Tag: POVERTY

  • غربت کے خاتمے کا عالمی دن

    غربت کے خاتمے کا عالمی دن

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج غربت کے خاتمے کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ترقی پذیر ممالک سے غربت کا خاتمہ اور غریبوں کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔

    غربت کے خاتمے کا یہ دن منانے کا آغاز 1993 سے ہوا۔ اس دن دنیا بھر میں غربت، محرومی اور عدم مساوات کے خاتمے، غریب عوام کی حالت زار اور ان کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا پیغام پھیلایا جاتا ہے۔

    اقوام متحدہ کے طے کردہ پائیدار ترقیاتی اہداف میں پہلا ہدف دنیا بھر سے غربت کا خاتمہ ہے تاہم یہ ہدف ابھی بھی اپنی تکمیل سے کوسوں دور ہے۔

    رواں برس اس دن کا مرکزی خیال ہے کہ مل کر ایسی دنیا تشکیل دی جائے جہاں سب کو یکساں عزت اور انسانی حقوق حاصل ہوں۔

    عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں غریب افراد کی تعداد 3 ارب کے قریب ہے۔ ان افراد کی یومیہ آمدنی ڈھائی ڈالر سے بھی کم ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 25 سال میں 70 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے اوپر آگئے ہیں۔

    دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزار رہی ہے جبکہ صوبوں میں سب سے زیادہ غربت بلوچستان میں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق صوبائی لحاظ سے غربت کی سب سے بلند شرح صوبہ بلوچستان میں ہے، دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ، اس کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا اور سب سے کم صوبہ پنجاب میں ہے۔

    ماہرین کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہی ہے جس کی وجہ مہنگائی میں روز بروز اضافہ، دولت کی غیر مساوی تقسیم، وسائل میں کمی، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی آبادی ہے۔

  • انڈسٹری کو فروغ دے کر بے روزگاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے: گورنرپنجاب

    انڈسٹری کو فروغ دے کر بے روزگاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے: گورنرپنجاب

    ساہیوال: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ ملک میں انڈسٹری کو فروغ دے کر بےروزگاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، انڈسٹری کو پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال میں چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ دنیا میں میڈیم اور اسمال انڈسٹری روزگار فراہم کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو فروغ دے کر بے روزگاری کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکتا ہے، بر آمدات اور در آمدات میں وسیع فرق سے انڈسٹری تباہ ہوئی۔

    چوہدری سرور کا ہراتوار کوگورنرہاؤس عوام کے لئے کھولنے کااعلان

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں مسائل ہیں جس کا خاتمہ کریں گے، انڈسٹری کو پیروں پر کھڑا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بہتر معاشی پالیسی کے لیے بزنس کمیونٹی کی سفارشات پر عمل کریں گے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا تھا کہ پاکستان اشرافیہ کے لئے نہیں20 کروڑ عوام کے لیے بنایا گیا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ناانصافی کے خلاف جہاد جاری رہے گا، احتساب پٹواری یا سپاہی کے بجائے اوپر کی سطح سے شروع ہوگا، عوام کو صاف پانی، صحت سمیت بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے، گورنرہاؤس کے بجائے اپنے گھر میں ہی رہنے کاارادہ ہے۔

  • تھرمیں مرنے والے بچوں کی تعداد اُنتالیس ہوگئی

    تھرمیں مرنے والے بچوں کی تعداد اُنتالیس ہوگئی

    مٹھی:تھر پارکرمیں غذائی قلت نے مزید دوبچوں کوموت کےمنہ میں دھکیل دیا،مرنےوالےبچوں کی تعداداُنتالیس تک پہنچ گئی ہے۔

    تھرمیں بھوک اور پیاس بچوں کےلئے بن گئی موت کا پیغام،ادویات کی کمی ہو یا صاف پانی کا سوال حکمرانوں کے دعووں کے سواکچھ بھی میسر نہیں،تعلقہ اسپتال چھاچھروں میں بارہ دن کا بچہ دم توڑ گیا جبکہ سول اسپتال مٹھی میں نومولود بچہ ادویات نہ ہونے کی وجہ سےجان سےگیا۔

    تھر پارکرتحصیل ڈیپلو،اسلام کوٹ،چھاچھرو،نگر پارکر اور ڈائیلی سمیت مختلف علاقوں کے طبی مراکز میں متعدد بچے زیرعلاج ہیں۔

    تھر پارکار کی ضلعی انتظامیہ نے گیارہ ماہ میں غذائی قلت اور ادویات کی عدم دستیابی سے دوسوپچہتر بچوں کی اموات کی رپورٹ حکومت سندھ کےحوالے کردی ہے۔