Tag: POWER OUTAGE

  • کراچی: 48 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود مختلف علاقوں میں بجلی بند

    کراچی: 48 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود مختلف علاقوں میں بجلی بند

    کراچی(21 اگست 2025): منگل کی بارش کے بعد کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہے جبکہ 48 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود مختلف علاقوں میں بجلی بند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں کا کے الیکٹرک کے دفتر پر احتجاج کیا گیا، احتجاج کے باعث مظاہرین نے دونوں ٹریک بند کردئی۔

     نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور گلستانِ جوہر بلاک 9 میں 34 گھنٹے سے بجلی غائب ہے، جبکہ صفورا گوٹھ اسکیم 33 کی سوسائٹیز بشمول سٹی ولاز میں بھی 36 گھنٹے سے زائد وقت گزر چکا ہے، مگر بجلی تاحال بحال نہیں کی گئی۔

    شہر کے دیگر متاثرہ علاقوں میں سعود آباد، غازی گوٹھ، خدا کی بستی، ابراہیم حیدری، شانتی نگر اور اسٹیڈیم روڈ شامل ہیں، جہاں 28 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں 24 گھنٹوں سے بجلی بند ہے، جس کے باعث علاقے میں پانی کا بھی شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو چکے ہیں۔

    اس کے علاوہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کے باعث شہری رل گئے، ملیر ہالٹ سے ماڈل قبرستان جناح ایونیو روڈ آنے جانے والے روڈ ٹریفک کے لئے بند ہے، ٹریفک کو ماڈل قبرستان کٹ سے ائیرپورٹ کی طرف بھیجا جارہا ہے، ملیر ہالٹ سے آنے والے ٹریفک کو شارع فیصل کی طرف بھیجا جارہا ہے۔

  • کراچی : بجلی کی طویل بندش کیخلاف شہری سراپا احتجاج

    کراچی : بجلی کی طویل بندش کیخلاف شہری سراپا احتجاج

    کراچی : شہر قائد میں غیر اعلانیہ بجلی کی طویل بندش کے سبب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا لوگوں کی بڑی تعداد کےالیکٹرک کیخلاف سڑکوں پر نکل آئی۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں آئے روز پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ زور پکڑنے لگا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بارش کو بنیاد بنا کر نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس میں35 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی بند ہے، علاقہ مکینوں نے کےالیکٹرک کے شکایتی مرکز پر دھرنا دے دیا۔

    اس کے علاوہ گلشن اقبال ای13 میں 36گھنٹوں سے بجلی فراہمی معطل ہے عالقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کل دوپہر ایک بجے بجلی سپلائی منقطع ہوئی تھی اور تاحال بحال نہ ہوسکی۔

    سی ویو اپارٹمنٹ، گلشن اقبال بلاک 5 اور معین آباد میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہے، بجلی کی طویل بندش پر گلستان جوہر کے مشتعل مکین بھی سڑکوں پر نکل آئے اور مظاہرہ کیا۔

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے مختلف بلاکس میں بھی30 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، احتجاجی مظاہرین نے سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی۔

    رپورٹ کے مطابق منگھوپیر کے علاقوں میں بھی 24 گھنٹے سے بجلی غائب ہے، علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گھروں اور مساجد میں پانی ختم ہوگیا، نمازیوں کو وضو کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں ہے۔

    علاقہ مکینوں کا مزید کہنا ہے کہ کےالیکٹرک کے شکایتی مرکز کا آن لائن سسٹم بھی بیٹھ چکاہے،
    کےالیکٹرک کے آن لائن سسٹم پر مسلسل ریکارڈنگ آرہی ہے

  • حیدرآباد میں بجلی کی عدم فراہمی پر ترجمان حیسکو کی وضاحت

    حیدرآباد میں بجلی کی عدم فراہمی پر ترجمان حیسکو کی وضاحت

    حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے بعد اندورن سندھ کے دیگر شہروں کوٹری، جامشورو اور دیگر کی شاہراہیں اوررہائشی علاقے ڈوب گئے، حیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

    طوفانی بارش کے باعث کئی مقامات پردرخت گر پڑے جبکہ جیسکو کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ ہوگئے جس حیدرآباد کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔

