Tag: postponed

  • ایوان صدر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ہونے والی تقریب مؤخر

    ایوان صدر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ہونے والی تقریب مؤخر

    اسلام آباد: ایوان صدر میں پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر ہونے والی تقریب مؤخر کردی گئی۔

    ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بچوں پر حملے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر ہنگامی دورے پر وزیراعظم کے ہمراہ کوئٹہ جائیں گے جس کے باعث انہوں نے ایوان صدر میں اپنے اعزاز میں تقریب مؤخر کرنے کی درخواست کی۔

    جس کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ایوان صدر کی تقریب مؤخر کردی گئی، ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب خضدار میں اندوہناک حملے کی وجہ سے مؤخر کی گئی۔

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری

    ’فیلڈ مارشل کا اعزاز شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں‘

    واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بیجز لگانے کیلئے خصوصی تقریب آج سہ پہر ساڑھے 4 بجے ایوان صدر اسلام آباد میں ہونا تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے معرکہ حق، آپریشن بُنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی۔

    جنرل عاصم دوسری شخصیت ہیں جنہیں فیلڈ مارشل بنایا گیا ہے جب کہ صدر جنرل ایوب خان 1959 میں فیلڈ مارشل بنے تھے۔

    فیلڈ مارشل فوج میں اعلیٰ ترین عہدہ ہے، عہدے پر فائز شخص فائیو اسٹار جنرل اور سینئر ترین آرمی افسر ہوتا ہے۔ یہ ایوارڈ غیر معمولی، مثالی قیادت اور خدمات کے پیش نظر دیا جاتا ہے۔

    آرمی چیف فیلڈ مارشل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کے بہادر مردوں اور خواتین کو خراج تحسین ہے، خاص طور پر ان شہداء کو جو پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال اور بزدلانہ جارحیت کے خلاف آہنی کی دیوار کی طرح کھڑے رہے۔

  • عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ سے متعلق اہم خبر آگئی

    عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ سے متعلق اہم خبر آگئی

    بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار عامر خان کی نئی آنے والی فلم ’ ستارے زمین پر‘ کی ریلیز سے متعلق بڑی خبر آگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دسمبر 2024 میں ریلیز کے لیے تیار عامر خان کی فلم ستارے زمین پر کو 2025 تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

    ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں عامر خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فلم ’ستارے زمین پر‘ 2007 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم فلم تارے زمین پر کے تھیم پر مبنی سیکوئل ہے۔

    عامر خان نے بتایا  یہ فلم کا سیکوئل ہے لیکن اس کی کہانی اور کردار بالکل نئے ہوں گے، فلم کی پوسٹ پروڈکشن کا کام اس ماہ کے آخر میں شروع ہوگا، اور فلم 2025 کے درمیاں میں ریلیز کی جائے گی۔

    اداکار نے اپنے نئے پروجیکٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک اور پروڈکشن پروجیکٹ میں کام کررہا ہوں لیکن ابھی اس کی تفصیلات نہیں بتاسکتا۔

    یاد رہے کہ 2007 کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ میں عامر خان نے آرٹس ٹیچر رام شنکر نکمب کا کردار ادا کیا تھا، جو ایک طالب علم، ایشان اوستھی، کو ڈسلیکسیا پر قابو پانے اور اس کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

     ایشان اوستھی کا کردار چائلڈ اسٹار درشیل نے نبھایا تھا، جو اب اس کے سیکوئل ’ستارے زمین پر‘ میں بھی ایک اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

  • چیمپئنز ٹرافی کیلئے آئی سی سی کی اہم میٹنگ شروع ہوتے ہی ملتوی

    چیمپئنز ٹرافی کیلئے آئی سی سی کی اہم میٹنگ شروع ہوتے ہی ملتوی

    پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بورڈ میٹنگ شروع ہوتے ہی ملتوی کردی گئی۔

    ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آج ہونے والی بورڈ میٹنگ 10 سے 15 منٹ تک جاری رہی، آئی سی سی نے فیصلہ کیا کہ میٹنگ اگلے 24 سے 48 گھنٹے میں دوبارہ ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میٹنگ میں تمام بورڈ ممبران شامل تھے، پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر ٹورنامنٹ نہیں کروائیں گے۔

    جبکہ آئی سی سی کی جانب سے معاملے کو حل کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ امید ہے کوئی حل طلب فارمولا کل نکال لیا جائے۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی واضح طور پر ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر چکے ہیں اور کئی بار دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ کا میزبان ہے اور مکمل ایونٹ اپنے ہی ملک میں کرائے گا۔

