۔

    پورٹ پر موجود 640 کنٹینرز کا سامان ایکسپائر ہوگیا، ان کنٹینرز میں فوڈ آئٹمز اور کاسمیٹکس کا سامان موجود تھا، دیگر کنٹینرز میں گاڑیاں، موبائل فونز، ہوم اپلائنسز اور فرنیچر موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹینر امپورٹ پالیسی آرڈر اور مس ڈکلیئریشن کے باعث رکے ہوئے ہیں۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین عاصم احمد کا کہنا ہے کہ کنٹینرز رکنے سے محصولات کا نقصان بھی ہوا ہے، 23 ونٹیج گاڑیاں امپورٹ پالیسی آرڈر کی خلاف ورزی کے باعث کھڑی ہیں۔

  • پورٹ قاسم پر ڈیزل سے بھرا  جہاز ریت میں پھنس گیا

    پورٹ قاسم پر ڈیزل سے بھرا جہاز ریت میں پھنس گیا

    کراچی : پورٹ قاسم پر ڈیزل کا بھرا جہاز ریت میں پھنس گیا تاہم پھنسے جہاز کو بنڈل جزیرے کے قریب سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پورٹ قاسم پر کروڑوں لیٹرزسے لدا ڈیزل کا جہاز ریت میں پھنس گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پھنسے جہاز کو بنڈل جزیرے کے قریب سے نکالنے کی کوشش جاری ہے ، جہاز سے تیل کے رساؤ کا امکان ہے۔

    ترجمان پورٹ قاسم کا کہنا تھا کہ جہاز صبح ساڑھے 7بجےپھنسا، جس کے باعث جہاز کی برتھنگ متاثر ہوئی، جہاز پھنسنے کی وجوہات معلوم کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے معاون خصوصی محمودمولوی نے بتایا کہ آج صبح 2جہازوں کےانجنوں میں خرابیاں پیداہوئیں، نیوی گیشنل چینل میں داخل ہونےکےدوران جہازوں میں مسئلہ ہوا۔

    ،محمودمولوی کا کہنا تھا کہ بنڈل جزیرے کےقریب دونوں جہازوں کے انجن میں خرابی تھی، دونوں جہازوں کوویٹنگ ایریا میں لنگر انداز کردیا گیاہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دونوں جہازوں کوجلدبرتھوں پربھیج دیا جائے گا ، نیوی گیشن چینل صاف ہےاورپائلٹ اسٹینڈ بائی پرہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل سی ویو کے ساحل پر بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 پھنس گیا تھا، جسے ڈیڑھ ماہ بعد آپریشن کے ذریعے نکالا گیا تھا۔

  • پورٹ قاسم ایل این جی ٹرمینل کیلئے دو کمپنیوں نے تجاویز کے ساتھ رقم جمع کرادی

    پورٹ قاسم ایل این جی ٹرمینل کیلئے دو کمپنیوں نے تجاویز کے ساتھ رقم جمع کرادی

    اسلام آباد : تعبیر انرجی اور اینرگیس نے پورٹ قاسم پر نجی ایل این جی ٹرمینل کی قیام کیلئے اپنے تکنیکی اور مالیاتی تجویز کے ساتھ دو، دو ملین ڈالرجمع کرا دیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کو پورٹ قاسم ایل این جی ٹرمینل منصوبے میں بڑی کامیابی مل گئی، تعبیر انرجی، اینرگیس نے دو ٹرمنلز کے لیے2.2ملین ڈالرجمع کرادیے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم پر ٹرمینلز کی سائٹ لاگت10،10ملین ڈالر ہے، تعبیرانرجی، اینرگیس منصوبے پر مزید8،8ملین ڈالر ادا کریں گی۔

    پورٹ قاسم پر دونوں ایل این جی ٹرمینلز کی مجموعی لاگت20ملین ڈالر ہے، انہوں نے کہا کہ ن لیگ دور حکومت میں ایل این جی جہاز کا کرایہ ڈھائی لاکھ ڈالر فی دن منظور ہوا تھا جس کی وجہ سے دو ایل این جی ٹرمینل کے2جہازوں پر یومیہ5لاکھ ڈالر کا بوجھ آتا ہے۔

    علی زیدی نے بتایا کہ نئے ایل این جی ٹرمینل معاہدے میں جہازوں کے کرایے کی ادائیگی ختم کر دی گئی ہے، وزیر اعظم عمران خان حکومت کے اقدام سے420ارب روپے کی بچت ہوگی، پی ٹی آئی حکومت کے معاہدے میں ایل این جی لازمی لینے کی شرط بھی ختم کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : اوگرا کی جانب سے نومبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں کا تعین کر دیا گیا

    وفاقی وزیر بحری امور سید علی زیدی نے مزید کہا کہ تعبیر انرجی اور اینر گیس کایہ اقدام نجی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان میں سرمایہ داروں کے اعتماد کی نشانی ہے۔

