Tag: power House

  • بیوی کو چلتی بائیک سے اتار کر گولی مار دی، ملزم گرفتار

    بیوی کو چلتی بائیک سے اتار کر گولی مار دی، ملزم گرفتار

    کراچی : پاور ہاؤس چورنگی پر بیوی کو گولی مارنے والے واقعے کی ویڈیو سامنے آگئی، ملزم کی بیوی ناراض ہوکر بھائی کے گھر گئی تھی جسے وہ واپس لا رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پاور ہاؤس چورنگی کے قریب بیوی کو چلتی موٹرسائیکل سے اتار کر دو بچوں کے سامنے گولی مارنے کا واقعہ کی وڈیو سامنے آگئی۔

    جائے وقوعہ پر بننے والی موبائل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ واردات کے بعد وہاں موجود لوگوں نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر مددگار ون فائیو پولیس کے حوالے کردیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق مذکورہ خاتون اپنے شوہر سے ناراضگی کے بعد کچھ دنوں سے بچوں کے ساتھ اپنے بھائی کے گھر پر رہ رہی تھی، ملزم کامران اس کو منا کر واپس لا رہا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی بچوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر گھر جارہے تھے کہ گفتگو کے دوران دونوں میں پھر تلخ کلامی ہوگئی تو ملزم کامران نے فرحانہ کو بائیک سے اتارا اور اچانک پستول نکال کر اس کے سینے میں گولی مار دی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز نذیر شاہ کے مطابق زخمی خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے، زخمی فرحانہ نے اپنے شوہر کیخلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

  • کراچی کے مسائل : تحریک انصاف نے سندھ حکومت کیخلاف تحریک کا آغاز کردیا

    کراچی کے مسائل : تحریک انصاف نے سندھ حکومت کیخلاف تحریک کا آغاز کردیا

    کراچی : شہر میں پانی کی قلت اور دیگر مسائل کے حل کیلئے کراچی میں تحریک انصاف نے سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کر دی، مسائل حل نہ ہونے پر وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں پانی کے بحران اور شہری مسائل حل نہ ہونے پر تحریک انصاف سڑکوں پر آگئی، تحریک انصاف کراچی کے زیر اہتمام احتجاجی تحریک کے پہلے روز پاور ہاؤس سے ناگن چورنگی تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا گیا۔

    ریلی کی قیادت پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر کررہے تھے، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ پانی دو اور شہر کے مسائل حل کرو، شرکاء نے مسائل حل نہ ہونے پر وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔

    اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اربوں روپے کی کرپشن کی اور کراچی سمیت سندھ بھی مسائل کا شکار ہے۔

    شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اگر ان کے مسائل فوری طور حل نہ کیے گئے تو وزیراعلی ہاؤس پر بھی دھرناہوگا۔