    اس حوالے سے ترجمان حیسکوصادق اکبر نے میڈیا کو بتایا کہ بارش کے باعث حیسکو ریجن کے 650میں سے 350 فیڈرز بند ہوئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ تیز ہواؤں،بارش کے سبب 132 کے وی کے 11 ٹاورز بھی گرے ہیں، بجلی کے ٹاورز خان پور، سیہون، سلطان آباد سمیت مختلف مقامات پر گرے۔

    ترجمان حیسکو کا مزید کہنا تھا کہ حیدرآباد کے 156میں سے 100 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے،
    تکنیکی ٹیمیں اور فیلڈ اسٹاف بند فیڈرز کی جلد بحالی میں مصروف ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کی برسات کے بعد یونٹ نمبر دو سمیت لطیف آباد کے مختلف نشیبی علاقوں میں چار چار فٹ تک برساتی پانی جمع ہوا، حیدر چوک، قاضی عبدالقیوم روڈ، گاڑی کھاتہ، ٹھنڈی سڑک، سٹی کالج روڈ بھی دریا کا منظر پیش کرنے لگا۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صفائی نہ کرائے جانے کے باعث مختلف علاقوں میں سیوریج نالے بھی ابل پڑے ہیں، سیوریج نالوں سے نکلنے والا پانی قاضی عبدالقیوم روڈ اور سٹی کالج روڈ پرواقع مارکیٹوں کی کئی دکانوں میں داخل ہوا جس کی وجہ سے مال خراب ہوگیا۔

  • کروڑوں روپے کی عدم ادائیگی پر بلدیہ کی بجلی منقطع کی، کے الیکٹرک

    کروڑوں روپے کی عدم ادائیگی پر بلدیہ کی بجلی منقطع کی، کے الیکٹرک

    کراچی : بلدیہ میں بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف عوامی احتجاج پر کے الیکٹرک ترجمان نے وضاحت دے دی۔

    اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے حب ریور روڈ پر سوات کالونی کے رہائشیوں نے بجلی منقطع کرنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا مؤقف ہے کہ بلدیہ میں کروڑوں روپے کی عدم ادائیگیوں کے باعث نادہندگان کی بجلی منقطع کی گئی۔

    کے الیکٹرک

    انہوں نے بتایا کہ علاقہ معززین کی جانب سے واجب الادا رقم کی ادائیگیوں کی یقین دہانیوں کے بعد بجلی کو بحال کردیا گیا تھا۔

    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق منقطع کیے گئے نادہندگان پرواجب الادا رقم32کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، علاقہ مکین وقت پر بجلی کے بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وقت پر کی گئی ادائیگیاں علاقے کی لوڈ شیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا اہم جز ہیں۔

  • کیوبا میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

    کیوبا میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

    کیوبا میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث ملک کا بیشتر حصّہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیوبا کے دارلحکومت ہوانا سمیت ملک کا بیشتر حصہ مکمل اندھیرے میں ڈوب گیا، اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک سگنلز،انٹرنیٹ سب کچھ بند ہوگیا۔

    وزارت توانائی کے مطابق ہوانا کے مضافات میں ڈیزمیرو سب اسٹیشن میں تیکنیکی خرابی کی وجہ سے بڑا بریک ڈاؤن ہوا، بجلی کی طلب تین ہزار دو سو پچاس میگاواٹ جبکہ خسارہ تیرہ سو میگا وات تک پہنچ چکا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں امریکا کے زیرِ انتظام جزیرے پورٹو ریکو میں فنی خرابی کے باعث بجلی کی ترسیل متاثر ہوگئی تھی، جس کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق پورٹو ریکو میں پاور گرڈ کی خرابی کے باعث جزیرے کے بڑے حصے میں بجلی معطل ہوگئی تھی، جس سے تقریباً 14 لاکھ صارفین متاثر ہوئے۔

    کراچی کو بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا سامنا، ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ

    پورٹو ریکو کے گورنر پیڈرو پیئرلویسی کا سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔

    جزیرے میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی بجلی کے نظام کی بحالی اور جزیرے میں جلد از جلد بجلی کی فراہمی کے لیے کاموں میں مصروف رہی۔

