Tag: Power supply

  • بجلی کی فراہمی پر ترجمان کے الیکٹرک کی وضاحت

    کراچی : شہر قائد کو بجلی فراہم کرنے کے ادارے ’کے الیکٹرک‘ نے واضح کیا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

    اس حوالے سے جاری ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق جمشید روڈ، نفیس آباد، گرومندر، پٹیل پاڑہ سمیت گارڈن ویسٹ میں بجلی فراہمی جاری ہے۔

    ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا دارومدار علاقے میں بجلی چوری، نقصانات کی شرح پر ہے، جمشید روڈ، نفیس آباد کے نادہندگان پر واجب الادا رقم 95کروڑ سے تجاوز کرچکی۔

    لسبیلہ اور پٹیل پاڑہ کے نادہندگان پر واجب الادا رقم30کروڑ سےتجاوز کرچکی ہے، گارڈن ایسٹ کے نادہندگان پر واجب الادا رقم 10کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، علاقہ مکین وقت پر بجلی کے بلوں کی ادائیگیوں کو یقینی بنائیں۔

  • بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں رکاوٹ اور قومی خزانے کو کھربوں کے نقصان کی وجہ کیا ہے؟ دستاویز میں بڑا انکشاف

    بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں رکاوٹ اور قومی خزانے کو کھربوں کے نقصان کی وجہ کیا ہے؟ دستاویز میں بڑا انکشاف

    اسلام آباد: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کا ناقص ترسیلی نظام بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں بڑی رکاوٹ قرار دے دیا گیا ہے۔

    سرکاری دستاویز کے مطابق این ٹی ڈی سی کے ناقص ترسیلی نظام کے باعث قومی خزانے کو 534 ارب 36 کروڑ روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے، تین سال میں ترسیلی خرابیوں سے قومی خزانے کو 84 ارب 26 کروڑروپے کا نقصان ہوا۔

    مالی سال 2021-22 میں ترسیلی نظام کے نقائص سے 3 ارب 67 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، مالی سال 2022-23 میں 20 ارب 20 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، گزشتہ مالی سال ترسیلی نظام کی خرابیوں سے 60 ارب 67 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

    دستاویز کے مطابق این پی سی سی کے سسٹم میں خرابیوں سے چار سال میں 13 ارب روپے کا نقصان ہوا، سسٹم میں خرابی سے مہنگے ایندھن کے استعمال سے 437 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

    جون 2017 سے 500 کے وی کے نیو روات گرڈ اسٹیشن میں خرابی دور نہیں کی جا سکی، جون 2018 سے نوخار گرڈ اسٹیشن میں ٹرانسفارمر نصب نہ کیے جانے سے مہنگی بجلی پیدا کی جا رہی ہے، جون 2018 سے سنگجانی گرڈ اسٹیشن میں مسلسل خرابی دور نہ کی جا سکی۔

    رپورٹ کے مطابق جون 2018 سے قصور گرڈ اسٹیشن میں خرابی دور نہ ہونے سے فرنس آئل سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے، جب کہ گوجرانوالہ میں 2 گرڈ اسٹیشنز کی تکمیل 2017 سے تاخیر کا شکار ہے۔

  • ایوب اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی منقطع، نیشنل گیمز کے ایونٹس متاثر

    ایوب اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی منقطع، نیشنل گیمز کے ایونٹس متاثر

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایوب اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی منقطع کردی گئی، واجبات کی عدم ادائیگی بجلی منقطع کرنے کا سبب بنی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ کھیل کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی پر کوئٹہ کے ایوب اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی منقطع کردی گئی۔

    بجلی کی سپلائی معطل ہونے پر نیشنل گیمز کے کئی ایونٹس متاثر ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کھیل کے ذمے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے 39 لاکھ 14 ہزار 423 روپے کے واجبات ہیں۔

    دوسری جانب ڈی جی اسپورٹس کا کہنا ہے کہ کیسکو کو ادائیگی کردی گئی ہے، 20 منٹ میں بجلی بحال ہوجائے گی، انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام دوبارہ بجلی کا کنکشن لگا رہے ہیں۔

  • بلوچستان کے متعدد علاقوں میں 6 روز سے بجلی معطل

    بلوچستان کے متعدد علاقوں میں 6 روز سے بجلی معطل

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقوں دالبندین، نوکنڈی اور چاغی میں 6 دن سے بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی معطل ہے، انٹرنیٹ، موبائل فون سروس، اے ٹی ایم، نادرا اور دیگر سروسز بھی معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقوں دالبندین، نوکنڈی اور چاغی میں 6 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، پینے کے پانی کی فراہمی بھی گزشتہ 8 دن سے متاثر ہے۔

    بلوچستان کے متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس، اے ٹی ایم، نادرا اور دیگر سروسز بھی معطل ہیں، بینک، اسپتال، پاسپورٹ آفس، سرکاری دفاتر اور کاروبار شدید متاثر ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں رواں برس 506 فیصد زائد بارشیں ہوئی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں 11 سو 36 افراد جاں بحق اور 16 سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، 10 لاکھ 51 ہزار مکانات، 162 پل، اور 34 ہزار 71 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مویشی مر چکے ہیں۔

