Tag: positive

  • 6 ہفتوں بعد لاش میں کووڈ 19 کی تصدیق

    6 ہفتوں بعد لاش میں کووڈ 19 کی تصدیق

    اٹلی میں ایک شخص میں موت کے بعد کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی اور حیران کن طور پر 6 ہفتوں اور 28 ٹیسٹس کے بعد بھی نتیجہ مثبت آتا رہا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ستمبر 2021 میں اٹلی کے علاقے کیتی میں یوکرین سے تعلق رکھنے والا ایک شخص اپنے دوست کے ساتھ سمندر کی سیر پر گیا اور وہاں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔

    یہ واقعہ افسوسناک تو تھا لیکن موت کے بعد جو ہوا اس نے طبی ماہرین کو چکرا کر رکھ دیا، لاش کا موت کے بعد لگ بھگ 6 ہفتوں تک کم از کم 28 بار کووڈ 19 کا ٹیسٹ کیا گیا اور ہر بار لاش کا ٹیسٹ مثبت رہا۔

    اس سے بھی زیادہ حیران کن حقیقت یہ تھی کہ موت کے وقت اس شخص میں کووڈ کی علامات بالکل بھی نہیں تھی اور ممکنہ طور پر اگر وائرس اس کے اندر موجود ہوگا بھی تو وائرل لوڈ کی مقدار بہت کم ہوگی۔

    طبی جریدے بی ایم سی جرنل آف میڈیکل کیس رپورٹس میں اس کیس پر تحقیق کے نتائج شائع ہوئے اور کہا گیا کہ تمام افراد کے پوسٹ مارٹم کے دوران سواب ٹیسٹ ہونے چاہیئں چاہے وہ موت کووڈ سے جڑی ہوئی ہو یا نہ ہو۔

    اگرچہ اس شخص (اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) کے بارے میں تصدیق ہوچکی تھی کہ وہ ڈوب کر مرا ہے مگر اٹلی کے قوانین کے تحت موت کی وجہ جو بھی ہو ایک کووڈ ٹیسٹ لازمی کیا جاتا ہے۔

    پوسٹ مارٹم کے دوران جب کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تو لاش کو مقامی مردہ خانے میں جراثیم سے پاک واٹر پروف بیگ میں بند کرکے منتقل کردیا گیا، مگر تدفین کی اجازت میں تاخیر کے باعث وہ لاش مردہ خانے میں 41 دن تک موجود رہی۔

    تحقیق کے مطابق اس عرصے کے دوران 28 بار کووڈ ٹیسٹ کیے گئے اور ہر بار ٹیسٹ کو ایک ہی ٹیم نے کیا اور اس دوران عالمی قوانین کو مدنظر رکھا گیا۔ یہ وہی روایتی کووڈ ٹیسٹ ہے جس میں ناک سے مواد کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور ہر بار ٹیسٹ مثبت رہا۔

    یہاں تک کہ تحقیقی ٹیم کو شبہ ہوا تو انہوں نے اسی ٹیسٹنگ کٹس سے ایک دوسرے کے ٹیسٹ بھی کیے۔

    نہ صرف موت کے لگ بھگ 6 ہفتوں بعد تک لاش میں کووڈ کے وائرل ذرات دریافت ہوتے رہے بلکہ ٹیسٹنگ کے اختتام پر صرف وہی قابل شناخت ذرات رہ گئے تھے۔

    ماہرین کی جانب سے کووڈ ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ہر بار ایک کنٹرول ٹیسٹ بھی کیا جاتا تھا جس کا مقصد انسانی خلیاتی آر این اے کو جانچنا ہوتا تھا۔

    موت کے 41 دن کے دوران ٹیسٹوں میں انسانی آر این اے نظر آنا بند ہوگیا تھا مگر کووڈ ٹیسٹ بدستور مثبت آرہے تھے حالانکہ انسانی خلیات دریافت نہیں ہورہے تھے۔