    جبکہ گزشتہ روز بھی پی سی بی سربراہ محسن نقوی نے آئی سی سی حکام سے گفتگو میں کہا تھا کہ زخم سہہ لیں گے لیکن بے عزتی نہیں اٹھائیں گے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلنے جائیں اور وہ یہاں نہ آئیں۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو اپنا واضح موقف دے چکے، اب بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہوگا، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلیں اور وہ یہاں نہ آئیں۔

    آئی سی سی سے مشاورت جاری ہے، اچھا نتیجہ سامنے آئے گا، پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا وقت آرہا ہے۔ چیمپئنر ٹرافی کے لیے پاکستان کی بہترین ٹیم میدان میں لائیں گے، اللہ نے چاہا تو چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔

    واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول اب تک جاری نہیں کیا جا سکا ہے، تاہم براڈ کاسٹرز کو 5 دسمبر سے پہلے معاملے کا حل نکلنے کی امید ہے۔

  • نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کھٹائی میں پڑگیا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس موخر

    نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کھٹائی میں پڑگیا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس موخر

    پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کھٹائی میں پڑ گیا ہے، نئے قائد ایوان کیلیے کل ہونیوالا اسمبلی اجلاس 10 روز کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلیے کل بلایا جانیوالا اجلاس 10 روز کیلیے موخر کردیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ اب یہ اجلاس 6 کے بجائے 16 اپریل کو ہوگا۔

    ڈپٹی اسپیکر نے 16 اپریل تک پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

    اس سے قبل 3 اپریل کو اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے باعث پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کیا گیا تھا۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا تھا کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے حکومتی اتحاد 3 آپشنز پر غور کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب، حکومتی اتحاد کا 3 آپشنز پر غور

    ذرائع نے بتایا تھا کہ ان آپشنز میں ایک آپشن اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنا بھی ہے۔

  • وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس ‘اچانک’ ملتوی کردیا گیا

    وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس ‘اچانک’ ملتوی کردیا گیا

    اسلام آباد: ملکی سیاسی صورت حال میں ہلچل، وزیراعظم نے دورہ لاہور کے باعث وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کل ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے، اب وزیراعظم عمران خان مختصر دورے پر لاہور روانہ ہونگے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ لاہور کے موقع پر وزیراعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات ہوگی جس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے، اس کے علاوہ وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس نہایت اہمیت کا حامل ہے، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق امور پر حتمی مشاورت ہو گی جبکہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد لاہور میں سیاسی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی ہے، پی ڈی ایم کے اہم رہنما گذشتہ ایک ہفتے سے لاہور میں مقیم ہے جہاں انہوں نے مسلم لیگ (ق) سے کئی ملاقاتیں کیں ہیں۔

  • فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    زیورخ: فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے انڈر 20 اور انڈر 17 ورلڈ کپس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے 2 بین الاقوامی ٹورنامنٹس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے ہیں۔

    انڈونیشیا میں انڈر 20 ورلڈ کپ اور پیرو میں انڈر 17 ورلڈ کپ اگلے سال منعقد ہونے تھے۔

    فیفا کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے میں کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وبا نے بین الاقوامی سفر پر بھی اثرات ڈالے ہیں۔

    عالمی صورتحال اس مقام تک پہنچنے میں ناکام رہی جہاں دونوں ٹورنامنٹس کی میزبانی سے متعلق درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا۔

    فیفا کا مزید کہنا ہے کہ وہ دونوں میزبان ملکوں کے ساتھ 2023 میں کامیاب ٹورنامنٹس منعقد کرنے کی منتظر ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ یورو 2020 کو اگلے سال جون تک ملتوی کیا گیا ہے۔ کوپا امریکہ بھی ملتوی ہو چکا ہے جبکہ افریقہ کپ آف نیشن جنوری 2022 تک ملتوی کیا جا چکا ہے۔

  • توشہ خانہ ریفرنس : نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مؤخر

    توشہ خانہ ریفرنس : نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مؤخر

    اسلام آباد:احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مؤخر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مؤخر کردی گئی ، احتساب عدالت کے جج اصغر علی موسم گرما کی تعطیلات کے باعث چھٹیوں پرہیں.