  • کراچی : رواں مالی سال پورٹ قاسم کسٹم کلکٹریٹ کی آمدنی میں ریکارڈ اضافہ

    کراچی : رواں مالی سال پورٹ قاسم کسٹم کلکٹریٹ کی آمدنی میں ریکارڈ اضافہ

    کراچی : پورٹ قاسم کسٹم کلکٹریٹ کی آمدنی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، کسٹم کلکٹریٹ نے گزشتہ چھ ماہ میں کسٹم محصولات کی مدمیں89ارب روپے جمع کرلیے جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم کسٹم کلکٹریٹ نے رواں مالی سے کے پہلے چھ ماہ میں 89ارب روپے وصول کر لیے ،ایف بی آر کے مطابق موجودہ محصولات گزشتہ برس جمع ہونیوالی رقم سے 25فیصد زائد ہے۔

    جمع شدہ رقم 89ارب روپے ایف بی آرکے جمع کردہ محصولات کابڑاحصہ ہیں۔ کسٹم کلکٹریٹ پورٹ قاسم کی کل در آمدی محصولات کی مد میں267ارب کی رقم جمع کی گئی ہے۔

    یہ رقم بھی گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں پندرہ فیصد زیادہ ہے۔اس کے علاوہ پورٹ قاسم کسٹم کلکٹریٹ کو سیلزٹیکس کی مد میں بھی بڑی کامیابی حاصل ہو ئی ہے۔

    سیلز ٹیکس ریونیو میں گزشتہ برس کے مقابلے میں سات فیصداضافہ ہوا ہے، سیلز ٹیکس کی مد میں 144 ارب روپے وصول کیے گے ہیں۔

  • پورٹ قاسم کی زمینوں کی الاٹمنٹ، وفاقی وزیرعلی زیدی نے تمام ریکارڈ طلب کرلیا

    پورٹ قاسم کی زمینوں کی الاٹمنٹ، وفاقی وزیرعلی زیدی نے تمام ریکارڈ طلب کرلیا

    کراچی : پورٹ قاسم کی زمینوں کے الاٹمنٹ کے معاملہ پر ایکشن لیتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے ماضی میں فروخت زمینوں کا ریکارڈ مانگ لیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم اتھارٹی میں سیکڑوں ایکڑ قیمتی اراضی کی الاٹمنٹ کی گئی، اتھارٹی اراضی صرف پورٹ سے وابستہ صنعتوں کو فروخت کی مجاز تھی۔

    ذرائع کے مطابق ماضی کی حکومتوں میں پورٹ قاسم کی زمینوں کی الاٹمنٹ کی گئی، وفاقی وزیر علی زیدی نے پورٹ انتظامیہ کو زمینوں کی الاٹمنٹ کی تفصیلات مہیا کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے حکومتی خزانے کو اربوں روپے سے محروم کیا گیا ہے، ماضی کی حکومت نے من پسند افراد کو پورٹ قاسم کی اراضی فروخت کی،4سے5کروڑ روپے فی ایکڑ اراضی صرف50لاکھ سے ایک کروڑ تک فروخت کی گئی۔

  • وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج انٹرنیشنل بلک ٹرمینل پورٹ قاسم کا افتتاح کریں گے

    وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج انٹرنیشنل بلک ٹرمینل پورٹ قاسم کا افتتاح کریں گے

    کراچی : وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج انٹرنیشنل بلک ٹرمینل پورٹ قاسم کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق زیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج ایک روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے، جہاں انٹرنیشنل بلک ٹرمینل پورٹ قاسم کا افتتاح کریں گے جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیراعظم کو وفاق کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں پربریفنگ بھی دی جائے گی۔

    گذشتہ روز وزیراعظم شاہدخاقان نے جھنڈیال ون منصوبے کا افتتاح کیا تھا اور افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ منصوبےسےتیل وگیس علاوہ50ٹن ایل پی جی بھی ملےگی، منصوبےکی دریافت .بہترمستقبل کی نوید ہے، گزشتہ4سال میں ساڑھے300دریافت کی گئیں، نواز شریف کی پالیسیوں کوآگےبڑھارہےہیں، ملک میں آج ہرشعبےکوگیس فراہم کی جارہی ہے۔


    مزید پڑھیں : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پورٹ قاسم پرایل این جی ٹرمینل کاافتتاح کردیا


    شاہدخاقان کا کہنا تھا کہ  جمہوریت پروان چڑھےگی تومعیشت بھی ترقی کرےگی ، فیصلہ کرلیں ہم نے جمہوریت کومضبوط کرناہے، فیصلہ عوام کے پاس ہے، اگست2018میں فیصلہ کریں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل دورے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کا افتتاح کیا تھا اور کہا تھا کہ یراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایل این جی ٹرمینل پاکستان کا گیس سپلائی کا بڑاذریعہ ہے۔