    ماہرین نے کہا کہ زندہ انسانی جسموں اور ان کے ماحول میں وائرس کے رویوں کے بارے میں تو اب تک اچھی خاصی تحقیق ہوچکی ہے مگر مردہ جسموں اور ان کے متعدی ہونے کے بارے میں ڈیٹا موجود نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کووڈ سے ہلاک ہونے والے افراد کے پوسٹ مارٹم کا حصہ بننے والے افراد میں اس وائرس کی منتقلی کا خطرہ ہوسکتا ہے مگر اس حوالے سے تحقیق کے بعد ہی تصدیق کی جاسکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ کرونا وائرس زیادہ تر منہ یا ناک سے خارج ہونے والے بڑے ذرات کے باعث ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہوتا ہے مگر یہی واحد ذریعہ نہیں بلکہ آلودہ اشیا، فضا وغیرہ بھی اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔

    ماہرین نے تسلیم کیا کہ ان کی تحقیق محدود تھی اور اس حوالے سے تحقیقی کام کرنا بھی بہت مشکل ہے کہ کیونکہ اخلاقی طور پر مردہ افراد پر اس طرح کا کام نہیں کیا جاسکتا۔ مگر انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نتائج سے مستقبل میں تحقیق کا راستہ کھل جائے گا۔

  • کویت کے وزیر صحت کرونا وائرس کا شکار

    کویت کے وزیر صحت کرونا وائرس کا شکار

    کویت سٹی: کویت کے وزیر صحت خالد السعید کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، کویت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویتی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ وزیر صحت خالد السعید کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح معمول کے مطابق وزیر صحت کا ٹیسٹ ہوا تھا، رپورٹ آنے پر پتہ چلا کہ وہ وائرس کی زد میں آگئے ہیں، وزیر صحت نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے اور آن لائن فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ 4 ہفتوں کے دوران کویت میں کرونا وائرس کے کیسز غیر معمولی حد تک بڑھ گئے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں 2 ہزار 413 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ 9 دسمبر سے اب تک صرف 20 کیسز رپورٹ ہوئے تھے تھے۔

  • سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کرونا میں مبتلا

    سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کرونا میں مبتلا

    اسلام آباد: ملک میں کرونا وبا کی تیسری لہر نے اپنے پنجے گاڑھنا شروع کردئیے ہیں، صدر مملکت، وزیراعظم عمران خان ، وزیر دفاع پرویز خٹک کے بعد سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حفیظ شیخ کی جگہ وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے والے حماد اظہر نے بتایا کہ حفیظ شیخ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔

    گذشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے  بھی ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے وزیردفاع کے کرونا میں مبتلا ہونے ‏کی اطلاع دی تھی انہوں نے کہا کہ وزیردفاع پرویز خٹک کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    اس خبر سے قبل گذشتہ روز ہی ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا تھا کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، انہوں نے لکھا تھا کہ اللہ تمام کرونامتاثرین پر رحم کرے۔صدر عارف علوی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ کرونا ویکسین کی ایک ڈوز لےچکاہوں اور ویکسین کی دوسری ڈوز چندہفتوں میں لگےگی، ساتھ ہی انہوں نے دعا بھی لکھی کہ اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی (اللہ) شفا دیتا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول بشریٰ بی بی بھی کرونا وائرس کا شکار ہوکر قرنطینہ میں ہیں ، وزیراعظم عمران خان کا آج دوبارہ کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا، کرونا منفی آنے پر وزیراعظم عمران خان جمعرات کو ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کرینگے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیرخزانہ حفیظ شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر حماد اظہر کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا، آج کابینہ ڈویژن نے حماد اظہر کی بطو وزیر خزانہ تقرری اور حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا تھا۔

  • معروف پاکستانی ماڈل کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں

    معروف پاکستانی ماڈل کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں

    کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف ماڈل علیزے گبول کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں، انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ اور ماڈل علیزے گبول نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ ان کا کوویڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ شروع میں انہیں بخار تھا تاہم اب اس کی علامات کم ہیں۔ وہ ٹھیک ہیں اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد صحت یابی کے لیے پرامید ہیں۔