  • ایک سانپ کی وجہ سے ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع

    ایک سانپ کی وجہ سے ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع

    ورجینیا : امریکا میں ایک سانپ نے بجلی کے ٹرانسفارمر میں گھس کر تار کاٹ دیئے جس کے نتیجے میں ہزاروں گھر تاریکی میں ڈوب گئے۔

    اپنی نوعیت کا یہ انوکھا واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیا جہاں اچانک بجلی غائب ہوگئی اور فوری طور پر اس کی کوئی وجہ بھی سامنے نہیں آسکی کیونکہ تمام ہائی ٹینشن وائر درست حالت میں تھے اور کوئی گرڈ اسٹیشن بھی ٹرپ نہیں ہوا تھا۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بعد ازاں یوٹیلیٹی کمپنی کے حکام نے انکشاف کیا کہ ورجینیا میں بجلی کی فراہمی میں تعطل ایک سانپ کی وجہ سے ہوا جس سے تقریباً 11ہزار 700 صارفین کے گھروں میں اندھیرا چھایا رہا۔

    عملے نے بتایا کہ بجلی بندش کی وجہ ایک سانپ تھا جو ہائی وولٹیج تاروں سے ہوتا ہوا پھسل کر ایک ٹرانسفارمر میں داخل ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد تمام صارفین کی بجلی بحال کر دی گئی، تاہم بندش کے ذمہ دار سانپ کی قسم کی شناخت نہیں ہو سکی۔

  • کاشتکاروں کا احتجاج، کوئٹہ کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ منقطع

    کاشتکاروں کا احتجاج، کوئٹہ کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ منقطع

    کوئٹہ: بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے ستائے کاشتکاروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور انہوں نے قومی شاہراہوں کو بلاک کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق زرعی فیڈروں پر بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاشتکاروں کو احتجاج پر مجبور کردیا، بجلی کی عدم فراہمی پر کاشتکاروں نے بلوچستان کی اہم شاہراہوں کو بند کردیا ہے، جس کے باعث کوئٹہ کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

    احتجاجی کاشتکاروں نے زرعی فیڈرز پر بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کراچی کوئٹہ ہائی وے کو "کولک پاس” کےمقام پربند کردیا ہے، اسی طرح کوئٹہ جیکب آباد ہائی وے کو "کولپور” کے مقام پر بلاک کیا، کاشتکاروں نے کوئٹہ چمن ہائی وے کو "یارو” کے مقام پربند کیا۔

    اطلاعات کے مطابق مستونگ سے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ” لکپاس اور کھڈکوچہ” کے مقام سے بند کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ کو ” پنجپائی اور کردگاپ” کےمقام سے مکمل طور پر بند کیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ سبی سکھر قومی شاہراہ کو "کمبیلا کراس” سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

    مختلف مقامات پر شاہراہوں کی بندش کے باعث ملک کے دیگر شہروں سے کوئٹہ جانے والے مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں ان مسافروں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جو کہ گرم موسم کے باعث شاہراؤں پر شدید کوفت کا شکار ہیں۔

    دوسری جانب احتجاجی کاشتکاروں کا موقف ہے کہ زرعی فیڈرز پر صرف ایک گھنٹے کی بجلی فراہم کی جارہی ہے، طویل لوڈشیڈنگ سے فصلوں کو نقصان پہنچ رہاہے، فوری طور پر بجلی کا مسئلہ حل نہ کیا تو مزید سخت اقدامات کرنے پر مجبور ہونگے۔

  • گیس کی کمی کا بہانہ: کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں پوری رات شہر کی بجلی بند رکھی

    گیس کی کمی کا بہانہ: کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں پوری رات شہر کی بجلی بند رکھی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے گیس کی کمی کا بہانہ بنا کر شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے گزشتہ پوری رات شہری اندھیرے اور شدید گرمی میں کاٹنے پر مجبور ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے گزشتہ شب رات بھر لوڈ شیڈنگ سے متعلق صارفین کو ایس ایم ایس کردیا۔ کے الیکٹرک نے مستثنیٰ علاقوں کے صارفین کو بھی لوڈشیڈنگ کے پیغامات بھیجے۔

