Tag: PP-38 Sialkot

  • مسلم لیگ ن کے امیدوار کی پی پی 38 سیالکوٹ  کا الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد

    مسلم لیگ ن کے امیدوار کی پی پی 38 سیالکوٹ کا الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد

    لاہور : الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی پی پی 38 کا الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کردی، حلقہ پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے فتح اپنے نام کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوارطارق سبحانی کی پی پی 38 کا الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سنایا۔

    فیصلے میں الیکشن کمیشن نے پی پی 38 کا الیکشن کالعدم قرار دینے کی ن لیگی امیدوار کی درخواست مسترد کردی۔

    یاد رہے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے فتح اپنے نام کی، پی پی 38 ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان امیدوار احسن سلیم بریار فتح قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری سبحانی دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

    بعد ازاں مسلم لیگ ن نے سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 38میں ضمنی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی۔

  • پی پی 38 ضمنی انتخاب، تحریک انصاف نے میدان مار لیا

    پی پی 38 ضمنی انتخاب، تحریک انصاف نے میدان مار لیا

    سیالکوٹ: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے فتح اپنے نام کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی 38 ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان امیدوار احسن سلیم بریار نے فتح اپنے نام کی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری سبحانی دوسرے نمبر پر رہے۔

    تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کےامیدواراحسن سلیم بریار 60588 ووٹ لے کر پہلے جبکہ مسلم لیگ (ن) کےطارق سبحانی 53471 ووٹ لیکردوسرےنمبرپر رہے۔

    مزید پڑھیں: پی پی 38، فردوس عاشق اعوان کا پی ٹی آئی کی فتح کا اعلان

    تحریک انصاف کے کارکنان نے الیکشن میں فتح ملنے پر جشن منایا۔ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے خطاب بھی کیا۔

    حکومتی شخصیات کے بیانات

    وفاقی وزیرحماداظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’جنہوں نےپاکستان مخالف بیان دینے والوں کوڈرائنگ روم میں بیٹھایا، آج انہیں سیالکوٹ والوں نے مسترد کردیا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’یہ  2018 میں مسلم لیگ ن کا جیتا ہوا حلقہ تھا، 3سال بعدحلقےکےعوام نےتحریک انصاف کےحق میں فیصلہ دیا‘۔

    وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ’سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کی محنت قابل ستائش ہے، پی ٹی آئی کارکنان نےمریم صفدرسمیت سارے مافیا کا غرور خاک میں ملادیا‘۔ فرخ حبیب نے کارکنان کو سلام بھی پیش کیا۔

    وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے لکھا کہ ’الحمداللہ!سیالکوٹ نےبھی آج کپتان کےحق میں فیصلہ دےدیا‘۔

    حلقے میں صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے سے پُرامن طور پر پولنگ ہوئی، مقررہ وقت ختم ہوتے ہی ریٹرننگ افسران نے ہدایت کے مطابق ووٹوں کی گنتی شروع کردی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کی روایت برقرار

    اے آر وائی نیوز نے ایک بار پھر پہلا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ سب سے پہلے نشر کرنے کی روایت کو برقرار رکھا، جس کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 18 آکیوالی میں تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 295 ووٹوں کے ساتھ پہلے اور مسلم لیگ ن کے امیدوار طارق سبحانی 198 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلزپرائمری اسکول ججےرام داس سے آنے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کےاحسن سلیم بریار 375ووٹ لےکرآگے  اور ن لیگ کے امیدوار 275 ووٹ لے کر پیچھے رہے۔

    دو پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کےامیدواراحسن سلیم بریار670 ووٹ حاصل کرسکے جبکہ مسلم لیگ (ن) کےامیدوارطارق سبحانی نے 473 ووٹ حاصل کیے۔

    شہباز گل کا دعویٰ

    وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ حلقے کے 21 پولنگ اسٹیشنز میں سے 19 پر تحریک انصاف نے فتح حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن دو پولنگ اسٹیشنز پر کامیاب ہوئی۔

    پولنگ اسٹیشنز

    حلقے میں مجموعی طور پر ایک سو پینسٹھ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے، جن میں سے اڑسٹھ کو حساس اور تیس کو انتہائی حساس قرار دیا گیا، امن و امان کی صورت حال کو بقرار رکھنے کے لیے حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پنجاب رینجرز کے پانچ سو جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔

    انتظامیہ نے حلقے میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کی، جس کے تحت کسی بھی شخص کو اسلحے کی نمائش یا اپنے پاس اسلحہ پاس رکھنے کی اجازت نہیں تھی۔

    رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد

    پی پی اڑتیس میں کل رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد دو لاکھ تینتس ہزار چار سو دو ہے، جن میں ایک لاکھ اٹھائیس ہزار ایک سو اٹھائیس مرد اور ایک لاکھ پانچ ہزار 294 خواتین ہیں۔

    انتخاب کے دوران الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ آفیسرزکوفارم 45کی تصویرکھینچنے اور لوکیشن آن رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارم 45ریٹرننگ آفیسرکوواٹس ایپ پرفوری بھجوایاجائےگا۔

  • پی پی 38 پر ضمنی انتخاب کب ہوگا؟ الیکشن کمیشن نے اعلان کردیا

    پی پی 38 پر ضمنی انتخاب کب ہوگا؟ الیکشن کمیشن نے اعلان کردیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی پی اڑتیس سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے، نشست چوہدری خوش اختر کی وفات کےباعث خالی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی اڑتیس سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب اٹھائیس جولائی کو ہوگا، امیدوار سات سے دس جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست گیارہ جون کو جاری کی جائے گی، کاغذات کی جانچ پڑتال اٹھارہ جون تک ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار ریٹرننگ افسر کےفیصلوں کےخلاف بائیس جون تک اپیلیں دائر کر سکیں گے، یکم جولائی کو ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیےجائیں گے۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پی پی38سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب پر اہم اعلامیہ جاری کیا ہے، اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیالکوٹ میں اٹھائیس جولائی تک سرکاری محکموں میں پوسٹنگ ٹرانسفر پر پابندی ہوگی، سرکاری حکام ، رکن ا سمبلی یا بلدیاتی نمائندہ ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کر سکتا، حلقے میں پابندیاں 28 جولائی کو ضمنی انتخاب تک لاگو رہیں گی۔

    یاد رہے کہ مذکورہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی و سابق صوبائی وزیر چوہدری خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے، چوہدری خوش اختر سبحانی قومی اسمبلی کے رکن چوہدری ارمغان سبحانی کے کزن تھے۔