    اس سے قبل متعدد فنکار کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ 29 ستمبر کو فلم اور ڈراما انڈسٹری کے نامور اور سینئر اداکار مرزا شاہی کرونا وائرس کے باعث چل بسے تھے۔

    علاوہ ازیں اداکارہ سکینہ سموں، ندا یاسر، یاسر نواز، روبینہ اشرف، گلوکار ابرار الحق، بلال مقصود، کامیڈین و میزبان شفاعت علی اور واسع چوہدری بھی وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    ملک میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 932 ہوچکی ہے جن میں سے 8 ہزار 904 فعال کیسز ہیں۔

    کرونا وائرس سے 6 ہزار 570 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 3 لاکھ 3 ہزار 458 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • عرب ممالک میں حماس کے حوالے سے مثبت سوچ میں اضافہ ہوا، امریکی سروے

    عرب ممالک میں حماس کے حوالے سے مثبت سوچ میں اضافہ ہوا، امریکی سروے

    واشنگٹن : امریکی سروے میں بتایا گیا ہے کہ امارات، کویت، اردن اور مصر میں عوامی سطح پر صہیونی ریاست کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے مخالف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں کیے گئے ایک سروے جائزے میں کہا گیا ہے کہ عرب ممالک میں عوامی سطح پر فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے حوالے سے لوگوں کی مثبت سوچ میں اضافہ ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ واشنگٹن انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت جیسے ملکوں میں حماس کے بارے میں لوگوں کی مثبت سوچ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

    سروے رپورٹ میں اردن میں 57 فی صد ، لبنان میں 54 ، کویت میں 52 فی صد ،مصر، متحدہ عرب امارات میں بالترتیب 38، 34 اور 27 فی صد مثبت رائے پائی جاتی ہے۔

    سروے میں حصہ لینے والے 50 فی صد مصری رائے دہندگان نے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعاون کی مخالفت کی۔ رائے عامہ جائزے کے مطابق عرب ممالک فلسطین، اسرائیل تنازع کے حل کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ امارات، کویت، اردن اور مصر میں عوامی سطح پر صہیونی ریاست کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے مخالف ہیں۔عرب ممالک میں عوامی سطح پر اسرائیل کے ساتھ تعاون کی سب سے زیادہ مخالفت کویت کے عوام کی طرف سے کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کویت میں 13 فی صد سے زیادہ لوگ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حامی نہیں۔

  • پاکستان کا امریکا میں اپنا امیج بہتر بنانے کے لیے لابنگ کا فیصلہ

    پاکستان کا امریکا میں اپنا امیج بہتر بنانے کے لیے لابنگ کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان نے امریکا میں اپنا امیج بہتر بنانے کے لیے 8برس بعد لابنگ کا فیصلہ کرلیا جس کے لیے کسی فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

    اطلاعات کے مطابق بھارت امریکا میں پاکستان کا منفی امیج پیش کرنے اور اپنا بہتر امیج اجاگر کرنے کے لیے کئی فرمز کو باقاعدگی سے استعمال کرتا ہے لیکن پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی کام سامنے نہیں آسکا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان نے مشرف دور میں امریکا میں لابنگ ختم کردی تھی جس کے بعد سے امریکا میں پاکستان کی بہتر تصویر پیش کرنے کے لیے کوئی موثر کام نہیں کیا گیا جس کے سبب پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی ہے۔

    اس حوالے سے اطلاعات ملی ہیں کہ پاکستان نے بھی بھارت کی طرح امریکا میں اپنا امیج بہتر بنانے کے لیے لابنگ کرنے اور اس ضمن میں کسی فرم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ فیصلہ تقریباً 8برس کے بعد کیا گیا ہے جس کے دور رس اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ پاکستنای حکام کا کہنا ہے کہ لابنگ کا فیصلہ امریکا میں پاکستان کاامیج بہتر بنانے کے لیے کیا گیا۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز نے امریکا میں کمزور پاکستانی لابنگ کی نشاندہی کی تھی اور اس حوالے سے خبریں نشر کی تھیں۔