Tag: power plant

  • امارات میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا آغاز

    امارات میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا آغاز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا آغاز کردیا گیا، جوہری پاور پلانٹ ملک کو بجلی کی ضرورت کا ایک چوتھائی حصہ فراہم کرسکے گا۔

    اماراتی خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے براکہ میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پلانٹ کے ابتدائی آپریشن کا کامیابی سے آغاز کر دیا ہے، براکہ جوہری توانائی پلانٹ کے یونٹ ون کا کامیابی سے آغاز امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کی ذیلی کمپنی نواح انرجی کمپنی نے کیا ہے۔

    دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ٹیم نے ایندھن بھرنے کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا اور جامع ٹیسٹ کیے، میں اپنے بھائی محمد بن زاید کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔

    براکہ کے یونٹس میں سے ایک کا فعال ہوجانا متحدہ عرب امارات کے پرامن جوہری توانائی پروگرام کے لیے تاریخی سنگ میل ہے کیونکہ یہ اس عمل کا حصہ ہے جس کے تحت ملک کے لیے آئندہ 60 سال تک بجلی پیدا ہوسکے گی۔

    یونٹ ون متحدہ عرب امارات کے گرڈ اسٹیشن سے منسلک کیا جائے گا جو متعدد ٹیسٹوں کے بعد بجلی رہائشی علاقوں اور دفاتر کو مہیا کرے گا۔

    امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ابراہیم الحمدی کا کہنا ہے کہ آج حقیقی معنوں میں متحدہ عرب امارات کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔ یہ ایک دہائی سے زیادہ کے وژن، اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور اس پروگرام کے مضبوط انتظام کا نتیجہ ہے۔

    ان کے مطابق اب ہم ملک کو بجلی کی ضروریات کا ایک چوتھائی تک فراہم کرنے کے ہدف کے ایک اور قدم قریب پہنچ گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات صاف اور محفوظ بجلی پیدا کرنے کے لیے جوہری توانائی پلانٹ چلانے والا عرب دنیا کا پہلا اور دنیا کا 33 واں ملک ہے۔

  • بلاول بھٹو نے پہلے تھر کول پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا

    بلاول بھٹو نے پہلے تھر کول پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا

    تھر پارکر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھر میں 330 میگا واٹ بجلی گھر کا افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے صحرائے تھر میں 330 میگا واٹ بجلی گھر کے افتتاح کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تھر پہنچے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔

    بلاول بھٹو کو کان کنی کی سائٹ سے ری سیٹلمنٹ پالیسی پر بریفنگ دی گئی جس کے بعد وہ ری سیٹلمنٹ نئی سینگیری ولیج پہنچے، بلاول نے تھر کول فیلڈ کے متاثرین کے لیے تعمیر گھروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے انہیں بتایا کہ ہر 12 گھروں کے گروپ کو ایک کھیل کا میدان دیا گیا ہے۔ بلاول نے نئے گھروں کے مکینوں سے بھی ملاقات کی۔

    بعد ازاں بلاول نے تھر کول فیلڈ بلاک 2 کا دورہ کیا اور اوپن پٹ مائن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کان کنی کے کام کا معائنہ کیا اور اپنے موبائل سے کان کنی کی تصاویر بھی بنائیں۔ چیئرمین کو کان کنی سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی، انہوں نے مزدوروں سے ملاقات کی اور کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔

    بلاول بھٹو نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ بھی کیا۔

    خیال رہے کہ تھر سے حاصل شدہ کوئلے سے بجلی بنانے کا کام اپریل 2016 میں شروع کیا گیا تھا، گزشتہ ماہ 19 تاریخ سے تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی اور 330 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کردی گئی۔

    تھر میں مدفون کوئلے کی مقدار 175 ارب ٹن ہے اور ان ذخائر میں موجود توانائی پاکستان کے گیس کے مجموعی ذخائر سے 68 گنا زیادہ ہے، اس کی مالیت اندازاً پچیس کھرب ڈالر سے زیادہ ہے۔

    اس وقت پاکستان میں بجلی کی طلب 25 ہزار میگا واٹ ہے تاہم ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی خامیوں کی وجہ سے ایک وقت میں 21 ہزار میگا واٹ سے زیادہ بجلی کی ترسیل ممکن نہیں۔

    ایک اندازے کے مطابق تھر میں موجود کوئلے کی مدد سے اگلے 200 سال تک ماہانہ ایک لاکھ میگا واٹ بجلی بنائی جا سکتی ہے۔ تاحال سندھ حکومت تھر کول کی رائلٹی تھر پر خرچ کرنے کی پالیسی وضع نہ کرسکی۔

  • کس کو کتنی گیس دینی ہے یہ اختیار وفاق کا ہے، ایس ایس جی سی

    کس کو کتنی گیس دینی ہے یہ اختیار وفاق کا ہے، ایس ایس جی سی

    کراچی : سندھ میں گیس کی سپلائی کے معاملے پر ترجمان ایس ایس جی سی نے کہا ہے کہ کس کو کتنی گیس دینی ہے یہ اختیار وفاقی حکومت کا ہے۔ سندھ حکومت سیکیورٹی کی مد میں ایک ارب روپے ادا کرے، نوری آباد میں واقع پاور پلانٹ کی شرائط پوری نہیں کی اس لئے کنکشن نہیں دیا۔

     تفصیلات کے مطابق آج اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا تھا کہ اگر صوبے کو مطلوبہ مقدار میں گیس نہیں ملی تو سندھ سے جانے والی گیس کی سپلائی بند کردیں گے، سندھ سے نکلنے والی گیس پر پہلا حق اس صوبے کا ہے۔

    اس بیان پر اپنا درعمل دیتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ گیس کی تقسیم میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہوتا، یہ اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے کہ اس نے کس صوبے کو کتنی گیس دینی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نوری آباد میں واقع پاور پلانٹ نے کمپنی کی شرائط پوری نہیں کیں اور نہ ہی پاور پلانٹ نے ایک ارب روپے سیکیورٹی ڈپازٹ جمع کرائے اس لئے اسے کنکشن نہیں دیا گیا۔

    نوری آباد پر واقع مذکورہ پاور پلانٹ تک پائپ لائن بچھا دی گئی ہے اور میٹرنگ اسٹیشن بھی لگ چکا ہے، یہ پلانٹ جیسے ہی ڈپازٹ جمع کرائے گا اسے فوری کنکشن دے دیا جائے گا۔


    مزید پڑھیں : گیس نہیں ملی تو سندھ سے سپلائی بند کردیں گے‘ وزیراعلیٰ سندھ


    ترجمان ایس ایس جی سی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت گیس سیکیورٹی کی مد میں ایک ارب روپے ادا کرے۔ ترجمان ایس ایس جی سی نے بتایا کہ کمرشل اور انڈسٹریل گیس کنکشن پر بھی پابندی تھی، کنکشنز کی ہزاروں درخواستیں اب تک التواء ہیں۔