    شہر کا بیشتر حصہ گزشتہ شب تاریکی میں ڈوبا رہا۔ گڈاپ، کاٹھور، کاظم آباد، ماڈل کالونی، احسن آباد، گلشن معمار، ایف بی ایریا، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، سرسید ٹاؤن، ملیر، لانڈھی، ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال اور گلستان جوہر کے مختلف بلاک میں بجلی بند رہی۔

    گرمی کے ستائے شہری کے الیکٹرک سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن کے الیکٹرک کے شکایتی مرکز سے حسب معمول کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

    گزشتہ شب کے علاوہ بھی کے الیکٹرک نے گیس کی کمی کا بہانہ بنا کر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچا دیا ہے۔

    دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو مطلوبہ گیس فراہم کی جارہی ہے۔

    وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کراچی میں گیس کی قلت کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نئی پائپ لائن کے لیے رائٹ آف نہیں دے رہی۔

    عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن کو نئی گیس پائپ لائن کے لیے رائٹ آف وے چاہیئے، ڈیڑھ سال کوشش کے باوجود سندھ حکومت نے ایس ایس جی سی کو اجازت نہیں دی۔

  • پنجاب : موسلادھار بارشیں : متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

    پنجاب : موسلادھار بارشیں : متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

    لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیزبارش کاسلسلہ جاری ہے جس سبب جل تھل ایک ہوگیا، لاہور میں بارش کے باعث50سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی طوفانی بارشوں سے موسم سرد و خوشگوار ہو گیا ہے لیکن بجلی کی عدم نے شہریوں کو تکلیف میں بھی مبتلا کردیا ہے۔

    پنجاب کے مختلف شہروں رینالہ خورد، پنڈی بھٹیاں، سکھیکی اور جلال پور بھٹیاں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ شاہ کوٹ اور گوجرہ میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، دیپالپور، فیروزوالا، جھنگ،دیپالپور،عارف والا میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن اور گردونواح میں تیزآندھی کےساتھ بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا۔

    اس کے علاوہ لاہور میں بارش کے باعث50سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے سبب شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی،
    لاہور کے علاقوں باغبانپورہ، شالامار، تاج باغ، کوٹ خواجہ سعید میں فیڈرز ٹرپ ہوئے۔

    اس کے علاوہ بادامی باغ، بیگم کوٹ، سمن آباد، فیروزپور روڈ، اچھرہ، ٹاؤن شپ اور ٹھوکر نیاز بیگ کے بعض فیڈرز بھی ٹرپ ہونے سے علاقوں کی بجلی بند ہوگئی، اس حوالے سے ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی بنیادوں پر نصف فیڈرز سے بجلی بحال کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آج موسم گرم اورمرطوب رہے گا، آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38ڈگری تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 33ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوامیں نمی کا تناسب62فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

     

  • کیلیفورنیا:ڈزنی لینڈ میں بجلی کی فراہمی معطل ،لوگ جھولوں میں پھنس گئے

    کیلیفورنیا:ڈزنی لینڈ میں بجلی کی فراہمی معطل ،لوگ جھولوں میں پھنس گئے

    کیلیفورنیا : ڈزنی لینڈ میں بجلی جانے سے لوگ جھولوں میں پھنس گئے، رولر کوسٹرجہاں تھی وہیں جم گئی، اوپر والے اوپر اور نیچے والے نیچے پھنس کررہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈزنی لینڈ کیلے فورنیا میں تفریح اپنےعروج پر تھی کہ اچانک بجلی چلی گئی، جھولوں کے ساتھ چلنے والی میوزک تھم گئی اور جھولے ہچکولے لیتے ہوئے رک گئے ، اب جو اوپر تھا اوپر پھنس گیا اورجو نیچے تھا، جھولا نہ کھلنے کے باعث اسی میں بیٹھا بجلی آنے کا انتظار کر تا رہا۔

    جب دیر تک بجلی نہ آئی تو لوگوں کے چہروں پر مایوسی چھا گئی اور گھروں کو واپس لوٹ گئے۔

    ڈزنی لینڈ ترجمان کےمطابق بجلی فراہمی میں تعطل ٹون ٹاؤن اور فینٹسی لینڈ میں بجلی کے ٹرانسفارمز میں فنی خرابی کےباعث پیدا ہوا تھا، تاہم چار گھنٹے کے بعد بجلی بحال کردی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