نئی دہلی (24 اگست 2025): بھارت نے امریکا کے لیے پوسٹل سروس معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز انڈین وزارت مواصلات کے تحت محکمہ ڈاک نے اعلان کیا ہے کہ 25 اگست سے امریکا جانے والی تمام پوسٹل اشیا کی بکنگ عارضی طور پر معطل کر دی جائے گی۔
اس فیصلے کے تحت صرف خطوط، دستاویزات اور 100 امریکی ڈالر تک مالیت کے تحائف کی بکنگ جاری رہے گی، یہ اقدام امریکی کسٹمز قوانین میں تبدیلی کے بعد کیا گیا ہے، جو اس ماہ کے آخر سے نافذ العمل ہوں گے۔
محکمہ ڈاک کا کہنا ہے کہ امریکی قوانین کی وجہ سے اسے عملی مشکلات کا سامنا ہے، محکمے نے وضاحت کی کہ یہ معطلی براہِ راست ان نئے قواعد کے نفاذ کا نتیجہ ہے جو انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ (IEEPA) کے تحت نافذ ہونے جا رہے ہیں۔
بھارت کو روسی تیل پر ٹرمپ کی بات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، نکی ہیلی
واضح رہے کہ پوسٹل سروسز کی معطلی تجارتی کشیدگی میں اضافے کے پس منظر میں سامنے آئی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ہندوستان پر 25 فی صد ٹیرف عائد کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ روسی تیل کی خریداری پر اضافی 25 فی صد جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جس سے ٹیرف کا مجموعی بوجھ مؤثر طریقے سے 50 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔
امریکا کے نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت اب وہ تمام ٹرانسپورٹ کیریئرز، جو بین الاقوامی ڈاک سسٹم یا امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) کی جانب سے منظور شدہ ’’اہل فریقین‘‘ کے ذریعے سامان پہنچاتے ہیں، ان پر لازم ہوگا کہ وہ کسٹمز ڈیوٹی وصول کریں اور جمع کرائیں۔