    عدالت کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مرکزی کیس کےساتھ ہو گی، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے اور توشہ خانہ مرکزی کیس کی سماعت 9 ستمبر کو ہو گی۔

    یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت میں طلبی کیخلاف دائردرخواست واپس لے لی تھی ، جس پرعدالت نے نواز شریف کی درخواست خارج کر دی تھی۔

    خیال رہے احتساب عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کا اشتہارجاری کرکے پیشی کاآخری موقع دے رکھا ہے۔

    واضح رہے توشہ خانہ ریفرنس کےمطابق آصف زرداری اورنواز شریف پر غیرقانونی طور پر گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے، غیرقانونی طورپرگاڑیاں یوسف رضا گیلانی سے حاصل کی گئیں۔

  • عرب دنیا کا پہلا مریخ مشن موسم کی خرابی کے باعث ملتوی

    عرب دنیا کا پہلا مریخ مشن موسم کی خرابی کے باعث ملتوی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اور عرب دنیا کا پہلا مریخ مشن ملتوی کردیا گیا، مشن بدھ کی شب 12 بجے روانہ کیا جانا تھا تاہم موسم کی خرابی کے باعث اسے ملتوی کرنا پڑا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کا پہلا مریخ مشن موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کردیا گیا، یہ عرب دنیا کا بھی پہلا خلائی مشن تھا۔

    متحدہ عرب امارات کا پہلا خلائی تحقیقاتی مشن بدھ 15 جولائی کو رات 12 بج کر 51 منٹ پر روانہ ہونا تھا، تاہم موسم کی خرابی کے باعث اس کے ملتوی ہونے کے خدشات ظاہر کیے جارہے تھے جو اب سچ ہوگئے۔

    اماراتی خلائی مشن مریخ کا موسم دریافت کرنے اور آئندہ 100 برس کے دوران وہاں انسانی بستی بسانے سے متعلق ضروری معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

    خلائی مشن جاپان کے خلائی سینٹر ٹینگا شیما سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والا تھا، اس کا حجم فور وہیل گاڑی جتنا ہے اور وزن 1350 کلو گرام ہے۔ اسے پائلٹ کے بغیر خود کار سسٹم کے تحت کنٹرول کیا جائے گا۔

    اس خلائی مشن کو العمل (ہوپ) کا نام دیا گیا ہے، مشن کو مریخ تک پہنچنے میں 7 ماہ کا وقت درکار ہوگا اور یہ مریخ تک پہنچنے کے لیے 493 ملین کلو میٹر کا سفر طے کرے گا۔ العمل خلائی مشن مدار میں 687 دن تک رہے گا۔

    خیال رہے کہ مریخ کا ایک سال کرہ ارض کے 687 دن کے برابر ہوتا ہے، اماراتی خلائی مشن العمل 3 ٹیکنالوجی وسائل اپنے ہمراہ لے کر جارہا ہے۔

    مشن سال بھر مریخ کے بدلتے ہوئے موسموں کی مکمل تصویر لے گا، خلائی مشن پر ریڈ ایکسرے سسٹم نصب ہے۔ یہ مریخ کے زیریں فضائی غلاف کی پیمائش کرے گا اور درجہ حرارت کا تجزیہ کرے گا۔

    خلائی مشن میں انتہائی حساس کیمرہ نصب کیا گیا ہے، یہ اوزون کے حوالے سے دقیق ترین معلومات حاصل کرے گا جبکہ 43 ہزار کلو میٹر تک کی مسافت کے فاصلے سے آکسیجن اور ہائیڈروجن کی مقدار ناپنے والا آلہ بھی مشن میں نصب کیا گیا ہے۔

    اماراتی حکام کے مطابق مریخ مشن بھیجنے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

  • پارک لین ریفرنس : آصف زرداری پر  فرد جرم کی کارروائی ٹل گئی

    پارک لین ریفرنس : آصف زرداری پر فرد جرم کی کارروائی ٹل گئی

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت شریک ملزمان پرفردجرم کی کارروائی پھر موخر کردی اور نیب سے آصف زرداری کی نئی درخواست پر 14 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پارک لین ریفرنس سے متعلق سماعت ہوئی، جج اعظم خان نے سماعت کی ، عدالتی حکم پرکراچی میں سابق صدرسمیت دیگرملزم ویڈیولنک پرحاضر ہوئے ، امراض قلب اسپتال میں انورمجید اور تین ملزمان کے لئے احتساب عدالت کراچی میں وڈیو لنک انتظامات کئے گئے تھے۔

    سماعت شروع ہوئی تو وکیل فاروق ایچ نائیک نے سابق صدرآصف زرداری پر فرد جرم عائد نہ کرنے کی درخواست دائر کی، جج اعظم خان نے وکیل فاروق ایچ نائیک سے کہا کہ آپ کو چاہیے تھا کہ یہ درخواست پہلے دائر کرتے،اب فرد جرم عائد کرنے کے لیے وڈیو لنک کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ اس کے لیے پڑھنا پڑتا ہے، چیزیں نکالنی پڑتی ہیں ،گورنر اسٹیٹ بینک کے لیے قانون کے مطابق نوٹس دینا ضروری تھا، جان بوجھ کر ڈیفالٹ کی گئی کمپنی کے لیے قانون واضح ہے۔

