Tag: power lines

  • ویڈیو: طیارہ بجلی کی تاروں سے ٹکرا کر پھنس گیا

    ویڈیو: طیارہ بجلی کی تاروں سے ٹکرا کر پھنس گیا

    میری لینڈ: امریکا میں ایک چھوٹا طیارہ بجلی کے پول کے ساتھ جا ٹکرایا، اور تاروں میں پھنس کر تباہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک چھوٹا طیارہ بجلی کی تاروں میں کریش کر گیا، اور زمین سے تقریباً سو فٹ بلندی پر معلق ہو گیا۔

    طیارے میں پائلٹ کے علاوہ ایک مسافر بھی سوار تھا، دونوں اس حادثے کے نتیجے میں طیارے میں پھنس گئے تھے اور زخمی ہوئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    طیارے کے پول سے ٹکرانے کے نتیجے میں علاقہ بھر میں بلیک آؤٹ ہو گیا، جس سے تقریباً ایک لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ایک تجارتی علاقے کے قریب بارش کے دوران پیش آیا، واقعے کی اصل وجوہ معلوم کی جارہی ہیں۔

    میری لینڈ اسٹیٹ پولیس کے مطابق طیارے میں دو معمر افراد سوار تھے، جن میں ایک واشنگٹن ڈی سی کے 65 سالہ پیٹرک مرکل اور دوسرے لوزیانا کے 66 سالہ جان ولیمز تھے۔

    ریسکیو عملے کو طیارے سے افراد کو نکالنے اور پھر طیارے کو تاروں سے آزاد کر کے نیچے اتارنے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ایک بیان میں کہا کہ سنگل انجن والا طیارہ نیویارک سے روانہ ہوا تھا، اور شام چھ بجے کے قریب گیتھرسبرگ میں مونٹگمری کاؤنٹی ایئرپارک کے قریب بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا۔

  • پیراشوٹر بجلی کی تاروں میں پھنس گیا۔۔۔پھر کیا ہوا؟

    پیراشوٹر بجلی کی تاروں میں پھنس گیا۔۔۔پھر کیا ہوا؟

    کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں فائر فائٹر حکام نے تاروں کے درمیان پھنسے پیراشوٹر کو بحفاظت ریسکیو کرلیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کیلی فورنیا کے فائر فائٹر محکمے کو اطلاع ملی کہ ایک پیراشوٹر زمین پر اترنے کی سمت کا تعین نہ کرسکا اور بجلی کے تاروں میں پھنس گیا ہے۔

    فائر ڈیپارنمنٹ کے حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق گیارہ بجے دی گئی، اطلاع ملتے ہی ٹیموں کو فوری روانہ کیا گیا، متاثرہ مقام پر پہنچے تو ایک پیراشوٹر زمین سے تیس فٹ کی بلندی پر بجلی کے تاروں کے درمیان پھنسا ہوا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق فائر فائٹر حکام نے پیراشوٹر کو ریسکیو کرنے کے لئے سب سے پہلے مقامی علاقے میں بجلی کے نظام کو معطل کیا تاکہ اسے بحفاظت زمین پر لایا جاسکے، بعد ازاں فائر فائٹر کی جدوجہد رنگ لائی اور پیراشوٹر کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔

    ریسکیو کرنے کے بعد متاثرہ شخص کو جسے معمولی زخم آئے تھے، طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حکام کے مطابق واقعہ مقامی اسکائی ڈرائیونگ سینٹر کے قریب رونما ہوا مگر یہ تعین نہ کیا جاسکا کہ پیراشوٹر نے اسی جگہ سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