    مزید پڑھیں : وزیراعظم کا کراچی کے لیے 25 ارب کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان


    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کے لیے 25 ارب روپے اورحیدرآباد کے لیے 5 ارب روپے جب کہ کراچی یونیورسٹی میں میڈیکل کالج اور اسپتال کے قیام کا بھی اعلان کرتے ہوئے کراچی میں رینجرز آپریشن برقرار رکھنے اور وفاق کی جانب سے ہرقسم کے تعاون کی فراہمی کا یقین دلایا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پورٹ قاسم پرایل این جی ٹرمینل کاافتتاح کردیا

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پورٹ قاسم پرایل این جی ٹرمینل کاافتتاح کردیا

    کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کا افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی آج صبح پورٹ قاسم پہنچے جہاں انہیں ایل این جی ٹرمینل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایل این جی پاکستان لانے کی کوششیں ناکام رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرمینل 330 دن کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا جبکہ دو پارٹیوں نے ایل این جی لانے کےلیے بولی جمع کرائی تھی۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ایل این جی کےٹھیکےمیں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا اس حوالےسےچیئرمین پورٹ قاسم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں مزید ٹرمینل بھی کم مدت میں تیار ہوں گے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ گیس ٹربائن کے3 بڑے پلانٹ لگا رہے ہیں جبکہ صنعتوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی جارہی ہے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایل این جی ٹرمینل پاکستان کا گیس سپلائی کا بڑاذریعہ ہے۔


    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی دو روزہ دورے پر کراچی آمد


    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی دو روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے جہاں اُن کا استقبال سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کیا تھا۔

    کراچی آمد کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قائم مقام گورنر سندھ سے ملاقات کی تھی اور شہر میں امن و امان سمیت تعمیر و ترقی کے حوالے سے اہم پروجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم، تاجروں اور سرمایہ کاروں سمیت مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے جس میں کراچی پیکیج سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی: وزیرِ اعظم اتوار کو ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے

    کراچی: وزیرِ اعظم اتوار کو ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے

    کراچی: وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اتوار کو پورٹ قاسم پر بنائے گئے ملک کے پہلے ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اتوار 27 اگست کو پورٹ قاسم پر ملک کے پہلے اور واحد آپریشنل ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے۔

    اینگرو ایل این جی ٹرمینل شاہد خاقان عباسی کی بحیثیت وفاقی وزیر پٹرولیم ذاتی دلچسپی اور کوششوں کی بدولت 330 دن کی قلیل مدت میں 130 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے 100فیصد نجی سرمایہ کاری سے تعمیر کیا گیا ہے۔

    ٹرمینل پر اب تک 6.1 ملین ایل این جی درآمد کی جاچکی ہے جس سے ملک کو مہنگے فرنس آئل اور ڈیزل کی درآمد اور استعمال کے مقابلے میں تقریباً 1.7ارب ڈالر کی بچت ہوچکی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کو تقریباً ڈھائی سے 3 ارب کیوبک فٹ گیس کی کمی کا سامنا ہے اور ایل این جی ٹرمینل کے ذریعے درآمد کی گئی گیس سے اس کمی میں تقریباً 20سے 25فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے بعد ملک میں ایل این جی پر چلنے والے 1200 میگاواٹ کے تین نئے بجلی گھروں قصور، شیخوپورہ اور جھنگ میں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

    تین بجلی گھروں سے ملک کو 3600 میگا واٹ سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کی جائے گی اور یہ پلانٹ صلاحیت کے لحاظ سے 60 فیصد بہتر ہوں گے جوکہ تھر مل پاور پلانٹس کی مناسبت سے 45 فیصد زیادہ صلاحیت کے ہوں گے۔

    ملک میں ایل این جی کی درآمد سے ٹیکسٹائل، سی این جی، پاور پلانٹس اور فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور ملک سے بجلی اور گیس کے بحران کو کم کرنے میں خاطرخواہ مدد مل رہی ہے۔

    مہنگے فرنس آئل اور ڈیزل کے مقابلے میں سستی ایل این جی کی درآمد سے ملک میں معاشی ترقی اور استحکام کا نیا دور شروع ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ پہلے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے بعد شاہد خاقان عباسی کی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اور قطر درمیان ایل این جی کی درآمدکا طویل المدّتی معاہدہ طے پایا تھا۔

    پاکستان کے علاوہ خطے میں بھارت اور بنگلہ دیش ایل این جی درآمد کررہے ہیں جبکہ جاپان تاحال دنیا کا سب سے بڑا ایل این جی درآمد کنندہ ہے جوکہ اپنی توانائی کی ضروریات سستی اور ماحول دوست ایل این جی کے ذریعے پوری کررہاہے۔