Tag: pp 100

  • کامونکی: پی پی100کا ضمنی انتخاب، ن لیگ کے رانا اخترعلی کامیاب

    کامونکی: پی پی100کا ضمنی انتخاب، ن لیگ کے رانا اخترعلی کامیاب

    کامونکی: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی ایک سو کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا اختر علی کامیاب ہوگئے۔

    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا اختر علی نے انچاس ہزار نو سو اکیانوے ووٹ حاصل کئے، پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری احسان اللہ اٹھائس ہزار تین سو اسی ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

    کامونکی پی پی ایک سو کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار رانا اختر علی کی کامیابی پر کارکنوں نے جشن منایا، لیگی کا رکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔

    ن لیگی کارکن اپنے امیدوار کو جیت کی مبارکباد دینے رانا اختر علی کے گھر پہنچ گئے، جہاں انھوں نے خوب جشن منایا، کارکنوں نے خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں، مسلم لیگ ن کے جیتنے والے امیدوار رانا اختر علی خان کی جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ بھی کی۔

    اس موقع پر وہاں پولیس کے خاصی نفری بھی موجود تھی لیکن پولیس افسران خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے اور کسی بھی کارروائی سے گریز کیا۔

    پولنگ کے دوران کئی مقامات پر مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنان میں تصادم کے واقعات بھی ہوئے، صوبائی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے رانا شمشاد علی کے قتل کے باعث خالی ہوئی تھی۔

  • گوجرنوالہ میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 100 میں ضمنی انتخاب شروع

    گوجرنوالہ میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 100 میں ضمنی انتخاب شروع

    گوجرانوالہ: صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 100 کامونکی میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے جہاں مسلم لیگ ن اورتحریکِ انصاف کےدرمیان آج سخت مقابلہ متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 100 کامونکی میں ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

    حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 444 ہے جب کہ حلقے میں 113 پولنگ اسٹیشنز اور 344 پولنگ بوتھز قائم کئے گئے ہیں۔ کامونکی میں شدید بارش کے باعث شہریوں کو ووٹ ڈالنے کے لئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ووٹنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے 3 ہزار 300 پولیس اور رینجرز اہلکار تعنیات کئے گئے ہیں جب کہ حلقے کے 22 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے رانا اخترعلی اور تحریک انصاف کے احسان اللہ ورک میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رانا شمشاد کے قتل پر خالی ہوئی تھی، جنھیں رواں برس مئی میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا۔