Tag: Post Enumeration Survey

  • نئی مردم شماری کا آخری مرحلہ مزید تاخیر کا شکار

    نئی مردم شماری کا آخری مرحلہ مزید تاخیر کا شکار

    ملک بھر میں ہونے والی نئی مردم شماری کا حتمی مرحلہ مزید تاخیر کا شکار ہوگیا جس کے بعد قوی امکان ہے کہ عام انتخابات کا معاملہ کھٹائی میں پڑسکتا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ انومریشن سروے کے نتائج تاحال جمع نہیں کرائے گئے، ادارہ شماریات نے پوسٹ انومریشن سروے31جولائی تک مکمل کرنا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پوسٹ انومریشن سروے کے بعد اعداد و شمار حکومت کو بھجوانے تھے، مذکورہ سروے کے نتائج تاحال حکومت کو ارسال نہیں لیے گئے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پوسٹ انومریشن سروے کے نتائج میں تاخیر سے مشترکہ مفادات کونسل اجلاس مؤخر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

    موجودہ صورتحال پر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اکتوبر نومبر میں انتخابات ہوتے ہیں تو الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں نہیں کرسکے گا، نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیاں کرنے کیلئے چھ سے سات مہینے درکار ہیں، الیکشن میں تاخیر ملک کا مستقبل داؤ پر لگانے کے مترادف ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نئی مردم شماری کے تحت انتخابات میں جانے کے حوالے سے دیے گئے بیان کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، جہاں کچھ اتحادی جماعتوں نے نئی مردم شماری کے بعد انتخابات میں جانے پر رضا مندی ظاہر کی ہے، وہیں اہم اور سب سے بڑے اتحادی نے اس پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