    عدالت نے کہا ہم نےفردجرم کے لیے انتظام کرلیاآپ نےنئی درخواست دےدی، تو وکیل آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ریفرنس میں مالیاتی قوانین کونظراندازکرکےریفرنس بنایاگیا، اسٹیٹ بینک کےریفرنس کے بغیر نیب ایکشن نہیں لے سکتا۔

    ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردارمظفرعباسی کا کہنا تھا کہ آپ اس درخواست پرہمیں نوٹس جاری کریں، ہم آج ہی آدھےگھنٹےمیں بحث کریں گے،جج اعظم خان نے کہا اس ریفرنس کو دائر ہوئے ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔

    فاروق ایچ نائیک نے سوال کیا پراسیکیوٹرکواس کیس میں اتنی جلدی کیاہے؟ اس کےعلاوہ بھی بہت سےکیسزہیں،اس کیس میں جلدی کیوں؟ ہمیں مناسب وقت دیاجائے،ایک ماہ کا اسٹے آرڈر نہیں مانگ رہا، وکیل صفائی اپنی درخواست دائرکرکےخودوقت مانگ رہےہیں، جس پر سردارمظفرعباسی نے کہا جواب نیب نےداخل کرناہےتوہمیں مہلت مانگنی چاہیے تھی۔

    وکیل نے مزید کہا یہ قرض ڈیفالٹ کامقدمہ ہے،اسٹیٹ بینک نےایکشن لیناتھا تو نیب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری پر اختیار کے ناجائز استعمال، دھوکادہی اور فراڈ کا مقدمہ ہے۔

    عدالت نے آصف زرداری کی پارک لین ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پرنیب کونوٹس جاری کردیا ، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا ہم نے نوٹس وصول کرلیا، آج ہی جواب اور دلائل دیں گے،عدالت آصف زرداری کی درخواست پرفیصلہ کرے۔

    نیب نے استدعا کی عدالت آج ہی آصف زرداری سمیت تمام ملزمان پرفردجرم عائدکرے تو فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا ،ہ مجھےاپنی درخواست پردلائل دینےکےلیےوقت درکار ہے، 9 جولائی کو کراچی میں کیس لگاہے ،آئندہ منگل تک کا وقت دےدیں ، ہم تیاری کرکےآئیں گے۔

    جج اعظم خان نے کہا ہم کل یاپرسوں کاوقت رکھ لیتےہیں، تو وکیل آصف زرداری کا کہنا تھا کہ صرف ایک ہفتے کاوقت دے دیں، عدالت نے مزید کہا ہم9جولائی کاوقت دے رہے ہیں اس سے زیادہ نہیں دے سکتے۔

    احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پرفرد جرم کی کارروائی پھر مؤخر کرتے ہوئے سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پرآصف زرداری کی متفرق درخواست پرنیب جواب داخل کرانے کی ہدایت کی۔

  • کورونا وائرس کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کا بڑا ایونٹ ملتوی

    کورونا وائرس کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کا بڑا ایونٹ ملتوی

    لاہور : ایشین کرکٹ کونسل نے ستمبر میں بنگلہ دیش میں ہونے والا خواتین ایشیا کپ ملتوی کردیا، کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پھیلی کورونا کی جان لیوا وبا کے باعث کرکٹ کی بڑی سیریز اور بڑے ٹورنامنٹ بھی شدید مشکلات اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں، حالات میں بہتری نہ آئی تو دیگر کرکٹ مقابلے بھی ملتوی ہوسکتے ہیں۔

    اس سلسلے میں کرکٹ کا ایک اور ٹورنامنٹ کورونا وائرس کی نذر ہوگیا، کورونا کے باعث خواتین کرکٹ ایشیا کپ ملتوی کردیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل حالات بہتر ہونے پر نیا شیڈول طے کرے گا، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ امید ہے بنگلہ دیش کی مشاورت سے ٹورنامنٹ نومبر دسمبر میں کرانے کی کوشش کی جائے گی
    یاد رہے کہ خواتین ایشیا کپ ستمبر میں بنگلادیش میں ہونا تھا۔

    دوسری جانب آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری ہیں، ستمبر میں ایشیا کپ ٹی20 ہونا ہے جبکہ اکتوبر میں آسٹریلیا میں اس کا کوالیفائنگ راؤنڈ شروع ہونا ہے۔

    چوبیس اکتوبر سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کا افتتاحی میچ میزبان آسٹریلیا اور عالمی نمبر ایک پاکستان کے درمیان سڈنی میں شیدول ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہالینڈ، آئر لینڈ اور انگلینڈ کا دورہ بھی کرنا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کا دورہ بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