  • سعودی عرب : عوام کو بجلی کی فراہمی کیلئے حکومت کا بڑا فیصلہ

    سعودی عرب : عوام کو بجلی کی فراہمی کیلئے حکومت کا بڑا فیصلہ

    مڈل ایسٹ بزنس انٹیلی جنس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی الیکٹرسٹی کمپنی نے سعودی عرب اور اردن کے درمیان بجلی کے انٹرکنکشن نیٹ ورک کی تعمیر کے معاہدے کے لیے ٹینڈر کی آخری تاریخ کو جولائی کے آخرتک بڑھا دیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کم از کم تین ٹیموں کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ کنٹریکٹ کے لیے بولی لگانے کے لیے اہل ہیں۔

    عرب نیوز کے مطابق سعودی الیکٹرسٹی کمپنی نے فروری میں معاہدے کے لیے تجاویز کی درخواست کو یکم مارچ کے ساتھ ابتدائی جمع کرانے کی تاریخ کے طور پر جاری کیا جسے بعد میں مئی کے آخر اور اب جولائی کے آخر تک بڑھا دیا گیا۔

    ایک اندازے کے مطابق مجوزہ پاور لنک سے دونوں ممالک کے درمیان روزانہ 500 میگاواٹ بجلی کا تبادلہ متوقع ہے جس کے بعد 1,000 میگاواٹ تک بڑھنے کی امید ہے۔

    منصوبے میں ایک ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ کنورٹر سٹیشن، 400 کلو وولٹ گیس سے چلنے والا سوئچ گیئر سب سٹیشن اور400 کلو وولٹ کی اوور ہیڈ ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر شامل ہے۔

    یہ منصوبہ اگست 2020 میں سعودی عرب اور اردن کے وزرائے توانائی کے درمیان بجلی کے تعاون کو فروغ دینے کے لیے دستخط کیے گئے مفاہمت کی یادداشت کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔

    مڈل ایسٹ بزنس انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ سعودی الیکٹرسٹی کمپنی اور اردن کی نیشنل الیکٹرک پاور کمپنی مفصل پراجیکٹ معاہدوں کو مفاہمت نامے کے فریم ورک کے اندر تیار اور نافذ کرے گی۔

    سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان نے کہا تھا کہ یہ منصوبہ ’بجلی کی تجارت کے لیے علاقائی مارکیٹ کو وسعت دے گا۔

    سعودی عرب پہلے ہی اسی طرح کے ایک منصوبے میں حصہ لے چکا ہے جس میں عراق اور جی سی سی انٹر کنکشن لنک ہے۔

    مملکت نے سعودی عرب اور مصر کے درمیان روزانہ 3000 میگا واٹ بجلی کا تبادلہ کرنے کے لیے دسمبر میں ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ نیٹ ورک کی تعمیر کے لیے 1.8 بلین ڈالر کے معاہدے کیے۔

  • دمام ایئر پورٹ : مسافروں کو خوشگوار حیرت

    دمام ایئر پورٹ : مسافروں کو خوشگوار حیرت

    دمام : کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دمام میں بجلی منقطع ہوگئی تاہم اس سے پروازیں متاثر نہیں ہوئیں، انتظامیہ نے ریکارڈ وقت میں بجلی بحال کردی۔ 

    انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ بجلی منقطع ہونے سے پروازوں کی آمد ورفت پر کوئی اثر نہیں پڑا، ہماری ٹیم نے ریکارڈ وقت میں بجلی بحال کردی۔

    عاجل ویب سائٹ کے مطابق کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام نے ٹویٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بیان جاری کرکے مسافروں سے عارضی طور پربجلی کی سہولت منقطع ہونے پر معذرت کی، انتظامیہ نے اسی کے ساتھ توجہ دلائی کہ بجلی منقطع ہونے کا پروازوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

    کنگ فہد ایئرپورٹ نے بتایا کہ بجلی بحال ہوچکی ہے اور سب کچھ معمول کے مطابق ہونے لگے ہیں۔

    ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے ہمارے شکریہ کے مستحق ہیں جنہوں نے نہ صرف یہ کہ بجلی منقطع ہونے کے مسئلہ پر سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا بلکہ ہم سے تعاون بھی کیا۔

  • ماہ رمضان میں بجلی کی فراہمی کا تسلسل یقینی بنایا جائے، گورنرسندھ

    ماہ رمضان میں بجلی کی فراہمی کا تسلسل یقینی بنایا جائے، گورنرسندھ

    کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان میں کراچی کے شہریوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بناتے ہوئے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے گورنر محمد زبیر نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سختی سے نوٹس لے لیا، گورنر سندھ نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بندش پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ پر زور اور گرمی کے بڑھنے اور رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر بجلی کی تسلسل سے فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر لوڈ شیڈنگ یا تیکنیکی وجوہات کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے تو اس سے عوام کو پہلے آگاہ کیا جائے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک حکام سسٹم درست کرنے پر بھرپور توجہ دیں ، ہیٹ ویو کے خدشہ کے پیش نظر بجلی کی تسلسل سے فراہمی ضروری ہے اس ضمن میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